Tag: پائلٹ کی مہارت

  • ہیلی کاپٹر حادثے کے وقت پائلٹ پُر سکون رہا، حیران کن ویڈیو

    ہیلی کاپٹر حادثے کے وقت پائلٹ پُر سکون رہا، حیران کن ویڈیو

    ٹیکساس: امریکا میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے کے وقت پائلٹ کا پُر سکون انداز اس وقت سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہو گیا جب اس حادثے کی ویڈیو سامنے آئی، پائلٹ نے ہیلی کاپٹر کریش ہونے کے بعد کہا ’اس کے لیے معذرت دوستو!‘۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک پائلٹ نے نہایت پُر سکون انداز میں ہیلی کاپٹر کریش کر کے لوگوں کو حیران کر دیا، ویڈیو دیکھ کر لوگوں نے پائلٹ کی بے حد پذیرائی کی۔

    یو ٹیوب پر پوسٹ ہونے والی تین منٹ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 9 جنوری کو البانے، ٹیکساس میں پیش آئے واقعے میں ماہر پائلٹ کس طرح بے حد پُر سکون طریقے سے رابنسن R44 ہیلی کاپٹر کریش کو سنبھالتا ہے۔

    وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پائلٹ نے ایک ہوائی پٹی سے ہیلی کاپٹر اڑایا، سب کچھ ٹھیک لگ رہا تھا، کہ اچانک اس نے بائیں جانب کی طرف رخ کر لیا، اور پھر بیپنگ کا شور ہوا، چند ہی سیکنڈز بعد اس کی بلندی میں تیزی سے کمی آنے لگی اور پائلٹ اسے کنٹرول کرنے کی کوشش کرنے لگا، لیکن آخر کار ہیلی کاپٹر خشک گھاس والی زمین پر گر گیا۔

    کریش ہونے کے باوجود ہیلی کاپٹر نے آگ نہیں پکڑی، اور وہ سیدھا ہی زمین پر پڑا رہا، حادثے میں ہیلی کاپٹر کو کافی نقصان پہنچا، تاہم اس میں موجود ایک پائلٹ اور دو سوار بالکل محفوظ رہے۔ حادثے کے بعد ایک آواز نے پوچھا، سب لوگ ٹھیک ہیں؟ سب نے خیریت سے مطلع کیا تو پائلٹ نے کہا ’اس کے لیے معذرت دوستو!‘

    پائلٹ نے بعد میں ایوی ایشن سیفٹی نیٹ ورک کو رپورٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس ہیلی کاپٹر کی دن میں تیسری پرواز تھی، لیکن یہ اڑان ناخوش گوار رہی، زمین سے تقریباً 120 فٹ اونچائی پر انجن سے آوازیں آنے لگیں اور پھر وہ مکمل طور پر فیل ہو گیا۔

  • برطانیہ: پائلٹ کی حاضر دماغی نے مسافروں کی جان بچالی، ویڈیو وائرل

    برطانیہ: پائلٹ کی حاضر دماغی نے مسافروں کی جان بچالی، ویڈیو وائرل

    لندن: برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پائلٹ نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسافروں کی جان بچالی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں تیز ہواؤں کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں اور متعدد پروازیں بھی منسوخ ہوئی ہیں، ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طوفانی ہواؤں سے نبرد آزما طیارے کے پائلٹ کی حاضر دماغی نے مسافروں کو بچالیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیتھرو ایئرپورٹ پر طیارہ لینڈنگ کرنے کے لیے رن وے پر اتر رہا ہے اور تیز ہواؤں کے باعث طیارے کو لینڈنگ میں مشکلات ہورہی ہیں۔

    پائلٹ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو رن وے چھوتے  ہی دوبارہ اڑا لیا اس دوران طیارے کو لہراتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔

    اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے اگر طیارہ تیز ہواؤں کے دوران لینڈ کرتا تو تباہ ہوسکتا تھا تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو دوبارہ اڑانا ہی بہتر سمجھا۔

    یہ پڑھیں: روسی فضائیہ کا طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ، 3 افراد ہلاک

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 27 جنوری کو روسی ایئرفورس کا بمبار طیارہ خراب موسم کے دوران ایمرجنسی لینڈنگ کرتے ہوئے تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں عملے کے 3 ارکان ہلاک ہوگئے تھے۔

    روسی وزارت دفاع کے مطابق بمبار سپر سونک طیارہ آرٹیک کے علاقے میں معمول کے گشت کے بعد واپس لوٹ رہا تھا جبکہ شدید سرد موسم کے باعث حد نگاہ انتہائی کم تھی جس کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔