Tag: پابندی

  • دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی عائد

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی، فیصلے کا اطلاق آج شام سے یکم جنوری 2023 تک ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ نے شہر قائد میں دفعہ 144 نافذ اور ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔

    محکمہ داخلہ نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلے کا اطلاق آج شام سے یکم جنوری 2023 تک ہوگا، اس دوران اسلحے کی نمائش اور آتش بازی پر پابندی ہوگی۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ نئے سال کی آمد پر کچھ لوگ ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کرتے ہیں۔

    محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ ڈبل سواری پر پابندی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی درخواست پر عائد کی گئی ہے۔

  • پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم

    پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم

    لاہور: صوبہ پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کردی گئی، فیصلہ توانائی بحران کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کی پابندی ختم کردی۔

    مذکورہ فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی تاجر رہنماؤں سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ مارکیٹیں اتوار کے روز بھی کھلیں گی۔

    خیال رہے کہ پنجاب میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ توانائی بحران کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

    گزشتہ ماہ پنجاب بھر میں بازار جلد کھولنے اور رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ تاجروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔

  • روس کی سابق برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سمیت متعدد برطانوی شہریوں پر پابندی

    روس کی سابق برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سمیت متعدد برطانوی شہریوں پر پابندی

    ماسکو: روس نے سابق برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سمیت 39 برطانوی شہریوں کا ملک میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا، مذکورہ افراد میں سیاست دان، صحافی اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روس نے برطانیہ کے سابق وزرائے اعظم میں سے ڈیوڈ کیمرون سمیت 39 برطانوی شہریوں کا ملک میں داخلہ ممنوع قرار دے دیا ہے۔

    روسی وزارت خارجہ کے جاری کردہ تحریری بیان میں برطانیہ کی طرف سے روسی سیاسی، اقتصادی اور میڈیا نمائندوں پر پابندیوں کے اطلاق کی یاد دہانی کروائی گئی۔

    بیان میں کہا گیا کہ اس کے جواب میں برطانیہ کے بعض سیاست دانوں، کاروباری شخصیات اور صحافیوں سمیت 39 شہریوں کو پابندیوں کی فہرست میں داخل کر دیا گیا ہے، مذکورہ اشخاص کے روس میں داخلے کو بھی ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔

    بیان میں پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے گئے افراد کے نام بھی شائع کیے گئے ہیں جس میں برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کا نام بھی شامل ہے۔

  • پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیاں خاتمے کے قریب

    پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیاں خاتمے کے قریب

    برسلز: یورپی یونین نے اگلے 13 سال میں پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیوں کو ختم کر کے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی منظوری دے دی۔

    بین الاقوامی ویب سائت کے مطابق یورپی یونین نے ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کی فروخت سنہ 2035 تک مکمل طور پر ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے، یہ اعلان 27 رکنی بلاک نے بدھ کو کیا جس کا مقصد آلودگی کے خطرات کو کم کرنا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ تجویز جولائی 2021 میں سامنے آئی تھی، جس کی منظوری دی گئی ہے۔ یورپی یونین کے فیصلے کے بعد پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی تمام گاڑیوں کو الیکٹرک انجن پر شفٹ کیا جائے گا۔

    اس اقدام کا مقصد ماحولیات کے تحفظ سے متعلق طے کیے گئے اہداف کو حاصل کرنا ہے جس میں 2050 تک کاربن کے اخراج کو صفر کرنا ہے۔

    جرمنی اور اٹلی سمیت بلاک میں شامل دیگر ممالک کی درخواست پر تمام 27 ممالک نے اتفاق کیا کہ مستقبل میں آلودگی کے مسائل سے بچنے کے لیے متبادل ٹیکنالوجیز کی طرف بڑھنا چاہیئے، جیسا کہ ہائبرڈ یا بجلی سے چلنے والی گاڑیاں جن کی مدد سے فضا کو آلودہ بنانے والی گیسز کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

    اجلاس میں گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کو بھی 5 سال کے لیے اس پابندی سے چھوٹ کی منظوری دی گئی ہے، اس میں وہ کمپنیاں بھی شامل ہیں جو 2035 کے آخر تک سالانہ 10 ہزار سے کم گاڑیاں بنا رہی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اس شق کو فراری ترمیم کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے کیونکہ اس سے پرتعیش برانڈز کو فائدہ ہوگا، ان اقدامات پر اب یورپی پارلیمنٹ کے ارکان کے ساتھ بھی صلاح مشورہ کیا جائے گا۔

    اجلاس کی صدارت کرنے والی فرانس کی وزیر برائے ماحولیات ایگنس پینیر رنیچر کا کہنا ہے کہ یہ ہماری آٹو موٹیو انڈسٹری کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین اور امریکا کے ساتھ مسابقت کے لیے یہ ایک بہت بڑی ضرورت ہے جن کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کے لیے بہت بڑے اقدامات کیے گئے ہیں۔

  • چین میں کرپٹو کے خلاف سخت کریک ڈاؤن

    چین میں کرپٹو کے خلاف سخت کریک ڈاؤن

    چین کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن وی چیٹ نے اپنے پلیٹ فارم پر نان فنجیبل ٹوکنز (این ایف ٹی) اور کرپٹو خدمات پرسخت پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    چینی حکومت کی جانب سے کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی آگئی ہے اور اسی تناظر میں وی چیٹ نے بھی اپنے پلیٹ فارم پر کرپٹوسے متعلق اکاؤنٹس بند کردیے ہیں۔

    وی چیٹ کی ڈیویلپر کمپنی ٹینسیٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم نے اپنے پلیٹ فارمز پر کرپٹو کے اجرا، تجارت، اس میں سرمایہ کاری اوراین ایف ٹی کو غیر قانونی کاروبار قرار دے دیا ہے، اس حوالے سے اپنے ضابطہ اخلاق کے سیکشن 3.24 میں اسے غیر قانونی کاروبار کے زمرے میں شامل کردیا ہے۔

    اگر کوئی اکاؤنٹ کرپٹو کی لین دین، اس کے اجرا اور سرمایہ کاری میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہوگی، اور ہو سکتا ہے کہ اس اکاؤنٹ کو مستقل طور پر بین کردیا جائے۔

    واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے آخر میں وی چیٹ کے ڈیولپرز ٹینسینٹ نے حکومتی پالیسیوں کومد نظر رکھتے ہوئے مذکورہ ایپ پر کرپٹو اور این ایف ٹی کے پبلک اکاؤنٹس سے منسلک تمام لنکس کو بلاک کردیا تھا، جس کا مقصد پرانے اور رسکی نان فنجیبل ٹوکنز کی خرید و فروخت کا سدباب کرنا تھا۔

    وی چیٹ نے جن این ایف ٹی ٹریڈنگ پلیٹ فارمز تک رسائی پر پابندی عائد کی، ان میں آئی باکس، آرٹ میٹا، ون میٹا اور دیگر بڑے نام شامل تھے۔

    یاد رہے کہ چینی قوانین کے تحت کرپٹو کرنسی کی تجارت اور مائننگ پر سخت پابندی عائد ہے، تاہم این ایف ٹی کو حاصل قانونی حیثیت کے بارے میں ابہام موجود ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات: بھارتی گندم کی برآمد پر پابندی

    متحدہ عرب امارات: بھارتی گندم کی برآمد پر پابندی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے بھارتی گندم کی ایکسپورٹ پر 4 ماہ کے لیے پابندی عائد کردی، پہلے سے موجود گندم ایکسپورٹ کرنے کے لیے تمام دستاویزات پیش کرنے ہوں گے۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت اقتصاد نے 4 ماہ کے لیے بھارت گندم کی ایکسپورٹ معطل کرنے کا فیصلہ جاری کیا ہے۔

    اماراتی وزارت اقتصاد نے کہا ہے کہ بھارتی گندم اور آٹے کی ایکسپورٹ اور ری ایکسپورٹ 4 ماہ کے لیے بند کی جارہی ہے، فیصلہ ہرطرح کی گندم پر لاگو ہوگا۔ آٹے کی ایکسپورٹ اور ری ایکسپورٹ دونوں پر بندش ہوگی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ جن کمپنیوں نے 13 مئی 2022 سے قبل بھارتی گندم درآمد کی ہے اور اب اسے ایکسپورٹ یا ری ایکسپورٹ کرنا چاہتی ہے، اس کے لیے اجازت طلب کرسکتی ہیں تاہم انہیں تمام دستاویزی ثبوت پیش کرنا ہوں گے۔

    بھارتی گندم کی مصنوعات اور آٹا ایکسپورٹ یا ری ایکسپورٹ کرنے کے لیے بھی باقاعدہ اجازت حاصل کرنا اور تمام دستاویزی ثبوت پیش کرنا ہوں گے۔

    اجازت نامہ اجرا کی تاریخ سے 30 روز کے لیے مؤثر ہوگا، درخواست وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر دی جائے گی اور براہ راست بھی پیش کی جا سکتی ہے۔

    وزارت کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ کاروباری سرگرمیوں پر اثر انداز عالمی تبدیلیوں کو مدنظر رکھ کر کیا جارہا ہے۔

  • امارات میں مزدوروں سے دھوپ میں کام لینے پر پابندی عائد

    امارات میں مزدوروں سے دھوپ میں کام لینے پر پابندی عائد

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ دوپہر کے اوقات میں مزدوروں کے دھوپ میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ 15 جون سے 15 ستمبر 2022 تک دوپہر ساڑھے بارہ بجے سے سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں کسی بھی کارکن سے ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی، اس پر پابندی ہے۔

    وزارت کے ڈپٹی سیکریٹری محسن النسی کا کہنا تھا کہ امارات میں دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی پر پابندی کا سلسلہ 17 برس پہلے شروع کیا گیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پابندی انسانی بنیادوں پر ہے، موسم گرما میں سخت درجہ حرارت کے باعث کارکنان کے لیے کھلے مقاامات پر دھوپ میں کام کرنا بے حد مشکل ہوتا ہے۔

    ڈپٹی سیکریٹری کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں دوپہر کے وقت کھلے مقامات پر ڈیوٹی پر پابندی امارات میں لیبر مارکیٹ کی انفرادیت بن چکی ہے، برسوں سے اس پابندی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔

    وزارت افرادی قوت کا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی شخص کے مشاہدے میں اس پابندی کی خلاف ورزی آئے تو اس کی رپورٹ کروائی جا سکتی ہے۔

  • روس نے 287 برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی

    روس نے 287 برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی

    ماسکو: روس نے برطانیہ کے 287 ارکان پارلیمنٹ کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے، روس کا کہنا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے عائد پابندیوں کا جواب اسی زبان میں دیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق روس نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کو اسی زبان میں پابندیوں کا جواب دیں گے۔

    روسی وزارت خارجہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق برطانوی حکومت کی طرف سے 11 مارچ کو روسی پارلیمان کے 386 ارکان پر پابندی عائد کیے جانے کے ردعمل میں 287 برطانوی ارکان پارلیمان پر جوابی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    روس نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ پر غیر ضروری روس مخالف جذبات کو بھڑکانے کا الزام بھی لگایا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل یوکرین میں تنازعے پر سوئیڈن کی جانب سے 3 روسی سفارت کاروں کو نکالے جانے کے بعد روسی حکام نے سوئیڈن کے 3 سفارت کاروں کو بھی ملک سے نکلنے کا حکم دیا ہے۔

    روس کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ماسکو میں سوئیڈن کے سفیر کو طلب کیا گیا اورسوئیڈن کے ذریعے روسی سفارت کاروں کو ملک بدر کرنے کے اقدام کے خلاف سخت احتجاج درج کروایا گیا۔

    خیال رہے کہ یوکرین کے خلاف روس کے فوجی آپریشن میں امریکا اور یورپی ممالک کی مداخلت کے بعد حالات سنگین ہوگئے ہیں اور روس نے واضح کیا کہ اگر مداخلتوں کا سلسلہ جاری رہا تو آگ کے شعلے بہت دور تک جا سکتے ہیں۔

  • آسکر ایوارڈز میں تھپڑ کی گونج: ول اسمتھ پر 10 سال کی پابندی عائد

    آسکر ایوارڈز میں تھپڑ کی گونج: ول اسمتھ پر 10 سال کی پابندی عائد

    آسکر ایوارڈز 2022 کی تقریب میں میزبان کرس راک کو تھپڑ مارنے کے بعد ہالی وڈ اداکار ول اسمتھ پر آسکر تقاریب میں شرکت کرنے پر 10 سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق یہ اقدام اکیڈمی کے بورڈ ممبران کی 8 اپریل کو ایک میٹنگ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں یہ طے کیا گیا کہ 27 مارچ کے آسکر کی تقریب میں پیش آئے واقعے کے تناظر میں اداکار کے خلاف کارروائی کی جائے۔

    اکیڈمی ایوارڈز کے حکام کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ہمارے لیے دنیا بھر میں اپنے مہمانوں، ناظرین اور اپنی اکیڈمی فیملی کے لیے مثال قائم کرنے کا ایک موقع تھا تاکہ آئندہ کوئی ایسی حرکت نہ کر سکے۔

    بیان میں کہا گیا کہ وِل اسمتھ کے رویے کے جواب میں ہم آج یہ کارروائی کر رہے ہیں جو ہمارے فنکاروں اور مہمانوں کی حفاظت کے ایک بڑے مقصد کی طرف ایک قدم ہے۔

    دوسری جانب وِل اسمتھ کا کہنا ہے کہ میں اکیڈمی کے فیصلے کو قبول کرتا ہوں اور اس کا احترام کرتا ہوں۔

    خیال رہے کہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کے دوران اداکار کرس راک ایوارڈ دینے اسٹیج پر آئے تھے اور اس دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے ول اسمتھ کی بیوی جاڈا پنکٹ اسمتھ کے سر کے بال جھڑ جانے پر مذاق اڑایا تھا۔

    کرس کے مذاق پر اسمتھ اسٹیج پر آئے اورکرس راک کے منہ پر زور دار مکا مارا تھا۔

    بعد ازاں انہوں نے اس عمل کی معافی بھی مانگی تھی جبکہ کرس راک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ کسی کی بیماری کو مذاق کا نشانہ بنا رہے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد پولیس بھی وہاں پہنچ گئی تھی لیکن کرس راک نے انہیں کسی قسم کی کارروائی کرنے یا ول اسمتھ کو گرفتار کرنے سے روک دیا تھا۔

  • مسلم مخالف مناظر دکھانے پر کویت میں بھارتی فلم پر پابندی عائد

    مسلم مخالف مناظر دکھانے پر کویت میں بھارتی فلم پر پابندی عائد

    کویت سٹی: کویت نے پاکستان اور مسلم مخالف مناظر دکھانے پر نئی بھارتی فلم پر پابندی عائد کردی، فلم کو 13 اپریل کو دنیا بھر میں ریلیز کیا جانا تھا۔

    انڈین ایکسپرییس کے مطابق کویت نے تھلاپتھی وجے چندر شیکھر المعروف وجے کی آنے والی میگا بجٹ ایکشن تامل فلم ’بیسٹ‘ پر پابندی عائد کردی ہے۔

    رپورٹ میں فلمی تجزیہ نگار کی ٹویٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تامل فلم پر کویت کی وزارت اطلاعات نے پاکستان اور مسلم مخالف مناظر دکھانے پر پابندی عائد کی۔

    فلم کو رواں ماہ 13 اپریل کو بھارت سمیت خلیجی ممالک اور دنیا کے دیگر ممالک میں ریلیز کیا جانا تھا۔

    فلم میں مسلمانوں کو دہشت گردوں کے طور پر دکھایا گیا ہے اور بعض دہشت گردوں کا تعلق مبینہ طور پر پاکستان سے بھی دکھایا گیا ہے۔

    تامل فلموں میں مسلسل مسلمانوں کو منفی اور دہشت گرد کرداروں میں دکھائے جانے پر جہاں کویت نے بیسٹ فلم پر پابندی عائد کردی، وہیں تامل ناڈو کی مسلمان سیاسی جماعت نے بھی فلم پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

    تامل ناڈو مسلم لیگ پارٹی کے رہنما نے وجے کی فلم میں مسلمانوں کو دہشت گرد دکھانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریاست بھر میں اس کی نمائش پر پابندی کا مطالبہ کیا۔

    سیاسی رہنما کا کہنا تھا کہ تامل فلموں میں کافی عرصے سے مسلمانوں کو انتہا پسند اور دہشت گرد کرداروں میں دکھایا جا رہا ہے جبکہ فلموں میں مسلمانوں کی ذات اور ان کے مشہور ناموں کو بھی نشانہ بنا کر شامل کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تامل فلموں میں تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مسلمان شدت پسند ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے تامل ناڈو سمیت ملک بھر کے مسلمان خوف اور پریشانی کا شکار ہیں۔