Tag: پائیدار ترقی

  • پاکستان کو کلائمٹ چینج کے نقصانات سے بچنے کے لیے 46 ارب ڈالر کی ضرورت

    پاکستان کو کلائمٹ چینج کے نقصانات سے بچنے کے لیے 46 ارب ڈالر کی ضرورت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کلائمٹ چینج کے اثرات سے بچنے کے لیے 46 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، عالمی برادری کو پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی سے بچانا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ادارہ برائے پائیدار ترقی کے سیمینار سے وفاقی وزیر احسن اقبال نے خطاب کیا، اپنے خطاب میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بھارت سارک ممالک کے درمیان تجارت میں بڑی روکاٹ ہے، بھارت بڑے پن کا مظاہرہ کرے تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے پائیدار ترقی کے اہداف کو نیشنل ایجنڈے میں شامل کیا، کرونا کی ہیلتھ ایمرجنسی نے معاشی ترقی کو متاثر کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بچنے کے لیے 46 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، پاکستان کو موجودہ سیلاب ہی نہیں بلکہ مستقبل کے سیلاب سے بھی بچنے کی ضرورت ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی سے بچانا ہوگا، عالمی برادری کے لیے پاکستان میں انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سیلاب کے باعث غربت کی شرح مزید 4 فیصد بڑھے گی، مزید 90 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے آجائیں گے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں غربت کی شرح 8 فیصد سے بڑھ کر 9.7 فیصد پر چلی جائے گی، بلوچستان میں غربت کی شرح 7.5 سے 7.7 فیصد پر پہنچ جائے گی۔

  • ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اطلاق سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی،عارف علوی

    ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اطلاق سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی،عارف علوی

    اسلام آباد: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اطلاق سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ڈیجیٹل معاشرے میں پائیدار ترقی کےعنوان سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پائیدارترقی کے لیےغریب،امیر میں عدم مساوات ختم کرنا ہوگی۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اطلاق سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مقامی طور پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع پیدا ہوں گے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے احساس پروگرام کو کامیاب کرنے میں معاونت ملے گی، احساس پروگرام ملک میں غربت کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کرے گا۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خواتین کو بھی سماجی بہبود کے مختلف پروگراموں میں بھرپور نمائندگی دی جا رہی ہے، حکومت ڈیجیٹل سلوشنز کے حوالے سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام آبادی تک ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اطلاق سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی، پائیدار ترقی کے لیے غریب اور امیر میں معاشرتی تفریق ختم کرنا ہوگی، ہمیں پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

  • ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، چینی صدر

    ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، چینی صدر

    بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ ترقی پذیر ملکوں میں پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں دوسرے ون بیلٹ اینڈ روڈ فورم 2019 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی صدرشی جن پنگ نے کہا کہ ترقی کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تجارت کے فروغ کے لیے آزاد تجارتی معاہدوں کی ضرورت ہے، بیلٹ اینڈ روڈ فورم تمام شریک ملکوں کو یکساں موقع فراہم کرتا ہے۔

    چینی صدر نے کہا کہ دوسرے ملکوں کی مصنوعات کا چینی منڈیوں میں خیرمقدم کرتے ہیں، سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے شراکت داروں سے مل کر کام کررہے ہیں۔

    شی جن پنگ نے تقریب سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ ترقی پذیر ملکوں میں پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

    چین کی جانب سے یہ فورم علاقائی روابط استوار کرنے، سماجی واقتصادی ترقی، تجارت، پالیسیوں میں مطابقت سے تبادلہ خیال کرنے اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے۔

    فورم میں 40 ممالک کے رہنماء اور 100 سے زائد ممالک، بین الاقوامی تنظیموں اور کارپوریٹ سیکٹر کے نمائندے شرکت کررہے ہیں۔