Tag: پابندی

  • وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے ہواوے پر پابندی میں تاخیر کی درخواست کردی

    وائٹ ہاؤس انتظامیہ نے ہواوے پر پابندی میں تاخیر کی درخواست کردی

    واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کے ملازمین نے چینی ٹیلی کام کمپنی ہواوے پر پابندی سے قبل دو برس وقت دینے کی درخواست کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اگست 2018 کو قومی دفاعی ایکٹ پر دستخط کیے جانے کے بعد سے سرکاری سطح پر ہواوے کی مصنوعات کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم ایک سرکاری عہدیدار کا کہنا ہے کہ وفاقی کنٹریکٹرز چینی کمپنی کو چھوڑنے کے لیے تیار نہیں۔

    وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے مینیجمنٹ اور بجٹ کے دفتر کے نگراں ڈائریکٹر رسل ٹی وو نے ہواوے پر مکمل پابندی عائد کیے جانے سے قبل کمپنی کو 2 سال کا وقت دینے کی درخواست کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق انہوں نے 4 جون کو نائب صدر مائیک پینس اور کانگریس کے 9 اراکین کو خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ پابندی سے حکومت کو اشیا فراہم کرنے والی کمپنیوں میں بھی کمی سامنے آئے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں ہواوے کی ٹیکنالوجی استعمال کرنے والی کمپنیاں جنہیں وفاق گرانٹ اور لونز فراہم کرتا ہے، پر بھی اثر پڑے گا۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ان کی یہ درخواست ہواوے کو امریکا میں کاروبار کرنے کی اجازت نہ دینے کی پالیسی کے خلاف نہیں جائے گی۔

    یاد رہے کہ امریکا چینی کمپنی ہواوے کو بلیک لسٹ کرچکا ہے، بعد ازاں ہواوے نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے کمپنی کو بلیک لسٹ کیے جانے کے فیصلے کو امریکی عدالت میں چیلنج کرتے ہوئے قانونی جنگ کو تیز کردیا ہے۔

    امریکا نے چین کے ساتھ ٹریڈ وار ختم کرنے کا اشارہ دے دیا

    ہواوے کی جانب سے ٹیکساس کی ڈسٹرکٹ عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے اور کمپنی نے اس میں زور دیا ہے کہ نیشنل ڈیفنس اتھارائزیشن ایکٹ امریکی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    واضح رہے ہواوے اس وقت دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکشنز نیٹ ورکنگ آلات سپلائی کرنے والی جبکہ دنیا کی دوسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی ہے جو کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ میں اہم ترین بن گئی ہے۔

  • پاکستانی فنکاروں پرپابندی سے بھارت اپنا بھیانک چہرہ دکھا رہا ہے، دیا مرزا

    پاکستانی فنکاروں پرپابندی سے بھارت اپنا بھیانک چہرہ دکھا رہا ہے، دیا مرزا

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پرپابندی کے خلاف پھٹ پڑیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر پابندی کو کئی ماہ بیت گئے اور اب بھارتی اداکار کھل کراس پابندی کے خلاف آواز اٹھانے لگے ہیں۔

    اداکارہ دیا مرزا نے اپنی نئی ویب سیریز ”کافر“ کی لانچنگ تقریب کے دوران پاکستانی فنکاروں پرلگائی جانے والی پابندی کے خلاف آواز اٹھائی ہے اوراس پابندی کو دونوں ممالک کے لیے نقصان دہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پابندی سے ہم دنیا کو یہ بتارہے ہیں کہ بھارت کتنا خوفناک ہے۔

    دیا مرزا نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانے پر بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ فن ہمیشہ خوف کے ہاتھوں متاثرہوتا ہے اوراسے خوف سے نقصان پہنچتا ہے لیکن خوف ہی کی وجہ سے آرٹ دوبارہ متحد وتوانا ہوتی ہے۔

    بھارتی اداکارہ نے کہا کہ مجھے یقین ہے ہم پر تھوپے گئے تعصبات صرف ہمیں ہی اپنے ہمسایوں سے دور نہیں کریں گے بلکہ ہمارے ہمسایوں کو بھی ہم سے دور کردیں گے۔

    دیا مرزا نے کہا کہ ہم نے خود کو رابطے اور تبادلے کے موقع سے محروم کردیا ہے، ہم دنیا کو صرف یہ دکھا رہے ہیں کہ ہم کتنے بھیانک ہیں۔

    واضح رہے کہ دیا مرزا اپنی نئی ویب سیریز”کافر“ میں ایک پاکستانی خاتون کا کردار ادا کررہی ہیں جسے اس کے بچے کے ساتھ قیدی بنا لیا جاتا ہے تاہم اس قید سے رہائی حاصل کرنے میں ایک صحافی ان کی مدد کرتا ہے۔

  • وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

    وفاقی دارالحکومت میں پلاسٹک بیگ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رواں برس 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر ماحولیات ملک امین اسلم، وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی، وزیرِ منصوبہ بندی، وزیر توانائی عمر ایوب، مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود خان، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن اور سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔

    اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو الیکٹرک وہیکل پالیسی اور پنجاب میں اسموگ کی روک تھام اور اس سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیر اعظم کو گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے 10 ارب درخت لگانے کے منصوبے پر اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ بھی شامل تھی۔

    حکام نے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ کے استعمال کے خاتمے کے لیے بھی قواعد و ضوابط بنا لیے ہیں جبکہ رواں برس 14 اگست سے پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک کے مختلف شہروں اور ضلعوں میں بھی پلاسٹک کے استعمال اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔

    گزشتہ ماہ گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں بھی پلاسٹک کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی جس کے بعد ہنزہ پلاسٹک کو ممنوع قرار دینے والا ایشیا کا پہلا ضلع بن گیا ہے۔

  • یو اے ای نے کویت سے انڈوں اور پرندوں کی درآمد پر عائد پابندی اٹھالی

    یو اے ای نے کویت سے انڈوں اور پرندوں کی درآمد پر عائد پابندی اٹھالی

    ابوظبی : متحدہ عرب امارات نے شہریوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے کویت سے پرندوں اور انڈوں کی درآمد پر عائد کی گئی پابندی ختم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے ماحولیات کی جانب سے اتوار کے روز اعلان کیا گیا کہ کویت سے درآمد کیے جانے والے آرائشی پرندے، مرغیاں اور جنگلی پرندوں سمیت انڈے اور پولٹری گوست پر عائد پابندی ختم کردی ہے۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وزارت ماحولیات نے یہ فیصلہ پرندوں میں پھیلنے والے (ایچ 5 این 8) برڈ فلو وائرس کے باعث کیا تھا تاکہ شہریوں کو امراض سے محفوظ رکھا جاسکے۔

    یاد رہے کہ اماراتی حکام کی جانب سے شہریوں کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے کویت سے درآمد کیے جانے والے پرندوں اور انڈوں پر عارضی طور پر پابندی عائد کی تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ پرندوں اور انڈوں کی درآمدات پر پابندی کا اعلان جانوروں کی صحت کے حوالے کام کرنے والی ایمرجنسی سینٹر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں :‌ یو اے ای نے بھارت سے فروٹ اور سبزیوں کی درآمد پر پابندی لگادی

    یاد رہے کہ اماراتی حکام گزشتہ برس اگست میں مشرقی ملائیشیا سے درآمد کیے جانے والے پرندوں اور انڈوں پر بھی پابندی عائد کرچکا ہے، اماراتی وزارت برائے ماحولیات نے ایچ ایس این 1 نامی خطرناک وائرس کو ملک میں داخل ہونے کےلیے روکنے کےلیے یہ اقدامات کیے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے 6 اگست کو خبردار کیا تھا کہ مشرقی ملائیشیا سے درآمد ہونے والی پولٹری اشیاء (پرندوں اور انڈوں) میں برڈ فلو کا وبائی مرض بہت زیادہ پھیلا ہوا ہے۔

  • ترکی کو اسلحہ فروخت پر پابندی کے لئے نیا امریکی اقدام

    ترکی کو اسلحہ فروخت پر پابندی کے لئے نیا امریکی اقدام

    واشنگٹن : امریکی ایوان نمائندگان نے ترکی کو اسلحہ کی فروخت پر پابندی کے لیے کانگریس میں ایک نیا بل لانے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان نمائندگان کی طرف سے کانگریس میں ایک نیا بل لایا جا رہا ہے جس میں ترکی کی جانب سے روس کے ایس 400 دفاعی نظام کی خریداری کی صورت میں انقرہ کو ایف 35 جنگی طیاروں اور دیگر اسلحہ کی فروخت پر پابندی کی سفارش کی جائے گی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ امریکی ایوان نمائندگان کی تین رکنی مسلح فوج کمیٹی، جس میں ری پبلیکن اور ڈیموکریٹ پارٹی کے مائیک ٹیرنر، جون گرامنڈی اور پال کک شامل ہیں، نے 2019ء کے دوران نیٹو کا فضائی تحفظ کے عنوان سے نیا بل لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس بل کی حمایت کرنے والوں میں سینیٹر جیمز لانکفورڈ اور کئی دوسرے ارکان کانگریس بھی پیش پیش ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ رکن کانگریس گارامنڈی نے ایک پریس بیان میں کہا کہ اگر ترکی روسی ساختہ ایس 400 فضائی دفاعی نظام خرید کرتا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ وہ امریکا سے ایف 35 جنگی طیارے بھی خرید لیتا ہے تو یہ سودا امریکی طیاروں، اس کی ترقی یافتہ ٹکنالوجی کو خطرے میں ڈالنے کا سبب بنے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس سے امریکا اور نیٹو کے مشترکہ دفاعی مشن کو بھی شدید خطرات لاحق ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ایوان نمائندگان میں لایا جانے والا بل ترکی کے لیے سخت پیغام ہو گا تاکہ وہ روس سے ایس 400 کی خریداری کا فیصلہ واپس لے۔ یہ مسودہ قانون ترکی کے لیے پیغام ہوگا کہ واشنگٹن، انقرہ کے حوالے سے کسی قسم کی نرمی اور لچک دکھانے کے لیے تیار نہیں ہے۔

  • ہنگامی قانون کے تحت سری لنکا میں نقاب پر پابندی عائد کردی گئی

    ہنگامی قانون کے تحت سری لنکا میں نقاب پر پابندی عائد کردی گئی

    کولمبو : سری لنکن صدر کا کہنا ہے کہ نقاب پر پابندی کا مقصد قومی سلامتی کو یقینی بنانا، کسی کو اپنا چہرہ چھپا کر شناخت کو مشکل نہیں بنانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق سری لنکن صدر متھری پالا سری سینا نے ایسٹر کی تقریبات کے دوران ہونے والے خود کش حملوں کے ایک ہفتے کے بعد ہنگامی قانون کے تحت ملک میں نقاب پہننے اور چہرہ چھپانے پر پابندی عائد کر دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پابندی کا اطلاق پیر سے ہوگیا ہے، صدر سری سینا کا کہناتھا کہ وہ ہنگامی قانون کے تحت عوامی مقامات پر کسی بھی طرح کے نقاب یا منہ چھپانے پر پابندی لگا رہے ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ اس پابندی کا مقصد قومی سلامتی کو یقینی بنانا ہے اور کسی کو بھی اپنا چہرہ چھپا کر اپنی شناخت کو مشکل نہیں بنانا چاہیے۔یہ پابندی ایک ایسے وقت میں لگائی گئی ہے جب مسلم مذہبی رہنماؤں نے بھی مسلمان خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی ردعمل سے پچنے کے لیے نقاب نہ پہنیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ دو کروڑ سے زائد آبادی پر مشتمل بدھ مت مذہب کے پیروکاروں کی اکثریت والے سری لنکا میں لگ بھگ 10 فیصد مسلمان بستے ہیں۔ سری لنکا کے مسلمان مذہب کے معتدل پیروکار ہیں اور بہت ہی کم تعداد میں خواتین نقاب کرتی ہیں۔

    سری لنکا میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے خودکش دھماکوں کے نتیجے میں 300 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد برقع پر پابندی عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں : سری لنکا میں برقع پر پابندی لگنے کا امکان

    واضح رہے کہ سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں ہونے والے 8 خودکش دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال ستمبر میں سوئٹزرلینڈ میں عوام کی بڑی تعداد نے خواتین کے برقع پہننے پر پابندی کے حق میں رائے دی جس کے بعد برقع پہننے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ حجاب، نقاب یا برقع جیسی مختلف شکلوں میں ایسا زیادہ تر مذہبی سوچ کی حامل مسلم خواتین کی طرف سے کیا جاتا ہے، عرف عام میں سینٹ گالن میں اس ریفرنڈم کو برقعے پر پابندی یا ’برقعہ بین‘ کا نام دیا جا رہا تھا۔

  • پلاسٹک پر پابندی عائد کرنے والا ایشیا کا پہلا ضلع

    پلاسٹک پر پابندی عائد کرنے والا ایشیا کا پہلا ضلع

    گلگت: گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں پلاسٹک کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی جس کے بعد ہنزہ پلاسٹک کو ممنوع قرار دینے والا ایشیا کا پہلا ضلع بن گیا ہے۔

    رواں برس ہنزہ میں چیری بلوسم اور جشن بہاراں کی تقریبات اس عہد کے ساتھ منائی جارہی ہیں کہ خوبصورت وادی میں اب سے روزمرہ استعمال کے لیے پلاسٹک شاپنگ بیگس کی جگہ کپڑے کے تھیلے استعمال کیے جائیں گے۔

    ہنزہ کی عوام بھی اس حکومتی اقدام میں بھرپور ساتھ دے رہی ہے۔

    ہنزہ میں دکانداروں اور پلاسٹک بیگ کا کام کرنے والے افراد کو متنبہ کیا گیا تھا کہ وہ پلاسٹک بیگ کا پہلے سے موجود اسٹاک 20 اپریل تک ختم کردیں، اس تاریخ کے بعد بیگ کو بنانا، فروخت کرنا، خریدنا اور اس کا استعمال جرم سمجھا جائے گا۔

    وزیر اعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ ہنزہ میں پلاسٹک پر پابندی تعزیرات پاکستان دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی ہے۔

    اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخواہ میں سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کے لفافوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور متبادل کے طور پر کاغذ یا کپڑے کے تھیلے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

    خیال رہے کہ نیدر لینڈز کے ماحولیاتی ادارے گرین پیس کے مطابق دنیا بھر میں 26 کروڑ ٹن پلاسٹک پیدا کیا جاتا ہے جس میں سے 10 فیصد ہمارے سمندروں میں چلا جاتا ہے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ صرف انڈس بیسن میں ہر سال 1 لاکھ 64 ہزار 3 سو 32 ٹن پلاسٹک پھینکا جاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے دریا اور سمندر پلاسٹک سے اٹ چکے ہیں اور سنہ 2050 تک ہمارے سمندروں میں آبی حیات اور مچھلیوں سے زیادہ پلاسٹک موجود ہوگا۔

  • جاپان، ناگاساکی یونیورسٹی میں سیگریٹ نوش اساتذہ کے داخلے پر پابندی عائد

    جاپان، ناگاساکی یونیورسٹی میں سیگریٹ نوش اساتذہ کے داخلے پر پابندی عائد

    ٹوکیو : جاپانی یونیورسٹی نے سیگریٹ کا نشہ چھڑوانے کےلیے سیگریٹ نوشی کی عادت میں گرفتار اساتذہ کے یونیورسٹی میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔

    تفصلات کے مطابق نشہ سیگریٹ کا ہو یا چائے کا اگر لت لگ جائے تو چھڑوانا مشکل ہوجاتا ہے لیکن جاپان کی ناگاساکی نامی یونیورسٹی کی انتطامیہ نے نشے کی بُری عادت میں گرفتار اساتذہ سے سیگریٹ نوشی ترک کرانے کا انوکھا طریقہ نکال لیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ جاپان کی ایک یونیورسٹی نے سیگریٹ نوشی کرنے والے اساتذہ کی نشے کی لعنت سے چھٹکارا پانے کے لیے ان کے یونیورسٹی میں داخلے پر پابندی لگانے کا اعلان کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جنوب مغربی جاپان کی ناگا ساکی یونیورسٹی کے ترجمان یوسو تاکاکورا نے کہا کہ ہماراخیال ہے کہ سیگریٹ نوشی تدریسی عمل کے خلاف ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیگریٹ نوشی کرنے والے اساتذہ کے جامعہ میں داخلے پر پابندی سے شہری آزادیوں کے قانون کی خلاف ورزی نہیں ہوتی۔

    مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جاپان میں ناگا ساکی یونیورسٹی اپنی نوعیت کی پہلی درسگاہ ہے جس میں سیگریٹ نوشی کرنے والے اساتذہ کے داخلے پر پابندی عاید کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ سگریٹ نوشی کرنےوالے اساتذہ کو آئندہ اگست تک کی مہلت دی جائے گی اور اس کے بعد یونیورسٹی کے دروازے ہر اس پروفیسر اور استاد پر بند کردیئے جائیں گے جس جو سگریٹ نوشی ترک نہیں کرے گا۔

    خیال رہے کہ جاپان کے کئی شہروں میں مقامی حکومتوں نے پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کو ممنوع قرار دے رکھا ہے تاہم کسی تعلیمی ادارے میں اس طرح کی پابندی کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

  • خیبر پختونخواہ کے سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد

    خیبر پختونخواہ کے سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی عائد

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کے لفافوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی اور متبادل کے طور پر کاغذ یا کپڑے کے تھیلے استعمال کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں سرکاری دفاتر میں پلاسٹک کے لفافوں کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی جس کے لیے صوبائی محکمہ امداد، بحالی اور آباد کاری نے مراسلہ جاری کردیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دفاتر کے احاطے میں پابندی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، اور متبادل کے طور پر کاغذ یا کپڑے کے تھیلے استعمال کیے جائیں۔

    دو روز قبل خیبر پختونخواہ اسمبلی میں بھی پلاسٹک شاپنگ بیگز اور پانی کی پلاسٹک بوتل پر پابندی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔

    وزیر بلدیات شہرام ترکئی کو پارلیمانی کمیٹی کی سربراہی سونپی گئی تھی جبکہ کمیٹی ارکان میں عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل، مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے ارکان شامل تھے۔

    اسمبلی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں سب سے پہلے پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی سے متعلق ایشو زیر غور لایا جائے گا۔

    اس سے قبل وزارت کلائمٹ چینج نے پلاسٹک کی تھیلیوں پر ٹیکس لگانے کا فیصلہ بھی کیا تھا اور اس حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔

    وزیر مملکت برائے کلائمٹ چینج زرتاج گل کا کہنا تھا کہ پلاسٹک کی تھیلیوں پر جلد ٹیکس عائد کردیا جائے گا اور اس سلسلے میں ایک تھیلی پر 1 سے 2 روپے کا ٹیکس زیر غور ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ اس سلسلے میں صوبوں سے رابطہ کیا جارہا ہے اور مشاورت کے بعد ٹیکس کو ملک بھر میں لاگو کردیا جائے گا۔

  • کینیڈین ریاست کوبیک میں سرکاری ملازمین کے حجاب پر پابندی

    کینیڈین ریاست کوبیک میں سرکاری ملازمین کے حجاب پر پابندی

    اوٹاوا : کینیڈین ریاست کیوبیک کی حکومت نے بھی سرکاری اداروں میں خدمات انجام دینے والے افراد پر مذہبی علامات سمجھی جانے والی اشیاء زیب تن کرنے پر پابندی عائد کرنے کی تیاری کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد خیالات اور مذہبی شدت پسندی سے عاری سمجھے کے ملک کینیڈا کی ریاست کیوبیک کی حکومت نے بھی مذہبی منافرت پیدا کرنے کے لیے سرکاری ملازمین پر مذہبی علامات سمجھی جانے والی چیزیں پہننے پر پابندی لگانے کی تیاری کرلی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ قانون منظور ہونے کے بعد کیوبیک کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت کولیشن آوینیر کیوبیک اور کینیڈین وزیر اعظم کے درمیان کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کینیڈا میں مذہبی آزادی کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور شدت پسندی کے خلاف سرگرم ہیں۔

    جسٹن ٹروڈو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیا اب کینیڈین حکومت جو ایک آزاد معاشرہ ہے لوگوں کو ان کے مذہب کی بنیاد پر قانونی حیثیت سے نوازے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ تجویز کردہ قانون کے نفاذ کے بعد عدلیہ، پولیس افسران اور اساتذہ سمیت وہ تمام سرکاری ملازمین متاثر ہوں گے جو خود فیصلوں کا اختیار رکھتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : یورپی عدالت نےملازمین کےحجاب پہننے پر پابندی عائد کردی

    مجوزہ قانون کے ناقدین کا کہنا ہے کہ مذکورہ قانون سے کسی بھی قسم کا حجاب کرنے والی مسلمان خواتین متاثر ہوں گی۔

    خیال رہے کہ سنہ 2017 میں ریاست کیوبیک میں عوامی سروسز فراہم کرنے اور لینے والے افراد کے چہرے کو مکمل طور پر چھپانے پر پابندی عائد کی گئی تھی جسے جون 2018 میں کینیڈین عدالت نے منسوخ کردیا تھا۔