Tag: پابندی

  • امارات میں ڈرون اڑانے پر مشروط پابندی

    امارات میں ڈرون اڑانے پر مشروط پابندی

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے بغیر لائسنس ڈرون اڑانے پر 22 جنوری سے ایک ماہ تک کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ پابندی کا مقصد لوگوں کی جان اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اماراتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام اقسام کے ڈرونز اور مختلف انواع کے ہلکے اسپورٹس طیارے اڑانے کے شوقین افراد کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ اتھارٹی سے لائسنس حاصل کریں۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن کے قوانین کے تحت امارات میں فضائی اسپورٹس کی سرگرمیوں پر 22 جنوری 2022 سے ایک ماہ تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    ایسے افراد جو ڈرونز، گلائڈنگ اور ونڈ سرفنگ کھیل کے شوقین ہیں اور اپنا شوق جاری رکھنا چاہتے ہیں، انہیں اس کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ڈرونز اور ہلکے جہازوں سے متعلق بعض خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں، ڈرونز کو ممنوعہ مقامات پر استعمال نہیں کیا جا سکتا، پابندی عائد کرنے کا مقصد لوگوں کی جان اور املاک کی حفاظت و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

    ایسے ادارے جو تجارتی اشتہارات یا دیگر مقاصد کے لیے ڈرونز استعمال کرتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ متعلقہ سرکاری ادارے سے رجوع کر کے باقاعدہ لائسنس حاصل کریں۔

    وزارت داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ وہ افراد جو ڈرون اڑانے کے شوقین ہیں، وہ مقررہ پابندی پر عمل کریں، لائسنس حاصل کیے بغیر ڈرون اڑانا خلاف قانون عمل شمار کیا جائے گا اور خلاف ورزی پر انہیں قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • سوڈان میں مظاہرے: انٹرنیٹ پر پابندی عائد

    سوڈان میں مظاہرے: انٹرنیٹ پر پابندی عائد

    خرطوم: سوڈان میں فوجی بغاوت کے خلاف بڑے پیمانے پر ہونے والے مظاہروں سے قبل انٹرنیٹ پر پابندی لگا دی گئی ہے، ملک میں 25 اکتوبر کے بعد سے مظاہرے جاری ہیں۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسزکی جانب سے دارالحکومت خرطوم اور شہر کو مضافاتی علاقوں سے ملانے والے اہم پلوں اور راستوں کو بند کر دیا گیا تھا۔ اس موقع پر خرطوم کے گورنر نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ قانون توڑنے اور افراتفری پھیلانے والوں سے سیکیورٹی فورسز کے ذریعے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    25 اکتوبر کے بعد پیدا ہونے والے حالات کے تناظر میں بڑے پیمانے پر عوام فوج مخالف مظاہروں کو منظم کرنے کے لیے انٹرنیٹ کا استعمال کررہے تھے، مزید یہ کہ ہفتے کے روز ہونے والے مظاہروں کے لیے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے مظاہروں کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی تھی۔

    یاد رہے کہ سوڈان کی فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتاح البرہان نے سویلین رہنما وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کو ان کے گھر میں نظر بند رکھا جس کے بعد ملک بھر میں مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا تاہم 21 نومبر کو وزیر اعظم کو دوبارہ بحال کر دیا گیا۔

    اس اقدام کو عبداللہ حمدوک کے بہت سے جمہوریت پسند حامیوں کو ان سے الگ کرتے ہوئے اسے فوجی جنرل کی بغاوت کے لیے جواز فراہم کرنے کے طور پر مسترد کر دیا ہے۔

    مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ فوج کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں جبکہ مظاہروں میں فوجیوں کو دوبارہ اپنی بیرکوں میں واپس جانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔

    خرطوم کے گورنر نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ سرکاری عمارتوں کے قریب جانا یا عمارتوں کو کسی قسم کا نقصان پہنچانا قابل سزا جرم ہے اور ایسے افراد سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

    سوڈان میں موجود ڈاکٹروں کی جانب سے بنائی گئی ایک کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فوج کے قبضے کے بعد سے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے براہ راست گولیاں برسانے اور آنسو گیس کے شیل پھینکنے کے باعث کم از کم 48 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

  • روس: ماحول کے لیے نقصان دہ پیکجنگ پر پابندی پر غور

    روس: ماحول کے لیے نقصان دہ پیکجنگ پر پابندی پر غور

    ماسکو: روس میں ٹھوس مواد سے بنی پیکجنگ پر پابندی عائد کرنے پر غور کیا جارہا ہے جو ری سائیکل نہیں ہوسکتی اور ماحولیات کے لیے سخت نقصان دہ ہے۔

    روسی میڈیا کے مطابق روس کی حکمران سیاسی پارٹی متحدہ روس کے چیئرمین اور روس کی سلامتی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین دمتری میدویدف کا خیال ہے کہ ٹھوس مواد سے بنی پیکجنگ جو ری سائیکل نہ ہوسکے اس پر آہستہ آہستہ پابندی عائد کرنا ضروری ہے۔

    میدویدف نے ہفتے کے روز ماحولیاتی امور سے متعلق پارٹی کے ایک اسٹریٹجک پارٹی اجلاس میں کہا کہ پوری دنیا اس سمت بڑھ رہی ہے کہ وہ ٹھوس مواد سے بنی پیکجنگ پر آہستہ آہستہ پابندی عائد کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اس مرحلے پر بروقت ضروری اقدامات کرنے چاہئیں اور ایسی پیکجنگ کو مرحلہ وار ختم کرنا چاہیئے۔

  • نیوزی لینڈ نے بھارت پر سفری پابندی عائد کردی

    نیوزی لینڈ نے بھارت پر سفری پابندی عائد کردی

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے بھارت سے آنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی، نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کے کیسز دوبارہ رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر مریض بھارت سے آئے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث نیوزی لینڈ نے بذریعہ بھارت نیوزی لینڈ آنے والے افراد اور بھارتی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    پابندی کا اعلان نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسینڈا آرڈرن نے آکلینڈ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، نیوزی لینڈ کی جانب سے بھارت سے آنے والوں پر پابندی 11 سے 28 اپریل تک عائد رہے گی۔

    نیوزی لینڈ نے یہ پابندی ملکی سرحد پر کرونا وائرس کے 23 مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد لگائی جن میں سے 17 بھارت سے آنے والے افراد تھے۔

    دوسری جانب بھارت میں کرونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوچکا ہے، بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے 1 لاکھ 26 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔

    بھارت میں اب تک کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 1 کروڑ 29 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 1 لاکھ 66 ہزار مریض موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔ ملک میں کووڈ 19 کے فعال کیسز کی تعداد 9 لاکھ 10 ہزار سے زائد ہے۔

  • ٹیکنالوجی کاروبار کو عدالتی فیصلوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے: فواد چوہدری

    ٹیکنالوجی کاروبار کو عدالتی فیصلوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری ٹیکنالوجی کاروبار کو عدالتی فیصلوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے، ہمارے ججز ٹیکنالوجی بزنس سے آگاہ نہیں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ٹیکنالوجی کاروبار کو عدالتی فیصلوں نے بہت نقصان پہنچایا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک پر پابندی کے حوالے سے چیف جسٹس کو خط لکھوں گا، یہ جاننا ضروری ہے کہ پابندیوں سے کتنا نقصان پہنچ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے ججز ٹیکنالوجی بزنس سے آگاہ نہیں ہیں، سپریم کورٹ سے ایم او یو بھی سائن کرنا چاہیں گے۔ انٹرنیٹ مواد کو روکنا مستقبل میں ممکن نہیں رہے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اخلاقی تربیت کا کام گھروں اور والدین کا ہے، اخلاقیات کی بنیاد پر عدالت کو فیصلے نہیں کرنے چاہئیں۔ پابندیاں لگانا بہت ہی پیچیدہ معاملہ ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹک ٹاک پر جو ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی ہیں وہ ہمارے معاشرے کو قبول نہیں، ٹک ٹاک ویڈیوز سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے۔

    پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے حکم کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی تمام انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ٹک ٹاک سروس کو بند کر دیں۔

  • ایک اور یورپی ملک میں حجاب پر پابندی کا قانون منسوخ

    ایک اور یورپی ملک میں حجاب پر پابندی کا قانون منسوخ

    یورپی ملک آسٹریا کی آئینی عدالت نے ملک میں حجاب پر پابندی کے قانون کو منسوخ کردیا ہے۔ یہ قانون گزشتہ برس نافذ کیا گیا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جمعے کی رات ایک اجلاس کے دوران اس بات کا اعلان کیا گیا کہ پرائمری اسکولوں ميں اسکارف پہنے پر پابندی کا قانون آئين کے منافی ہے لہٰذا آئینی عدالت نے اسے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسکولوں میں اسکارف اور حجاب پر پابندی کا قانون گزشتہ سال کے موسم خزاں میں جاری کیا گیا تھا۔

    اب آسٹریا کی آئینی عدالت کے حکم پر آسٹریا کے چانسلر بغیر کسی تاخیر کے سابقہ قانون کو منسوخ کیے جانے کے پابند ہیں۔

    آسٹریا میں اسلام دشمنی میں پیش پیش انتہا پسند عناصر ابتدائی طور پر پرائمری اسکولوں میں حجاب پر پابندی کے قانون کے ذریعے بتدریج ہائی اسکولز، کالجوں اور پھر یونیورسٹی کی سطح پر اس طرح کی پابندیاں لگانے کا ارادہ رکھتے تھے۔

    تاہم اب آسٹریا میں مقیم مسلم کمیونٹی کے اعتراض اور تگ و دو کے نتیجے میں آئینی عدالت نے اس قانون کو آئين کے منافی اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی منسوخی کے احکامات صادر کر دیے ہیں۔

    اس قانون کی منسوخی کے بعد پرائمری اسکول کی مسلم طالبات کو اب اسکولز ميں آ کر اپنا اسکارف اتارنے کی ضرورت نہيں رہے گی۔

  • کراچی سمیت سندھ بھر میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد

    کراچی سمیت سندھ بھر میں 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد

    کراچی: سندھ حکومت نے 9 اور 10محرم الحرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور امن وامان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرمنل پروسیجر کوڈ کی دفعہ 144 کے تحت یہ پابندی لگائی گئی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کی جلوس، مجالس اور تعزیے کے علاوہ 5 افراد یا اس سے زائد کے ایک ساتھ اکٹھے ہونے پر پابندی لگائی گئی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ قابل اعتراض یا اشتعال انگیز وال چاکنگ، پوسٹرز، بینرز وغیرہ بھی لگانا ممنوع ہے۔

    محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ حکام کی اجازت کے بغیر نئے جلوس اور مجالس کے اہتمام پر پابندی ہوگی۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر اسلحہ لے کر چلنے کی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔صحافی، بزرگ،خواتین، بچے ڈبل سواری پر پابندی سے مسثتنیٰ ہوگا۔

  • امریکا کا ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع کیلئے قرارداد پیش کرنے کا اعلان

    امریکا کا ایران پر عائد پابندیوں میں توسیع کیلئے قرارداد پیش کرنے کا اعلان

    واشنگٹن : امریکی سیکریٹری خارجہ کا ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے متعلق کہنا ہے کہ امریکا رواں ہفتے سلامتی کونسل میں ایران پر لگائی گئی پابندی میں توسیع کی قرار داد پیش کرے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایران پر اسلحے کی خرید و فروخت کےلیے عائد پابندیاں رواں برس اکتوبر میں ختم ہورہی ہیں، جس کے خلاف امریکا اور اس کے اتحادی ممالک سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

    مائیک پومپیو نے گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ جی سی سی کا ایران کے خلاف سلامتی کونسل کو ایران پر عائد پابندیوں میں مزید توسیع سے متعلق خط بھیجنا کا جرات مندانہ اعلان ہے۔


    پومپیو کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک ایران پر عائد پابندیوں کے حق میں ہے اور توسیع کی حامی ہیں لہذا سلامتی کونسل کسی ایک کے ساتھ کھڑے ہو۔

    یاد رہے کہ 2007ء کے آغاز سے ایران پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد ہے لیکن 2015ء میں جوہری معاہدے کے تحت مذکورہ پابندی رواں برس 18 اکتوبر کو ختم ہو جائے گئی۔

    تاہم امریکا اور اس کے اتحادی کوشاں ہیں کہ ایران پر عائد پابندیوں میں غیر معینہ مدت کےلیے توسیع کردی جائے گی۔

  • پابندی کے باجود شہر سے باہر جانے والی مسافر بسوں کے پرمٹ منسوخ

    پابندی کے باجود شہر سے باہر جانے والی مسافر بسوں کے پرمٹ منسوخ

    کراچی: محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے پابندی کے باوجود شہر سے باہر جانے والی مسافر بسوں کے پرمٹ منسوخ کرنا شروع کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے پابندی کے باوجود کراچی سمیت دیگر شہروں کے درمیان چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے انٹر سٹی روٹس پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ پرمٹ منسوخ کرنا شروع کر دیے۔

    محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے ہر ضلع کے لیے الگ الگ کمیٹی تشکیل دے دی، 7رکنی کمیٹی خلاف قانون چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف اقدامات کرے گی۔

    وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں صرف انٹرا سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کی اجازت ہے، بین الاضلاعی و بین الصوبائی ٹرانسپورٹ چلانا ممنوع ہے۔

    دوسری جانب ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق کرونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے 415 رکشوں کے ڈرائیوروں کو 2 لاکھ 64 ہزار 800 روپے کے چالان کیے گئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 9 ہزار 646 گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو 23 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے گئے اور اس کے علاوہ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی منی بسوں، بسون اور کوچز کے ڈرائیوروں کے خلاف دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

  • سعودی عرب: موسم گرما کے پیش نظر کھلے میں کام کرنے والے افراد کے لیے ریلیف

    سعودی عرب: موسم گرما کے پیش نظر کھلے میں کام کرنے والے افراد کے لیے ریلیف

    ریاض: سعودی عرب میں شدید گرمی کے پیش نظر دوپہر کے اوقات میں کھلے میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی، کمپنیوں کو ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ دوپہر 12 سے 3 بجے تک اپنے کارکنان سے کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لے سکتے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں 3 ماہ کے لیے کارکنان سے دھوپ میں کام لینے پر پابندی لگا دی گئی ہے، سعودی وزارت افرادی قوت نے کہا ہے کہ 15 جون سے کوئی بھی نجی ادارہ اپنے کارکنان سے کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لے سکتا۔

    حکم کے مطابق روزانہ دوپہر 12 سے سہ پہر 3 بجے تک شدید گرمی کے اوقات میں ڈیوٹی لینے پر پابندی ہوگی۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ یہ پابندی نجی اداروں میں کارکنان اور مزدوروں کی صحت و سلامتی کے تحفظ، کارکنان کو محفوظ اور صحت بخش ماحول فراہم کرنے اور ان کی صحت کو خطرات سے بچانے کی خاطر لگائی گئی ہے۔

    بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی کارکن سے دوپہر 12 بجے سے لے کر سہ پہر 3 بجے تک کھلے مقامات پر دھوپ میں ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی، یہ پابندی 15 جون سے 15 ستمبر تک رہے گی۔

    وزارت افرادی قوت نے اس پابندی سے تیل اور گیس کمپنیوں کے کارکنان کو استثنیٰ دیا ہے، علاوہ ازیں اصلاح و مرمت کے ایمرجنسی سیکشن سے تعلق رکھنے والے کارکنان بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے البتہ انہیں دھوپ سے بچانے کے لیے کمپنیاں ضروری اقدامات کریں گی۔

    وزارت افرادی قوت نے نجی اداروں کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ 15 جون سے 15 ستمبر تک اوقات کار کی تنظیم نو کریں اور کارکنان کو ڈیوٹی کے دوران مختلف خطرات سے بچانے کے لیے محفوظ ماحول کا بندوبست کریں۔

    علاوہ ازیں یہ پابندی سعودی عرب کے ان علاقوں پر نافذ نہیں ہوگی جہاں موسم معتدل ہوگا اور جن علاقوں میں مذکورہ اوقات کے دوران کارکنان کو کھلے مقامات پر ڈیوٹی دینے میں کسی قسم کا صحت خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔