Tag: پابندیاں

  • ٹرمپ  کا روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر پابندیاں لگانے کا اعلان

    ٹرمپ کا روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر پابندیاں لگانے کا اعلان

    لاس اینجلس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے تیل خریدنے والے ممالک پر پابندیاں لگانے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لاس اینجلس میں اولمپکس کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کہا روس سے تیل درآمد کرنے والوں پر ٹیرف میں اضافے کا جلد اعلان کریں گے ، ،کتنا فیصد ہوگا اس کا فیصلہ نہیں کیا ، روسی حکام سے ملاقات کے بعد ممالک پر پابندیاں لگانے کا فیصلہ کریں گے۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین جنگ دراصل سابق صدر جو بائیڈن کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے، جس نے دنیا کو غیر مستحکم کیا، اب وقت آ گیا ہے کہ روس کے ساتھ تجارت کرنے والوں کو بھی اس جنگ کے اثرات کا سامنا کرنا پڑے۔

    اپنے خطاب میں امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہم نے پاکستان اوربھارت سمیت کئی ملکوں میں جنگیں رکوائی ہیں، ہم نے پاک بھارت جنگ سمیت متعدد تنازعات کو سفارتی حکمتِ عملی کے ذریعے روکا۔”

    انھوں نے فلسطین کے علاقے غزہ میں جاری انسانی بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا وہاں متاثرہ شہریوں کی امداد کے لیے سرگرم ہے اور اسرائیل بھی خوراک کی تقسیم میں مدد کرے گا جبکہ عرب ریاستوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کی ذمہ داری لینی ہو گی۔

    امریکی صدر نے اعلان کیا کہ امریکی سفارتی نمائندے "اسٹیو ونکوف” جلد روسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

    داخلی سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے ڈیموکریٹس پر شدید تنقید کی اور کہا کہ "اوپن بارڈر پالیسی” اب ماضی کا حصہ بن چکی ہے، گزشتہ چار سال میں یہ پالیسی امریکا کو تباہی کی طرف لے گئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے قتل اور جرائم میں اضافہ تشویشناک ہے، اور اکثر جرائم پیشہ افراد فوری طور پر آزاد ہو جاتے ہیں، اگر واشنگٹن ڈی سی نے اصلاحات نہ کیں تو اسے وفاقی دائرہ اختیار میں شامل کرنے پر غور کیا جائے گا۔

    امریکی صدر نے اپنی تقریر کے اختتام پر کہا کہ ان کی ترجیح قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہے، اور آئندہ امریکی حکومت ایسی پالیسیاں مرتب کرے گی جو داخلی سلامتی، عالمی قیادت اور معاشی استحکام کی ضامن ہوں گی

  • ٹرمپ ایران کو اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی پیشکش کر سکتے ہیں، امریکی ٹی وی کا دعویٰ

    ٹرمپ ایران کو اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی پیشکش کر سکتے ہیں، امریکی ٹی وی کا دعویٰ

    نیویارک: امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا ایران کو اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی پیشکش کر سکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا مذاکرات میں ایران کو اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی پیشکش کر سکتا ہے، اور ایران کو بیرونی بینکوں میں موجود اس کے 6 ارب ڈالر استعمال کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

    سی این این نے دعویٰ کیا ہے کہ مذاکرات میں اہم ترین شرط ایران کو یورینیم افزودگی کی اجازت نہ دینا ہے، ایرانی سویلین نیو کلیئر پلانٹ میں عرب ممالک کے ذریعے سرمایہ کاری کی پیش کش کی جا سکتی ہے۔

    امریکی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کو مذاکرات کی میز پر دوبارہ لانے کے لیے ممکنہ طور پر سویلین توانائی پیدا کرنے والے جوہری پروگرام کی تعمیر کے لیے 30 بلین ڈالر تک رسائی میں مدد کرنے، پابندیوں میں آسانی پیدا کرنے، اور ممنوعہ ایرانی فنڈز میں سے اربوں ڈالر آزاد کرنے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔


    اسرائیل سے جنگ، ایران کے شہید اعلیٰ عسکری کمانڈرز اور شہریوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی


     

    ذرائع نے بتایا کہ امریکا اور مشرق وسطیٰ کے کلیدی شخصیات نے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ایران اور اسرائیل میں فوجی حملوں کی گرما گرمی کے باوجود پردے کے پیچھے ایرانیوں سے بات کی ہے، ذرائع نے بتایا کہ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد یہ بات چیت اس ہفتے بھی جاری ہے۔

    ٹرمپ انتظامیہ کے عہدیداروں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں متعدد تجاویز پر تبادلہ خیال گیا ہے، اور وہ چاہتے ہیں کہ ایران یورینیم کی افزودگی بالکل ختم کر دے اگرچہ تہران نے تواتر کے ساتھ کہا کہ اسے توانائی کے لیے اس کی ضرورت ہے، اس لیے صفر یورینیم افزودگی پر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے اور اس کے لیے ایران کو متعدد مراعات دی جائیں گی۔

    اجلاس سے واقف دو ذرائع نے سی این این کو بتایا کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی حملہ کرنے سے ایک دن قبل، گزشتہ جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور گلف پارٹنرز کے مابین اس سلسلے میں ایک خفیہ اور گھنٹوں طویل ملاقات میں بھی کچھ تفصیلات پیش کی گئی تھیں۔

  • برطانیہ نے مغربی کنارے کے یہودی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کر دیں

    برطانیہ نے مغربی کنارے کے یہودی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کر دیں

    برطانیہ نے اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے میں مقیم یہودی آبادکاروں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    العربیہ کے مطابق برطانیہ نے اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے میں مقیم متعدد یہودی آبادکاروں کو فلسطینیوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں شریک قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    ان پابندیوں کی زد میں یہودی آبادکاروں کی ایک آؤٹ پوسٹ نیریا فارم بھی آیا ہے اور اس میں مقیم یہودی آبادکاروں پر بھی یہ پابندیاں لاگو ہوں گی۔

    برطانیہ کی طرف سے لگائی گئی پابندیوں کی زد میں جو اسرائیلی کمپنیاں آئی ہیں۔ ان میں نچالا، لیبی کنسٹرکشن اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ، ہارل لیبی، ڈینییلا ویس اور کوکوز فارم آؤٹ پوسٹ شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ برطانیہ نے ظہر صباح پر بھی پابندی عائد کی ہے۔ جس کی وجہ فلسطینیوں کے خلاف جارحیت اور پرتشدد کارروائیوں کی اجازت دینے، ان کارروائیوں کی حمایت کرنے اور ارتکاب کرنا بتائی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ برطانیہ نے غزہ کی مسلسل ناکہ بندی اور امداد کی ترسیل کو روکنے پر گزشتہ روز اسرائیل کے ساتھ نئے فری ٹریڈ مذاکرات معطل کر دیے تھے۔

    غزہ میں انسانی امداد کی بندش، برطانیہ نے اسرائیل کے ساتھ نئے فری ٹریڈ مذاکرات معطل کر دیے

    اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسرائیل کو سخت پیغام دیا تھا کہ غزہ کی جنگ بند کرو ورنہ امریکی حمایت سے محروم ہو جاؤ گے۔

    https://urdu.arynews.tv/trump-warn-netanyahu-to-stop-war-in-gaza/

  • پاکستان نے شام پر پابندیوں کو انسانی امداد اور تعمیر نو کی راہ میں رکاوٹ قرار دے دیا

    پاکستان نے شام پر پابندیوں کو انسانی امداد اور تعمیر نو کی راہ میں رکاوٹ قرار دے دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے شام پر عائد پابندیوں پر نظرثانی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے شام پر پابندیوں کو انسانی امداد اور تعمیر نو کی راہ میں رکاوٹ قرار دے دیا، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کی سیاسی اور انسانی صورت حال پر بریفنگ میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ شام پر عائد پابندیاں اس کی بحالی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔

    مستقل مندوب نے کہا شام کی 80 فی صد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، اس معاشی بحران کے دوران یک طرفہ جابرانہ اقدامات تعمیر نو کو محدود کرتے ہیں، پابندیاں بنیادی اشیائے ضروریہ، خدمات، مالی وسائل تک رسائی محدود کرتی ہیں، اس بدلتی صورت حال کے پیش نظر ہم ان پابندیوں پر جامع نظرِ ثانی کا مطالبہ کرتے ہیں۔


    سعودی عرب اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے گا، ٹرمپ


    عاصم افتخار احمد نے کہا پابندیوں پر نظرثانی کی جائے تاکہ یہ اقدامات انسانی امداد یا قومی بحالی میں رکاوٹ نہ بنیں، پاکستان کو شام میں طویل تنازع، گہرے انسانی اور علاقائی اثرات پر تشویش ہے۔

    پاکستانی مستقل مندوب نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے احترام کا اعادہ بھی کیا، اور کہا کہ پاکستان کو شام میں اسرائیلی حملوں اور جنوبی شام میں طویل فوجی موجودگی کے بیانات پر تشویش ہے، یہ اقدامات بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    مستقل مندوب نے کہا پاکستان ان اسرائیلی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتا ہے، اور 1974 کے علیحدگی معاہدے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے،شام میں جولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی قبضہ غیر قانونی ہے، سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق یہ قبضہ’’کالعدم اور غیر مؤثر‘‘ ہے، اس لیے سلامتی کونسل اسرائیل کو مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں سے مکمل انخلا کا حکم دے۔

    انھوں نے کہا شام میں انسانی بحران کے شکار 1 کروڑ 65 لاکھ سے زائد افراد کو امداد کی ضرورت ہے، تقریباً 40 فی صد اسپتال، 50 فی صد سے زائد بنیادی طبی مراکز ناکارہ ہو چکے ہیں، برسوں کے تنازع اور تکلیف کے بعد شام ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے، حالیہ سیاسی پیش رفت شام کے لیے اتحاد، امن اور تعمیرِ نو کا موقع فراہم کرتی ہیں، امید ہے نئی شامی قیادت ایک جامع، مستحکم اور خوش حال مستقبل کی سمت گامزن ہوگی۔

  • امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کردیں

    امریکا نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کردیں

    امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی تیل کی غیر قانونی فروخت روکنے کیلئے نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم بھارتی شہری جگویندر سنگھ پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اس بھارتی شہری کی کمپنیوں پر ایرانی تیل کی نقل وحمل میں معاونت کا الزام ہے۔

    بیان کے مطابق ایران تیل کی فروخت کیلئے غیر قانونی شپنگ ایجنٹس پر انحصار کرتا ہے، ایران کی مالی معاونت روکنے کیلئے 30 بحری جہازوں کا نیٹ ورک بھی بلیک لسٹ کردیا گیا ہے۔

    امریکی حکام کے مطابق بھارتی شہری کے بحری جہازوں کی ایرانی نیشنل آئل کمپنی اور ایرانی فوج کیلئے تیل کی ترسیل ہوتی رہی ہے۔

    گزشتہ روز بھی امریکا نے ایران کے مزید 5 اداروں اور ایک شخص پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق جن اداروں اور شخص پر پابندی عائد کی گئی ہے، ان کا تعلق ایران کے ایٹمی پروگرام سے ہے۔ یہ اقدام امریکی صدر کی جانب سے جوہری معاہدے کے حوالے سے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لئے کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب چین نے امریکی صدر ٹرمپ کے اقدامات کے جواب میں امریکا کی مزید اٹھارہ کمپنیوں پرپابندی لگا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیرف معاملے پرامریکا اور چین میں مزید ٹھن گئی، دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر الزامات کی بھی بوچھاڑ جاری ہے۔

    ایران کا امریکا سے شیڈول مذاکرات سے متعلق بڑا بیان

    چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین کو ترقی کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا،چین اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثراقدامات لیتا رہے گا۔

  • امریکا نے ایران سمیت دیگر ممالک پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کردیں

    امریکا نے ایران سمیت دیگر ممالک پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کردیں

    امریکا کی جانب سے چین، ایران، بھارت، یو اے ای اور دیگر ممالک پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ اور محکمہ خارجہ نے ایران کی تیل کی برآمدات کو نشانہ بناتے ہوئے 30 سے زائد افراد اور جہازوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق جن ممالک پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان میں متحدہ عرب امارات، چین، ایران، بھارت، ہانگ کانگ، ملائیشیا اور سیشلز شامل ہیں۔

    امریکا کے مطابق جو بھی ایرانی تیل کے کاروبار میں ملوث پایا گیا، اسے سخت پابندیاں جھیلنا پڑیں گی۔

    دوسری جانب ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اپنے ایٹمی پروگرام کا دفاع ہر صورت میں کیا جائے گا۔

    ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے اپنے ایٹمی پروگرام کا دفاع کیا ہے اور وہ اس دفاع کو جاری رکھنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا شکار نہیں ہوگا۔

    سعودی عرب: رمضان کے اوقاتِ کار اور عید الفطرکی تعطیلات کا اعلان

    ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بغائی نے کہا کہ ”ایران کا پرامن ایٹمی پروگرام جاری ہے، اور گزشتہ 3 دہائیوں سے یہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے میں ایک رکن کے طور پر ایران کے حقوق کی بنیاد پر قائم ہے، یقینی طور پر ہم اس سلسلے میں کوئی کمزوری نہیں دکھائیں گے۔“

  • کیوبا سے متعلق امریکا کا اہم اعلان

    کیوبا سے متعلق امریکا کا اہم اعلان

    واشنگٹن: امریکا نے کیوبا کو دہشت گردی کے سرپرستوں کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے منگل کو کہا ہے کہ وہ کیوبا کو دہشتگردی کے سرپرستوں کی اپنی ’بلیک لسٹ‘ سے نکال دے گا، کمیونسٹ ملک نے امریکا کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے 553 قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا۔

    کیوبا کے صدر نے پابندیوں کو کم کرنے کے بائیڈن کے فیصلے کو ’درست‘ قرار دیتے ہوئے تعریف کی، لیکن کہا کہ یہ اقدامات بہت دیر سے کیے گئے ہیں۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ممکنہ طور پر اگلے ہفتے ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد واپس لیا جا سکتا ہے۔ روئٹرز کے مطابق جو پابندیاں ہٹائی جا رہی ہیں ان میں وہ بھی شامل ہیں جو ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی پچھلی مدت کے دوران لگائی تھیں، اگر یہ اقدام برقرار رہتا ہے تو یہ اوباما کے دور کے بعد سے امریکا اور کیوبا کے تعلقات میں سب سے اہم پیش رفت ہوگی۔

    یہ ایک افسوس ناک امر ہے کہ کیوبا پر ابھی بھی 1962 سے جاری امریکی پابندیاں برقرار ہیں، ان قیدیوں کو جولائی 2021 میں ہونے والے مختلف مظاہروں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ کیوبا کے ایک سخت ناقد ہیں، اور انھوں نے جزیرے (کیوبا) کو دہشت گردی کا ریاستی سرپرست قرار دے دیا تھا، ٹرمپ نے ابھی تک ان اقدامات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے، تاہم اس سے قبل وہ اس کمیونسٹ ملک پر اپنا سخت گیر مؤقف واضح کر چکے ہیں۔

  • امریکا کا روسی انرجی سیکٹر کیخلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ

    امریکا کا روسی انرجی سیکٹر کیخلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ

    امریکا نے روسی انرجی سیکٹر کیخلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے روس کی تیل اور گیس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو نشانہ بناتے ہوئے یوکرین جنگ کے دوران اب تک کی سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری جین پیئری نےکہا امریکی پابندیوں سے روس کا ماہانہ اربوں ڈالر کا نقصان ہوگا، روس کو یوکرین کیخلاف جنگ میں حاصل ہونے والا بڑا ریونیو انرجی سیکٹرسے ملتا ہے۔

    وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری کرائن جین نے مزید کہا کہ امریکی پابندیوں سے دنیا بھر میں روسی آئل کی سپلائی شدید متاثر ہوگی۔

    دوسری جانب روسی صدرولادی میر پیوٹن بغیر کسی پیشگی شرط کے امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ رابطے کے لئے تیار ہوگئے ہیں۔

    ترجمان روسی ایوان صدر کا کہنا ہے کہ روسی صدرولادی میر پیوٹن کا ڈونلڈ ٹرمپ کے مثبت رویئے کی وجہ سے رابطہ غیر مشروط ہوگا، وہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔

  • امریکا نے شام کو پابندیوں میں بڑا ریلیف دے دیا

    امریکا نے شام کو پابندیوں میں بڑا ریلیف دے دیا

    واشنگٹن: امریکا نے شام کو پابندیوں میں بڑا ریلیف دے دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے پیر کے روز شام کی عبوری حکومت پر لگائی گئی کچھ پابندیوں میں نرمی کر دی ہے، تاکہ نئی انتظامیہ کو بشارالاسد کی معزولی کے بعد انسانی امداد کی اجازت دی جا سکے۔

    امریکی محکمہ خزانہ نے 6 ماہ تک جاری رہنے والا ایک جنرل لائسنس جاری کیا ہے، جس کے تحت شامی حکومتی اداروں کے ساتھ لین دین کی جا سکے گی، یہ استثنیٰ 7 جولائی تک برقرار رہے گی، اس دوران شام توانائی کے حصول کے لیے لین دین کر سکے گا اور ذاتی ترسیلات زر کی بھی اجازت ہوگی۔

    شام کو اس وقت بجلی کی شدید قلت کا سامنا ہے، زیادہ تر علاقوں میں سرکاری فراہم کردہ بجلی دن میں صرف دو یا تین گھنٹے دستیاب ہوتی ہے، نگراں حکومت کا کہنا ہے کہ اس کا ہدف دو ماہ کے اندر روزانہ 8 گھنٹے تک بجلی فراہم کرنا ہے۔

    شام میں ملازمین کی تنخواہوں میں زبردست اضافہ

    واضح رہے کہ امریکا، برطانیہ، یورپی یونین اور دیگر ممالک نے 2011 میں جمہوریت کے حامی مظاہروں پر اسد کے کریک ڈاؤن کے بعد شام پر سخت پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ امریکا کے نائب وزیر خزانہ والی اڈیمو نے کہا کہ ان کا محکمہ شام میں انسانی امداد اور ذمہ دار حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔

    خیال رہے کہ بشار الاسد کی معزولی کے بعد سے ملک کے نئے حکام کے نمائندوں نے کہا ہے کہ نیا شام دنیا کے لیے کھلے پن کا مظاہرہ کرے گا۔ شام کے نئے وزیر تجارت نے کہا ہے کہ دمشق ملک پر سخت امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایندھن، گندم یا دیگر اہم اشیا کی درآمد کے معاہدے کرنے سے قاصر ہے۔

  • امریکا نے 26 اداروں پر پابندیاں عائد کردیں

    امریکا نے 26 اداروں پر پابندیاں عائد کردیں

    امریکا کی جانب سے پاکستان اور ایران کے ہتھیاروں اور ڈرون پروگرام میں مدد پر26 اداروں پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے 26 سے زائد اداروں کو تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کردیا ہے، جو پاکستان اور ایران میں ہتھیاروں اور ڈرون ترقیاتی پروگراموں کی مبینہ حمایت کے ساتھ ساتھ یوکرین میں روس کی جنگی کوششوں میں مدد کے دیگر مسائل میں ملوث تھے۔

    امریکی وزارت کامرس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جن 26 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان میں سے زیادہ تر پاکستان، چین، اور یو اے ای میں واقع ہیں۔

    بیان کے مطابق ان کمپنیوں پر برآمدی کنٹرولز کی خلاف ورزی، ”تشویشناک ہتھیاروں کے پروگراموں“ میں ملوث ہونے، یا روس اور ایران پر امریکی پابندیوں اور برآمدی کنٹرولز سے بچنے کا الزام ہے۔

    اس کے علاوہ ایڈوانسڈانجینئرنگ ریسرچ آرگنائزیشن کے لیے بطور فرنٹ کمپنی، پروکیورمنٹ ایجنٹس کام کررہی تھی 7 دوسری کمپنیاں جنوبی ایشیائی ملک کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں شراکت دار تھیں۔

    امریکا کے مطابق متحدہ عرب امارات کو سپلائی کرنے والی3، مصر ایک، چین کو سپلائی کرنے والی6 کمپنیاں بھی شامل ہیں۔

    صنعت اور سیکیورٹی کے لیے تجارتی وزیر ایلن ایسٹیو کے مطابق ”ہم بدعنوان عناصر سے امریکی قومی سلامتی کی حفاظت میں چوکنا ہیں۔“

    امریکا نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ غیرملکی پارٹیاں ہمارے قوانین سے متعلق ڈھٹائی یا غیر قانونی طرز عمل میں ملوث ہوں گی تو انہیں اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

    ایران کا جوبائیڈن کے اشتعال انگیز بیان پر سخت رد عمل

    اسسٹنٹ سکریٹری برائے تجارت و ایکسپورٹ ایڈمنسٹریشن تھیا روزمین کینڈلر کا کہنا ہے کہ ایران اور جنوبی ایشیائی ملک کے میزائل پروگرام امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، ان کی مدد امریکی ٹیکنالوجیز سے کسی صورت نہیں کی جاسکتی۔