Tag: پابندی

  • اسرائیلی فنکاروں، دانشوروں کو اپنے ہی ملک کے خلاف بین الاقوامی برادری سے بڑا مطالبہ کرنا پڑ گیا

    اسرائیلی فنکاروں، دانشوروں کو اپنے ہی ملک کے خلاف بین الاقوامی برادری سے بڑا مطالبہ کرنا پڑ گیا

    تل ابیب (31 جولائی 2025): اسرائیل کے فلم سازوں، فنکاروں، دانشوروں اور سابق سیاست دانوں کو اپنے ہی ملک کے خلاف غزہ کی ہول ناک صورت حال پر بین الاقوامی برادری سے سخت اور بڑا مطالبہ کرنا پڑ گیا ہے۔

    اسرائیلی اور عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فلم ساز، فن کار، دانش ور اور سابق سیاست دان اپنی ہی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، اور بین الاقوامی برادری سے اسرائیل پر سخت پابندیاں لگانے کا مطالبہ کرنے لگے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری غزہ میں صہیونی فورسز کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرائے، صہیونی فوج کو نہتے لوگوں پر حملے روکنے پر مجبور کیا جائے۔


    غزہ میں خونریزی، 900 سے زائد بچے پہلی سالگرہ سے قبل شہید


    مظاہرین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکومت فلسطینیوں کو بھوک سے مار رہی ہے، بین الاقوامی برادری ایسی پابندیاں لگائے کہ اسرائیل مفلوج ہو جائے۔

    ادھر اسرائیل کا سب سے بڑا پشت پناہ امریکا کا شہر نیویارک بھی جنگ بند کرو، قبضہ ختم کرو کے نعروں سے گونج اٹھا ہے۔ یہودی بھی پلے کارڈز اٹھائے مظاہرے میں شریک ہوئے۔ ان پر لکھا تھا بچے مزید بھوکے نہیں رہ سکتے، رفح کراسنگ کھول دو، امداد فوری بحال کرو۔ لندن میں بھی امریکی سفارت خانے کے باہر ہزاروں افراد نے اسرائیل مخالف احتجاج کیا۔

  • کیا پاکستان میں کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگنے والی ہے؟

    کیا پاکستان میں کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگنے والی ہے؟

    اسلام آباد : پاکستان میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا بل سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا نوجوانوں کے لیے کسی نہ کسی طرح نقصان دہ ہے کیونکہ یہ ذہنی صحت کو متاثر کرتا ہے، جس کی وجہ سے بے چینی، ڈپریشن اور خود اعتمادی کم ہوتی ہے، خاص طور پر جب وہ اپنا موازنہ دوسروں سے کرتے ہیں یا اپنی عزت کی بنیاد لائکس اور کمنٹس پر کرتے ہیں۔

    بڑے پیمانے پر استعمال کی روشنی میں پاکستانی قانون سازوں نے 16 سال سے کم عمر کے ہر فرد کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر ملک گیر پابندی کی تجویز پیش کی۔

    یہ بل سینیٹ میں پیش کیا گیا، جلد ہی قانون بن سکتا ہے، جو لاکھوں کے لیے ڈیجیٹل منظر نامے کو تبدیل کر دے گا۔

    قومی اسمبلی سے منظور ہونے اور صدر کے دستخط کے بعد یہ قانون 16 سال سے کم عمر کے ہر بچے کو سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے یا ان تک رسائی پر پابندی لگا دے گا۔

    مجوزہ قانون میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی پلیٹ فارم جو نابالغ کو اکاؤنٹ بنانے کی اجازت دیتا ہے اس پر 50,000 سے 50 لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے جبکہ نابالغ اکاؤنٹ بنانے میں مدد کرنے والے افراد یا کمپنیوں کو 6 ماہ تک جیل اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کو تمام کم عمر اکاؤنٹس کو بلاک کرنے اور نابالغوں کے اکاؤنٹ بنانے سے روکنے کے لیے فعال اقدامات کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔

    یہ اقدام پچھلے سال منظور ہونے والے آسٹریلیائی قانون کی عکاسی کرتا ہے، جو دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا قانون ہے، جس نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر بھی پابندی لگا دی تھی۔

    چائلڈ سائیکالوجسٹ اور ماہرین تعلیم نے بچوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدام کی تعریف کی۔

    سوشل میڈیا کا ضرورت سے زیادہ استعمال لت اور توجہ کے دورانیے کو کم کرنے کا باعث بن سکتا ہے، کیونکہ طلباء کو اسکول کے کام اور حقیقی زندگی کے سماجی تعاملات میں مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

  • لبنان: مرکزی بینک نے حزب اللہ کے مالی ادارے پر پابندی لگا دی

    لبنان: مرکزی بینک نے حزب اللہ کے مالی ادارے پر پابندی لگا دی

    بیروت: لبنان میں مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے مالی ادارے القرض الحسن پر لبنان کے مرکزی بینک نے پابندی لگا دی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے تمام بینکوں کو القرض الحسن سے معاملات سے روک دیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یورپی کمیشن پہلے ہی لبنان کو منی لانڈرنگ کے خطرے والے ممالک میں شامل کرچکا ہے جبکہ فیٹف نے بھی بیروت کو ’گرے لسٹ‘ میں شامل کرلیا ہے۔

    حزب اللہ کا مالی ادارہ القرض الحسن 1983 میں قائم ہوا جو خود کو فلاحی تنظیم قرار دیتا ہے۔ مذکورہ ادارے پر امریکی پابندیاں 2007 سے عائد کردی گئی تھی۔

    اسرائیل کا حزب اللہ کے اہم کمانڈر کو شہید کرنے کا دعویٰ

    واضح رہے کہ اسرائیل نے گزشتہ روز لبنان میں حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو اور کیمپس پر حملہ کیا تھا، جس کے باعث 12 افراد شہید ہوگئے تھے جس میں 5 حزب اللہ کے ارکان بھی شامل تھے۔

    اسرائیلی وزیر دفاع نے حزب اللہ کو ایران کا ساتھ دینے کے نتائج سے خبردار کر دیا

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ سال القرض الحسن کی کئی شاخوں کو بمباری کرکے تباہ کردیا تھا۔

  • پولیس افسران کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پابندی عائد

    پولیس افسران کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر پابندی عائد

    پولیس افسران کے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک اکاؤنٹس پر پابندی عائد کرتے ہوئے یونیفارم میں ویڈیو بنانے والے افسران کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پولیس نے اپنے تمام افسران کے مشہور سوشل میڈیا ایپ ’’ٹک ٹاک‘‘ پر پابندی لگاتے ہوئے انہیں متنبہ کیا ہے کہ آئندہ کوئی اہلکار یونیفارم میں سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو نہیں بنائے گا۔

    وفاقی پولیس نے سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی پر دو اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا ہے۔ ان میں آپریشنز ڈویژن میں تعینات کانسٹیبل آفتاب احمد اور احتشام اسلم شامل ہیں۔

    دونوں پولیس افسران پر ’’بدتمیزی‘‘ اور پالیسی کی خلاف ورزی کا الزام ہے اور انہیں ریسکیو 15 رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کا ڈی آئی جی اسلام آباد نے بھی سخت نوٹس لے لیا ہے اور معطل افسران کے خلاف مزید محکمانہ کارروائی بھی ہوگی۔

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا بالخصوص ٹک ٹاک کی بڑھتی مقبولیت اور تیزی سے وائرل ہونے کے شوق میں پولیس افسران اور اہلکار بھی گرفتار ہو چکے ہیں۔

    اب تک ملک بھر کے مختلف علاقوں سے مرد وخواتین پولیس اہلکاروں کی دوران ڈیوٹی یونیفارم میں ویڈیو بنانے اور اس کو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی ویڈیوز منظر عام پر آتی رہی ہیں، جب کہ گاہے بگاہے متعلقہ حکام ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی کر رہے ہیں۔

    پنجاب اور سندھ میں پولیس کے سوشل میڈیا ایپ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہے۔ یونیفارم میں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی کی تنبیہہ کے باوجود اس قسم کی ویڈیوز منظر عام پر آتی رہتی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/sindh-police-use-of-tik-tok-during-duties-alarming/

  • کراچی میں چنگچی رکشوں پر پابندی، صوبائی وزیر کا بڑا بیان آ گیا

    کراچی میں چنگچی رکشوں پر پابندی، صوبائی وزیر کا بڑا بیان آ گیا

    سندھ حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ حکومت نے پورے کراچی شہر میں رکشوں پر پابندی نہیں لگائی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پورے شہر میں رکشوں پر پابندی نہیں لگائی بلکہ صرف 11 بڑی شاہراہوں پر چنگچی رکشا چلانے پر پابندی عائد ہے۔

    شرجیل میمن نے چنگچی رکشا ایسوسی ایشن کی جانب سے پابندی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کے عمل کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے اور ہمارا موقف واضح ہے کہ انتظامی معاملات سندھ حکومت کا اختیار ہے۔

    واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے چند ماہ قبل کراچی کی 12 مرکزی شاہراہوں پر چنگچی رکشا چلانے پر پابندی عائد کی تھی۔ تاہم گزشتہ ماہ اس پابندی کا دائرہ کار شہر قائد کی 20 شاہراہوں تک بڑھا دیا گیا تھا۔

    چنگچی رکشا ایسوسی ایشن نے حکومت سے بارہا پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور گزشتہ دنوں پریس کلب کے باہر رکشے کھڑے کر کے احتجاج بھی کیا تھا۔

    ایسوسی ایشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ چنگچی رکشوں کی 20 شاہراہوں پر پابندی سے نہ صرف اس کاروبار سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں بلکہ کراچی کے شہریوں کو بھی سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

  • کراچی: چنگچی رکشوں پر پابندی، ایسوسی ایشن نے سخت اعلان کر دیا

    کراچی: چنگچی رکشوں پر پابندی، ایسوسی ایشن نے سخت اعلان کر دیا

    کراچی میں چنگچی رکشوں پر پابندی کے خلاف چنگچی رکشا ایسوسی ایشن حرکت میں آ گئی اور پابندی ختم نہ کرنے پر اگلا لائحہ عمل دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کی 20 شاہراہوں پر چنگچی رکشے چلانے پر پابندی عائد ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان تو اس کاروبار سے وابستہ افراد معاشی مسائل سے دوچار ہو گئے ہیں۔

    مذکورہ صورتحال پر چنگچی رکشا ویلفیئر ایسوسی ایشن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پابندی کا نوٹیفکیشن فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور پابندی ختم نہ کرنے کی صورت میں سڑکوں پر آ کر احتجاج اور دھرنے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔

    ایسوسی ایشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی کی پابندی سے رکشا ڈرائیوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں۔ ٹریفک پولیس پابندی سے مستثنیٰ شاہراہوں پر بھی چالان کر رہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے رکشے محکمہ ٹرانسپورٹ اور سندھ حکومت سے منظور شدہ ہیں۔ دفعہ 144 کے ذریعہ چنگچی رکشوں پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔

    واضح رہے کہ کراچی میں کئی ماہ سے شہر قائد کی اہم شاہراہوں پر چنگچی رکشوں کے چلانے پر پابندی ہے۔ کمشنر کراچی نے پہلے یہ پابندی 12 سڑکوں پر لگائی تھی، جس میں توسیع کرتے ہوئے 20 سڑکوں کو چنگچی رکشوں کے لیے نو گو ایریا بنا دیا گیا ہے۔

    ادھر کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی قلت کے باعث اہل کراچی کے سفر کا زیادہ انحصار بھی ان ہی چنگچی رکشوں پر ہے جبکہ گزشتہ کئی سالوں میں ہزاروں افراد اس روزگار سے بھی وابستہ ہوگئے، جو اس پابندی سے شدید متاثڑ ہو رہے ہیں۔

    دوسری جانب گزشتہ دنوں سندھ کے وزیر داخلہ اور قانون ضیا الحسن لنجار کی زیر صدارت موٹر وہیکلز ترامیم سے متعلق اجلاس میں چنگچی رکشوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ تاہم دو نشستوں والے (پرانے آٹو رکشا) سڑکوں پر چلانے کی اجازت ہوگی۔

  • پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن پر بڑی پابندی عائد، پی ٹی آئی نے مسترد کر دی

    پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن پر بڑی پابندی عائد، پی ٹی آئی نے مسترد کر دی

    اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اجلاس میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی اور مائیک ٹوٹنے کے معاملے کے بعد حزب اختلاف پر بڑی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی کا بجٹ پر بحث کے لیے اجلاس اسپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہوا۔

    اجلاس میں اپوزیشن کے حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر دونوں بنچوں کی جانب ماحول کشیدہ ہو گیا اور ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔

    اس موقع پر اپوزیشن نے اسپیکر ملک محمد احمد خان پر مائیک توڑنے کا الزام عائد کیا تو اسپیکر اس الزام پر برہم ہو گئے اور کہا کہ یہ ایوان میری نگرانی میں ہے۔

    مائیک توڑنے کا الزام بے بنیاد ہے۔ اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کو ہلڑ بازی اور غنڈہ گردی قرار دیتا ہے۔

    اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ جب تک اس کرسی پر ہوں، ایوان کے وقار کا تحفظ یقینی بناؤں گا۔ ایوان کی کارروائی قانون کے مطابق چلے گی اور کسی کو بدنظمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر مائیکس توڑے گئے ہیں تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    ملک محمد احمد خان نے کہا کہ معاملےکی انکوائری کراؤں گا۔ ہلڑ بازی کے دوران جس نے مائیک توڑا ہوگا اسے نقصان ادا کرنا ہوگا

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کتابیں پھینکنا، گھیراؤ کرنا انتہائی غلط اقدام ہے۔ لوگوں کو گالیاں دینا احتجاج نہیں ہوتا۔ دونوں پارٹیوں نے غلط انداز میں احتجاج کیا۔ کل حکومتی بینچز نے اپوزیشن کو تقریر نہیں کرنے دی اور آج فنانس منسٹر کو نہ بولنے دے کر اسمبکی کا ماحول خراب کیا گیا۔ کتاب پھینکنے کے معاملے کی انکوائری کرا رہا ہوں۔ ذمہ دار رکن کا معاملہ اخلاقی کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔

    اس موقع پر اسپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے پلے کارڈز لہرانے پر پابندی عائد کر دی اور رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ارکان ایوان میں پلے کارڈز لا سکتے ہیں، مگر لہرا نہیں سکتے۔ کتاب پھینکنے کے معاملے کی انکوائری کرا رہا ہوں۔ ذمہ دار رکن کا معاملہ اخلاقی کمیٹی کو بھیجا جائے گا۔

    دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد بھچر نے اسپیکر کے ریمارکس پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے احتجاج کو ہلڑ بازی اور غنڈہ گردی کہنا ہے تو یہ حکومتی اراکین کو بھی بتا دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ایوان میں زیادتی ہوتی ہے۔ احتجاج کرنا ہمارا حق ہے اور آپ ہمیں احتجاج سے منع نہیں کر سکتے۔

  • حج کے دوران نعرے بازی، جھنڈے اور تصویر کشی پر پابندی

    حج کے دوران نعرے بازی، جھنڈے اور تصویر کشی پر پابندی

    سعودی عرب میں وزارت داخلہ نے عازمین حج کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج کے دوران مقدس مقامات پر تصویر کشی، سیاسی و فرقہ وارانہ جھنڈے لہرانے اور نعرے بازی سے باز رہیں۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے واضح کیا ہے کہ تمام حجاج کرام اللہ کے مہمان ہیں اور ان کی سلامتی، صحت و سہولیات سعودی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    وزارت کے مطابق مقامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے عازمین مقدس مقامات پر نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا بدنظمی سے پرہیز کریں۔

    دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت صحت نے عازمین حج کو خاص ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’براہ راست سورج کی گرمی سے خود کو محفوظ رکھیں، کوشش کریں کہ زیادہ دیر باہر نہ ٹہریں، چھتری کا استعمال ضرور کریں۔

    وزارت صحت نے مشاعر مقدسہ میں ’ہیٹ اسٹروک‘ سے بچنے کے لیے پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق انسانی جسم گرمی کی شدت کو 10 سے 15 منٹ تک برداشت کر سکتا ہے جس کے بعد ہیٹ اسٹروک کا خدشہ لاحق ہو سکتا ہے۔

    ہیٹ سٹروک یا لو لگنے کی علامات کے حوالے سے بتایا گیا کہ شدید سردرد، چکر آنا، زیادہ پسینہ، شدید پیاس اور متلی کا احساس ہوتا ہے۔ اس صورت میں فوری طبی مداخلت ضروری ہوجاتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ان علامات کی صورت میں متاثرہ شخص کے جسم کو فوری طور پر ٹھنڈا کیا جائے ہاتھوں، چہرے اور گردن کو ٹھنڈے پانی سے دھویا جائے اور کسی سایہ دار یا ایئرکنڈیشن جگہ پر لے جانے کے بعد زیادہ مقدار میں ٹھنڈا پانی پینے کے لیے دیں تاکہ ’لو‘ کے اثرات کو کم کیا جاسکے۔

    مناسک حج کا آج سے آغاز، لاکھوں عازمینِ حج منیٰ کیلئے روانہ

    محکمہ موسمیات کے مطابق 7 ذی الحجہ بمطابق 4 جون 2025 سے 13 ذی الحجہ تک مشاعرمقدسہ میں درجہ حرارت 44 سے 47 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 20 سے 60 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

  • جاپان نے بچوں کے کون سے نام رکھنے پر پابندی لگا دی؟

    جاپان نے بچوں کے کون سے نام رکھنے پر پابندی لگا دی؟

    ہر والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے نومولود کے اچھے نام رکھیں لیکن جاپان میں بچوں کے کچھ نام رکھنے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

    والدین بننا کسی بھی جوڑےکے لیے زندگی کا سب سے بڑا خوشی کا لمحہ ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں والدین بچوں کی پیدائش سے قبل یہ سوچنا شروع کر دیتے ہیں کہ نومولود کا کیا نام رکھا جائے اور آج کل تو دنیا بھر میں بچوں کا نام منفرد رکھنے کا رجحان ہے۔
    جاپان میں بھی ایسا ہی ہے کہ والدین اپنے بچوں کے انوکھے نام رکھتے ہیں۔ یعنی ایسے نام جو دیکھنے اور سننے میں بالکل ہٹ کر ہوں اور اس کو ’کراکرا نیمس‘ کہتے ہیں۔ تاہم اب ایسا نہیں ہو سکے گا۔

    جاپانی میڈیا کےمطابق حکومت جاپان نے نومولود بچوں کے نام رکھنے کے حوالے سے کچھ نئے اصول وضع کیے ہیں، جس کی پابندی پر شہری پر لازمی قرار دی گئی ہے۔

    جو جاپانی زبان اور چینی رسم الخط سے آشنا ہیں۔ وہ لوگ یہ جانتے ہوں گے کہ جاپان میں بچے کا نام عام طور پر کنجی (چینی رسم الخط پر مبنی حروف) میں لکھے جاتے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق جاپانی والدین اپنے بچوں کے نام رکھتے وقت صرف سننے میں جو بہتر لگے وہ نام رکھتے ہیں اور ویسی ہی کنجی اٹھا لیتے ہیں، لیکن مسئلہ یہ پیدا ہوتا ہے کہ چینی رسم الخط میں ایک ایک کنجی کے کئی تلفظ ہوتے ہیں اور جب بچے کا نام لکھ کر سامنے آتا ہے تو بالخصوص اسپتالوں، اسکولوں اور سرکاری دفتروں میں ابہام پیدا ہوتا ہے کہ اس نام کو کس تلفظ سے پکارا جائے۔

    اس مسئلے کے حل کے لیے جاپان کی حکومت نے جو نئے اصول بنائے ہیں۔ اس کے مطابق اب بچے کے والدین یا سر پرست کو بچے کا نام رجسٹر کراتے وقت اس کا درست تلفظ بھی دینا ہوگا۔ اگر کسی نام کا تلفظ اس کنجی کے مقبول تلفظ سے میل نہیں کھاتا، تو وپ نام منظور نہیں ہوگا، یا پھر اضافی کاغذی کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری جانب حکومت جاپان کے اس فیصلے کے بعد ملک بھر میں اس بات پر بحث شروع ہو گی ہے کہ حکومت کا یہ قانون والدین کے حقوق میں مداخلت ہے، کیونکہ بچے حکومت کے نہیں بلکہ ماں باپ کے ہوتے ہیں اور ان کو پورا حق ہے کہ وہ کوئی بھی نام رکھیں۔ تاہم کچھ ایسے بھی لوگ ہیں جو حکومت کے فیصلے کی تائید کر رہے ہیں۔

  • بنگلادیش نے جماعت اسلامی پر پابندی ختم کر دی

    بنگلادیش نے جماعت اسلامی پر پابندی ختم کر دی

    ڈھاکا: بنگلادیش نے ملک کی سب سے بڑی اسلامی پارٹی جماعت اسلامی پر سے پابندی ہٹا دی۔

    اے ایف پی کے مطابق بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے اتوار کو سب سے بڑی اسلامی جماعت کی رجسٹریشن بحال کر دی، اور اسے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

    سابقہ معزول حکومت کی جانب سے لگائی گئی ایک دہائی سے زیادہ عرصہ رہنے والی پابندی کو سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دیا، اور جماعت اسلامی کو باضابطہ طور پر الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعت کے طور پر درج ہونے کی اجازت دے دی۔

    کمیشن کے وکیل توحید الاسلام نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس پارٹی کی رجسٹریشن کو قانون کے مطابق بحال کرے، جماعت اسلامی کے وکیل ششیر منیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے 170 ملین آبادی والے مسلم اکثریتی ملک میں جمہوری، جامع اور کثیر الجماعتی نظام بحال ہو گیا۔

    وکیل منیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’ہمیں امید ہے کہ بنگلادیشی، اپنی نسلی یا مذہبی شناخت سے قطع نظر، جماعت اسلامی کو ووٹ دیں گے، اور پارلیمان تعمیری مباحثوں سے روشن ہوگی۔‘‘

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں شیخ حسینہ کو وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد جماعت اسلامی نے 2013 کے ہائی کورٹ کے حکم پر نظر ثانی کی اپیل کی تھی۔ 27 مئی کو جماعت کو بھی سپریم کورٹ نے جماعت کے ایک اہم رہنما اے ٹی ایم اظہر الاسلام کی سزا کو کالعدم قرار دیا تھا۔

    اظہر الاسلام کو 2014 میں بنگلادیش کی 1971 کی پاکستان سے آزادی کی جنگ کے دوران عصمت دری، قتل اور نسل کشی کے جرم میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔