Tag: پابندی عائد

  • جاپان نے استعمال شدہ کاروں کی تجارت پر پابندی عائد کردی

    جاپان نے استعمال شدہ کاروں کی تجارت پر پابندی عائد کردی

    ٹوکیو : جاپان نے روس میں جاپانی گاڑیوں کی بہت زیادہ طلب ہونے کے باوجود روس کو استعمال شدہ گاڑیوں کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپان نے یوکرین اور روس کے درمیان جاری جنگ کے تناظر میں روس پر استعمال شدہ گاڑیوں کی برآمدات پر پابندی عائد کردی ہے۔

    جاپانی تجارتی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جاپان کی جانب سے روس کو سب سے زیادہ استعمال شدہ کاروں کی فروخت پر پابندی لگانے کے اقدام نے سالانہ 2 بلین ڈالر کی تجارت پر بریک لگا دی ہے جو یوکرین پر پابندیوں کے سبب بڑھی تھی۔

    رواں سال اگست کے اوائل میں جاپانی حکومت نے روس کو سب کمپیکٹ کاروں کے علاوہ تمام کی برآمدات پر پابندی لگائی، جس کی وجہ سے چھوٹی بندرگاہوں سے جانے والی استعمال شدہ ٹویوٹا، ہونڈا اور نسان کی ایکسپورٹ کا منافع بخش ذریعہ ختم ہوگیا۔

    روس میں استعمال شدہ کاروں کی برآمدات پر پابندیوں نے جاپان میں سیکنڈ ہینڈ کاروں کی قیمتوں کو کم کردیا ہے اور بائیں بازو کے بروکرز مذکورہ گاڑیوں کو دوسرے ممالک خاص طور پر نیوزی لینڈ، جنوب مشرقی ایشیا اور افریقہ کی مارکیٹوں میں بھیجنے کے لیے پر تول رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال ماسکو کے یوکرین پر حملے کے بعد ٹویوٹا سمیت عالمی کار ساز اداروں کی جانب سے روس میں موجود پلانٹس بند ہونے کے بعد جاپان سے استعمال شدہ کاروں کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوا۔

    تجارتی اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جاپان کی طرف سے اپنی سخت پابندیاں عائد کرنے سے پہلے یہ فروخت 2023 کے تمام عرصے کے لیے 1.9 بلین ڈالر تک پہنچ چکی تھی۔

  • چینی کی برآمد پر پابندی عائد کئے جانے کا امکان

    چینی کی برآمد پر پابندی عائد کئے جانے کا امکان

    اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں چینی کی برآمد پر پابندی عائد کئے جانے کا امکان ہے، جون میں 32 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹرشمشاد اختر کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس آج ہوگا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں چینی کی برآمد پر پابندی عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ چینی کا پہلے سے منظور شدہ برآمدی کوٹہ منسوخ کیا جا سکتا ہے، ای سی سی نےجون میں32ہزارمیٹرک ٹن چینی برآمدکرنےکی منظوری دی تھی

    وزارت نیشنل فوڈسیکیورٹی کی سمری پرای سی سی میں غورہوگا جبکہ اجلاس میں مختلف وزارتوں کیلئےتکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔

  • نگراں وزیر داخلہ کے چارج سنبھالتے ہی بڑی پابندی عائد

    نگراں وزیر داخلہ کے چارج سنبھالتے ہی بڑی پابندی عائد

    اسلام آباد : وزارت داخلہ نے نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کرتے ہوئے کاروبار شخصیات کیلئےاسلحہ لائسنس کے حوالے سے نئی پالیسی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد کر دی اور کاروبار شخصیات کیلئےاسلحہ لائسنس کے حوالے سے بھی نئی پالیسی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

    دوسری جانب نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی وزارت داخلہ پہنچے اور عہدے کا چارج سنبھال لیا، اس موقع پر وزیر داخلہ کو وزارت داخلہ اور ذیلی اداروں سےمتعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ تمام شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، جڑانوالہ کا سانحہ شرمناک اور دین کی تعلیمات کے منافی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری کو حق ہے کہ ملک میں بلا خوف نقل و حرکت کرسکے، ملک میں کسی گروہ کو تشدد کی اجازت نہ دی جائے گی، ہم سب کو مل کر ملک و قوم کی خدمت کیلئے کام کرنا ہو گا۔

    سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ کرپشن کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • جڑانوالہ میں دفعہ 144 نافذ، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد

    جڑانوالہ میں دفعہ 144 نافذ، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد

    فیصل آباد : ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے سانحہ جڑانوالہ کے پیش نظر ضلع میں دفعہ 144 نافذ کر دی ۔

    صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں قرآن پاک اور نبی کریم کی تویین کے واقعے کے خلاف احتجاج، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے بعد ڈپٹی کمشنر فیصل آباد علی عنان نے ضلع میں دفعہ 144 نافذ کر دی ۔

    رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز مسیحی آبادی پر حملوں اور جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کے بعد کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے اجتماعات، جلسوں، ریلیوں اور دھرنوں پر 7 روز کے لئے پابندی عائد کردی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:

    جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کے خلاف اہل علاقہ مشتعل، گرجا گھروں، مکانات اور گاڑیوں کو آگ لگادی

    شہباز شریف ، آصف زرداری سمیت دیگر رہنماؤں کی جڑانوالہ واقعے کی مذمت

    ڈپٹی کمشنر نے امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث آج تحصیل جڑانوالہ میں عام تعطیل کا بھی اعلان کیا ہے جس کے تحت تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے ۔

    خیال رہے جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کےمبینہ واقعے کیخلاف مشتعل اہل علاقہ نے چار گرجا گھروں، کئی مکانوں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی تھی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

    پنجاب حکومت نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان میں امن کی فضا کا خراب کرنے کی ’منظم سازش‘ تھا جس میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

  • الیکشن کمیشن نے نگران حکومت کے قیام تک ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر پابندی عائد کردی

    الیکشن کمیشن نے نگران حکومت کے قیام تک ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر پابندی عائد کردی

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے نگران حکومت کے قیام تک ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر پابندی لگا دی اور کہا نگراں حکومت کی تشکیل کےبعدٹرانسفرپوسٹنگ ہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے وفاقی سطح پر پوسٹنگ اور ٹرانسفرپرپابندی لگا دی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو خط لکھ دیا ہے۔

    جس میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اوروفاقی کابینہ تحلیل ہو چکی ہے، نگران سیٹ اپ کی تشکیل تک ٹرانسفر پوسٹنگ روک دی جائے ، جلد نگراں وزیراعظم اور کابینہ کی تشکیل ہو جائے گی۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ علم میں آیا ہےبڑے پیمانے پرٹرانسفر پوسٹنگ کی منصوبہ بندی ہے، نگراں حکومت کے آنے تک ایسے اقدام سے گریز کیا جائے۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کی تشکیل کےبعدٹرانسفرپوسٹنگ ہوسکتی ہے۔

  • کلاس رومز میں موبائل فونز لے جانے پر پابندی عائد

    کلاس رومز میں موبائل فونز لے جانے پر پابندی عائد

    نیدر لینڈز کے تعلیمی اداروں کے کلاس رومز میں موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور اسمارٹ واچز کو لے جانے پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔

    ڈچ حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ نیدر لینڈز میں یکم جنوری 2024 سے کلاس رومز میں موبائل فونز، ٹیبلٹس اور سمارٹ واچز پر بڑی حد تک پابندی عائد کر دی جائے گی اور اس پابندی کا مقصد تدریسی سرگرمیوں کے دوران طالبعلموں کی توجہ بھٹکنے سے بچانا ہے۔

    وزیر تعلیم رابرٹ ڈجک گراف نے ایک بیان میں کہا کہ کلاس روم میں موبائل فون یا دیگر ڈیوائسز لے جانے کی اجازت اس وقت ہوگی جب ان کی ضرورت ہوگی جیسے ڈیجیٹل اسکلز کے اسباق کے دوران یا طبی وجوہات وغیرہ۔

    وزیر تعلیم رابرٹ ڈجک گراف کا کہنا تھا کہ اگرچہ موبائل فون ہماری زندگی کا حصہ بن چکے ہیں لیکن وہ کلاس روم سے تعلق نہیں رکھتے۔

    وزیر تعلیم نے کہا کہ طالبعلموں کو اپنی توجہ تعلیم کے حصول پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ سائنسی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ موبائل فون تعلیم سے توجہ ہٹاتے ہیں۔

    یہ پابندی وزارت تعلیم اسکولوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے کے تحت لگائی جا رہی ہے۔

    ڈچ وزیر تعلیم نے بتایا کہ تعلیمی ادارے اپنے انداز سے پابندی کا اطلاق کر سکیں گے اور 2024 کے موسم گرما میں اس پابندی سے مرتب اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔

  • قانونی بل پر دستخط  ، امریکی ریاست میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد

    قانونی بل پر دستخط ، امریکی ریاست میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد

    مونٹانا : امریکی ریاست مونٹانا میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی، جس کے بعد ٹک ٹاک پر پابندی لگانے والی پہلی امریکی ریاست بن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست مونٹانا میں ٹک ٹاک کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ، مونٹانا کے گورنر نے ٹک ٹاک پر پابندی کے لیے قانونی بل پر دستخط کر دیئے ہیں، جس کے بعد ٹک ٹاک پرپابندی لگانے والی پہلی امریکی ریاست بن گئی۔

    گورنر گریگ گیانفورٹ نے کہا کہ یہ قانون سازی مونٹانا کو چینی کمیونسٹ پارٹی کی نگرانی سے بچانے کے لیے ہے۔

    ٹک ٹاک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ بل مونٹانا کے لوگوں کے حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل امریکہ میں بائیڈن انتظامیہ نے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر پابندی لگانے کی دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ اگر ایپ کے چینی مالک اپنی حصہ داری فروخت نہیں کرتے ہیں تو وہ اس پر پابندی لگا دیں گے۔

    پچھلے ہفتے کے آغاز میں امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا تھا کہ وائٹ ہاؤس امریکی کانگریس میں ایک قانون منظور کرنے کی کوشش کی حمایت کرتا ہے جو امریکہ میں ٹک ٹاک جیسی غیر ملکی ٹیکنالوجی سے لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے نئے حقوق کی اجازت دیتا ہے۔

  • پاکستان نے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں

    پاکستان نے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں

    اسلام آباد: پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے داعش، القاعدہ، طالبان اور دیگر تنظیموں سے وابستہ 88 دہشت گردوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    القاعدہ، داعش اور طالبان سے متعلق 18 اگست 2020 کو دو نوٹیفکیشنز کا اجرا کیا گیا تھا، جس میں کالعدم تنظیموں، دہشت گرد عناصر کے اثاثے اور کھاتے فی الفور منجمد کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

    دہشت گردی کے خلاف اقدام کے تحت پاکستان میں دہشت گردوں کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات ضبط کر لیے گئے، بینکوں، مالیاتی اداروں سے مالیاتی خدمات کی فراہمی اور بیرون ملک سفر پر پابندی بھی عائد کی گئی۔

    کالعدم دہشت گرد تنظیموں اور افراد پر ہتھیاروں کے حصول پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی نے دہشت گردوں کی نئی فہرست کی منظوری دی تھی، اقوام متحدہ پابندیوں کی کمیٹی نے متعلقہ دہشت گرد تنظیموں اور افراد کو دہشت گردی میں ملوث قرار دیا تھا، سابق طالبان حکومت کے وزرا، گورنر اور رہنما بھی دہشت گردی کی مصدقہ فہرست میں شامل کیے گئے.

    مذکورہ فہرست میں پاک افغان سرحدی علاقوں میں روپوش کالعدم تحریک طالبان کے افراد بھی شامل ہیں۔

  • پاکستان نے اینٹی ملیریا ادویات کی برآمد پر پابندی عائد کردی

    پاکستان نے اینٹی ملیریا ادویات کی برآمد پر پابندی عائد کردی

    اسلام آباد: پاکستان نے اینٹی ملیریا ادویات کی برآمد پر فوری طور پر پابندی عائد کردی اور کہا کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ان ادویات کی عالمی مارکیٹ میں طلب بڑھ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ملیریا سے بچاو کی ادویات کی برآمد پر فوری طور پر ہابندی عائد کردی اور اس حوالے سے ایس آر او 297 جاری کردیا ہے۔

    وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ ملیریا سے بچاؤ کی ادویات پر پابندی نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی سفارش ہر عائد کی گئی ہے، کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے ان ادویات کی عالمی مارکیٹ میں طلب بڑھ گئی ہے۔

    وزارت تجارت نے کہا کہ ملیریا کی ادویات پر پابندی کا اعلان فوری ہوگا اور جب تک نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کی مزید ہدایت نہیں آتی ان ادویات کی برآمد ہر پابندی رہے گی۔

    یاد رہے ڈی جی نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی کا کہنا تھا کہ اینٹی ملیریادواؤں کی اتنی مقدار موجود ہے کہ اسے ایکسپورٹ کرسکتے ہیں، ڈریپ کی حتمی منظوری کے بعد اینٹی ملیریا ادویات کی ایکسپورٹ شروع کی جائےگی، کرونا سے متعلق اینٹی ملیریا ڈرگ کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

    ڈاکٹر امجد محمود کا کہنا تھا کہ دنیا اس وقت سنگین مسائل سے دوچار ہے، ہمیں بھی مدد کرنا ہوگی، شروع میں طبی حفاظتی سامان کی کمی کامسئلہ تھا جو کافی حد تک حل ہوچکا ہے۔

    خیال رہےہائیڈروکسی کلورو کوئن کو ملیریا کے مریضوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن یہ دوا کورونا وائرس کے علاج میں کسی حد تک مددگار ثابت ہورہی ہے، ہائیڈروکسی کلورو کوئن ایک پرانی اور سستی دوا ہے، جسے جنگ عظیم دوم کے وقت استعمال کیا گیا تھا، یہ سنکونا درخت کی چھال سے تیار کی جاتی ہے۔

  • یوم پاکستان کی آمد ، اسلام آباد میں   10مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد،  دفعہ 144 نافذ

    یوم پاکستان کی آمد ، اسلام آباد میں 10مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد، دفعہ 144 نافذ

    اسلام آباد : ڈپٹی کمشنراسلام آباد نے 23 مارچ کی آمد کے پیش نظر 10مختلف سرگرمیوں پرپابندی عائد کرتے ہوئے تمام سرگرمیوں پردفعہ 144 نافذکر دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 23 مارچ یوم پاکستان کی آمد پر انتظامیہ اورقانون نافذکرنےوالے اداروں کی تیاریاں روز و شور سے جاری ہے ، ڈپٹی کمشنراسلام آبادنے10مختلف سرگرمیوں پرپابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام سرگرمیوں پر دفعہ 144 نافذکر دی ہے ، پتنگ بازی،مجالس،جلسےجلوسوں پر پابندی ہوگی جبکہ غیررجسٹرڈہاؤسنگ اسکیموں کی ایڈورٹائزنگ ، ہینڈبل، پمفلٹ، وال چاکنگ ، لاؤڈسپیکر،ایمپلی فائراورآتش بازی کےسامان کی خریدوفروخت پرپابندی عائد کی گئی ہے۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسٹون کرشنگ اورکبوتربازی پربھی پابندی عائد کردی گئی ہے اور خلاف ورزی پردفعہ 144 کےتحت کارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے 23 مارچ 1940 ء کو لاہور میں واقع منٹو پارک موجودہ اقبال پارک میں قرار داد پاکستان منظور ہوئی ،23 مارچ کی تاریخی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے ہر سال 23 مارچ کو یوم پاکستان منانے کا اعلان سرکاری طور پر کیا جاتا ہے۔

    یوم پاکستان کے حوالے سے ہرسال مرکزی تقریب پریڈ ایونیو میں ہوتی ہے، جہاں مسلح افواج کی روایتی پریڈ کرتی ہے، جس کو تاریخ میں کلیدی حیثیت حاصل ہے۔ تقریب میں صدر مملکت، وزیر اعظم اور مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوتے ہیں۔

    یوم پاکستان کی مناسبت سے سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے خصوصی پروگرام ترتیب دیئے جاتے ہیں، ملک بھرمیں ریلیوں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔