Tag: پارلیمنٹ، لوڈ شیڈنگ پر تکرار

  • قومی اسمبلی اجلاس، مہنگی بجلی و لوڈ شیڈنگ پر اتحادیوں میں تکرار، نور عالم کی وزیر توانائی پر تنقید

    قومی اسمبلی اجلاس، مہنگی بجلی و لوڈ شیڈنگ پر اتحادیوں میں تکرار، نور عالم کی وزیر توانائی پر تنقید

    قومی اسمبلی اجلاس میں مہنگی بجلی اور لوڈشیڈنگ پر اتحادیوں میں تکرار ہوئی جب کہ پی ٹی آئی کے مںحرف ایم این اے نور عالم خان وزیر توانائی کی غیر حاضری پر برس پڑے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے منحرف ایم این اے اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم خان وزیر توانائی خرم دستگیر خان کی ایوان میں غیر حاضری پر برس پڑے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ بجلی کے نرخ بڑھائے جا رہے ہیں لیکن بجلی نہیں دی جاتی، دس دس دن بجلی نہیں آتی۔ اس اہم عوامی مسئلے پر بجلی کے وزیر ایوان میں آکر وضاحت کیوں نہیں دیتے؟

    اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کا کہنا تھا کہ مختلف علاقوں میں کئی روز سے بجلی غائب ہے، لوڈشیڈنگ شیڈول کے مطابق کی جائے، شیڈول سے ہٹ کر لوڈشیڈنگ پر پارلیمنٹ باز پرس کرے گی۔

    اس موقع پر حکومتی رکن قومی اسمبلی رانا تنویر حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2013 سے قبل 20، 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، جس پر قومی اسمبلی اجلاس میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایک حکومت میں ہیں، متنازع باتیں نہ کی جائیں، وفاقی وزیر کہہ رہے ہیں کہ 2013 میں ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔

    خورشید شاہ نے مطالبہ کیا کہ 2008 سے 2018 تک بجلی کی کیا صورتحال تھی اس کی انکوائری کی جانی چاہیے، انھوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے جو اقدامات کیے اس سے سستی بجلی ملی، 2000 میگا واٹ بجلی تو تھر کول سے مل رہی ہے، قوم کو معلوم ہونا چاہیے کس نے ملک کے ساتھ کتنا ظلم کیا۔