Tag: پادری

  • ڈونلڈ ٹرمپ سے پادری نے رحم کی اپیل کردی

    ڈونلڈ ٹرمپ سے پادری نے رحم کی اپیل کردی

    واشنگٹن میں امریکی صدر کی افتتاحی دعائیہ تقریب کرانے والی پادری کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ سے ’تارکینِ وطن کے لیے رحم‘ کی استدعا کی گئی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افتتاحی دعائیہ تقریب کرانے والی پادری کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ہمارے کھیتوں میں کام کرتے ہیں، ہماری عمارتوں کو صاف رکھتے ہیں، یہ لوگ ریسٹورنٹس میں ہمارے گندے برتن دھوتے ہیں۔

    پادری نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے ممالک میں جنگوں اور خراب حالات کے باعث یہاں آئیں ہیں۔ یہ لوگ شاید امریکی شہری نہ ہوں اور نہ ہی ان کے پاس ضروری دستاویز ہوں لیکن ان میں زیادہ تر لوگوں کا جرائم سے تعلق نہیں ہے۔

    پادری نے تقریب کے اختتام پر ٹرمپ سے سوال کیا کہ آپ کے خیال میں آج کی سروس کیسی تھی؟جس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ آپ کا کیا خیال ہے؟ کیا آپ کو یہ سروس اچھی لگی، یہ سروس بالکل بھی اچھی نہیں تھی۔

    واضح رہے کہ بلوم برگ کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارت امریکا میں غیر قانونی مقیم 18 ہزار بھارتیوں کو واپس بلائے گا۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے انتخابی وعدوں پر عملدرآمد شروع کر دیا، ایگزیکٹوآرڈر کے بعد غیرقانونی تارکین وطن کی گرفتاریوں کیلئے آپریشن کا آغاز ہوگیا۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے غیرقانونی تارکین وطن کے بچوں کا پیدائشی حق شہریت منسوخ کر دیا، ڈیموکریٹ پارٹی ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر کیخلاف قانونی جنگ کیلئے کمر کس لی اور بچوں کے پیدائشی شہریت کے حق کی منسوخی کو 22 ریاستوں میں چیلنج کر دیا۔

    ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پہلی پریس بریفنگ میں کینیڈا پر منشیات امریکا بھیجنے کا الزام لگا دیا، انہوں نے کہا کینیڈا سے لاکھوں لوگ اور منشیات امریکا آرہی ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے مدد مانگ لی

    ٹرمپ نے صدارتی معافیوں کے اعلان کا دفاع کرتے ہوئے اس کو انصاف کے مطابق قرار دیا اور بائیڈن انتظامیہ کی انتقامی کارروائی کا نشانہ بننے والے افراد کو معافی دی۔

  • آسٹریلوی پادری نے اسلام قبول کرلیا۔۔کس چیز سے متاثر ہوئے؟

    آسٹریلوی پادری نے اسلام قبول کرلیا۔۔کس چیز سے متاثر ہوئے؟

    آسٹریلوی پادری گولڈ ڈیوڈ نے زندگی کے 45 سال چرچ میں وقف کرنے کے بعد دین محمدیؐ سے متاثر ہوکر اسلام قبول کرلیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی پادری گولڈ ڈیوڈ نے قبول اسلام کے بعد اپنا اسلامی نام عبد الرحمن رکھا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی پادری گولڈ ڈیوڈ نے بتایا کہ وہ اپنے بہنوئی کے جنازے میں شرکت کے لیے پرتھ کے سفر کے دوران اسلام سے اس وقت متاثر ہوئے جب اُنہوں نے پرتھ کی مرکزی مسجد سے محض 150 میٹر کے فاصلے پر ایک ہوٹل کرائے پر حاصل کیا۔

    پرتھ کی مرکزی مسجد کے قریب ہوٹل میں اچانک ان کا دل چاہا کہ وہ اس مسجد میں جائیں جہاں اذان ہورہی تھی، جس کے بعد وہ مسجد میں گئے اور وہاں کے امام سے ملاقات کی، جنہوں نے انہیں دنیا کا بہترین تحفہ کلام پاک دیا۔

    آسٹریلوی پادری نے کہا کہ کئی سالوں سے میرے پاس قرآن مجید موجود ہے، مگر اسے پڑھنے کا اتفاق نہیں ہوا تھا، مگر پرتھ میں مسجد سے جب میں واپس ہوٹل میں گیا تو گھٹنے ٹیک کر خدا سے دعا کی کہ مجھے مکمل سچائی دکھا۔

    متحدہ عرب امارات: غیر ملکی اقامہ ہولڈرز کیلئے خوشخبری

    پادری نے کہا کہ دعا کرنے کے بعد میں قرآن پاک کی تلاوت کی اور اسے پڑھتے ہوئے مجھے فکری، جذباتی اور روحانی طور پر احساس ہوا کہ یہ خدا کا سچا کلام ہے اور میں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔

  • پادری نے چاقو سے حملہ کرنیوالے شخص کے لئے اہم اعلان کردیا؟

    پادری نے چاقو سے حملہ کرنیوالے شخص کے لئے اہم اعلان کردیا؟

    سڈنی کے چرچ میں چاقو کے حملے کا نشانہ بننے والے پادری نے اپنے حملہ آور کے لئے معافی کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حملے سے متاثر ہونے والے سڈنی کے معروف آرتھوڈوکس عیسائی رہنما، پادری مار ماری ایمینوئل نے اپنے حامیوں کو ’مسیح‘ جیسا بننے اور تشدد سے باز رہنے کی ہدایت کی۔

    یاد رہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے چرچ میں چاقو بردار شخص نے پادری پر حملہ کردیا تھا، جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی تھی۔

    چرچ میں چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے پادری سمیت 4 افراد کو زخمی کر دیا تھا۔ حملہ آور نے عبادت کے دوران پادری پر چاقو کے وار کیے جبکہ حملے کے وقت لائیو اسٹریمنگ بھی جاری تھی۔

    ویڈیو میں حملہ آور کو پادری پر چاقو سے وار کرتے دیکھا جاسکتا ہے جس کے نتیجے میں پادری زمین پر گر جاتا ہے، اس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا جاتا ہے۔

  • پادری نے 45 سال چرچ کو دینے کے بعد اسلام قبول کر لیا

    پادری نے 45 سال چرچ کو دینے کے بعد اسلام قبول کر لیا

    اپنی زندگی کے 45 سال چرچ کے لیے وقف کرنے کے بعد آسٹریلوی پادری گولڈ ڈیوڈ نے اسلام قبول کرلیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق آسٹریلوی پادری گولڈ ڈیوڈ نے 45 سال چرچ کو دیئے، اس کے بعد قبول اسلام کرکے اپنا مسلم نام عبدالرحمن رکھ لیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سابق پادری نے ساڑھے 4 دہائیوں تک چرچ کی خدمت کی ہے اور مسیحی نوجوان ان کو ایک ہمہ جہت شخصیت کے طورپر دیکھتے تھے۔ انہوں نے آسٹریلوی مسیحی برادریوں میں ایک معزز پادری کے طور پر مقام حاصل کیا ہے۔

    نو مسلم عبدالرحمن نے ابھی تک مسلمان ہونے سے متعلق ان محرکات کے بارے کچھ نہیں بتایا ہے، ان کے اسلام قبول کرنے کی خبر سامنے آنے کے بعد بہت سے لوگ حیران ہوگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آسٹریلیا میں ایک واقعہ پیش آیا تھا جب 30 خواتین ایک ساتھ دائرہ اسلام میں داخل ہو گئی تھیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق قبول اسلام کی یہ روح پرور تقریب آسٹریلوی شہر میلبرن میں واقع میڈو ہائٹس مسجد میں منعقد ہوئی جہاں 30 خواتین نے کلمہ پڑھ کر اپنے مسلمان ہونے کا اقرار کیا۔

    ایک ترک اخبار ینی شفق نے اپنی ویب سائٹ پر اس حوالے سے ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں عبایا زیب تن کیے خواتین کو باری باری مبلغ کی مدد سے کلمہِ شہادت پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ بعد ازاں نو مسلم خواتین نے اپنے تاثرات کا بھی اظہار کیا۔

    نومسلم خاتون کرسٹین کرنوگوناک نے کہا کہ اسلام میں ایک خدا کے تصور سے اپنے گہرے تعلق کا اظہار کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ فلسطینیوں کی جدوجہد ان کے دلوں کو چھو گئی جس کے باعث انہوں نے اسلام قبول کیا ہے۔

  • ہوائی جہاز کے موجد رائٹ برادران سائنس دشمن پادری کے بیٹے تھے!

    ہوائی جہاز کے موجد رائٹ برادران سائنس دشمن پادری کے بیٹے تھے!

    امریکا میں ایک پادری نے اپنے خطبے کے دوران کہا تھا کہ ‘‘لوگو! آج کا انسان سائنس میں ترقی کی آخری حدیں چُھو چکا ہے۔ لہٰذا اب کسی نئی ایجاد کا امکان باقی نہیں رہا۔ اب اگر سائنسی ترقی کے نام پر کچھ خرچ کیا گیا تو وہ سراسر اسراف ہوگا۔’’

    کہتے ہیں کہ یہ پادری اکثر درس دیتے ہوئے یہ بات دہراتا کہ خدا نے اڑنے کی صلاحیت پرندوں کے علاوہ محض فرشتوں کو ودیعت فرمائی ہے جو کہ بالکل درست بات ہے۔

    پادری کا نام رائٹ تھا۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ اسی پادری کے دو بیٹوں نے سائنسی ایجادات میں نام اور مقام حاصل کیا اور حیرت انگیز بات یہ کہ وہ ہوائی جہاز کے موجد شمار کیے جاتے ہیں۔ یہ دونوں رائٹ برادران کے نام سے مشہور ہیں۔

    ان دونوں بھائیوں نے ہوائی جہاز کے تجربے کیے تھے۔ بڑا ولبر رائٹ اور چھوٹا آرویل رائٹ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ دونوں نے زندگی بھر شادی نہیں کی۔ وہ سائیکلوں کا کاروبار کرتے تھے اور اسی دوران ایجاد و اختراع میں دل چسپی پیدا ہوئی اور انھوں نے ہوا کے دباؤ وغیرہ کے متعلق معلومات حاصل کر کے ایک ہوائی جہاز بنایا جس کی طاقت چار سلنڈر، بارہ ہارس پاور کا انجن تھا۔

    17 دسمبر 1903 کو انھوں نے اپنے ہوائی جہاز کے تجربے کے دوران چار پروازیں کیں جن میں سب سے اونچی اڑان 852 فٹ تھی۔ امریکی حکومت نے ان کی حوصلہ افزائی کی فوج میں ہوا بازی کا اسکول کھول کر اس میں آرویل کو استاد مقرر کیا۔

  • پوپ فرانسس کے قریبی دوست بچوں پر جنسی زیادتی کے مجرم قرار

    پوپ فرانسس کے قریبی دوست بچوں پر جنسی زیادتی کے مجرم قرار

    ویٹی کن سٹی: رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے قریبی دوست 77 سالہ جارج پال کو بچوں پر جنسی زیادتی کا مجرم قرار دے دیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کی خصوصی عدالت نے ویٹی کن کے خزانچی رہنے والے اور پوپ فرانسس کے قریبی ساتھی 77 سالہ جارج پال کو مجرم قرار دے دیا۔

     انہیں دسمبر 2018 میں جیوری کی جانب سے مجرم قرار دیا گیا تھا تاہم جارج پال کے خلاف عدالتی کارروائی اور انہیں بچوں پر جنسی زیادتی کا مجرم قرار دئیے جانے کا عدالتی فیصلہ خفیہ رکھا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق اب تک کی عدالتی کارروائی میں جارج پال کو سزا نہیں سنائی گئی ہے تاہم انہیں سزا سنانے کی عدالتی کارروائی کا آغاز 26 فروری سے کردیا جائے گا۔

    جارج پال کے خلاف آج سے تیسرے ٹرائل کا آغاز ہوگا، پہلے دو ٹرائلز میں ان کے خلاف تفتیش کا آغاز کرنے اور انہیں مجرم قرار دئیے جانے کی کارروائی ہوئی۔

    مزید پڑھیں: بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے پادریوں کے خلاف کارروائی کا وقت آگیا، پوپ فرانسس

    77 سالہ پادری جارج پال نے اپنے خلاف لگے الزامات مسترد کردئیے ہیں، انہیں آسٹریلیا کے بااثر پادری کا درجہ حاصل ہے جبکہ وہ ویٹی کن کے بھی اعلیٰ عہدیداروں میں شامل رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے پادریوں کے خلاف کارروائی کا وقت آن پہنچا ہے، پوری دنیا کی نگاہیں ہماری طرف امید سے دیکھ رہی ہیں اور اب مجرموں کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

    پوپ فرانسس نے رواں ماہ کے آغاز میں مشرق وسطیٰ کے دورے پر اعتراف کیا تھا کہ چرچز کے پادری بچوں اور خواتین کو جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنانے سمیت انہیں جنسی غلام بنائے رکھنے میں ملوث رہے ہیں۔

  • بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے پادریوں کے خلاف کارروائی کا وقت آگیا، پوپ فرانسس

    بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے پادریوں کے خلاف کارروائی کا وقت آگیا، پوپ فرانسس

    ویٹی کن سٹی: رومن کیتھولک میسحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے والے پادریوں کے خلاف کارروائی کا وقت آن پہنچا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پاپائیت کے مرکز ویٹی کن سٹی میں شروع ہونے والی کانفرنس کے افتتاحی خطاب میں پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی نگاہیں ہماری طرف امید سے دیکھ رہی ہیں اور اب مجرموں کے خلاف ٹھوس اقدامات کا وقت آپہنچا ہے۔

    اس کانفرنس کے دوران 114 اعلیٰ بشپ کو ایسے واقعات روکنے اور مذہبی تعلیمات مکمل کرنے کے بعد دنیا بھر میں خدمات کے لیے بھیجا جائے گا۔

    کانفرنس میں مسیحیت کے دیگر موضوعات پر بھی گفتگو کی گئی تاہم کانفرنس کا اہم مقصد پادریوں کی جانب سے جنسی تشدد کی آنے والی خبروں کے حوالے سے تھا۔

    مزید پڑھیں: جنسی استحصال کا معاملہ، پوپ فرانسس سے استعفے کا مطالبہ

    پوپ فرانسس نے موجود بشپس اور دیگر مذہبی پیشواؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ معصوم بچوں کی رونے کی آوازیں سنیں جو ہم سے انصاف کا مطالبہ کررہے ہیں۔

    پوپ فرانسس نے رواں ماہ کے آغاز میں مشرق وسطیٰ کے دورے پر اعتراف کیا تھا کہ چرچز کے پادری بچوں اور خواتین کو جنسی زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنانے سمیت انہیں جنسی غلام بنائے رکھنے میں ملوث رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ کانفرنس ایسے موقع پر ہورہی ہے جب کہ ویٹی کن سٹی کے حوالے سے فرانس کے ایک صحافی کی جانب سے لکھی گئی کتاب کو بھی فروخت کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

    اس کتاب میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاپائیت کے مرکز ویٹی کن سٹی کے 80 فیصد پادری اور مذہبی پیشوا ہم جنس پرست ہیں اور وہ اسی عمل کی ترغیب کرتے ہیں۔

  • ترکی نے بھی امریکی وزراء پر پابندی عائد کردی

    ترکی نے بھی امریکی وزراء پر پابندی عائد کردی

    انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردوگان نے امریکی پابندیوں پر رد عمل دیتے ہوئے حکومتی اراکین کو امریکی وزیر داخلہ اور وزیر انصاف کے ترکی میں موجود اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی پادری کی ترکی میں گرفتاری کے بعد امریکا کی جانب سے ترک وزراء پر پابندیاں لگانے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان تنازعہ مزید بڑھتا جارہا ہے، امریکا کے جواب میں ترک حکومت نے بھی امریکی وزیر داخلہ اور وزیر انصاف پر پابندیاں لگا دیں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترکی نے امریکی اقدامات کے رد عمل میں امریکی وزیر انصاف اور وزیر داخلہ کے ترکی میں موجود اثاثہ جات کو منجمد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    ترک میڈیا کے مطابق رجب طیب اردوگان نے بدھ کے روز حکومتی اراکین کو حکم دیا کے ترکی میں موجود امریکی وزیر داخلہ اور انصاف کے اثاثے سیل کردیئے جائیں، ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے امریکا کی بے جا پابندیوں کے باوجود بہت صبر کا مظاہرہ کیا‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ترک صدر کے احکامات پر امریکی وزراء کے ترکی میں موجود اثاثوں کو منجمد کرنے کا حکم تو دیا گیا ہے تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ ترکی میں امریکی وزراء کے اثاثے موجود بھی ہیں یا نہیں۔

    خیال رہے کہ امریکی پادری اینڈریو براؤنسن کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے والے ترک وزیر قانون و انصاف عبدالحمید گل اور وزیر داخلہ سلیمان سویلو پر امریکا نے پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ترکی فورسز کی زیر حراست امریکی پادری اینڈریو براؤنسن پر سنہ 2016 کی ناکام فوجی بغاوت میں مبینہ دہشت گردی اور کالعدم سیاسی گروپ سے تعلقات کا الزام ہے۔

  • خونی مگرمچھ پادری کو جبڑوں میں دبوچ کر گہری جھیل میں لے گیا

    خونی مگرمچھ پادری کو جبڑوں میں دبوچ کر گہری جھیل میں لے گیا

    ادیس ابابا : لوگوں کو بپتسمہ دینے والے پادری کو آدم خور مگر مچھ نے دبوچ لیا، مقامی افراد نے کافی مشقت کے بعد لاش کو جھیل سے باہر نکالا۔

    تفصیلات کے مطابق ایتھوپیا کی ابایا جھیل میں مقامی پادری پروٹیسٹنٹ پاسٹر ایشیٹے80سے زائد افراد کو بپتسمہ دے رہے تھے کہ اس دوران ایک مگرمچھ نے ان پر حملہ کردیا۔

    حملہ اتنا اچانک تھا کہ موجود لوگ فوری طور پر کوئی امدادی کارروائی نہ کرسکے اور دیکھتے ہی دیکھتے مگر مچھ پادری کو اپنے مظبوط جبڑوں میں دبا کر جھیل کی گہرائی میں لے گیا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق مرکب تبائیعا ضلع کے مقامی افراد کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں اور مچھیروں نے پادری کو مگرمچھ کے چنگل سے چھڑانے کی سرتوڑ کوششں کی لیکن وہ ان کی جان بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے البتہ پادری کی کٹی پھٹی لاش کو مگر مچھ سے چھڑا کر جھیل سے باہر نکال لائے۔

    واضح رہے کہ ایتھوپیا کی ابایا جھیل خطرناک مگر مچھوں کی آماجگاہ ہے مذکورہ جھیل کا رقبہ گیارہ سو کلومیٹر طویل ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • امریکی مبلغ نے جہاز خریدنے کے لیے حضرت عیسیٰ کا نام استعمال کرنا شروع کردیا

    امریکی مبلغ نے جہاز خریدنے کے لیے حضرت عیسیٰ کا نام استعمال کرنا شروع کردیا

    امریکا میں ایک پادری نےجہاز خریدنے کے لیے انوکھی چندہ مہم شروع کردی ہے، ان کا کہنا ہے کہ  عوام انہیں چندہ دیں کہ ’’اب حضرت عیسیٰ( علیہ السلام)‘ گدھے پر سواری نہیں کریں گے‘‘۔

    تفصیلات کے مطابق ا مریکا کہ ایک پادری  جیس ڈوپلانٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں خدا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ عیسائیت کے لیے اپنی خدمات کو تیز کرنے کے لیے جدید فالکن سیون ایکس جہاز خریدیں، مذکورہ جہاز کی مالیت پانچ کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔

    فالکن سیون ایکس جہاز

    امریکا میں پادریوں کے پاس جہاز کا ہونا کوئی غیر معمولی اور خلافِ توقع بات نہیں ہے تاہم جس طرح  سے چندے کی درخواست کی گئی ہے، اسدرخواست نے تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

    اس حوالے سے سوشل میڈیا بالخصوص ٹویٹر پر صارفین کی جانب سے انہیں بے انتہا تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، صارفین یہاں بائبل کی ان آیات کا حوالہ بھی دے رہے ہیں جن میں جن میں حرص اور ‘جعلی پیغمبروں’ سے خبردار کیا گیا ہے۔کچھ لوگوں  کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ رقم غریبوں کی مدد کے لیے استعمال ہونی چاہیے۔

    دوسری جانب  68 سالہ ڈوپلانٹس  نے اپنی ویب سائٹ پر وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہ ہے کہ : ’’آپ جانتے ہیں میرے پاس تین مختلف جیٹ جہاز رہے ہیں، میں نے انھیں استعمال کیا ہے اور انھیں یسوع مسیح کے لیے چلایا ہے۔‘‘

    ‘‘بعض لوگوں کا خیال ہے کہ پادریوں کے پاس طیارے نہیں ہونے چاہییں۔ میرا خیال ہے کہ پادریوں کے پاس ہر ممکن وسیلہ ہونا چاہیے، ہر ممکنہ ذریعہ، تاکہ انجیل کو دنیا بھر تک پہنچایا جا سکے۔’’انھوں نے کہا کہ جو جیٹ انھوں نے 12 سال قبل خریدا تھا وہ ان کے لیے اب موزوں نہیں رہا کیوں کہ وہ بلا رکے پرواز نہیں کر سکتا اور انھیں ایندھن کے لیے بھاری رقم خرچ کرنا پڑتی ہے۔

    ایک تصویر میں وہ اپنے تین جہازوں کے پاس کھڑے نظر آتے ہیں، اوپر لکھا ہے: ‘یہ ملکیت کے بارے میں نہیں ہے، یہ ترجیحات کے بارے میں ہے۔’

    ڈوپلانٹس نے اپنی درخواست کی یہ کہہ کر توجیہ پیش کی ہے کہ حضرت  عیسیٰ نے کہا تھا کہ دنیا بھر میں جاؤ اور انجیل کا پیغام ہر ذی روح تک پہنچا دو۔ کیا ہم ایسا کریں گے؟۔ انکا کہنا تھا کہ اب حضرت عیسیٰ بھی آئیں گے تو گدھے پر سواری نہیں کریں گے۔ میری اتنی عمر نہیں بچی کہ میں کار یا بحری جہاز یا ٹرین کے ذریعے سفر کر سکوں، لیکن جہاز پر یہ سفر ممکن ہے۔’

    یاد رہے کہ 2015 میں ڈوپلانٹس کی ایک ویڈیو  سامنے آئی تھی جس میں وہ ایک اور پادری کینیتھ کوپ لینڈ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کوپ لینڈ کہہ رہے ہیں کہ مسافروں والے جہاز پر سفر کرنا ایسا ہی ہے جیسے ‘ایک لمبی ٹیوب میں شیطانوں کے ساتھ سفر کرنا۔’


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں