مٹھی: ڈپٹی کمشنر تھرپارکر ڈاکٹر شہزاد تھیم نے تھر میں درخت کاٹنے پر پابندی لگا دی۔
محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر نے درختوں کو زمین کا حسن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو اس حسن کو برباد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا ہے کہ تھر کے صحرا میں ان درختوں کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ یہ جانوروں کے چارے کا ذریعہ ہیں لہٰذا یہ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ درختوں کی حفاظت کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ایس ایس پی تھر کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ درختوں کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں اور ان افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں جو درختوں کی کٹائی میں ملوث پائے جائیں۔
افریقی ممالک گیمبیا اور تنزانیہ میں کم عمری کی شادی کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا۔ جرم کا ارتکاب کرنے والے افراد کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔
گیمبیا کے صدر یحییٰ جامع نے پابندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص 20 سال سے کم عمر لڑکی سے شادی کرتا ہوا پایا گیا اسے 20 سال کے لیے جیل بھیج دیا جائے گا۔
دوسری جانب تنزانیہ کی سپریم کورٹ نے تاریخی قانون کو نافذ کرتے ہوئے اسے 18 سال سے کم عمر لڑکے اور لڑکیوں دونوں کے لیے غیر قانونی قرار دیا۔
واضح رہے گیمبیا میں کم عمری کی شادیوں کا تناسب 30 جبکہ تنزانیہ میں 37 فیصد ہے۔ تنزانیہ میں اس سے قبل اگر والدین چاہتے تو وہ اپنی 14 سالہ بیٹی کی شادی کر سکتے تھے۔ لڑکوں کے لیے یہ عمر 18 سال تھی۔
گیمبیا کے صدر نے اس قانون کا اعلان عید الفطر کے موقع پر ہونے والی تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون شکنی میں جو والدین اور نکاح خواں ملوث ہوں گے انہیں بھی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے تنبیہہ کی کہ اگر کوئی اس قانون کو غیر سنجیدگی سے لے رہا ہے تو وہ کل ہی اس کو توڑ دے، اور پھر دیکھے کہ اس کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا ہے۔
گیمبیا کے صدر یحییٰ جامع
خواتین کے حقوق اور تعلیم کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اس قانون کا خیر مقدم کیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ مقامی کمیونٹیز کو آگاہی دی جائے تاکہ وہ اس فعل سے خود بچیں۔
ایسی ہی ایک تنظیم وومینز ایجنڈا کی کارکن استو جینگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’والدین کو سزائیں دینا مناسب قدم نہیں۔ یہ آگے چل کر بغاوت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے مقامی لوگوں کو اس کے بارے تعلیم و آگاہی دی جائے تاکہ وہ اپنی بیٹیوں کے بہتر مستقبل کے لیے یہ فیصلہ نہ کریں‘۔
گیمبیا کے صدر اس سے قبل بھی لڑکیوں کی ’جینیٹل میوٹیلیشن‘ کے عمل پر پابندی لگا چکے ہیں جس میں لڑکیوں کے جنسی اعضا کو مسخ کردیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس فعل کو اپنانے والوں کے لیے 3 سال سزا بھی مقرر کی تھی۔ انہوں نے اسے غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام میں اس کی کوئی گنجائش نہیں۔
بچوں کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی ذیلی شاخ یونیسف کے مطابق ہر سال دنیا بھر میں 15 ملین شادیاں ایسی ہوتی ہیں جن میں دلہن کی عمر 18 سال سے کم ہوتی ہے۔ ترقی پذیر ممالک میں ہر 3 میں سے 1 لڑکی کی جبراً کم عمری میں شادی کر جاتی ہے۔
کراچی : بارشوں کے باعث سمندر میں طغیانی کے خطرے کے پیش نظر وزارتِ داخلہ سندھ نےساحلِ سمندرپر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے 30 روز تک نہانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون بارشوں کے بعد سمندر میں طغیانی کے خطرے کو پیش نظر رکھتے ہوئے وزارتِ داخلہ سندھ کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے، جس میں شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سمندر میں طغیانی کے باعث قیمتی جانی ضائع ہونے کا خطرہ ہے، اعلامیہ میں شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
وزارتِ داخلہ سندھ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے تمام تھانوں میں نوٹیفکشن جاری کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کے مختلف تھانوں سے نفری کو ساحل سمندر پر تعینات کردیا گیا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹنے اور موسم خوش گوار ہونے کے بعد مقامی اور دیگر شہروں سے آئے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمند ر کا رخ کیا ۔
دوسری جانب گزشتہ روز ہونے والی بارش کے بعد اہم شاہراوں پر تاحال پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی ، پانچوں ڈسٹرکٹس ( سینٹرل، کورنگی ملیر، ایسٹ، ساؤتھ، ویسٹ) میں عملہ اور افسران غیر حاضر ہیں۔
بارش کے بعد محکمہ بلدیات سمیت پانچوں ڈی ایم سیز کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے، کسی بھی ڈسٹرکٹ میں رین ایمرجنسی سینٹر قائم نہیں کیا گیا جبکہ شہر کے کئی علاقوں میں بارش کے بعد سے اب تک بجلی معطل ہے۔
کراچی: پیمرا نے جیو انٹرٹینمنٹ پر ڈاکٹر عامر لیاقت کے پروگرام ’’انعام گھر‘‘پر تین روز کے لیے پابندی عائد کردی، ساتھ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر آن ایئر معذرت کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جیو انٹرٹینمنٹ پر ڈاکٹرعامر لیاقت کے پروگرام انعام گھر پر یہ پابندی خودکشی کے مناظر دکھانے پر لگائی گئی، اس ضمن میں پیمرا نے چینل سے 21جون تک جواب طلب کیاتھا۔ پیمرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پروگرام پر تین روز تک کے لیے پابندی عائد کردی گئی جس کا اطلاق منگل سے جمعرات تک ہوگا۔
پیمرا شکایات کونسل سندھ نے پروگرام پر پابندی لگانے کا اعلان کیا پیمرا کے نوٹی فکیشن کے مطابق 6 جون کو جیو انٹرٹینمنٹ کے اس پروگرام میں ایک لڑکی کی پنکھے سے لٹک کر خودکشی کے مناظر دکھانے اور ایک مہمان کے محض جیتنے کی لالچ میں گالی نکالنے جو کہ براہ راست نشر ہوئی جبکہ 25 جون کو ایک خاتون کالر کی نامناسب گفتگو آن ائیر جانے کے مناظر کو کونسل نے دیکھا،اسی طرح ایک کونسل ممبر نے میزبان کی کھمبے کے ساتھ لپٹ کر گانا سننے کی تفصیلات بھی دیگر ممبران کے ساتھ شیئر کیں۔
جیو انٹرٹینمنٹ نے پروگرام کے خلاف موصول سیکڑوں شکایات پر تفصیلی جواب کے لیے 15 دن کا وقت مانگا تھا جس پر عید کی چھٹیوں کے بعد جواب دائر کرنے کی ہدایت دیگئی تاہم ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزی پر پیمرا نے انعام گھر پر 28 سے 30 جون تک پابندی عائد کردی ہے جبکہ چینل کو آن ائیر معذرت نشر کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
ریاض: سعودی عرب میں 18سال سے کم عمر افراد کو سگریٹ فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں سگریٹ نوشی کی ممانعت پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور پبلک ٹرانسپورٹ ، ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں پر سگریٹ پینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔
اس کے علاوہ دفاتر ، تعلیمی اداروں ، کارخانوں اور عوامی مقامات پر بھی سگریٹ نوشی کو ممنوع قرار دیدیا گیا ہے ۔
حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں 18سال سے کم عمر افراد کو سگریٹ فروخت کرنے پر بھی پابندی ہو گی اور ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر اداروں کو 20ہزار ریال تک جرمانے کیا جائے گا۔
سنگاپور میں اگلے سال سے سرکاری ملازمین کے دفتر کے کمپیوٹروں سے انٹر نیٹ کو کھولنے پر پابندی لگا دی جائے گی۔
ایک سرکاری اخبار کے مطابق یہ اقدام انٹرٹیٹ کی سکیورٹی کے بارے میں بڑھتے ہوئے خطرات اور ای میلز کے ذریعے سرکاری دستاویزات کے لیک ہو جانے کے امکان کو ختم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین پر اپنی سرکاری ذمہ داریوں سے متعلق کسی معلومات کا ذکر اپنی ذاتی ای میلز میں کرنے پر بھی پابندی ہو گی۔
اس پابندی کا اطلاق مئی 2017 سے ہوجائے گا جس کا مقصد دفتری ای میل اکاﺅنٹس سے لاحق ہونے والے آن لائن سیکیورٹی خطرات کی روک تھام کرنا ہے، اس فیصلے سے ایک لاکھ دفتری کمپیوٹرز آف لائن چلے جائیں گے۔
خیال رہے کہ سنگاپور سخت قوانین کے نفاذ کے حوالے سے شہرت رکھتا ہے تاہم یہ پہلی بار ہے کہ تمام سرکاری محکموں میں انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ نے لائسنس کے بغیر سگریٹ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ، اب صرف وہی دکاندار سگریٹ فروخت کر سکے گا جس کے پاس لائسنس ہوگا نہیں تو جیل جائے گا ۔
اسلام آباد کو سموکنگ فری زون بنانے کا فیصلہ ، لائسنس کے بغیر سگریٹ فروخت کرنے پر پابندی عائد ، خلاف ورزی پر 50 ہزار جرمانہ تین روز قید کی سزا ۔
انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد شہر میں 1700 سے زائد دکانداروں کو لائسنس جاری کیے جائیں گے جبکہ اب تک 50 دکاندار لائسنسس حاصل کر چکے ہیں ۔ دکانداروں کے لیے لائسنس فیس بھی دوگنا سے زیادہ کردی گئی ۔
انتظامیہ کے مطابق شہر میں امپورٹڈ سگریٹ کی فروخت پر مکمل پابندی ہوگی لیکن تاجر اس فیصلے کے بھی مخالف ہیں ، دوسری جانب انتظامیہ نے لائسنس کے بغیر سگریٹ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔
سری نگر: جموں و کشمیر کی عدالت نے ریاست میں گائے اور بھینس کو ذبح کرنے پر پابندی عائد کردی ہے، تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر زمین مزید تنگ کر دی گئی۔
یہ فیصلہ ڈویژنل بنچ میں شامل جسٹس ڈھیرج لعل سنگھ ٹھاکر اور جسٹس جانک راج کوتوال نے ایڈووکیٹ پری موکش سیٹھ کی جانب سے گائے کے گوشت کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کیلئے دائر درخواست پر سنایا۔
عدالت نے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام پولیس افسران خاص طور پر ضلعی افسران (ڈی ایس پیز) اور اسٹیشن ہاؤس افسران (ایس ایچ اوز) کو اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد کا حکم جاری کریں۔
ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں بتایاکہ خلاف ورزی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، دوسری جانب کٹھ پتلی حکومت نے ممکنہ مظاہروں کو روکنے کے لئے میرواعظ عمر فاروق کو نظر بند کر دیا۔
ادھر حریت رہنما آسیہ اندرابی نے حکم ہوا میں اڑاتے ہوئے اپنی رہائش گاہ پر گائے ذبح کرائی۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوان گائے کے گوشت پر پابندی کیخلاف پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے سڑکو ں پر نکل آئے۔
کشمیریوں نے بھارتی کٹھ پتلی سرکار کی جانب سے گائے کے ذبح اور گوشت پر پابندی کو مسترد کر دیا۔
ڈھاکہ: پاکستان ٹیم نے فاسٹ بولر وھاب ریاض کے بغیر پریکٹس کی، سعید اجمل کا کہنا ہے کہ انہیں پلان کے مطابق ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
پاکستان ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ سے قبل میر پور اسٹیڈیم میں پریکٹس کی، فاسٹ بولر وھاب ریاض نے آرام کیا اور ٹیم مینجمینٹ کے مطابق وھاب کل پریکٹس کریں گے جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں بھی آف اسپنر سعید اجمل کو شامل نہیں کیا جائیگا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید اجمل کا کہنا تھا کہ انکو نہ کھلانا پلان کے مطابق ہے اور اس پر انہیں کوئی غم نہیں ہے، وہ کوچ اور کپتان کی حکمت عملی سے مطمئن ہیں۔
سعید اجمل نے کہا کہ بولنگ ایکشن کی وجہ سے معطلی انکے لئے ٹارچر تھا لیکن انہیں کلیئر ہونے کے بعد بھی معلوم تھا کہ ابھی انکی مشکلات ختم نہیں ہوئیں۔
سعید اجمل کے مطابق چونکہ وہ سائیڈ آن ایکشن سے بولنگ کر رھے ہیں اسلئے ابھی انہیں بھرپور فارم میں آنے میں وقت لگے گا۔