Tag: پابندی

  • گلیکسی نوٹ سیون کے ہمراہ سفر نہ کریں،پی آئی اے

    گلیکسی نوٹ سیون کے ہمراہ سفر نہ کریں،پی آئی اے

    کراچی : پی آئی اے نے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ حال ہی میں متعارف کرائے جانے والے سام سانگ گلیکسی نوٹ 7 اپنے ساتھ لے کر طیارے میں سفر کرنے سے گریز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزکی جانب سے یہ ہدایت ان رپورٹس کے سامنے آنے کے بعد جاری کی گئیں جن میں کہا گیا تھا کہ اس نئے اسمارٹ فون کی بیٹریوں میں خرابی ہے جس کہ وجہ سے وہ دھماکے سے پھٹ سکتی ہیں۔

    پی آئی اے کے ترجمان دانیال گیلانی کا کہنا ہے کہ ’سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 کے حوالے سے سامنے آنے والی حالیہ رپورٹس اور عالمی سطح پر مسافروں کو خبردار کیے جانے کے بعد پی آئی اے بھی اپنے تمام مسافروں کو خبردار کرتا ہے کہ وہ سفر کے دوران گلیکسی نوٹ 7 ساتھ رکھنے سے گریز کریں‘۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ اس سیٹ کو اپنے سامان میں بھی رکھنے سے گریز کریں کیوں کہ اس سے طیارے اور مسافروں کو خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔

    خیال رہےکہ گزشتہ ہفتے اسمارٹ فون بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی سام سنگ نےاپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ گلیکسی نوٹ 7 کی فروخت معطل کررہی ہے اور دنیا بھر میں بھیجے گئے 25 لاکھ سیٹ بھی واپس منگوائے جارہے ہیں۔

    واضح رہے اس سے قبل دیگر ملکوں کی ایئرلائنز قنطاس، ورجن آسٹریلیا اور اتحاد ایئرلائنز بھی اس حوالے سے انتباہ جاری کرچکی ہیں اور مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ دوران پرواز مذکورہ سیٹ کو استعمال اور چارج کرنے سے گریز کریں۔

  • فلم ’’مالک‘‘ کی نمائش پر پابندی کالعدم قرار

    فلم ’’مالک‘‘ کی نمائش پر پابندی کالعدم قرار

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نےفلم’’مالک‘‘ کے خلاف پابندی کالعدم قرار دیتے ہوئے فلم کوملک بھر میں ریلیز کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کےمطابق سندھ ہائی کورٹ میں ’’مالک‘‘ پر سے پابندی ہٹانے کے لیے فلم کے ڈائریکٹر عاشر عظیم نے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ فلم میں معاشرے کے حقائق دکھائے گئے ہیں۔

    عاشر عظیم نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ فلم سینسر بورڈ کی اجازت اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ریلیز کی گئی تھی لہذا حکومت کی پابندی غیرقانونی ہے۔

    یاد رہے اس سے قبل گزشتہ سماعت میں عاشر عظیم کے وکیل فروغ نسیم نے دلائل میں موقف اختیار کیا تھا کہ آئین دفعہ 142 اور 144 کے تحت وفاقی مقننہ کو وفاقی لسٹ میں آنیوالے مضامین پر قانون سازی منع ہے۔

    مزید پڑھیں:فلم مالک پرپابندی سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی

    اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھاکہ سندھ میں کچھ سین نکال دیے گئے،جبکہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں قابل اعتراض حصے چلائے گئے.فلم سے قابل اعتراض حصے نکال دیے جائیں تو ہمیں اعترض نہیں ہوگا۔

    خیال رہے کہ فلم مالک کی ریلیز سے قبل وفاقی فلم سنسر بورڈ کی جانب سے فلم ’’مالک‘‘ کو سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا تھا تاہم فلم کی ریلیز کے بعد فلم ’’مالک‘‘ کی ملک بھر میں نمائش پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ فلم پر پابندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں بھی درخواستیں دائر ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے بھی فلم پر پابندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پر پابندی کی درخواست خارج کردی

    الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم پر پابندی کی درخواست خارج کردی

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے متحدہ قومی مومنٹ پرپابندی کی درخواست عدم پیروی پر خارج کردی.

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں اقبال ہزاروی نے ایم کیو ایم پر پابندی کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایم کیو ایم کے بانی نے پاکستان مخالف نعرے لگا کر غداری کی.

    *کراچی ضلع کونسل کا پہلااجلاس:ایم کیو ایم کے بانی کے خلاف قرارداد منظور

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاکستان کے خلاف نعرے بازی پر ایم کیو ایم پر پابندی عائد کی جائے اور ایم کیو ایم کے تمام ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی سمیت سینیٹرز کو بھی نااہل قرار دیا جائے.

    *بلوچستان اسمبلی : قائد ایم کیو ایم کی تقریر کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

    الیکشن کمیشن نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے کارروائی کے لیے پیر کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم آج سماعت کے دوران درخواست گزار ہی غیر حاضر تھا.الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کی جانب سے عدم پیروی پر درخواست خارج کردی.

    *کراچی: ایم کیو ایم کارکنان کا اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ

    واضح رہے کہ 22 اگست کو الطاف حسین کی کراچی پریس کلب کے باہر اشتعال انگیز تقریر اور ملک کے خلاف نعرے لگائے تھے جس کے بعد ایم کیو ایم کے بانی کے خلاف عوام میں شدید غم و غصہ پیدا ہوا تھا.

  • امریکا میں اینٹی بیکٹریل صابن پر پابندی

    امریکا میں اینٹی بیکٹریل صابن پر پابندی

    واشنگٹن : امریکا میں جراثیم کش یا اینٹی بیکٹریل صابنوں پر پابندی لگا دی گئی ہے، امریکا کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نامی سرکاری ادارے کی جانب سے جراثیم کش صابنوں میں انیس کیمیکلز کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنیاں یہ ثابت کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں کہ یہ کیمیکلز محفوظ اور جراثیم کو مارتے ہیں۔

    ایف ڈی اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے پاس ایسے سائنسی شواہد موجود نہیں کہ اینٹی بیکٹریل مصنوعات عام صابن اور پانی سے کسی بھی طرح بہتر ہیں، یہ کیمیکلز کافی عرصے سے اسکروٹنی کی زد میں تھے۔

    امریکا کی کلیننگ انڈسٹری کے ترجمان کے مطابق بیشتر کمپنیاں ممنوع قرار دیئے گئے 19 کیمیکلز کو اپنے صابنوں اور ہینڈ واشز سے نکال چکے ہیں۔

    ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ وہ کمپنیوں کو آج کل کے صابنوں میں استعمال ہونے والے تین دیگر کیمیکلز کے حوالے سے ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے وقت فراہم کرے گا۔

    تاہم ادارے کے مطابق صارفین کا خیال ہے کہ جراثیم کش صابن جراثیموں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے زیادہ موثر ہیں، درحقیقت ڈیٹا سے عندیہ ملتا ہے کہ طویل المعیاد نقصان پر یہ جراثیم کش اجزاء فائدے کی بجائے نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں بھی بیشتر کمپنیاں اس طرح کے جراثیم کش صابن تیار کرتی ہیں جن کے بارے میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ وہ جراثیموں کا مکمل خاتمے کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جبکہ انکی قیمت بھی عام صابنوں کے مقابلے میں کچھ زیادہ ہوتی ہے۔

  • بھارتی چینلز غیر قانونی طور پر دکھائے جانے پر پابندی عائد

    بھارتی چینلز غیر قانونی طور پر دکھائے جانے پر پابندی عائد

    اسلام آباد: پیمرا نے بھارتی چینلز غیر قانونی طور پر کیبل پر دکھائے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے جبکہ غیر قانونی بھارتی ڈی ٹی ایچ پر بھی پاکستان میں پابندی عائد کر دی ہے۔

    چییئرمین پیمرا ابصار عالم نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں بتایا کہ پیمرا نے پاکستانی ٹی وی چینلز پر دس فیصد سے زائد غیر ملکی مواد دکھائے جانے پر بھی پابندی عائد کی ۔

    کیپل آپریٹر سیٹلائیٹ ٹی وی چینلز چھ فیصد بھارتی اور چار فیصد دیگر غیر ملکی مواد قانون کے تحت دکھا سکتے ہیں مگر اس کی مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے، چیئرمین پیمرا نے بتایا کہ کیبل آپریٹرز دو سے پانچ کے درمیان سی ڈی چینل دکھا سکتے ہیں خلاف ورزی کرنے والے کیبل آپریٹرز کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔

    ابصار عالم کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مواد چلانے کے حوالے سے خلاف ورزی کرنے والے ،غیر قانونی ڈی ٹی ایچ کے کاروبار سے وابستہ افراد کو پیمرا کی جانب سے پینتالیس دن کا وقت دیا گیا ہے جس کے بعد پندرہ اکتوبر سے ان تمام خلاف ورزیوں کے مرتکب چینلز اور افراد کے خلاف کاراروئی عمل میں لائی جائے گی۔

    انھوں نے بتایا کہ ایف آئی اے اور پی ٹی اے کے ساتھ ملکر پیمرا نے غیر قانونی ڈی ایچ کا پیسہ بیرون ملک منتقل کر نے والوں کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے کیونکہ یہ ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے ۔

    پاکستانی معاشرے سے مطابقت نہ رکھنے واے اشتہارات کے حوالے سے سوال کے جواب میں ابصار عالم کا کہنا تھا کہ اس پر قانون سازی کی ضرورت ہے پارلیمنٹ قانون سازی کرے تو پیمرا اس پر عمل درآمد کروائے گا۔

  • پی آئی اے افسران کے دوران ڈیوٹی ٹی وی دیکھنے پر پابندی عائد

    پی آئی اے افسران کے دوران ڈیوٹی ٹی وی دیکھنے پر پابندی عائد

    کراچی: پاکستان ایئر لائنز کے سی ای او نے تمام ڈائریکٹرز سمیت اعلیٰ افسران کے دوران ڈیوٹی ٹی وی دیکھنے پر پابندی عائد کردی۔

    پی آئی اے کے نئے جرمن سی ای او نے انوکھا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے تمام ڈائریکٹرز سمیت اعلیٰ افسران کے دوران ڈیوٹی ٹی وی دیکھنے پر پابندی عائد کردی۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

    پی آئی اے کے طیاروں کی حالت نازک *

    یہ فیصلہ ان شکایتوں کے بعد کیا گیا ہے جن کے مطابق افسران پر الزام ہے کہ وہ ٹی وی دیکھتے ہوئے فرائض سے غفلت برتتے ہیں۔

    سی ای او کی جانب سے جاری کیا جانے والا فیصلہ جی ایم پبلک ریلیشن پر بھی لاگو کردیا گیا ہے جس کا کام ہی ٹی وی دیکھنا ہے۔ جی ایم پبلک ریلیشن ٹی وی دیکھ کر پی آئی اے کے حوالے سے چلنے والی خبروں سے آگاہ رہتا ہے۔

    جرمن سربراہ کی سیکیورٹی کلیئرنس کا معاملہ، پی آئی اے سے وضاحت طلب *

    علاوہ ازیں پی آئی اے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کے لیے بھی ٹی وی دیکھنا ضروری ہے۔

    سی ای او نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے تمام افسران کے کمروں سے ٹی وی ہٹانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

  • فرانس میں برقینی پر عائد پابندی ختم

    فرانس میں برقینی پر عائد پابندی ختم

    پیرس :فرانس کی عدالت نے30قصبوں کے میئروں کی جانب سے ساحل سمندر پر اسلامی برقینی سوئمنگ سوٹ پہننے پر عائد پابندی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے.

    تفصیلات کےمطابق فرانسیسی عدالت کا کہنا ہےکہ یہ ’پابندی واضح طور پر بنیادی حقوق کی آزادی کی خلاف ورزی کے ساتھ ساتھ عقائد اور افراد کی آزادی کی خلاف ورزی ہے۔‘

    خیال رہےکہ اس سے قبل تقریباً 30 شہروں کے میئروں نے ساحل پر برقینی پہننے پر پابندی عائد کردی تھی جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے احتجاج کرتے ہوئے اسے اعلیٰ عدالت میں چیلنج کیا تھا.

    اسلامی برقینی سوئمنگ سوٹ پہننے پرمسلمانوں کا کہنا تھا کہ انہیں غیر منصفانہ انداز میں ہدف بنایا جا رہا ہے.

    فرانس کے 26 قصبوں کے میئروں نے امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے اور سیکولرزم کے بنیادی اصول کے تحت ساحل پر برقینی پہننے پر پابندی لگائی تھی.

    *فرانسیسی پولیس نے ساحل سمندر پر خاتون کے کپڑے اتروا لیے

    یاد رہے کہ برقینی پر پابندی کے خاتمے کے لیے انسانی حقوق کی تنظیموں نے نیس کی عدالت سے رجوع کیا لیکن انھیں کامیابی نہیں ہوئی جس کے بعد انہوں نے یہ درخواست فرانس کی سب سے بڑی عدالت کونسل آف اسٹیٹ میں جمع کروائی تھی.

    برقینی پر پابندی کے اس فیصلے سے فرانس کی حکومت میں شامل سینیئر ارکان کی رائے بھی تقسیم ہو گئی تھی.

    واضح رہے کہ فرانس میں یہ تنازع اُس وقت سامنے آیا جب نیس کے ساحل پر پولیس برقینی پر عائد پابندی کو یقینی بناتے ہوئے ایک خاتون سے برقینی اتروا رہی تھی.سوشل میڈیا پر اس تصویر کے وائرل ہونے کے بعد کئی افراد نے بہت غصے کا اظہار کیاتھا.

  • ناروے میں جنگلات کی کٹائی پر پابندی عائد

    ناروے میں جنگلات کی کٹائی پر پابندی عائد

    اوسلو: ناروے دنیا کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے جہاں ملک بھر میں جنگلات کی کٹائی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    یہ فیصلہ عالمی حدت میں اضافہ یا گلوبل وارمنگ کے خطرات کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ پورے ملک میں نہ صرف جنگلات کی کٹائی پر پابندی عائد کردی گئی ہے بلکہ حکومت درختوں سے بنائی جانے والی مصنوعات پر پابندی پر بھی غور کر رہی ہے۔

    norway-2
    برازیل کے شمالی حصہ میں پارہ نامی علاقہ ۔ کبھی اس پورے رقبہ پر جنگلات تھے

    نارویئن پارلیمنٹ نے پابندی کے بل کے مسودے میں شامل اس شق کی بھی منظوری دی جس کے تحت ناروے ان غیر ملکی کمپنیوں میں سرمایہ کاری نہیں کرے گا جو بالواسطہ یا بلاواسطہ جنگلات کی کٹائی میں مصروف ہیں۔

    یہ اقدام اس معاہدے کی ایک کڑی ہے جو ناروے نے 2014 میں نیویارک میں ہونے والے کلائمٹ سمٹ میں کیا تھا جس میں ناروے، جرمنی اور برطانیہ نے ایک مشترکہ معاہدے کے تحت قومی سطح پر جنگلات کی کٹائی میں کمی کرنے کا عزم کیا۔

    مزید پڑھیں: میکسیکن اداکار کی ماحولیاتی آگاہی کے لیے درخت سے شادی

    ناروے نے اس پابندی کو اپنی قومی پالیسی کا بھی حصہ بنالیا ہے جس کے تحت درختوں سے بنائی جانے والی مصنوعات کی جگہ متبادل مصنوعات اور ان کی صںعتوں کو فروغ دینے پر کام کیا جائے گا۔

    ناروے اس سے قبل بھی کئی ماحول دوست اقدامات اٹھا چکا ہے۔ ان اقدامات کی بدولت ناروے میں پچھلے 7 سالوں میں جنگلات کی کٹائی میں 75 فیصد کمی آچکی ہے۔

    مزید پڑھیں: فطرت کے تحفظ کے لیے آپ کیا کرسکتے ہیں؟

    ناروے جنگلات کو بچانے کے لیے لائبیریا اور انڈونیشیا کو بھی امداد دے چکا ہے۔ 2008 میں ناروے نے برازیل کو 1 بلین ڈالر امداد دی جس کے تحت اب برازیل ایمیزون کے جنگلات کو تباہی سے بچانے کے لیے کام کرہا ہے۔

    ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں موجود گھنے جنگلات جنہیں رین فاریسٹ کہا جاتا ہے، اگلے 100 سال میں مکمل طور پر ختم ہوجائیں گے۔ جنگلات کی کٹائی عالمی حدت میں اضافہ یعنی گلوبل وارمنگ کا ایک اہم سبب ہے جس کے باعث زہریلی گیسیں فضا میں ہی موجود رہ جاتی ہیں اور کسی جگہ کے درجہ حرارت میں اضافہ کرتی ہیں۔

  • جرمنی میں برقعے اور نقاب پر پابندی کا فیصلہ

    جرمنی میں برقعے اور نقاب پر پابندی کا فیصلہ

    برلن : جرمن وزیر داخلہ تھومس میزیوئر کا کہنا ہے کہ اسکولوں،یونیورسٹیوں اور ڈرائیونگ کے وقت خواتین کے نقاب کرنے پر پابندی ہونی چاہیے.

    تفصیلات کےمطابق جرمنی میں سیکورٹی خدشات کے بعد مرکل کی کرسچن ڈیموکریٹس اور ان کی اتحادی کرسچن سوشل یونین پارٹی سے تعلق رکھنے والے علاقائی وزراء داخلہ نے عوامی مقامات پر سخت سیکورٹی انتظامات کا مطالبہ کیا ہے جس میں نگرانی کو بڑھانے کے لیے مزید پولیس اہلکاروں کی شمولیت پر زور دیا گیا ہے.

    ان تجاویز میں موجود دیگر متنازع تجاویز کے ساتھ ساتھ برقعے اور نقاب پر عارضی پابندی کا مطالبہ بھی شامل ہے.

    *سوئٹزرلینڈ میں عوامی مقامات پر مسلمان خواتین کے نقاب کرنے پر پابندی

    جرمن وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم مکمل برقعے کو مسترد کرتے ہیں،نہ صرف برقعے کو بلکہ کسی بھی قسم کے پردے کو جس میں صرف آپ کی آنکھیں نظر آتی ہوں.

    انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی حکومتی اداروں میں کام کرنا چاہتا ہے وہ برقعے میں کام نہیں کر سکتا.

    واضح رہے کہ جرمنی میں برقع پہننے والی خواتین کے کوئی سرکاری اعداد و شمار موجود نہیں ہیں لیکن جرمنی میں مسلمانوں کی مرکزی کونسل کے سربراہ ایمن میزئیک نے کہا ہے کہ خواتین عام طور پر برقع نہیں پہنتیں.

  • کراچی: ماحول دشمن درخت ’کونو کارپس‘ کی خرید و فروخت پر پابندی عائد

    کراچی: ماحول دشمن درخت ’کونو کارپس‘ کی خرید و فروخت پر پابندی عائد

    کراچی: کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے شہر میں ماحول دشمن درخت ’کونو کارپس‘ کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی۔ انہوں نے شہر کو سرسبز بنانے کے لیے اگلے ہفتے سے شجر کاری کی نئی مہم کا آغاز کرنے کا اعلان بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر آفس کراچی میں شجر کاری سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کراچی، تمام اضلاع کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ضلعی میونسپل کارپوریشن ایڈمنسٹریٹرز، کنٹونمنٹ انتظامیہ، محکمہ جنگلات سندھ کی انتظامیہ اور کے الیکٹرک کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    مزید پڑھیں: تھر میں درخت کاٹنے پر پابندی عائد

    کمشنر کراچی اعجاز احمد خان نے کہا کہ شہر کو سرسبز بنانے کے لیے سرسبز کراچی مہم کے تحت آگاہی مہم چلائی جائے گی جس میں شہریوں کو آگاہی فراہم کی جائے گی کہ وہ ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار کیسے ادا کر سکتے ہیں۔ انہیں ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق اہم معلومات اور اقدامات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

    کمشنر کا کہنا تھا کہ اگلے ہفتے سے شہر کو سرسبز بنانے کے لیے شجر کاری کی نئی مہم شروع کی جائے گی جس کا آغاز مزار قائد سے ہوگا۔ اس مہم میں نیم، ببول، گل مہر، سائرس، لنگرا اور دیگر ماحول دوست درخت ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں لگائے جائیں گے۔

    مزید پڑھیں: جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے 2 ارب روپے کی منظوری

    انہوں نے ’کونو کارپس‘ درخت کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو اس پر عملدر آمد یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی۔

    واضح رہے کہ کونو کارپس کے درخت درختوں کی مقامی قسم نہیں ہے جس کے باعث یہ کراچی کے لیے مناسب نہیں۔ کونو کارپس کراچی میں پولن الرجی کا باعث بن رہے ہیں۔ یہ دوسرے درختوں کی افزائش پر بھی منفی اثر ڈالتے ہیں جبکہ پرندے بھی ان درختوں کو اپنی رہائش اور افزائش نسل کے لیے استعمال نہیں کرتے۔

    مزید پڑھیں: قومی پالیسی برائے جنگلات کا مسودہ تیار، منظوری کا منتظر

    معلومات کی عدم فراہمی کے باعث کراچی میں بڑے پیمانے پر یہ درخت لگائے جا چکے ہیں۔ صرف شاہراہ فیصل پر 300 کونو کارپس درخت موجود ہیں۔

    بعض ماہرین کے مطابق کونو کارپس بادلوں اور بارش کے سسٹم پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں جس کے باعث کراچی میں مون سون کے موسم پر منفی اثر پڑ رہا ہے۔