Tag: پارلیمانی سیکریٹری ریلوے

  • ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا: پارلیمانی سیکریٹری

    ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا: پارلیمانی سیکریٹری

    اسلام آباد: پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ریلوے کی سواریوں میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہو چکا ہے، ہم نے ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے قومی اسمبلی اجلاس میں محکمہ ریلوے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں ریلوے میں ایک کروڑ سواریوں کا اضافہ ہوا۔

    انھوں نے کہا ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں بھی اضافہ کیا گیا، دوسری طرف ریلوے کے اخراجات کم کیے گئے، ریلوے اپنے ٹریک پر رواں دواں ہے بلکہ پھل پھول رہا ہے۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ فیصل آباد ریلوے اسٹیشن بھوت بنگلے کا منظر پیش کرتا تھا، اب اس کی تزئین و آرایش شروع کر دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  محکمہ ریلوے کی بدانتظامی، ٹرینیں حسب معمول تاخیر کا شکار، مسافر اذیت میں مبتلا

    پارلیمانی سیکریٹری نے کہا محدود وسائل میں رہ کر ریلوے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ محکمہ ریلوے کی بد انتظامی اور حادثات سے ٹرینوں کی آمد و رفت کا شیڈول کچھ عرصے سے مسلسل تاخیر کا شکار ہے، ریلوے حکام ٹرین آپریشن کو معمول پر لانے میں ناکام رہے ہیں جس سے مسافروں کو انتظار کی کوفت اور اذیت کا سامنا ہے۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے رواں ماہ کہا تھا کہ 5 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کرنا ہے، ہم 138 ٹرینیں روزانہ چلا رہے ہیں، ساری ٹرینیں افسران اور مزدوروں کی محنت سے چلی ہیں، میں چاہتا ہوں سیاست سے بالاتر ہوکر ریلوے چلایا جائے۔

  • اپوزیشن میں بڑے عہدوں پر بیٹھے حقیقت میں چھوٹے لوگ ہیں: پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب

    اپوزیشن میں بڑے عہدوں پر بیٹھے حقیقت میں چھوٹے لوگ ہیں: پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب

    اسلام آباد: وفاقی پارلیمانی سیکریٹری ریلوے فرخ حبیب نے اپوزیشن کے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن میں بڑے عہدوں پر بیٹھے حقیقت میں چھوٹے لوگ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمانی سیکریٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 80 سے زائد سفیروں کی موجودگی میں اپوزیشن نے احتجاج کیا، اپوزیشن والوں کو پارلیمنٹ میں کشمیری رہنماؤں کی تصاویر لانی چاہیے تھیں، لیکن انھوں نے جیل میں قید لوگوں کی تصاویر لائیں۔

    فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عوام نے لسانی بنیادوں پر نعرے لگانے والوں کو مسترد کر دیا ہے، اپوزیشن کو چاہیے مسئلہ کشمیر پر وزیر اعظم عمران خان کا ساتھ دیں۔

    تازہ خبریں پڑھیں:  جمہوریت کی آڑ میں لوٹ مار اور کرپشن عوام کے ساتھ ظلم ہے، عثمان بزدار

    پارلیمانی سیکریٹری نے کہا کہ دنیا کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کر رہی ہے لیکن حادثاتی چیئرمین ابو بچاؤ مہم چلا رہے ہیں، انھیں کشمیر سے غرض نہیں، مریم نواز بھی کشمیر ریلی کی بجائے این آر او مانگ رہی تھی۔

    انھوں نے حکومتی مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے گرفتار اراکین قوم کی لوٹی دولت قومی خزانے میں جمع کرائیں گے تو پھر ان کے ساتھ کوئی ڈیل ہو سکتی ہے۔

    یاد رہے کہ آج دنیا بھر میں جمہوریت کا عالمی دن منایا گیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت عوام کی حکمرانی کا نام ہے، جمہوریت کی آڑ میں لوٹ مار اور کرپشن عوام کے ساتھ ظلم ہے، سابق حکمرانوں نے ذاتی مفادات کو ترجیح دے کر جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔