Tag: پارا چنار

  • رسد کا بڑا قافلہ آج پارا چنار روانہ ہوگا، پیٹرول کی مصنوعات بھی شامل

    رسد کا بڑا قافلہ آج پارا چنار روانہ ہوگا، پیٹرول کی مصنوعات بھی شامل

    اسلام آباد: پارا چنار میں منہدم عمارتوں کی بحالی کا کام جاری ہے، رسدی سامان پر مشتمل ایک بڑا قافلہ آج روانہ ہوگا۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق 70 گاڑیوں پر مشتمل سامان رسد کا بڑا قافلہ آج پارا چنار روانہ ہوگا، آج کے قافلے میں پیٹرول کی مصنوعات بھی شامل ہیں۔

    قافلے میں آٹا، چینی، پھل، سبزیاں، ادویات اور دیگر سامان شامل ہے، بنکرز کی مسماری کے سلسلے کو آج پھر سے شروع کیے جانے کا امکان ہے.

    سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بگن بازار کی منہدم اور ٹوٹ پھوٹ کی شکار عمارتوں کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے، کرم متاثرین کو امدادی رقوم دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    رات کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹرین نہیں چلا سکتے، ریلوے حکام کا انکشاف

    لوئر کرم کے مشران کوہاٹ میں 25 جنوری کو حکومتی جرگے میں شرکت کر چکے ہیں، تاہم اپر کرم اور پارا چنار کے مشران نے جرگے میں شمولیت سے انکار کر دیا تھا، اپر کرم اور پارا چنار کے مشران کے ساتھ حکومتی جرگہ جلد متوقع ہے۔

    سرکاری ذرائع کے مطابق کسی بھی ناخوش گوار واقعے پر ذمہ داران سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

  • کرم کا مسئلہ میں ہی حل کروں گا، علی امین گنڈا پور

    کرم کا مسئلہ میں ہی حل کروں گا، علی امین گنڈا پور

    پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ کرم کا مسئلہ حل کے قریب ہے اور اسے میں ہی حل کروں گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے میں امن و امان بحال کرنا میرا کام ہے اور میں ہی اسے حل کروں گا، جن کے پاس عوامی طاقت نہیں ہے یہ عوام کے پاس نہیں جاسکتے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس عوامی طاقت ہے، کرم کا امن کا مسئلہ 50 سالوں سے ہے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ  کسی کی کارکردگی ان کی معیشت سے نظر آتی ہے، ہم نے 24 فیصد سے زیادہ ریونیو بڑھایا ہے، انہوں نے اگر اپنی معیشت کو بڑھایا ہے تو سامنے لائیں۔

    علی امین نے کہا کہ آئی ایم نے خود کو کہا کہ ہمارے ٹارگٹ صرف خیبرپختونخوا نے پورے کیے، 103 ارب روپے ہم نے اپنے ٹارگٹ سے اوپر جمع کیے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب 150 ارب خسارے میں جارہا ہے، وفاقی حکومت اور پنجاب خسارے میں ہے۔

  • پارا چنار میں دھرنے تک کراچی میں دھرنا جاری رہے گا، علامہ حسن ظفر

    پارا چنار میں دھرنے تک کراچی میں دھرنا جاری رہے گا، علامہ حسن ظفر

    کراچی: مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رہنما علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا ہے کہ پارا چنار میں دھرنے تک کراچی میں دھرنا جاری رہے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نمائش چورنگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ کراچی پولیس چیف کا وضاحتی بیان خوش آئند ہے، وضاحتی بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پارا چنار میں دھرنے تک کراچی میں دھرنا جاری رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں کئی ایسے مقامات ہیں جہاں دھرنا نہیں مگر ٹریفک جام رہتا ہے، ہمارے دھرنوں کو ٹریفک سے منسوب نہ کریں، کراچی میں ٹریفک کا نظام پہلے سے ہی درہم برہم ہے۔

    علامہ حسن ظفر نے کہا کہ آپ جب بھی مسئلہ حل کریں گے ہم دھرنے ختم کردیں گے، شہر میں کسی بھی دھرنے پر سختی ہوئی تو ذمہ دار حکومت ہوگی، ملک گیر احتجاج پارا چنار کا راستہ کھلوانے، زندگی معمول پر لانے کے لیے کیا گیا ہے، عوام کی نظریں پارا چنار میں قیام امن کے لیے سیکیورٹی اداروں پر ہیں۔

    ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ دھرنے کے شرکا سے اپیل ہے پرامن رہیں، جن شاہراہوں پر بیٹھے ہیں ایک حصہ عوام کے لیے کھولے رکھیں، احتجاج میں سرکاری عمارتوں اور عوامی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا گیا، ملک میں مشکلات دھرنوں سے نہیں حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں سے ہیں۔

    وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی نیوز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے علامہ حسن ظفر نے کہا کہ ناصر عباس پر تنقید سے پہلے شہباز شریف کو باور کروائیں وہ وزیراعظم ہیں، کیا شہباز شریف کو پارا چنار کا جغرافیہ نہیں معلوم؟ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کیا صرف پنجاب کی حکومت ہے؟ عوام کے جان و مال کا تحفظ وزیراعظم کی ذمہ داری ہے۔

  • کرم کے حالات پر گرینڈ جرگہ، اسلحہ جمع کروانے کے معاملے پر ڈیڈلاک

    کرم کے حالات پر گرینڈ جرگہ، اسلحہ جمع کروانے کے معاملے پر ڈیڈلاک

    کرم کے حالات پر کوہاٹ میں گرینڈ جرگہ ہوا جس میں اسلحہ جمع کروانے کے نکتے پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ طوری قبایلہ بھاری ہتھیاروں سے دستبردار ہونے پر آمادہ نہیں، مرکزی شاہراہ اور دیگر سڑکیں کھولنے کا بھی فیصلہ نہ ہوسکا۔

    صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے امید ظاہر کی معاہدے پر آج یا کل دستخط ہوسکتے ہیں۔

    بیرسٹر سیف نے کہا کرم میں بھاری اسلحہ سرینڈر کرنے پر کچھ لوگوں کے تحفظات ہیں، جب تک اسلحہ سرینڈر نہیں ہوگا، سڑک نہیں کھولی جائے گی، گرینڈ جرگے کو دو دن کا وقت دیا ہے۔

    مشیر صحت کے پی احتشام علی نے بتایا کہ دواؤں کی عدم دستیابی کے باعث کرم میں 19 بچوں کی موت کی خبرغلط ہے، دواؤں کی مزید دو کھیپ بھی جلد کرم پہنچ جائیں گی۔

    یاد رہے کہ جرگہ میں مسلسل ڈیڈ لاک اور کسی متفقہ فیصلہ نہ ہوپانے کے باعث پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت آمدروفت کے تمام راستے 72 روز سے بند ہیں۔

  • پارا چنار میں خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ

    پارا چنار میں خیبرپختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ

    وزیر اعلیٰ کے پی کی ہدایت پر پارا چنار جانے والے وفد کے ہیلی کاپٹر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے پی حکومت کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی گئی واقعے میں ہیلی کاپٹر اور حکومت کا وفد محفوظ رہا ہے۔

    وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ کی سربراہی میئں وفد پارا چنار گیا تھا، وفد کرم میں امن و امان کا جائزہ لینے، جرگے کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق وفد  چیف سیکرٹری اسلم چوہدری ،کمشنرکوہاٹ ڈویژن، ڈی آئی جی کوہاٹ اور دیگر شریک تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہیلی کاپٹر نے محفوظ لینڈنگ کی اور خیبرپختونخوا حکومت کا وفد محفوظ رہا۔

  • پارا چنار پر ایرانی بیان،  دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آگیا

    پارا چنار پر ایرانی بیان، دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آگیا

    اسلام آباد : پاکستان نے پاراچنار پر ایرانی بیان کو غیر ضروری دے دیا اور کہا بیان میں مکمل صورتحال کا احاطہ موجود نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پارا چنار پر ایرانی بیان کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی انسان کا قتل ناقابل برداشت ہے۔

    ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاراچنار پر ایرانی بیان غیر ضروری ہے ، اس بیان میں پارا چنار کی مکمل صورتحال کا احاطہ موجود نہیں ہے، وزارت داخلہ اس حوالے سے کام کر رہی ہے.

    ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے حوالے سے ذمہ دار ہے اور اپنے شہریوں کوکہا وہ جن ممالک میں ہیں وہاں کےقوانین کا احترام کریں۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے غیر ملکیوں کے حوالے سے اپنے قوانین موجود ہیں۔

    فریکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ جرمن حکومت کو کہا ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

  • پارا چنار : اسکول میں فائرنگ ،  6 اساتذہ جاں بحق

    پارا چنار : اسکول میں فائرنگ ، 6 اساتذہ جاں بحق

    پاراچنار: اسکول میں نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 6 اساتذہ جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں گورنمنٹ ہائی اسکول تری مینگل اور گاڑی پر فائرنگ کے 2 واقعات پیش آئے، فائرنگ کے نتیجے میں اسکول میں 6 اساتذہ جاں بحق ہوگئے۔

    دوسرے واقعے میں شلوزان روڈ پر گاڑی پر فائرنگ سے ایک ٹیچر جاں بحق ہوگیا، اسکول میں فائرنگ کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اساتذہ اسکول میں میٹرک کےامتحان کی ڈیوٹی پر تھے کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ اسکول کےاسٹاف روم میں کی۔

    پاراچنار:فائرنگ کرنیوالے ملزمان کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور ضلع بھر میں آمدورفت کے راستے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر بند کردیئے گئے ہیں۔

    بورڈ ذرائع نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعات کے بعد کوہاٹ بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے امتحانات ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔

  • پارا چنارمیں خود کش حملہ آورکی ویڈیو اے آروائی کوموصول

    پارا چنارمیں خود کش حملہ آورکی ویڈیو اے آروائی کوموصول

    پارا چنار : گزشتہ دنوں پارا چنار میں ہونے والے خود کش دھماکے میں ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گرد کی دوسرے دھماکے سے قبل کی ویڈیو اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں دو خود کش دھماکے ہوئے تھے جس میں 70سے زائد افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے.

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مشکوک شخص سفید رنگ کی گاڑی سے اتر رہا ہے، بعد میں وہ گاڑی واپس چلی گئی، جائے حادثہ پر بھی مبینہ خود کش حملہ آور کو دیکھا جا سکتا ہے۔


    مزید پڑھیں: پاراچناردھماکا، جاں‌ بحق افراد کی تعداد 24 ہوگئی


    فوٹیج میں سرخ دائرے میں موجود شخص حملہ آور ہوسکتا ہے۔ حملہ آور دوڑتا ہوا آگے بڑھا لیکن نظر بندی چوک پر لیویز اہلکار کھڑے ملے تو واپس پلٹا، اور بعد ازاں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

  • موسم کی خرابی، آرمی چیف کا ہیلی کاپٹر پارا چنار میں‌ لینڈ نہ کرسکا

    موسم کی خرابی، آرمی چیف کا ہیلی کاپٹر پارا چنار میں‌ لینڈ نہ کرسکا

    راولپنڈی: آرمی چیف پارا چنار کا دورہ نہ کرسکے، موسم خرابی کے سبب ہیلی کاپٹر لینڈ نہ کرسکا۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کے دوسرے دن (آج ) پارا چنار میں ہونے والے دھماکوں میں شہید افراد کے لواحقین سے ملنے کا اعلان کیا تھا لیکن موسم کی خرابی کے سبب وہ پارا چنار پہنچ نہ سکے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق موسم کی خرابی کے سبب آرمی چیف کا ہیلی کاپٹر پارا چنار میں لینڈنہیں کرسکا، موسم ٹھیک ہوتےہی آرمی چیف دوبارہ پارا چنار روانہ ہوں گے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ فوجی حکام پارا چنار واقعے کے لواحقین سے رابطے میں ہیں۔

    خیال رہے کہ آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ آرمی چیف عید کے دوسرے دن شہید افراد کے لواحقین کا دکھ بانٹنے پاراچنار جائیں گے، جہاں وہ مختلف مذہبی رہنماؤں علامہ ناصر عباس، علامہ افتخار نقوی سمیت دیگر علما سے ملاقاتیں کریں گے۔


    مزید پڑھیں : سپہ سالار کی جوانوں کے ساتھ عید


    قبل ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجودہ کا کہنا تھا کہ بطور پاکستانی اور مسلمان ہم سب متحد ہیں، دشمن کی فرقہ وارانہ بنیادوں پر ٹارگٹ کرنے کی سازش ناکام ہوگی، دہشت گردی پھیلانے کی دشمن کی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    واضح رہے کہ پارا چنار سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں اب تک 55 افراد شہید ہوچکے ہیں۔

    دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور سانحہ احمد پور شرقیہ کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید سادگی سے منانےکا اعلان کیا تھا، گذشتہ روز آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر جوانوں کے ساتھ سادگی سے عید منائی، نمازِ عید ادا کی اور ان کے ہمت و حوصلے کو سراہا۔

    لائن آف کنٹرول پر ہونے والی نمازعید میں پاکستان کے استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، سپہ سالار نے جوانوں کو عید کی مبارک باد دی اور سب سے گلے بھی ملے۔ سپہ سالار کو اپنے درمیان پاکر نوجوانوں نے مسرت کا اظہار کیا اور انہیں عید کی مبارک باد پیش کی تھی۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔