Tag: پائتھن

  • عظیم الجثہ سانپوں کو بے خوفی سے کندھوں پر ڈال کر لے جانے کی ویڈیو وائرل

    عظیم الجثہ سانپوں کو بے خوفی سے کندھوں پر ڈال کر لے جانے کی ویڈیو وائرل

    انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا ہے، اس وائرل ویڈیو میں دو بہت بڑے سانپوں کو کندھوں پر بے خوفی سے لے جاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    یہ ویڈیو ایک زو کی ہے، جس کی انتظامیہ کے ارکان دو بہت ہی بڑے سانپوں کو کندھوں پر ڈال کر اور گھسیٹ کر لے جا رہے ہیں، ویڈیو دیکھ کر یقین ہی نہیں آتا کہ یہ افراد رسیوں نہیں بلکہ زندہ اژدہوں کو لے کر جا رہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائتھن سانپوں کو بہت آسانی سے لے جایا جا رہا ہے، پہلی نظر میں ایسا لگتا ہے جیسے یہ رسیاں ہیں یا ایسی ہی کوئی چیز، لیکن پھر نظر آتا ہے کہ یہ تو بہت بڑے پائتھن سانپ ہیں، جو اتنے بھاری تھے کہ انھیں گھسیٹتے ہوئے بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

    سانپوں کی جسامت اور موٹائی دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین دنگ رہ گئے، لیکن ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں ہینڈلر مہارت اور پورے اعتماد کے ساتھ سانپوں کو لے کر جا رہے ہیں۔

    یہ وائرل ویڈیو رینگنے والے جانوروں کے ایک زو کے انسٹاگرام پیج پر شیئر کی گئی ہے، جس پر مختلف قسم کے غیر معمولی جانوروں کی ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں، ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ایک بڑے مگرمچھ کو پرسکون طریقے سے سنبھالا جا رہا ہے، جب کہ ایک اور ویڈیو میں مگرمچھ جیسا اگوانا ایک خاتون پر لیٹا ہوا ہے۔

  • گلی میں آنے والے پائتھن سانپ کو شہری نے کیسے پکڑا، ویڈیو وائرل

    گلی میں آنے والے پائتھن سانپ کو شہری نے کیسے پکڑا، ویڈیو وائرل

    سانپ پکڑنا بہت مہارت کا کام ہوتا ہے کیوں کہ معمولی غلطی سے آدمی موت کے گھاٹ اتر سکتا ہے، تھائی لینڈ میں ایک شہری نے پڑوس میں کہیں سے آنے والے بڑے پائتھن سانپ کو جان خطرے میں ڈال کر پکڑا۔

    انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص پڑوس میں آنے والے ایک بڑے سانپ کو دم سے پکڑ کر لے جا رہا ہے، اس سانپ کی وجہ سے گلی میں زبردست خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

    یہ واقعہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک کا ہے، جب ایک گھر میں کہیں سے پائتھن سانپ نکل آیا، گھر والوں نے شور مچا کر پڑوسیوں کو بلا لیا، اور ذرا دیر میں سارے پڑوسی جمع ہو گئے۔

    ایک پڑوسی نے بہادری دکھاتے ہوئے سانپ کو دُم سے پکڑ کر باہر نکالا، اور دوڑتے ہوئے لے جانے لگا، ویڈیو میں سانپ کو ہوا میں جھولتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ سانپ کو پکڑنے کا بلاشبہ ایک نہایت غیر محفوظ طریقہ تھا۔

    اطلاعات کے مطابق پائتھن سانپ کو بغیر کسی نقصان کے قریبی جھاڑیوں میں چھوڑ دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ پائتھن سانپ غیر زہریلے ہوتے ہیں، تاہم وہ چھوٹے ممالیہ جانوروں اور پرندوں کا شکار کرتے ہیں۔

  • سپر مارکیٹ میں اچانک 10 فٹ لمبا اژدہا نکل آیا، خریدار خاتون شدید خوف زدہ (ویڈیو)

    سپر مارکیٹ میں اچانک 10 فٹ لمبا اژدہا نکل آیا، خریدار خاتون شدید خوف زدہ (ویڈیو)

    سڈنی: آسٹریلیا کے ایک سپر اسٹور میں‌ ریک سے اچانک 10 فٹ لمبا اژدہا نکل آیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ایک سپر اسٹور میں دس فٹ لمبے پائتھن سانپ نے لوگوں کو خوف زدہ کر دیا۔

    اژدہا کھانے پینے کے ریک سے اچانک نمودار ہوا، جسے دیکھ کر وہاں شاپنگ کرنے والی خاتون خوف زدہ ہوگئیں، تاہم حواس پر قابو رکھتے ہوئے انھوں نے فوراً انتظامیہ کو آگاہ کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز ہیلینا الاتی نامی خاتون مصالحوں کے ریک کے پاس مطلوبہ چیزیں دیکھ رہی تھیں کہ اچانک ایک شیلف میں سے بہت بڑا سانپ ان کے سامنے نکل آیا۔

    خاتون نے بتایا کہ پائتھن کا سر ان کے سر سے محض 8 انچ کی دوری پر آ گیا تھا، تاہم خاتون نے بتایا کہ وہ خود بھی سانپ پکڑنے کی ماہر ہیں، وہ سانپ کو دیکھ کر پہچان گئیں کہ یہ غیر زہریلا ڈائمنڈ پائتھن ہے۔

    انھوں نے کہا چوں کہ وہ خود سانپوں سے متعلق علم رکھتی ہیں اس لیے انھوں نے خود کو پرسکون رکھا، ورنہ ایسی صورت حال میں انسان کو خوف کا بڑا جھٹکا لگتا ہے، مجھے بھی جھٹکا لگا تھا کیوں کہ وہ بس اچانک ہی سامنے آ گیا تھا۔

    ہیلینا الاتی نے کہا کہ جب انھوں نے انتظامیہ کو بتایا کہ وہاں ایک ریک میں سانپ ہے، تو انھیں سمجھ نہیں آیا کہ میں کیا کہہ رہی ہوں، تاہم بعد میں اس ایریا کو خالی کرایا گیا، خاتون نے اپنے موبائل سے سانپ کی ویڈیو بھی ریکارڈ کی۔

    الاتی نے بعد ازاں قریب واقع اپنے گھر سے سانپ پکڑنے کا سامان لا کر کچھ دیر میں اسے پکڑ لیا اور قریبی جنگل میں چھوڑ دیا۔

  • کار کے انجن پر خوفناک مخلوق کا قبضہ (ویڈیو دیکھیں)

    کار کے انجن پر خوفناک مخلوق کا قبضہ (ویڈیو دیکھیں)

    فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے ایک ساحلی علاقے میں ایک شہری کی کار کے انجن پر پائتھن سانپ نے قبضہ جما لیا، جسے دیکھ کر شہری خوف زدہ ہو گیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلوریڈا میں دانیا بیچ پر ایک گاڑی کے انجن پر 10 فٹ لمبے برمیز پائتھن نے قبضہ جما لیا، کار کے مالک نے جب بونٹ اٹھا کر اتنا بڑا سانپ دیکھا تو اس کے اوسان خطا ہو گئے۔

    فلوریڈا کے جنگلی حیات کے کمیشن کا کہنا تھا کہ برووارڈ کاؤنٹی کے ایک شہری نے انھیں کال کی تھی کہ اس کی گاڑی کے بونٹ کے اندر بڑا سانپ موجود ہے، وائلڈ لائف اہل کار جب موقع پر پہنچے تو انھوں نے دس فٹ لمبا برمیز پائتھن دیکھا۔

    اس سلسلے میں وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے فیس بک پر ایک پوسٹ بھی کی، جس میں واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے، اہل کاروں نے کچھ ہی دیر میں پائتھن کو محفوظ طریقے سے قابو کر کے تھیلے میں بند کر دیا۔

    واضح رہے کہ فلوریڈا میں پائتھن کو خطرناک اور ناگوار سمجھا جاتا ہے، کیوں کہ یہ مقامی پرندوں، ممالیہ اور رینگنے والے جانوروں کا کثرت سے شکار کرتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پوسٹ میں وائلڈ لائف کی جانب سے شہریوں کو شکریہ بھی ادا کیا گیا جنھوں نے سانپ سے متعلق اطلاع دی تھی۔

  • امریکا: خوف ناک اژدہوں نے گھر کو گھیر لیا (ویڈیو دیکھیں)

    امریکا: خوف ناک اژدہوں نے گھر کو گھیر لیا (ویڈیو دیکھیں)

    یوٹاہ: مغربی امریکا میں واقع ریاست یوٹاہ کے ایک علاقے میں 20 بڑے برمی اژدہوں نے ایک گھر کو گھیر لیا، جسے دیکھ کر لوگ خوف زدہ ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست یوٹاہ کے علاقے ہالیڈے میں ایک شخص نے غیر قانونی طور پر 20 بڑے برمی سانپ پال رکھے تھے، جن میں سے زیادہ تر آزاد ہو کر گھر سے باہر نکل آئے اور علاقے میں آس پاس رینگنے لگے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ان اژدہوں میں دس ایسے تھے جن کی لمبائی 10 فٹ تھی، لوگ گھر کے باہر اتنے بڑے سانپوں کو آزادانہ رینگتے دیکھ کر ڈر گئے۔

    پولیس نے اطلاع ملنے پر 64 سالہ شہری مارٹن بون کے گھر پر چھاپا مارا تو وہاں سے دیگر غیر ملکی جانور بھی بڑی تعداد میں برآمد ہوئے، چند اژدہے اندر شیشوں میں بند بھی تھے تاہم زیادہ تر آزادانہ آس پاس رینگ رہے تھے۔

    مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پولیس کے ڈٹیکٹو نے کہا کہ لوگوں نے ایک اور مسئلے کی طرف توجہ دلائی کہ جانوروں کے فضلے سے آس پاس کے علاقے میں عجیب سی بو پھیلی ہوئی تھی۔

    اینیمل کنٹرول کے ادارے نے گھر میں موجود تمام جانوروں کو قبضے میں لے کر جانچ کے بعد دوسری جگہ منتقل کر دیا۔ جب کہ پولیس نے غیر ملکی جانور رکھنے کے الزام میں مارٹن بون کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں برائٹن کے علاقے میں ایک سٹی سینٹر میں خریداری کرنے والے اس وقت سخت خوف زدہ ہو گئے تھے جب انھوں نے ایک شخص کو 12 فٹ لمبا پائتھن سانپ ہاتھوں میں اٹھائے اپنے درمیان دیکھا۔

  • بھارت: ہرن کو سالم نگلنے کے بعد اژدہے کے ساتھ کیا ہوا؟

    بھارت: ہرن کو سالم نگلنے کے بعد اژدہے کے ساتھ کیا ہوا؟

    اترپردیش: بھارتی ریاست اترپردیش میں 10 فٹ لمبے ایک پائتھن سانپ نے ہرن کو سالم نگل لیا، تاہم اسے برے انجام سے دوچار ہونا پڑا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یو پی میں دس فٹ لمبے پائتھن نے پورے ہرن کو نگل لیا، بعد ازاں مرے ہوئے ہرن کو اگلنے کے بعد وہ پراسرار طور پر دم توڑ گیا۔

    گاؤں والوں نے گھسیٹ کر اژدہے کو علاقے سے 3 کلومیٹر دور گنگا کنارے چھوڑ دیا تھا، تاہم ہرن کی نعش اگلنے کے بعد اس کی موت ہو گئی۔

    یہ واقعہ گزشتہ روز پیر کو اترپردیش کے امروہہ ضلع میں پیش آیا، ایک لڑکی نے مالی پورہ گاؤں کے قریب گنے کے کھیت میں پائتھن کو دیکھا، وہ گنے لینے آئی تھی جب بہت بڑے سانپ پر اس کی نظر پڑی۔

    بعد ازاں لڑکی کے شور مچانے پر گاؤں والے دوڑتے ہوئے کھیت میں پہنچے، اور سب نے کھیت کو گھیرے میں لے لیا، انھوں نے دیکھا کہ پائتھن پھول کر کُپا ہو چکا تھا، وہ سمجھے کہ سانپ نے کسی بچے کو نگل لیا ہے۔

    مقامی لوگوں نے مل کر سانپ کو گھسیٹ کر وہاں سے نکالا، اس دوران فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم بھی پولیس کے ہمراہ پہنچ گئی، ٹیم نے اژدہے کو گھسیٹ کر وہاں سے تین کلو میٹر دور گنگا کنارے چھوڑ دیا۔

    پائتھن ہرن کو ہضم کرنے سے قاصر تھا، اس لیے گنگا کنارے اس نے مردہ ہرن کو اگل دیا، تاہم کچھ دیر بعد وہ بھی مر گیا۔ محکمہ جنگلی حیات کا کہنا ہے کہ وہ سانپ کے مرنے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ جون میں ہریانہ کے یمنا نگر ضلع میں ایک جنگل کے قریب 15 فٹ لمبے پائتھن نے ایک مور کو نگل لیا تھا۔

  • لاہور میں گھر سے 6 فٹ سے بڑا اژدہا  نکل آیا

    لاہور میں گھر سے 6 فٹ سے بڑا اژدہا نکل آیا

    لاہور: گڑھی شاہو، صدیق کالونی میں ایک گھر سے 6 فٹ سے بڑا اژدہا نکل آیا، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے گڑھی شاہو میں صدیق کالونی کے ایک گھر سے بڑا سانپ نکل آیا، جس سے لوگ خوف زدہ ہو گئے، فوری طور پر اسپیشل اینیمل ریسکیو ٹیم کو طلب کیا گیا جس نے 6 فٹ 11 انچ لمبے اژدہے کو پکڑ لیا۔

    ریسکیو ٹیم کا کہنا ہے کہ سانپ کو آج لاہور چڑیا گھر کے حوالے کیا جائے گا۔

    ریسکیو ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کو سانپ سے متعلق ایمرجنسی کال موصول ہوئی تھی جس پر ٹیم نے پہنچ کر گھر میں موجود اژدہے (Python) کو بروقت پکڑ کر گھر والوں کو محفوظ بنایا۔

    اسپیشل اینیمل ریسکیو ٹیم نے 30 منٹ میں ریسکیو آپریشن مکمل کیا اور سانپ کو قابو کیا، پیمائش کے بعد ٹیم نے بتایا کہ سانپ کی لمبائی 6 فٹ 11 انچ ہے۔

    ترجمان کے مطابق 2020 میں صوبائی دارالحکومت میں اب تک 154 سانپ/اژدہے کی ایمرجنسی میں ریسکیو کور فراہم کیا گیا ہے، ریسکیو پنجاب بھر میں اب تک 1791 سانپ کی ایمرجنسی پر بروقت ریسپانس کر کے لوگوں کو احساس تحفظ فراہم کر چکی ہے۔

  • برطانیہ کی سڑکوں پرآزاد اژدہا، عوام میں خوف و ہراس

    برطانیہ کی سڑکوں پرآزاد اژدہا، عوام میں خوف و ہراس

    کیمبرج: برطانوی شہر میں ایک اژدہا فرار ہو گیا، پولیس نے شہریوں کو خبردار کر دیا، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح کے وقت مشہور برطانوی شہر کیمبرج میں 9 فٹ طویل اژدہا اپنے مالک کی قید سے آزاد ہو کر فرار ہو گیا، جسے ایک مقامی سڑک پر دیکھا گیا۔

    پولیس نے سانپ کے فرار کے بعد علاقے کے رہایشیوں کو خبردار کیا کہ وہ گھروں سے نکلتے وقت محتاط رہیں، کیوں کہ وہ انجانے میں پائتھن کا شکار ہو سکتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پولیس نے علاقے کا دورہ کر کے اژدہے کے مالک سے بھی ملاقات کی جس نے تصدیق کی کہ سانپ کی لمبائی تین میٹر ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی مئی میں پولیس کو سڑک پر ایک بہت بڑا اژدہا رینگتا ملا تھا جو نارنجی اور سیاہ دھاری دار تھا جسے بعد ازاں پکڑ کر جنگلی حیات کے مرکز میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ شہریوں کے اژدہا بہ طور پالتو جانور پالنے پر کوئی پابندی نہیں ہے، متعدد شہریوں نے اژدہا پالے ہوئے ہیں۔

    پائتھن وہ سانپ ہے جو زہریلے نہیں ہوتے، دو سے دس میٹر لمبے ہوتے ہیں اور یہ درختوں پر چڑھنے والے گوشت خور سانپ ہیں، اپنے شکار کو بھینچ کر ہلاک کر دیتے ہیں۔

    یہ اژدہا بھارت، انڈونیشیا، فلپائن اور بورنیو میں پایا جاتا ہے، اپنے شکار کو جکڑ کر دماغ کو دوران خون روک دیتا ہے اور اس کی سانس رک جاتی ہے۔