Tag: پارلیمنٹ لاجز

  • پی ٹی آئی ممبران سے پارلیمنٹ لاجز خالی کرانے کے لیے آپریشن کا فیصلہ

    پی ٹی آئی ممبران سے پارلیمنٹ لاجز خالی کرانے کے لیے آپریشن کا فیصلہ

    اسلام آباد : سی ڈی اے نے پی ٹی آئی ممبران سے پارلیمنٹ لاجز خالی کرانے کے لیے آپریشن کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ترقیاتی ادارے کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سی ڈی اے نے پی ٹی آئی ممبران سے پارلیمنٹ لاجزآج خالی کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

    سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز خالی کرانےکیلئے دن 2 بجے آپریشن کیا جائے گا۔

    سی ڈی اے ڈائریکٹر کی جانب سے مجسٹریٹ کو آپریشن میں معاونت کیلئےخط لکھ دیا گیا ہے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ آپریشن میں کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے معاونت کی جائے۔

    سی ڈی اے کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ممبران کو24 جنوری کو رہائش گاہیں خالی کرنے کا نوٹس دیا، رہائش گاہیں خالی نہ ہونے پرآج آپریشن کافیصلہ کیاگیاہے۔

    خط کے مطابق اسد قیصر ، آفتاب جہانگیر سمیت متعدد اراکین نے پارلیمنٹ لاجز خالی نہیں کیے

  • انصار الاسلام کے  پارلیمنٹ لاجز میں داخلے کی ویڈیو نے پولیس کی نااہلی کا پول کھول دیا

    انصار الاسلام کے پارلیمنٹ لاجز میں داخلے کی ویڈیو نے پولیس کی نااہلی کا پول کھول دیا

    اسلام آباد : پارلیمنٹ لاجز میں انصارالاسلام کے کارکنان کے داخلے کی ویڈیو نے پولیس کی نااہلی کا پول کھول دیا، کارکنان جتھے کی شکل میں اندر داخل ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ لاجزمیں انصارالاسلام کے داخلے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ، انصار الاسلام کے داخلے کی ویڈیو نے پولیس کی نااہلی کا پول کھول دیا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انصارالاسلام کے 50سے زائد کارکنان پارلیمنٹ لاجز میں داخل ہوئے ، یہ تمام لوگ پارلیمنٹ لاجز کے سامنے والے گیٹ سے داخل ہوئے۔

    فوٹیج کے مطابق انصارالاسلام کے کارکنان جتھے کی شکل میں اندر داخل ہوئے ، اس موقع پر کارکنان کوکسی پولیس والے نے روکنے کی کوشش نہیں کی۔

    یاد رہے انصارالاسلام کے جتھے کے پارلیمنٹ لاجزاور احاطے میں گشت کے بعد وفاقی پولیس نے بھرپور ایکشن لیا ، پولیس کی بھاری نفری پارلیمنٹ لاجز پہنچی تو انصارالاسلام کے کارکنان اور پولیس آمنے سامنے آگئے۔

    پولیس جےیوآئی (ف) کےرکن اسمبلی جمال الدین اورصلاح الدین اور مزاحمت کرنے والے تمام کارکنان کو اپنے ساتھ لے گئی۔

  • پارلیمنٹ لاجز کی تزئین و آرائش کے لیے ساڑھے 11 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری

    پارلیمنٹ لاجز کی تزئین و آرائش کے لیے ساڑھے 11 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری

    اسلام آباد: پارلیمنٹ لاجز کی تزئین و آرائش کے لیے 11 کروڑ 55 لاکھ روپے کے ٹینڈرز جاری کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ لاجز کی تزئین و آرائش کے لیے 11 کروڑ روپے کے ٹینڈرز جاری کردیے گئے۔ ارکان پارلیمنٹ کے لیے 3 کروڑ روپے کا نیا فرنیچر خریدنے کا ٹینڈر دے دیا گیا۔

    پرانے فرنیچر کی پالش پر 45 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ پارلیمنٹ لاجز کے باتھ روم اپ گریڈ کرنے پر 95 لاکھ روپے کا ٹینڈر دیا گیا۔ ارکان پارلیمنٹ کے کچن پر 60 لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

    نئے ارکان پارلیمنٹ کے لیے 50 لاکھ کے پردے خریدنے کا ٹینڈر دیا گیا۔ ارکان کو پرانے قالین پسند نہیں آئے، 40 لاکھ کے قالین خریدے جا رہے ہیں۔

    ارکان کی گاڑیوں کو دھوپ اور بارش سے بچانے کے لیے 2 کروڑ کی پارکنگ شیڈ لگیں گے۔

    پارلیمنٹ لاجز کی صفائی کے لیے 2 کروڑ 80 لاکھ کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔ ارکان کے کمروں کی سیلنگ 30 لاکھ میں نئی کی جائے گی جبکہ 25 لاکھ روپے کے کوکنگ رینج خریدنے کا ٹینڈر بھی جاری کیا گیا ہے۔

  • سابق پارلیمینٹرینز پارلیمنٹ لاجز پر قابض، فہرست منظرعام پر آگئی

    سابق پارلیمینٹرینز پارلیمنٹ لاجز پر قابض، فہرست منظرعام پر آگئی

    اسلام آباد : پارلیمنٹ لاجز پر قابض رہنے والے  سابق پارلیمینٹرینز کی فہرست منظرعام پر آگئی، جن میں طلال چوہدری، فاروق ستار، پیر امین الحسنات، ظفر اللہ جمالی، بلال ورک، شیخ آفتاب احمد کے نام شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق 52 سابق پارلیمینٹرینز کا تاحال پارلیمنٹ لاجز پر قبضہ ہے، جن میں بڑے ناموں کی بڑی فہرست سامنے آگئی۔

    فہرست کے مطابق طلال چوہدری، فاروق ستار،پیرامین الحسنات، ظفر اللہ جمالی، طاہر اقبال، بلال ورک، مولانا امیر زمان، شیخ آفتاب احمد کے نام شامل ہیں۔

    آفتاب شیرپاؤ، مزمل قریشی، خواجہ سہیل ،غلام ربانی کھر، سردارجعفر،جعفر اقبال ، عبدالغفار ڈوگر، محمود اچکزئی ، راجہ مطلوب مہدی، شیزہ فاطمہ،شیخ صلاح الدین، زین الہٰی بھی رہائش گاہ پر قابض ہیں۔

    دوسری جانب سی ڈی اے ضلعی انتظامیہ نے قابض سابق پارلیمنٹیرینز کے خلاف آپریشن کیا اور سابق رکن طاہراقبال اور کاظم علی شاہ کے کمرے کا تالا توڑ دیا گیا۔

    آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، وفاقی پولیس اورسی ڈی اے انفورسمنٹ عملہ شامل تھا۔

  • پارلیمنٹ لاجز میں واقع طلال چوہدری کے فلیٹ میں چوری

    پارلیمنٹ لاجز میں واقع طلال چوہدری کے فلیٹ میں چوری

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری کے پارلیمنٹ لاجز میں واقع فلیٹ میں چوری کا واقعہ پیش آگیا۔ چور قیمتی گھڑیاں اور زیورات چرا کر لے گیا۔

    پولیس کے مطابق چور بالکنی کے راستے فلیٹ میں داخل ہوا۔ طلال چوہدری کے بھائی نے پولیس کو چوری کی اطلاع دی۔ ان کے مطابق جب وہ وہاں گئے تو انہیں دروازہ ٹوٹا ہوا ملا۔ فلیٹ میں سامان بکھرا ہوا تھا جبکہ قیمتی گھڑیاں اور زیورات غائب تھے۔

    پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں کی بھرمار، چینی ماہرین بھی ناکام *

    واقعہ کی پولیس کو رپورٹ کردی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

    طلال چوہدری ان دنوں فیصل آباد میں ہیں اور ان کا فلیٹ خالی تھا جس دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ وہ واپس آکر اس معاملے کو دیکھیں گے۔

    جمشید دستی کا پارلیمنٹ لاجز میں غیر اخلاقی حرکات کی تحقیقات کا مطالبہ *

    واضح رہے کہ پارلیمنٹ لاجز کا علاقہ سخت سیکیورٹی کا علاقہ ہے۔ یہاں آنے جانے والوں کی مکمل تلاشی لی جاتی ہے جبکہ پارلیمنٹ لاجز میں آنے والے افراد کی باضابطہ انٹری ہوتی ہے۔ عام افراد کا وہاں داخلہ تقریباً ممنوع ہے۔

  • پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں کی بھرمار، چینی ماہرین بھی ناکام ہو گئے

    پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں کی بھرمار، چینی ماہرین بھی ناکام ہو گئے

    اسلام آباد : ارکان اسمبلی کی رہائش گاہ میں چوہوں نےڈیرہ ڈال لیا۔ چینی ماہرین بھی ناکام ہو گئے، اسلام آبا د کے عالی شان پارلیمنٹ لاجز میں ارکان اسمبلی چوہوں کی بھرمار سےعاجز آگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے بعد چوہوں نے وفاقی دارالحکومت میں پارلیمنٹ لاجز کو اپنا مسکن بنا لیا، قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں خواتین ارکان چوہوں کے خلاف آواز بلند کرتی رہیں۔

    حکمران رکن اسمبلی عالیہ کامران نے بتایا کہ چینی ماہرین بھی چوہے بھگانے آئے تھے لیکن ناکام ہوگئے، انہوں نے وضاحت کی کہ ارکان پارلیمنٹ بھی انسان ہیں،چوہے انہیں بھی کاٹ سکتےہیں۔

    رکن اسمبلی عالیہ کامران نے شکایت کی کہ پہلےتولال بیگ اورچوہے تھے، اب سانپ بھی نکلنے لگے ہیں، رکن اسمبلی کرن حیدرکا شکوہ تھا کہ چوہے ان کے کاجو اوربادام بھی چٹ کرجاتےہیں۔

    ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ چوہوں کی موجودگی سے بے حد پریشان ہیں اور انہوں نے کئی بار چوہوں کی ویڈیو تک بنانے کی کوشش کی ہے تاکہ معاملے سے ذمہ داروں کو آگاہ کیا جائے مگر چوہے ذرا سی حرکت اور شور سن کر ڈائس کے نیچے چھپ جاتے ہیں ۔

    دوسری جانب سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر چوہوں کو پکڑنے کیلئے ٹریپ اور گولیاں ڈال دی ہیں او ربہت جلد چوہوں کا خاتمہ کر دیا جائے گا ۔

    یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی ارکان اسمبلی پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں کی موجود گی کی شکایت کرچکے ہیں، ارکان اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ پارلیمنٹ لاجز میں صفائی نہیں کرسکتی تو باقی شہر کا خدا ہی حافظ ہے۔