Tag: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس

  • اہم قانون سازی ، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 24 جنوری کو طلب

    اہم قانون سازی ، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 24 جنوری کو طلب

    اسلام آباد : حکومت نے اہم قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 24 جنوری کو طلب کرلیا، اجلاس میں متعدد قوانین منظور کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 24 جنوری کو طلب کرلیا ہے۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی ایڈوائس صدر آصف زرداری کو بھجوادی ہے۔

    اجلاس جمعہ کی صبح دس بجے یوگا، اہم قانون سازی کیلئے پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا یے، اجلاس میں متعدد قوانین منظور کرائے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ قوانین دونوں ایوانوں سے منظور نہ ہونے کے باعث مشترکہ اجلاس سے منظور کرائے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت نے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو اسلام آباد میں قیام کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    پارلیمانی ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے اپنے ارکان کو ہدایت کی کہ تمام اراکین مشترکہ اجلاس کے موقع پر ایوان میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

    گذشتہ روز وزیراعظم کی قومی اسمبلی آمد پر اپوزیشن نےاجلاس چلنےنہ دیا اور  ‘اوو اوو’ کی آوازیں نکالیں ساتھ چور چور کے نعرے لگائے۔

    اپوزیشن لیڈرعمرایوب نے طنز کیا اور ڈیسک بجا کر وزیراعظم کا استقبال کیا  جبکہ پی ٹی آئی ارکان نےایجنڈے کی کاپیاں پھاڑدیں۔

    بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی کو اجلاس ملتوی کرنا پڑا۔

  • صدارتی انتخاب : پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 9 مارچ کو طلب

    صدارتی انتخاب : پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 9 مارچ کو طلب

    اسلام آباد : صدارتی انتخاب کے لئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس 9 مارچ کوطلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس نو مارچ کوطلب کرلیا، اجلاس میں نئے صدر کاانتخاب کیا جائے گا۔

    یاد رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا تھا، شیڈول کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ 9 مارچ کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔

    مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق)، ایم کیو ایم پی، آئی پی پی، بی اے پی، مسلم لیگ ضیاء اور نیشنل پارٹی پر مشتمل اتحاد نے آصف علی زرداری کو صدر کے عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔

    دریں اثنا، پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل (ایس آئی سی) نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو اس نشست کے لیے نامزد کر دیا۔

    336 میں سے اتحاد کے پاس اب تک قومی اسمبلی میں 209 نشستیں ہیں جب کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس 104 ارکان ہیں۔

  • پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا

    اسلام آباد : پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا ، جس میں افواج پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر مذمتی قرارداد منظور کرائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا۔

    مشترکہ اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے ، آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ملک میں دہشت گردی کے باعث امن وامان کی ابتر صورتحال اور پارلیمنٹ میں قومی اداروں کے احترام کے معاملے پر بحث ہوگی۔

    اجلاس میں قومی اداروں کے احترام کے علاوہ خارجہ پالیسی ،معاشی صورتحال اور موسمیاتی تبدیلی پر بھی بحث کی جائے گی۔

    اجلاس میں افواج پاکستان اور اس کی قیادت کے خلاف سوشل میڈیا پر ہرزہ سرائی کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرائی جائے گی۔

  • پی ٹی آئی سینیٹرز کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

    پی ٹی آئی سینیٹرز کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹرز نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    اپوزیشن کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کا کوئی سینیٹر پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا، پی ٹی آئی سینیٹرز کو شرکت نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    سینیٹ میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما کے مطابق مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ جس اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ایم این ایز استعفے دے چکے ہیں، وہاں سینیٹرز بھی شریک نہیں ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ پی ٹی آئی کے سینیٹرز بھی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔

    واضح رہے کہ آج پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت عارف علوی خطاب کریں گے، اس حوالے سے پی ٹی آئی کی حکمت عملی کے تحت کوئی سینیٹر اس میں شرکت نہیں کرے گا۔

  • پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس: وزیراعظم  کی بیماری کے باوجود آنے والے ایم این اے  کے جذبے کی تعریف

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس: وزیراعظم کی بیماری کے باوجود آنے والے ایم این اے کے جذبے کی تعریف

    اسلام آباد : پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تاریخی بلوں کی منظوری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے بیمار ہونے کے باوجود اجلاس میں شرکت پر ایم این ایز کے جذبے کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں قوم اور پی ٹی آئی کے توسط سے گذشتہ روز ہونے والے مشترکہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں بیماری کے باوجود ووٹنگ کیلئے آنے والے ایم این ایز کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    عمران خان نے کہا ایم این ایزکے جذبے کو سراہتا ہوں، خیال زمان،احسان اللہ ٹوانہ ،راحت امان اللہ بھٹی شدیدعلالت کےباوجودآئے جبکہ شیخ رشید کا شکر گزار ہوں جو بھائی کی وفات کے باوجود اجلاس میں آئے۔

    یاد رہے گذشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت نے عددی برتری ثابت کردی تھی ، اجلاس میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے اور عام انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال کی راہ ہموار کرنے سمیت متعدد بلوں کی منظوری دی گئی تھی۔

  • پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس  : حکومت کی 22 بل ایک ساتھ منظور کرانے تیاری

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس : حکومت کی 22 بل ایک ساتھ منظور کرانے تیاری

    اسلام آباد : بڑی قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس آج ہوگا، حکومت نے آج 22 بل ایک ساتھ منظور کرانے تیاری کرلی ہے ، جس میں ای وی ایم اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے بل شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بڑی قانون سازی کے لیے پارلیمنٹ کامشترکہ اجلاس آج دن بارہ بجے شروع ہوگا، جس میں الیکشن اصلاحات،اووسیزپاکستانیوں کو ووٹ کا حق اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق بل بھی پیش کئے جائیں گے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت نے بائیس بل ایک ساتھ منظور کرانے کی حکمت عملی تیارکرلی جبکہ آٹھ بلز پر مختلف ترامیم پیش کی جائیں گی، خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی قومی کے علاوہ کئی دوسرے زیر التو بل بھی ایجنڈا کا حصہ ہیں۔

    اجلاس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اوراطراف میں خصوصی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں، وزرا سمیت ارکان پارلیمنٹ کے مہمانوں کے داخلے پر پابندی عائد ہے ، ارکان کے لیے پارلیمنٹ لاجز، گورنمنٹ ہاسٹل اورپارلیمنٹ ہاؤس کے درمیان شٹل سروس چلائی جائے گی جبکہ ارکان کے سیکورٹی گارڈز پر پارلیمنٹ ہاوس میں داخلے پر بھی پابندی ہوگی۔

    گذشتہ روز وزیراعظم سے ارکان پارلیمنٹ،حکومتی قانونی ٹیم اوراتحادیوں کی ملاقاتیں ہوئیں تھیں ، جس میں ایم کیوایم نے مشترکہ اجلاس میں بلوں پر حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی جبکہ وزیراعظم نے ارکان کومشترکہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تھی۔

    پارلیمنٹ ہاؤس کی راہداری میں صحافی کے سوال پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اسپورٹس مین ہمیشہ جیت کے لیے میدان میں اترتا ہے۔

    یاد رہے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں وزیراطلاعات فوادچوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہہمارےنمبرپورےہیں اسی لیےحکومت میں ہیں، ہم اوورسیزپاکستانیوں کوووقت کاحق دیناچاہتےہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے، چاہتےہیں اپوزیشن اورالیکشن کمیشن کی تجاویزبل میں شامل کریں، پارلیمنٹ قانون بنالے گی توتمام ادارے اس کے پابند ہوں گے۔

  • مشترکہ اجلاس، حکومتی حکمت عملی تیار، پارلیمنٹ کی سیکیورٹی سخت، شٹل سروس چلے گی

    مشترکہ اجلاس، حکومتی حکمت عملی تیار، پارلیمنٹ کی سیکیورٹی سخت، شٹل سروس چلے گی

    اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے سلسلے میں حکومت نے اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے، پارلیمنٹ کی سیکیورٹی سخت کرنے اور ارکان کے لیے شٹل سروس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے بڑی قانون سازی کے لیے حکمت عملی تیار کر لی، دوسری طرف اپوزیشن نے بھی حکومت کوٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت اوراپوزیشن دونوں کی جانب سے اپنے اپنے ارکان کی حاضری یقینی بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

    مشترکہ اجلاس میں حکومت کی جانب سے 22 بل ایک ساتھ منظور کرانے کی حکمت عملی ہے، جن میں انتخابی اصلاحات، ای وی ایم، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل شامل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ اجلاس میں 8 بلز پر مختلف ترامیم منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی، اس اجلاس میں ایسے بل بھی پیش ہوں گے جو سینیٹ سے منظور نہیں ہو سکے تھے۔

    دوسری جانب پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور پارلیمان میں وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کے مہمانوں، اور ارکان کے سیکیورٹی گارڈز کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    مشترکہ اجلاس کے سلسلے میں ارکان کے لیے شٹل سروس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو پارلیمنٹ لاجز ہاسٹل اور پارلیمنٹ ہاکس کے درمیان چلے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان خود بھی ایکشن میں ہیں، انھوں نے اجلاس کے حوالے سے صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ کھلاڑی میدان میں اترتا ہے تو یہی سمجھتا ہے کہ جیتےگا، انھوں نے آج پارلیمنٹ ہاؤس میں بیٹھک سجائی، اور ارکان اسمبلی و سینیٹرز سے ملاقاتیں کیں، حکومتی قانونی ٹیم بھی چند گھنٹوں کے فرق سے دو بار ملی۔

    سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ کل کے مشترکہ اجلاس کے لیے تیاری مکمل ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزادر اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی وزیر اعظم سے چیمبر میں ملاقات کی، ایم کیو ایم کے رہنما امین الحق اور خالد مقبول صدیقی بھی وزیر اعظم سے ملے، ایم کیو ایم پاکستان نے مشترکہ اجلاس میں وفاقی حکومت کو ای وی ایم پر سپورٹ کرنے کا یقین دلایا، جب کہ وزیر اعظم نے ایم کیو ایم سے مطالبات جلد پورے کرنے کا وعدہ کیا۔

  • ایم کیوایم نے وزیر اعظم کو مشترکہ اجلاس میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی

    ایم کیوایم نے وزیر اعظم کو مشترکہ اجلاس میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے ایم کیو ایم وفد نے ملاقات کی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم نے وزیر اعظم کو مشترکہ اجلاس میں مکمل ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم نے وزیر اعظم سے اپنے مطالبات پر بھی بات کی، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کو ترقیاتی منصوبوں کے مطالبات کی جلد حل کی یقینی دہانی کرائی گئی۔

    وزیر اعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی ملاقات کی، جس میں موجودہ سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا، اور مشترکہ پارلیمنٹ اجلاس کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عثمان بزدار نے پنجاب میں جاری منصوبوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ پنجاب آج ارکان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

    ادھر پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے قبل حکومت نے ایک اور کامیابی حاصل کر لی ہے، بلوچستان عوامی پارٹی اپنے ناراض سینیٹر کہدہ بابر کو منانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔

    بی اے پی سیکریٹری جنرل منظور کاکڑ نے ناراض سینیٹر کہدہ بابر سے ملاقات کی، ذرائع کا کہنا ہے کہ منظور کاکڑ نے کہدہ بابر کو دوبارہ پارٹی میں فعال ہونے کی درخواست کی، منظور کاکڑ نے پارٹی صدر ظہور بلیدی کا پیغام بھی پہنچایا، یاد رہے کہ اس سے قبل عبدالقدوس بزنجو بھی کہدہ بابر کو دراخوست کر چکے ہیں۔

  • پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، اہم بلز کی منظوری کیلئے وزیراعظم خود متحرک

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس، اہم بلز کی منظوری کیلئے وزیراعظم خود متحرک

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ، جہاں وہ ملاقات میں ایم این ایز،سینیٹرز کو مشترکہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانےکی ہدایت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اہم بلز کی منظوری کیلئے وزیراعظم عمران خان خود متحرک ہیں ، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔

    وزیراعظم پارلیمنٹ ہاؤس اپنے چیمبر میں اہم ملاقاتیں کریں گے ، جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس پر مشاورت کی جائے گی۔

    وزیراعظم سے مختلف حلقوں کے ارکان پارلیمنٹ اورکابینہ کے ارکان بھی ملاقاتیں کریں گے ، جس میں وزیراعظم ایم این ایز،سینیٹرز کو مشترکہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانےکی ہدایت کریں گے۔

    وزیراعظم کی زیر صدارت معمول کے اجلاس ،وفود کی ملاقاتیں بھی ہوں گی جبکہ  مشترکہ اجلاس کی وجہ سےوزیر اعظم نے آج کابینہ کا اجلاس بھی مؤخرکردیا ہے۔

  • کرونا کی طرح ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے بھی نکلیں گے: وزیر اعظم

    کرونا کی طرح ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے بھی نکلیں گے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرونا وبا کی طرح ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے بھی نکلیں گے، اپوزیشن سے مذاکرات کر کے کوشش کی کہ گرے لسٹ سےنکلیں، لیکن آج ثابت ہو گیا کہ اپوزیشن لیڈرز اور پاکستان کا مفاد اکٹھے نہیں چل سکتا، نیب شقوں میں ترمیم دے کر ہمیں بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی۔

    ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا میں تو سوچ رہا تھا کہ اپوزیشن ذاتی مفاد کی بجائے عوام کا مفاد دیکھے گی، امید اس لیے تھی کہ گرے لسٹ پاکستان کا مسئلہ ہے، امید تھی کہ ایف اے ٹی ایف مسئلے پر اپوزیشن حکومت کا ساتھ دے گی لیکن آج میں نے دیکھ لیا کہ اپوزیشن کو پاکستان کے مفاد کی کوئی فکر نہیں، ساری اپوزیشن نہیں چند لیڈرز صورت حال کے ذمہ دار ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا اپوزیشن نے اپنے مفاد کے لیے ہر قسم کی کوشش کی، اپوزیشن نے نیب قوانین سے متعلق 34 ترامیم پیش کیں، یہ تجاویز اپنے کیسز ختم کرانے کے لیے ہیں، آج اپوزیشن کے اہم لیڈرز منی لانڈرنگ کیسز میں پھنس چکے ہیں، ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ میں پاکستان ہماری وجہ سے نہیں گیا، یہ ہمیں وراثت میں ملی، سب کو پتا ہونا چاہیے کہ بلیک لسٹ میں جانے کا کیا مطلب ہے، بلیک لسٹ ہوتے تو تمام درآمدات پر پابندیاں لگ جاتیں۔

    انھوں نے کہا اللہ کا شکر ہے پاکستان کرونا کی وبا سے باہر نکلا، اس کی وجہ سے بھارت کا جی ڈی پی 24 فی صد نیچے گیا، دوسری طرف ڈبلیو ایچ او کہہ رہا ہے کرونا کے خلاف جنگ میں پاکستان سے سیکھو، امید کر رہا تھا کہ اپوزیشن کم از کم تھوڑی سی تو تعریف کرے گی، لیکن اپوزیشن لیڈرز کا رویہ دیکھا تو میرے شکوک کی آج تصدیق ہو گئی، اپوزیشن کا خیال تھا ہم بلیک میل ہو جائیں گے لیکن نہیں ہوئے۔

    جنسی جرائم روکنے کے لیے 3 طریقوں سے کام کی ضرورت ہے

    وزیر اعظم نے کہا آج اس ایوان نے ثابت کیا ہے کہ یہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، اہم قانون سازی پر تمام اتحادیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، گجرپورہ واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے، ایسی قانون سازی کرنی چاہیے جس سے خواتین اور بچوں کو تحفظ ملے، ریپ سے زندگی تباہ ہوتی ہے بلکہ خاندان بھی نقصان اٹھاتا ہے، جب سے یہ واقعہ ہوا سوچ رہے ہیں اس کے لیے بہترین قرارداد پاس کریں۔

    انھوں نے کہا دنیا کا تجربہ بتاتا ہے کہ جنسی جرائم کرنے والے دوبارہ جرائم کرتے ہیں، ایسے واقعات کے خلاف 3 طریقوں سے کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں سب سے پہلے پولیسنگ کو بہتر کرنا ہوگا، جنسی جرائم میں ملوث عناصر کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا، عابد جیسے درندے پہلے بھی ریپ کیسز میں ملوث رہے، ایسے عناصر کو پہلے سخت سزائیں دی جاتیں تو دوبارہ ایسی درندگی نہ کرتے، پولیس رجسٹریشن ضروری ہے، جس میں جنسی مجرموں کو رجسٹرڈ کیا جاتا ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا ہم عبرت ناک سزاؤں سے متعلق ایک بل کی تیاری کر رہے ہیں جس میں سخت سزائیں شامل ہیں، چند دنوں میں بل اسمبلی کے سامنے پیش کر دیا جائے گا، گجرپورہ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے ہمیں متفقہ قانون منظور کرنا چاہیے۔ تیسرا یہ کہ ملزم کو پکڑ کر جرم کو ثابت کرنا بھی مشکل ترین مرحلہ ہوتا ہے، جرم ثابت کرنے سے متعلق بھی مکمل قانون سازی ہوگی۔