Tag: پابندی عائد

  • خاشقجی قتل کیس، کینیڈا نے 17 سعودی شہریوں پر پابندی عائد کردی

    خاشقجی قتل کیس، کینیڈا نے 17 سعودی شہریوں پر پابندی عائد کردی

    اوٹاوا : کینیڈین حکومت نےدی واشنگٹن پوسٹ سے منسلک سعودی صحافی  جمال خاشقجی کے قتل میں ملوث 17 سعودی شہریوں پر پابندیاں عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے دارالحکومت استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں صحافی جمال خاشقجی کو بے دردی سے قتل کرنے والے سعودی جاسوسوں کے خلاف کینیڈین حکومت نے بھی بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پابندیاں عائد کردیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کینیڈین حکومت کی جانب سے پابندیوں کا سامنا کرنے والے سعودی شہریوں کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ ان کے اثاثے بھی منجمد کیے جائیں گے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی صحافی کے قتل میں ملوث سعودی خفیہ ایجنسی کے جاسوسوں پر کینیڈا کی جانب سے ایسے وقت میں پابندی عائد کی گئی ہے جب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ارجنٹینا کے دارالحکومت میں جی 20 ممالک کے اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔

    کینیڈین وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جن سعودی شہریوں پابندیوں کا اطلاق کیا گیا وہ حکومت کی نظر میں صحافی و کالم نویس خاشقجی کے قتل میں ذمہ دار ہیں البتہ ان 17 سعودی شہریوں میں محمد بن سلمان کا نام شامل نہیں ہے۔

    کرسٹیا فری لینڈ اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دی واشنگٹن پوسٹ سے منسلک کالم نویس و صحافی کا بہیمانہ قتل نفرت انگیزی اور آزادی رائے پر حملہ ہے۔

    وزیر خارجہ کرسٹیا فری کا کہنا تھا کہ سعودی صحافی کے قتل میں ملوث ملزمان کو لازمی عدالت میں پیش کرنا ہوگا۔

    کینیڈین حکومت نے سعودی عرب کے ساتھ اسلحے کی فروخت کے معاہدوں سے متعلق نظر ثانی کرنے کا اعلان کیا جبکہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کینیڈا سعودی سے اسلحے کی فروخت کا معاہدہ منسوخ کردے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ کینیڈا سے قبل فرانس، امریکہ اور جرمنی بھی خاشقجی قتل میں ملوث سعودی شہریوں پر پابندیاں عائد کرچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول میں سعودی قونصل خانے میں جانے کے بعد سے لاپتہ تھے، ترک حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں ہی قتل کرکے ان کی لاش کے ٹکڑے کردئیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل ترک پراسیکیوٹر جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو سعودی قونصل خانے میں گلا دبا کر قتل کردیا گیا تھا اور پھر ان کی لاش کو ٹھکانے لگادیا گیا۔

  • حکومت کی کفایت شعاری مہم، پی آئی اے میں فون کے غیرضروری استعمال پرپابندی عائد

    حکومت کی کفایت شعاری مہم، پی آئی اے میں فون کے غیرضروری استعمال پرپابندی عائد

    کراچی: قومی ایئرلائن کی نئی انتظامیہ نے غیرضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف اقدامات کرتے ہوئے فون کےغیرضروری استعمال پرپابندی عائدکردی گئی، غیرضروری کالزپرمتعلقہ افسرکی تنخواہ سےکٹوتی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی کفایت شعاری مہم پر قومی ایئرلائن میں بھی عملدرآمد شروع کردیا ہے ، نئی انتظامیہ نے غیرضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف اقدامات کرتے ہوئے پی آئی اے میں پی ٹی سی ایل فون کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔

    پی آئی اے کے چیف سسٹم افسر نے بذریعہ میل احکامات جاری کردیئے ہیں ، انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق کوئی بھی افسر آوٹ گوئنگ کال نہیں کرسکے گا۔

    پی آئی اے میں ٹیلی فون کالز کے لیے پرفارمہ بھی جاری کردیا گیا ہے، جاری کردہ ای میل کے مطابق پرفارمہ میں کئے جانے والی فون کالز کی نوعیت ،دورانیہ اور وجوحات کا اندراج بھی ہوگا۔

    احکامات کے مطابق غیر ضروری کالز کئے جانے کی صورت میں متعلقہ افسر کی تنخواہ سے کٹوتی کی جائے گی، کٹوتی لوکل کالز سمیت اندرون و بیرون ملک اور موبائل فونز پر کی گئی کال کے بل بھی افسر اپنی جیب سے ادا کرے گا۔

    یادرہے ایئر وائس مارشل  ارشد محمود ملک نے بحیثیت چیئرمین پی آئی اے کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ہمارا ادارہ اس وقت معاشی اور انتظامی مشکلات میں گھرا ہوا ہے،ہمیں قائد اعظم کے رہنما اصولوں ایمان اتحاد اور تنظیم کے تحت قلیل وقت میں پی آئی اے کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو نقصان سے نکال کر منافع بخش ادارے میں تبدیل کر دیا جائے گا اور آمدنی کو بڑھانے اور غیر ضروروی اخراجات کو کم کرنے کے لئے اقدامات کریں گے، ہرسطح پر میرٹ کو فروغ دیا جائے گا۔

  • قومی احتساب بیورو کے ڈی جیز سمیت تمام افسران پرمیڈیا انٹرویوز دینے پر پابندی عائد

    قومی احتساب بیورو کے ڈی جیز سمیت تمام افسران پرمیڈیا انٹرویوز دینے پر پابندی عائد

    اسلام آباد : چیئرمین نیب نے ڈی جیز سمیت تمام افسران کو میڈیا انٹرویو ز پر پابندی عائد کردی، میڈیا نمائندوں سے کہا گیا ہے کہ معلومات کیلئے نیب ترجمان سے رابطہ کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے میڈیا کو انٹرویو کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے سبب قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ڈی جیز سمیت تمام افسران کو میڈیا پر انٹرویو دینے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    اسلام آباد میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ نیب تمام معزز اراکین اسمبلی کا احترام کرتا ہے، نیب نے پیمرا سے ڈی جی نیب لاہور کے میڈیا کو دیئے انٹرویو کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے جس کا قانونی جائزہ لیں گے۔

    اس حوالے سے میڈیا جاری تحقیقات اور انویسٹی گیشنز کے بارے میں قیاص آرائیوں سے گریز کرے, انہوں نے کہا کہ میڈیا نمائندگان کسی کیس کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کیلئے نیب ترجمان سے رابطہ کریں۔

    مزید پڑھیں: شہباز شریف کی مزید کیسز میں بھی گرفتاری ہوگی، ڈی جی نیب لاہور

    ان کا کہنا تھا کہ ڈی جی نیب لاہور کے انٹرویو کی ویڈیو دیکھ کر پتہ لگایا جائے گا کہ انہوں نے ایسی کیا بات کہی کہ جس سے متعلق اسمبلی میں اراکین نے اعتراض کیا، اس موقع پر چیئرمین نیب کو لاہور میں تمام میگا کرپشن کیسز پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

    جسٹس( ر) جاوید اقبال نے مزید کہا کہ قومی احتساب بیورو ملک سے بد عنوانی کے خاتمہ اور میگا کرپشن کے مقد مات کو منطقی انجام تک پہنچانے کونہ صرف اپنی اولین ترجیح قرار دیتا ہے بلکہ اس کے لیے بلا امتیاز قانون کے مطابق بد عنوان عناصر کے خلاف نیب سنجیدہ کاوشیں بھی کررہا ہے۔

  • پی آئی اے افسران کے بیرون ملک دوروں اور سیکنڈ کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی

    پی آئی اے افسران کے بیرون ملک دوروں اور سیکنڈ کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی

    کراچی : پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے افسران کے بیرون ملک دوروں پر اور فضائی ٹکٹ کی دوسری کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں بھی تبدیلی آگئی، حکومت کی کفایت شعاری مہم پر مکمل طور پر عملدرآمد شروع کردیا گیا، پی آئی اے کے صدر اور سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی۔

    پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے ادارے کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، دورے میں ان کی جانب سے مثبت نتائج کیلئے سخت احکامات جاری کیے گئے، سی ای او نے پی آئی اے کے شعبہ مارکیٹنگ کی ناقص کارکردگی پر اظہار برہمی کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پی آئی اے افسران ادارے کی ترقی کیلئے کردار ادا کریں، کفایت شعاری کیلئے مہمانوں کی خاطر تواضع پر مبنی اخراجات کم کرنے اور شعبہ مارکیٹنگ کے افسران کو روینیو میں اضافہ کی فوری ہدایت کی، اس کے علاوہ سی ای او نے شعبہ مارکیٹنگ کوا یئرلائن کی مالی بہتری کیلئے موثر منصوبہ بندی کی ہدایت بھی کی۔

    ایئرمارشل ارشد ملک نے پی آئی اے کے فضائی ٹکٹ کی دوسری کلاس میں اپ گریڈیشن کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے، اپ گریڈ کرنے والے افسر کی تنخواہوں سے ٹکٹ میں فرق پر مبنی رقم وصول کی جائے گی۔

    انہوں نے پی آئی اے کے شعبہ انجنیئرنگ میں خراب جہازوں کی موجودگی کے بارے میں جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ جتنے بھی خراب جہاز ہیں دس دن کے اندر اندر ان کو اڑان کے قابل بنایا جائے، دس روز میں خراب جہازوں کو کارآمد بنانے کی ڈیڈلائن بھی جاری کردی گئی۔

    سی ای او کی جانب سے کمپنی خرچ (او سی ایس) پر اندرون و بیرونی دوروں پر پابندی کے حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کی کاپی اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے۔

    سی ای او نے کہا کہ افسران بیرون ملک دوروں پر جانے کے بجائے ویڈیو کانفرنس میں امور کو انجام دیں، ای میل اور اسکائپ بڑھانے کی ہدایت بھی کی، پی آئی اے افسران کی بیرون ملک دوروں پر ادارے کو لاکھوں روپے اخراجات برداشت کرنا پڑتے تھے۔

    انہوں نے شعبہ فلائٹ کیٹرنگ، انجنیئرنگ میں ناقص کارکردگی پر وضاحت طلب کرلی اور تحقیقات کا حکم دے دیا، ارشد ملک نے کہا کہ غفلت برتنے والے عملے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

  • وفاقی وزراء کے بعد سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد

    وفاقی وزراء کے بعد سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد

    اسلام آباد : حکومت نے وفاقی وزراء کے بعد سرکاری افسران کے بھی بیرون ملک دوروں پر پابندی عائد کردی، اجلاس اور کانفرنسز میں متعلقہ سفارت خانے کے اہلکار شرکت کریں گے، سرکاری حکام دعوت نامے بھی قبول نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے بیرون ملک اجلاس اور کانفرنسز میں افسران کے جانے اور ان کے دوروں سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا، وفاقی وزراء کے بعد اب سرکاری افسران کے بھی بیرون ملک دوروں کے مزے ختم ہوگئے۔

    حکومت نے وفاقی وزارتوں کے حکام پر معاہدوں کیلئے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی، حکم نامے کے مطابق سرکاری حکام اپنی مرضی سے بیرون ملک دوروں کے دعوت نامے قبول نہیں کریں گے۔

    بیرون ملک دوروں سے قبل وزیراعظم آفس اور دفترخارجہ کو تفصیلات سے آگاہ کرنا ہوگا، اس حوالے سے بیرون ملک سفارت خانوں کو مکمل نمائندگی کا اختیار دے دیا گیا ہے۔

    بیرون ملک اجلاس اور کانفرنسز میں متعلقہ سفارت خانے کے اہلکار شرکت کریں گے، سرکاری افسران، حکام بیرون ملک کے بجائے سفارت خانوں کو بریف بھیجیں گے۔

    اس کے علاوہ وزارتوں، ڈویژنز کےحکام بریفنگ کیلئے مطلوبہ مواد بروقت فراہم کریں گے، وزارتوں اور ڈویژنز کو وزیراعظم عمران خان کے فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور بیرون ملک تعینات سفیروں کو اہم اختیارات سونپ دیئے گئے۔

    وزیر اعظم نے بیرون ملک سفیروں کو حکومتی معاہدوں پر دستخط کا اختیار دے دیا ہے جس کے بعد سفیر متعلقہ ممالک میں حکومتی معاہدوں پر دستخط کر سکیں گے۔

  • ٹریفک وارڈنز پر صحافیوں سمیت شہریوں کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی عائد

    ٹریفک وارڈنز پر صحافیوں سمیت شہریوں کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی عائد

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ کا وارڈنز کی جانب سے صحافیوں سے بدتمیزی اور ان کی ویڈیوز بنانے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صحافیوں سمیت دیگر شہریوں کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے وارڈنز کی جانب سے صحافیوں سے بدتمیزی اور ان کی ویڈیوز بنانے کا سخت نوٹس لیا ہے اور وارڈنز کی جانب سے صحافیوں سمیت دیگر شہریوں کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    جسٹس علی اکبر قریشی نے چیف ٹریفک پولیس آفیسر کیپٹن لیاقت کو کل طلب کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ وارڈنز کا کام صرف چالان کرنا ہے، بدتمیزی کرنا اور ویڈیو بنانا نہیں۔

    عدالت نے ٹریفک پولیس پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت وارڈن نے صحافیوں کی ویڈیوز بنائیں۔

    عدالت نے قرار دیا کہ وارڈنز کی فوج ظفر موج سڑکوں پر کھڑی خوش گپیوں میں مصروف رہتی ہے، صحافی ہو یا کوئی شہری، کسی کی تذلیل برداشت نہیں کی جائے گی۔ وارڈنز کا کام صرف چالان کرنا ہے، اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی اختیار نہیں ہے۔

  • پی آئی اے  کا 100 سے زائد مشتبہ فضائی میزبانوں پر پابندی عائد کرنے پر غور

    پی آئی اے کا 100 سے زائد مشتبہ فضائی میزبانوں پر پابندی عائد کرنے پر غور

    کراچی : قومی ایئرلائن کی ایئرہوسٹس کے ٹورنٹو میں سلپ ہونے کے معاملے پر بیرون ملک جانیوالی پروازوں کے ہمراہ جانے والی سو سے زائد مشتبہ فضائی میزبانوں پر پابندی عائد کرنے کی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ایئرہوسٹس فریحہ کے ٹورنٹو میں سلپ ہونے کے معاملے 100سے زائد فضائی میزبانوں کو برطانیہ ، یورپ اور کینیڈا نہ بھیجنے پر غور کیا جارہا ہے۔

    اس سلسلے میں پی آئی اے کے جی ایم فلائٹ سروسز نے چیئرمین پی آئی اے سی ای او کوخط تحریر کردیا ہے۔

    خط میں فلائٹ سروسز کی جانب سے سی ای او سے درخواست کی گئی ہے کہ جعلی ڈگریوں کی حامل فضائی میزبانوں کو بیرون ملک جانیوالی پروازوں پر پابندی عائد کی جائے۔

    شعبہ فلائٹ سروسز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایئرہوسٹس فریحہ کے سلپ ہونے کے بعد دیگر فضائی میزبان بھی سلپ ہوسکتے ہیں۔

    خط میں مزید کہا گیا کہ فریحہ کے سلپ ہونے کے بعد پاکستان کی اور ادارے کی بدنامی ہوئی تھی، سو سے زائد مبینہ جعلی ڈگریوں کی حامل فضائی میزبانوں نے عدالتوں سے حکم امتناع حاصل کیا ہوا ہے۔

    مزید پڑھیں : پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ

    یاد رہے 18 ستمبر کو پی آئی اے کی فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے پر پرسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی ، اور پی آئی اے انتظامیہ نے کینیڈین پولیس کو گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔

    فضائی میزبان کے پراسرار لاپتہ ہونے پر پی آئی اے انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

    جس کے بعد پی آئی اے کی میزبان سے جڑے حیرت انگیز حقائق سامنے آئے تھے کہ فریحہ مختار پہلے بھی کئی بے قاعدگیوں میں ملوث رہی ہیں۔

    فریحہ نے پی آئی اے میں بی کام کی جعلی ڈگری جمع کراکر نوکری حاصل کی ، سنہ 2014 میں انہیں جعلی ڈگری کے سبب انہیں شو کاز نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

    بعد ازاں ائیرہوسٹس فریحہ مختار کا سراغ مل گیا تھا اور وہ کینیڈا میں رہائش پذیر اپنی ساتھی کے ساتھ ہیں۔

  • سندھ میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد

    کراچی : سندھ حکومت کی جانب سے محرم الحرام میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی، پابندی کا اطلاق صوبے بھر میں ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے حفاظتی اقدام کے پیش نظر سندھ حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی آٹھ تا دس محرم تک ہوگی۔

    محکمہ داخلہ سندھ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھرمیں اسلحے کی نمائش، لاؤڈاسپیکر کے بلااجازت استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دل آزار تقاریر اور وال چاکنگ پر بھی دفعہ ایک سوچوالیس نافذ ہے جبکہ اس دوران ہیلی کیم کے استعمال پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

    ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق تین روز کے لیے ہوگا، دیگر احکامات پر یکم تا دس محرم پابندی ہوگی، پابندی کا اطلاق صحافیوں، خواتین اور بزرگوں پر نہیں ہوگا۔

    سندھ حکومت کی جانب سے محرم الحرام کے مہینے میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

  • وفاقی وزیر قانون نے محکمے کے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی

    وفاقی وزیر قانون نے محکمے کے افسران کے بیرون ملک دوروں پر پابندی لگادی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر قانونو انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وزارت قانون میں سست رفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نو منتخب وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے عہدے کا حلف اٹھاتے ہی پہلا حکم جاری کرتے ہوئے محکمے کے افسروں کے بیرون ملک دورے پر پابندی عائد کر دی۔

    سیکرٹری وزارت قانون و انصاف نے بیرسٹر فروغ نسیم کا استقبال کیا اور وزیر قانون و انصاف کو انٹر نیشنل لیگل فرنٹ اور وزارت قانون وانصاف کے امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔

    وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے لاء افسروں کی تقرری کا جائزہ لینےکی ہدایات جاری کی اور وفاقی عدالتوں میں خالی آسامیاں پُر کرنے کے لئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

    وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، وزارت قانون میں سست رفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔