Tag: پابندی

  • ٹویٹر کا سیاسی اشتہارات پر پابندی کا اعلان

    ٹویٹر کا سیاسی اشتہارات پر پابندی کا اعلان

    سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے پیسوں کے عوض سیاسی اشتہارات چلانے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر نے سیاسی اشتہارات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹویٹر پر سیاسی اشتہار بازی پر پابندی 22 نومبر سے نافذ العمل ہوگی جبکہ ٹویٹر کی اس نئی پالیسی کے حوالے سے مکمل تفصیلات 15 نومبر تک دستیاب ہوں گی۔

    ٹویٹر کے سی ای او جیک ڈورسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ اگرچہ انٹرنیٹ پر اشتہار بازی کاروباری طبقے کے لیے ناقابل یقین حد تک طاقتور اور موثر ہے لیکن ایسی طاقت سیاست کے لیے خطرات کا باعث بنتی ہے۔

    جیک ڈورسی نے کہا کہ انٹرنیٹ پر سیاسی اشتہارات عوامی بحث ومباحثے کے لیے مکمل طور پر نئے چیلنجز پیدا کر رہے ہیں، ان چیلنجز میں گمراہ کن اور غیر مصدقہ اطلاعات بھی شامل ہیں۔

    سنہ 2016 میں ہوئے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ سے شکست کھانے والی ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن نے اس پابندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیس بک کو بھی اس پالیسی پر عمل پیرا ہونے کا مشورہ دیا ہے۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں ٹویٹر کی حریف ویب سائیٹ فیس بک نے اپنے پلیٹ فارم پر سیاسی اشتہاروں پر پابندی کے امکان کو مسترد کیا تھا۔

  • پلاسٹک بیگز پر پابندی کے لیے سندھ حکومت پر امید ہے: مرتضیٰ وہاب

    پلاسٹک بیگز پر پابندی کے لیے سندھ حکومت پر امید ہے: مرتضیٰ وہاب

    کراچی: مشیر سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی کے لیے سندھ حکومت پر امید ہے، امید ہے دکاندار پابندی پر عملدر آمد کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ 9 اگست سے پلاسٹک بیگز پر پابندی کے لیے بات چیت جاری تھی، کل سے پلاسٹک بیگز پر باضابطہ طور پر پابندی لگائی تھی۔ پلاسٹک بیگز پر پابندی کے لیے سندھ حکومت پر امید ہے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پلاسٹک بیگز بند کرنے پر دکانداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، امید ہے دکاندار پابندی پر عملدر آمد کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس کلیکشن میں ناکام ہوگئی ہے، جب اوگرا قیمتیں بڑھانے کا کہتی ہے تو بڑھا دیتے ہیں، جب اوگرا قیمتیں کم کرنے کی سفارش کر رہی ہے تو کیوں نہیں کی، مطالبہ ہے اوگرا کی سفارشات پر عمل درآمد کیا جائے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے بجٹ کا 85 سے 90 فیصد حصہ وفاق سے آتا ہے، وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ کی مد میں رقم سندھ کو نہیں دے رہا۔ 86 بلین کا ریکارڈ شارٹ فال ہے جو وفاق سندھ حکومت کو نہیں دے رہی۔ این ایف سی کی مد میں جو پیسے طے کیے گئے ہیں وہ ادا کیے جائیں۔

    اس سے قبل ایک موقع پر مشیر سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ لوگوں کے تعاون سے کچرے کو صاف کر سکتے ہیں۔ ایک بار صفائی ہوجائے پھر روزمرہ کی صفائی کا خیال رکھا جائے گا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کراچی سے 162 ارب کا وعدہ کیا تھا، وعدہ وفا کیا ہوتا تو کراچی کے مسائل نہ ہوتے۔ کراچی کے 3 اسپتال وفاقی حکومت کو منتقل کیے گئے۔

  • سندھ بھر میں آج سے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی ہوگی

    سندھ بھر میں آج سے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی ہوگی

    کراچی : سندھ بھر میں آج سے پلاسٹک بیگز کی تیاری، فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کردی گئی، پابندی کی خلاف ورزی پر سزا ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں آج سے پلاسٹک بیگز کے استعمال، فروخت اور تیاری پر پابندی عائد ہوگی ، محکمہ ماحولیات سندھ نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پلاسٹک بیگ کی تیاری فروخت اور استعمال قابل سزا جرم ہوگا ، قوانین کی خلاف ورزی پر قواعد کے تحت مقدمہ، گرفتاری و سزا ہوگی۔

    محکمہ ماحولیات پلاسٹک بیگ کے استعمال کےخلاف قوانین پر عمل کرانے کا پابند ہے۔

    ترجمان سندھ حکومت اور مشیر ماحولیات بیرسٹر مرتضی وہاب کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ پلاسٹک کی تھیلیاں ماحولیاتی آلودگی کا بڑا سبب ہیں، یہ تھیلیاں کراچی کے سیوریج نالوں کی بندش کی بھی ایک وجہ ہیں۔

    مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ پابندی پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، ماحولیاتی ٹیمیں مختلف مارکیٹوں کا دورہ کریں گی، شہری کپڑے یا کاغذ کے تھیلے استعمال کریں۔

    مزید پڑھیں : سندھ حکومت کا پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی کا اعلان

    ترجمان سندھ حکومت کا مزید کہنا تھا کہ پلاسٹک کی تھیلیاں بنانے والے کارخانوں نے بھی مہم کی حمایت کررکھی ہے، عوام الناس سے بھی پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کرنے کی درخواست کرتے ہیں، عوام کے تعاون کے بغیر حکومت تنہا کچھ نہیں کرسکتی۔

  • محکمہ صحت پنجاب نے اسپتالوں میں احتجاج اور ریلیوں پر پابندی لگا دی

    محکمہ صحت پنجاب نے اسپتالوں میں احتجاج اور ریلیوں پر پابندی لگا دی

    لاہور: محکمہ صحت نےاسپتالوں میں احتجاج،ریلیوں پرمکمل پابندی عائد کر دی، اسپتالوں میں بینر، پمفلٹ، پوسٹر لگانے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نےاسپتالوں میں احتجاج اورریلیوں پرپابندی لگادی، اسپتالوں میں سیاسی اجتماع،حکومت مخالف بینر، پمفلٹ، پوسٹرلگانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔

    مراسلے میں اسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس پابندی پر مکمل عمل درآمد کریا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔

    مراسلے میں علاج معالجےمیں خلل ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ رواں سال مارچ میں محکمہ صحت پنجاب نے تمام سرکاری اسپتالوں کو مراسلہ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ تعلیمی قابلیت پرپورا نہ اترنے والے ڈاکٹرز آئندہ ڈیوٹی اوقات میں گاؤن نہیں پہنیں گے۔

    محکمہ پنجاب نے متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو پابند کیا تھا کہ وہ ملازمین کو کارڈ جاری کریں، ڈیوٹی کے دوران سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز اور عملے کا ملازمت کارڈ پہننا ضروری ہوگا۔

    نوٹی فکیشن میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کارڈ پر ڈاکٹر اور دوسرے ملازم کا عہدہ سمیت دیگر تفصیلات درج ہوں گی، متعلقہ حکام اسپتالوں کا اچانک دورہ کر کے معائنہ کریں گے۔

  • ٹرمپ کی حمایت میں آن لائن اشتہارات چلانے پر امریکی اخبار پر پابندی

    ٹرمپ کی حمایت میں آن لائن اشتہارات چلانے پر امریکی اخبار پر پابندی

    واشنگٹن: فیس بک نے اشتہارات کے ذریعے منفی پروپیگینڈا کرنے پر امریکی اخبار پر اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے تشہیر پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت اور ان کے سیاسی حریفوں کے خلاف فیس بک اشتہارات کے ذریعے منفی پروپیگینڈا کرنے پر امریکی اخبار پر اپنے پلیٹ فارم کے ذریعے تشہیر پابندی عائد کردی۔

    امریکی نشریاتی ادارے نے انکشاف کیا کہ امریکی اخبار نے ٹرمپ کی حمایت اور ان کے سیاسی حریفوں کے خلاف سازشی تھیوری کے لیے فیس بک اشتہارات کی مد میں 20 لاکھ ڈالر خرچ کیے۔

    امریکی ٹی وی کے انکشاف پر فیس بک نے اشتہارات سے متعلق اپنی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر امریکی اخبار پر مزید تشہیر کرنے پر پابندی لگادی۔

    فیس بک کے ترجمان نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ گزشتہ چند برس کے دوران امریکی اخبار کے متعدد فیس بک اکاؤنٹس غیرفعال کیے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ فیس بک کی اشتہارات کی پالیسی سے متضاد ہونے کی وجہ سے امریکی اخبار کے اکاؤنٹس معطل کیے گئے تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نشریاتی ادارے کے انکشاف کے بعد بعض اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی گئی تاہم اب وہ ہمارے اشتہارات سے مستفید نہیں ہوسکیں گے۔

  • نماز ادا کرنے کی پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    نماز ادا کرنے کی پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد : پاکستان نے عید پرکشمیریوں کی مذہبی آزادی پر بھارتی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے انسانی حقوق،عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

    تفصیلات کے مطابق جنت نظیر مقبوضہ وادی کشمیر پر قابض ظالم بھارتی افواج نے کشمیری عوام پر مذہبی اجتماع منعقد کرنے کی پابندی عائد کرکے ایک اور ستم ڈھا دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیری مسلمانوں کے لاک ڈاؤن کی سخت مذمت کرتا ہے، بھارت فوج نے مسلمانوں کو مذہبی تہوار منانے سے روکا ہے، دنیا بھر میں مسلمان بڑے اجتماعات میں نماز عید ادا کرتے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نماز ادا کرنے کی پابندی بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، بھارتی حکومت نےانسانی حقوق،عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وادی کو جیل میں تبدیل کرکے مسلمانوں کو نماز کی ادائیگی سے روکا گیا، مواصلات کے ذرائع بند کرکے کشمیریوں کو رشتہ داروں سے ملاقات سے بھی روکا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے اجتماعی سزا انسانی حقوق کے تمام قواعد کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ اور عالمی کمیونٹی جبر کے خلاف بھارت سے سوال کرے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف مذہبی جبر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • بھارتی مواد نشر کرنے پر پابندی، پیمرا کا ہدایت نامہ جاری

    بھارتی مواد نشر کرنے پر پابندی، پیمرا کا ہدایت نامہ جاری

    اسلام آباد : پیمرا نے بھارتی موادنشرکرنے سے متعلق ہدایت نامہ میں کہا ہے کہ ہرقسم کا بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی ہے ، عملدرآمد میں کوتاہی پیمرا ہدایت نامہ اورعدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پیمرا نے بھارتی مواد نشر کرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے ہدایت نامہ جاری کردیا، ہدایت نامےمیں کہا گیا ہےکہ ہرقسم کابھارتی موادنشر کرنےپرمکمل پابندی ہے، بھارتی کلپس،گانے ، نیوز رپورٹ میڈیاپرنشرنہیں کی جائیں گی۔

    ہدایت نامہ کے مطابق بھارتی تجزیے اور سیاسی گفتگو نشر کرنے پر بھی پابندی ہوگی، چینلز نہ ہی بھارتی صحافی،سیاستدان اورسلیبرٹی کو ٹاک شومیں مدعو کریں گے اور بھارتی اداکاروں کی تشہیر اور اشتہارات پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

    ہدایت نامہ میں کہا گیا عملدرآمدمیں کوتاہی پیمرا ہدایت نامہ اورعدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہوگی۔

    خیال رہے رواں سال مارچ میں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی 19 اکتوبر2016 کی غیر ملکی مواد نہ دکھانے کی پالیسی بحال کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کردیا تھا، جس کے تحت کسی بھی نجی چینل پربھارتی موادکی تشہیر نہیں ہوگی۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کا بھارت سے سفارتی تعلقات محدود، دو طرفہ تجارت معطل کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد پاکستان کے سخت ردعمل دیتے ہوئے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے اور دو طرفہ تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    پاکستان نے فیصلہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں لے جایا جائے گا، 14 اگست کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے طور پر منایا جائے گا، جب کہ 15 اگست کو یوم سیاہ منایا جائے گا۔

  • لبنان نے اردنی پاسپورٹ ہولڈر فلسطینیوں کے داخلے پر پابندی لگادی

    لبنان نے اردنی پاسپورٹ ہولڈر فلسطینیوں کے داخلے پر پابندی لگادی

    بیروت:لبنانی حکومت نے اردن کی طرف سے جاری کردہ گرین کارڈ اور پاسپورٹ کے حامل فلسطینیوں کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندر پار فلسطینیوں کی عوامی کانفرنس کے ترجمان زیاد العالول نے بتایا کی لبنانی حکام نے فلسطینی پناہ گزینوں کے خلاف ایک نئی انتقامی حکمت عملی اختیار کی ہے جس کے تحت اردنی پاسپورٹ کے حامل فلسطینیوں کو ملک میں داخل ہونے سے روکا جا رہا ہے۔

    العالول نے کہا کہ لبنانی حکومت کے انتقامی فیصلے سے اردن میں مقیم 7 لاکھ فلسطینی متاثر ہوسکتے ہیں،اس کے علاوہ غرب اردن کے فلسطین جو اردن کا گرین کارڈ حاصل کر کے بیرون ملک سفر کرتے ہیں، کو بھی بیرون ملک سفر میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حالیہ ایام میں لبنانی حکام نے ہر اس فلسطینی کو ہوائی اڈے سے واپس بھیج دیا جس کے پاس اردن کا پاسپورٹ تھا یا وہ مقبوضہ فلسطین کا باشندہ ہونے کے ساتھ اردن کے گرین کارڈ پرسفر کر رہا تھا۔

    العالول کا کہنا تھا کہ لبنانی حکام کی طرف سے اختیار کردہ اس انتقامی حربے کا شکار ہونے والوں میں فلسطینی طلباءبھی شامل ہیں۔

  • سعودی خواتین کو محرم کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی گئی

    سعودی خواتین کو محرم کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی گئی

    ریاض: سعودی عرب میں حکومت نے خواتین کو محرم کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی، اس سے قبل سعودی خواتین کو بیرون ملک جانے، شادی کرنے، اپنا پاسپورٹ بنوانے یا اس کی تجدید کروانے کے لیے محرم کی اجازت درکار تھی۔

    عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکومت نے گارجین شپ (سرپرست) قانون میں تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے 21 سال سے زائد عمر کی خواتین کو بیرونِ ملک سفر کے لیے محرم کی موجودگی یا اس کی اجازت کو غیر ضروری قرار دے دیا۔

    رپورٹ کے مطابق 18 سال سے کم عمر خواتین بھائی، والد و دیگر رشتے دار کے ساتھ ہی بیرون ملک جانے کی مجاز ہوں گی جبکہ شناختی کارڈ کی حامل خواتین کو مردوں کی رضامندی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سرپرست قانون میں ترمیم کر کے اسے منظوری کے لیے فرمانروا کو بھیجا گیا تھا اور ان کی منظوری کے بعد گزشتہ روز سے یہ قانون نافذ کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے امریکا میں تعینات سعودی سفیر ریما بنت بندر نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ ریما سعودی عرب کی جانب سے مقرر کی جانے والی پہلی خاتون سفیر ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب وژن 2030 کے تحت روشن خیالی کی طرف تیزی سے گامزن ہے، اس ضمن میں گزشتہ برس نہ صرف خواتین کو گاڑیاں ڈرائیو کرنے کی اجازت دی گئی بلکہ انہیں اب اسٹیڈیم میں بغیر محرم کے فٹبال میچ دیکھنے کی بھی اجازت ہے اور مختلف شعبوں میں ملازمتیں بھی دی جارہی ہیں۔

  • جرمن امدادی جہاز کی اطالوی سمندر میں داخلے پر پابندی

    جرمن امدادی جہاز کی اطالوی سمندر میں داخلے پر پابندی

    روم: امدادی تنظیم سی آئی کے ریسکیو شپ نے یورپ کی طرف سفر کرنے والے چالیس تارکین وطن کو کھلے سمندر سے بچالیا

    تفصیلات کے مطابق اٹلی نے بحیرہ ر وم میں مہاجرین کو بچانے والے جرمن بحری جہاز ’ایلان کردی‘ کے ملکی سمندری حدود میں داخلے یا وہاں سے گزرنے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اعلان اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے کیا،اس سے قبل امدادی تنظیم سی آئی کے اس ریسکیو شپ نے یورپ کی طرف سفر کرنے والے چالیس تارکین وطن کو کھلے سمندر سے بچایا۔

    سی آئی نے اعلان کیا کہ ایلان کردی نامی اس کا یہ بحری جہاز اس پابندی کے باوجود لامپے ڈوسا کے اطالوی جزیرے کی طرف اپنا سفر جاری رکھے گا کیونکہ جغرافیائی طور پر اس کے لیے قریب ترین محفوظ بندرگاہ اسی جزیرے پر واقع ہے۔

    خیال رہے کہ اٹلی کی حکومت نے گزشتہ برس جون میں تارکین وطن کو سمندر سے ریسکیو کرنے والے ایکیوریس نامی جہاز کو قبول کرنے سے منع کردیا تھا، جس کے بعد 630 مہاجرین سے بھرے ہوئے بحری جہاز کو اسپین نے قبول کیا تھا۔