Tag: پارلیمنٹ

  • صدارتی آرڈیننس کے خلاف درخواست، اسلام آباد ہائی کورٹ سے فریقین کو نوٹس جاری

    صدارتی آرڈیننس کے خلاف درخواست، اسلام آباد ہائی کورٹ سے فریقین کو نوٹس جاری

    اسلام آباد: صدارتی آرڈیننسز کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدارتی آرڈیننسز پاس کرنے کے خلاف مسلم لیگ ن کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں سماعت ہوئی، درخواست گزار کی جانب سے عمر گیلانی ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

    وکیل درخواست گزار نے عدالت میں کہا کہ پارلیمنٹ کی موجودگی میں آرڈیننس جاری کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے، عدالت حکومت کو پارلیمنٹ کی تعظیم برقرار رکھنے کا حکم دے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔

    عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔

    یہ بھی پڑھیں:  صدارتی آرڈیننسز کے خلاف ن لیگ نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

    عدالت کا کہنا تھا کہ درخواست گزار نے آرٹیکل 89 کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا ہے، درخواست گزار کے مطابق آرڈیننسز صرف ایمرجنسی میں جاری ہو سکتے ہیں، مستقل قانون سازی آرڈیننس سے نہیں ہو سکتی۔

    واضح رہے کہ عدالت میں دائر درخواست میں صدر پاکستان، سیکریٹری پارلیمنٹ، سیکریٹری سینٹ، وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری، اور سیکریٹری وزارت قانون کو فریق بنایا گیا ہے۔

    قبل ازیں، رکن قومی اسمبلی محسن رانجھا نے عدالت کو بتایا کہ صدر مملکت کے اختیارات محدود ہیں، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اپنے ریمارکس میں کہا دونوں طرف ایگو کا معاملہ لگ رہا ہے، پارلیمنٹ کا کام ہے عوامی مسئلہ حل کریں، عدالت کے اور بہت سے کام ہیں، عدالتوں کو سیاسی مسائل سے دور رکھیں، بد قسمتی سے ڈکٹیٹر شپ نے بھی بہت سارے صدارتی آرڈیننس پاس کیے۔

  • آئی ایم ایف مشن کا وفد آج پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے گا

    آئی ایم ایف مشن کا وفد آج پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے گا

    اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف) مشن کا وفد آج پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرے گا، مشن کے سربراہ ارنسٹو وفد کی سربراہی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف مشن کا وفد سینیٹ اور قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خرانہ کے اجلاس میں شریک ہوگا، قائمہ کمیٹی خزانہ کے درمیان معاشی صورت حال پر بات ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفود 6ارب ڈالر کے قرضے کے حوالے سے بات چیت کریں گے، اس دوران مشن ارکان اقتصادی صورت حال اور بہتری کے اقدامات پر روشنی ڈالیں گے۔

    مالیاتی ادارے کا وفد پروگرام کے تحت پاکستان میں موجود ہے جہاں وہ ملکی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے اور جائزے کی کامیاب تکمیل پر پاکستان کو قرض کی دوسری قسط حاصل ہوجائے گی۔

    دوسری قسط کا حجم45 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہوگا، پاکستان کو ملنے والی پہلی قسط کا حجم99کروڑ 10لاکھ ڈالر تھا۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلیے7کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دیدی

    آئی ایم ایف کا وفد 7نومبر تک پاکستان میں قیام کرے گا، پہلا جائزہ مثبت نوٹ پر ختم ہوا، جب کہ آئی ایم ایف پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرچکا ہے۔

    دوسری جانب 28 اکتوبر کو ایشیائی ترقیاتی بینک (اےڈی بی) نے پاکستان کے لیے7کروڑ 50لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی ہے، قرض کی رقم سیکنڈری تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دی جائے گی۔

  • سابق بے شرم رہنماؤں نے ہمارا سر جھکایا ہوا تھا: مراد سعید

    سابق بے شرم رہنماؤں نے ہمارا سر جھکایا ہوا تھا: مراد سعید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ امریکیوں کو پتہ تھا ہمارے حکمرانوں نے منی لانڈرنگ کر کے جائیدادیں خریدیں، جندال کے آنے پر ہم نے سوال کیا تو کہا ذاتی تعلقات ہیں، بے شرم رہنماؤں نے ہمارا سر جھکایا ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اندر چوروں کی مجلس ہو رہی ہے، مجلس میں کوئی ابو بچاؤ مہم سامنے لائے گا تو کوئی اپنی کرپشن بچائے گا۔ وزیر اعظم کے امریکا دورے کے بعد اس پر بحث کی جانی چاہیئے تھی۔

    مراد سعید نے کہا کہ مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑنے کے باوجود ان پر دہشت گردی کا الزام لگتا تھا، پاکستان میں دہشت گردی جنگ میں شہدا کی تعداد 70 ہزار سے زائد ہے، اس کے باوجود دنیا پاکستان پر الزام لگاتی ہے۔ پہلے دنیا معاشی بدحالی اور کرپشن پر آپ کو اچھی نظر سے نہیں دیکھتی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ پرچی والا چیئرمین کہتا ہے بارش آتی ہے تو پانی آتا ہے، کل کہا آنکھیں نکالوں گا، سابق وزیر اعظم نواز شریف پرچی لے کر تقریر کرتے تھے۔ آصف زرداری سی آئی اے کے ساتھ سودا کرتے تھے، یوسف رضا گیلانی کہتے تھے ڈرون حملے کیے جائیں۔

    مراد سعید کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو پتہ تھا انہوں نے منی لانڈرنگ کر کے جائیدادیں خریدیں، بلاول کی والدہ سے گفتگو بھی سی آئی اے نے سنی۔ مولانا نے کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہ کر بس لسی پی، کھانا کھایا، بنگلے میں رہے۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 74 سال بعد کشمیر کا بیانیہ دنیا تک پہنچایا، آج بین الاقوامی میڈیا بھی کشمیریوں کو رپورٹ کر رہا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا تھا پاکستان میں لشکر طیبہ اور پناہ گاہیں ہیں، ان کی حکومت میں ہمیشہ امریکا کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔

    مراد سعید نے کہا کہ اپنی نواسی کی شادی میں مودی کو بلا کر کشمیریوں پر ظلم و ستم کو بھلا دیا گیا، جندال جب پاکستان آیا تھا ہم نے سوال کیا تھا تو کہا ذاتی تعلقات ہیں۔ ہم سر اٹھا کر جیت سکتے تھے ان بے شرم رہنماؤں نے سر جھکایا ہوا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ صادق لیڈر ملا تو ہزاروں پاکستانیوں نے باہر استقبال کیا، قید پاکستانیوں کو چھڑانے کے لیے عمران خان سعودی عرب گئے۔ پاکستانیوں کو گھر لانے کے لیے عمران خان نے ملیشیا طیارہ بھیجا، آج پاکستانی سر فخر سے اٹھا کر زندگی گزار رہے ہیں۔

  • ڈاکٹرطاہرالقادری نے قومی سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    ڈاکٹرطاہرالقادری نے قومی سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

    لاہور: ڈاکٹرطاہر القادری نے پاکستان عوامی تحریک کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ، کہتے ہیں کہ سیاست سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ حتمی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرطاہرالقادری نے پاکستان عوامی تحریک کی قیادت سے استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ ایک دن میں نہیں کیا بلکہ فیصلے میں پارٹی کی مرکزی شوریٰ اور مرکزی کونسل کی مشاورت شامل ہے ۔

    ڈاکٹرطاہرالقادری کا کہنا تھا کہ قومی بیداری ، شعوراورفکر کے لیے رہنمائی کرتا رہوں گا لیکن اب باقی زندگی ماندہ زندگی تصنیف و تالیف اورامت کاشعور اجاگر کرنےپرصرف کروں گا۔پاکستان عوامی تحریک ختم نہیں کی وہ اپنا کام جاری رکھےگی۔

    انہوں نے کہا کہ 10جلدوں پرقرآن انسائیکلوپیڈیاتیارکرلیاہے، 40جلدوں پرمشتمل سنت انسائیکلوپیڈیاکاکام جاری ہے جو کہ جلد پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

    طاہر القادری کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں پارلیمنٹ صرف ایک ڈبیٹ کلب ہے،پارلیمنٹ میں بیٹھےلوگ صرف اپنےمفادات کادفاع کرتےہیں۔انتخابی نظام دھاندلی،کرپشن اورلوٹ مارکےسہارےکھڑاہے۔پارلیمنٹ میں جانےوالےپرندوں کی طرح پارٹیاں بدلتےہیں،جس تبدیلی کی باتیں کی گئیں وہ نظرنہیں آئی،احتساب کادروازہ کھلاہے۔

    سانحہ ماڈل ٹاؤن پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خون کےآخری قطرے تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ لڑیں گے،پانچ سال میں پہلی بار سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات ہوئیں لیکن معاملہ وہیں کھڑا ہے جہاں5سال پہلےکھڑاتھا۔حکومت بتائے کس کے کہنے پررپورٹ معطل کرائی گئی،حکومت شہداءکےورثاکوانصاف دلانےکی ذمےداریاں ادا کرے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے آئندہ ملک میں سزا نہیں سمجھوتہ نظر آرہا ہے ،سابق حکمران جو سزا بھگت رہے ہیں وہ غیر سنجیدہ ہے ۔اگر سزا سنجیدہ ہوتی تو اب تک لوٹی ہوئی رقم واپس آ چکی ہوتی۔

    مسئلہ کشمیر پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ سےکشمیری ذبح ہورہےہیں لیکن عالمی طاقتوں نےاس ظلم روکنےکےلیےایک جملہ تک نہیں کہامجھےتولگتاہےکہ معاملے پرعالمی طاقتیں آن بورڈ ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسانیت کاتعلق ختم ہوگیاہے اب دنیا میں مفادات کاتعلق ہے اوربڑی طاقتیں طاقتور ظالموں کےساتھ کھڑی ہیں۔

  • صدر کا خطاب، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر، اپوزیشن کا منفی رویہ

    صدر کا خطاب، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر، اپوزیشن کا منفی رویہ

    اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خطاب کے دوران حسب سابق اپوزیشن کی جانب سے منفی رویے کا مظاہرہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ سے صدر مملکت خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر کرنے لگے تو اپوزیشن نے منفی رویہ اپناتے ہوئے شور شرابا شروع کر دیا۔

    صدر مملکت کے خطاب کے دوران اپوزیشن ارکان نے اسپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کر لیا اور تقریر اور ایجنڈے کی کاپیاں ہوا میں اڑا دیں۔

    قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف قومی ترانے کے بعد ایوان میں آئے۔

    صدر مملکت عارف علوی کو اپوزیشن ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا پڑا کہ آپ شور بھی مچاتے رہیں لیکن بات بھی سنتے رہیں تو اچھا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ شور شرابا تو جاری رہے گا لیکن ملک کے مفاد کے لیے فوری طور پر قوانین منظور اور عمل درآمد کرائیں۔

    تازہ ترین:  مسئلہ کشمیر، عالمی برادری کی خاموشی عالمی امن کے لیے خطرے کا باعث ہوگی: صدر پاکستان

    صدر مملکت کے خطاب کے دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان میں تلخ کلامی بھی ہوئی، اجلاس میں پی ٹی آئی اور اپوزیشن اراکین گتھم گتھا ہو گئے، ایک دوسرے کو دھکے دیے۔ پرویز خٹک، عبد القادر پٹیل نے پی پی کے آغا رفیع اللہ کو سمجھانے کی کوشش کی۔

    قبل ازیں، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس شروع ہوا تو ایوان میں وزیر اعظم عمران خان بھی موجود تھے، اجلاس میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سربراہان بھی شریک ہوئے، جب کہ مہمان گیلری میں گورنرز اور وزرائے اعلیٰ موجود تھے۔

    اجلاس شروع ہوا تو آصف زرداری، بلاول بھٹو اور شہباز شریف اجلاس میں شریک نہیں تھے، تاہم شہباز شریف بعد میں ایوان میں آ گئے، اپوزیشن کے گرفتار اراکین کی نشستوں پر ان کی تصاویر رکھ دی گئیں۔

    جن اراکین کی نشستوں پر تصاویر رکھی گئیں ان میں رانا ثناللہ، آصف زرداری اور شاہد خاقان عباسی شامل تھے۔

  • پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، صدر مملکت اہم خطاب کریں گے

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، صدر مملکت اہم خطاب کریں گے

    اسلام آباد: پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس (آج) جمعرات کی شام پانچ بجے ہوگا، صدر مملکت عارف علوی اجلاس سے خطاب کریں گے جس کے بعد باضابطہ طور پر دوسرے پارلیمانی سال کا آغاز ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق آج ہونے والے اجلاس میں ملکی حالات، بھارتی اقدامات، کشمیر میں مظالم، خطے کے ممالک سے تعلقات صدر مملکت کے خطاب کا حصہ ہوں گے۔

    پارلیمانی ذرائع کے مطابق صدرمملکت حکومت کے پہلے سال کی کارکردگی کا احاطہ کرنے کے ساتھ آئندہ سال کے اہداف کا عزم بھی ظاہر کریں گے، اجلاس میں شرکت کے اہم شخصیات کو خصوصی دعوت نامے بھی بھجوا دیئے گئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شرکت کے لئے چاروں صوبائی وزرائے اعلی، گورنرز کو مدعو کیا گیا ہے، تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی، صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر، گورنر و وزیراعلی گلگت بلتستان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

    تمام دوست ممالک میں پاکستان میں موجود سفراء کو بھی اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں شرکت کے لئے صرف خصوصی دعوت ناموں کے حامل افراد اور خصوصی اسٹکرز والی گاڑیوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق مشترکہ اجلاس کے موقع پر ریڈ زون میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے، مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کا بھی امکان ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ آصف زرداری، شاہد خاقان عباسی، سعد رفیق اور رانا ثناءاللہ سمیت زیر حراست ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ ہونے پر احتجاج کا امکان ہے، اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس سے قبل مشاورتی اجلاس ہونے کا بھی قوی امکان ہے، اپوزیشن کے متوقع احتجاج پر حکومت بھی حکمت عملی مرتب کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق اسپیکر کی جانب سے اجلاس سے قبل تمام پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

  • نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں ننھے مہمان کی آمد، اسپیکر نے گود میں اٹھائے رکھا

    نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ میں ننھے مہمان کی آمد، اسپیکر نے گود میں اٹھائے رکھا

    ولنگٹن : نیوزی لینڈ کی اسمبلی بحث کے دوران بچے کے رونے پر اسپیکر اسے جھولا اور لوریاں دیتے اور دودھ بھی پلاتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ پارلیمنٹ کی اعلیٰ ترین نشست پرننھے مہمان کی انٹری نے سب کو اپنی طرف متوجہ کردیا،اسپیکرنے ڈیڑھ ماہ کے بچے کو گود میں بیٹھا کر اجلاس کی صدارت کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ نیوزی لینڈ کی پارلیمنٹ کے اسپیکرنے ڈیڑھ ماہ کے بچے کو گود میں اٹھائے اجلاس کی صدارت کی، بحث کے دوران بچے کے رونے پر اسپیکر اسے جھولا اور لوریاں بھی دیتے رہے اور دودھ بھی پلاتے رہے۔

    اسپیکر نے اسمبلی میں‌ جاری بحث کے دوران شیر خوار بچے کو جھولا جھولانے اور لوریاں دینے کی تصاویر اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے سیاست دان تماٹی کوفی بچے کو اپنے ساتھ پارلیمنٹ میں لے آیاتھا جس پرساتھی اراکین نے خوشی کا اظہار کیا۔

    ہلکی پھلکی کمنٹری کے دوران اسپیکر نے کہا کہ اس نشست پرعام طور پر پریزائیڈنگ آفسر براجمان ہوتا ہے لیکن آج یہاں ایک وی آئی پی بھی موجود ہے،اسپیکرنے بچے کے والد کو مبارکباد بھی دی۔

  • صدر مملکت عارف علوی 30 اگست کو پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے

    صدر مملکت عارف علوی 30 اگست کو پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی 30 اگست کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے، یہ ان کا پارلیمنٹ سے دوسرا خطاب ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 30 اگست کو طلب کرلیا گیا ہے جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 30 اگست کو شام 5 بجے طلب کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے پہلا خطاب گزشتہ برس 17 ستمبر کو کیا تھا۔ اس موقع پر مسلم لیگ نے اجلاس سے واک آؤٹ کیا تھا۔

    اپنے خطاب میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمارا سیاسی نظام عدم استحکام کا شکار رہا، لیکن خوش آئند ہے کہ گزشتہ 3 اسمبلیاں مدت پوری کرنے میں کامیاب رہیں۔ ہمارا بڑا مسئلہ گروہی مفادات و بے پناہ کرپشن ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ قومیں مسائل سے دو چار ہوتی ہیں اور مسائل سے باہر بھی نکلتی ہیں، زندہ و باہمت قومیں مسائل سے گھبرایا نہیں کرتیں۔ پاکستان میں احتساب کے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

    صدر مملکت نےمزید کہا تھا کہ بلوچستان و سندھ کے مختلف علاقے خشک سالی کا شکار ہیں، ملک کو گلوبل وارمنگ سے بچنے کے لیے شجر کاری و نئے ڈیم بنانے ہوں گے۔

  • مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز میں پھل دار پودا لگایا

    مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز میں پھل دار پودا لگایا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی پروگرام کلین اینڈ گرین کے تحت مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد نے پارلیمنٹ لاجز کے فرنٹ لان میں پھل دار پودا لگایا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت رزاق داؤد نے بھی کلین اینڈ گرین مہم میں حصہ لیتے ہوئے پارلیمنٹ کے لان میں پودا لگایا، اس موقع پر وزارت تجارت کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہم راہ موجود تھے۔

    پاکستان ہارٹی کلچر ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ کمپنی کے سربراہ محمد اشرف نے ادارے کے زیر اہتمام ’پلانٹ اے فروٹ ٹری‘ سے مشیر تجارت کو آگاہ کیا۔

    اس موقع پر رزاق داؤد نے کہا کہ پلانٹ اے فروٹ ٹری کے تحت شجر کاری مہم میں نیوٹریشن کا پہلو اہم ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ پر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کی تقریب وفاقی وزراء کا خطاب

    مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ ملک کو بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے بچانے کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی شجر کاری مہم کے ذریعے مقابلہ کریں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پلانٹ اے فروٹ ٹری کا مقصد عوام میں نان کمرشل فروٹ ٹری لگانے کا رجحان اجاگر کرنا ہے۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد میں وزیر اعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو درختوں کی بہت ضرورت ہے، پانچ سال بعد پاکستان یورپ سے زیادہ صاف نظر آئے گا، ایسا پاکستان چھوڑ کر جائیں گے کہ یقین ہی نہیں آئے گا۔

  • کشمیر کے لیے سب کی ایک آواز، وزیر اعظم قدم بڑھاؤ ہم آپ کے ساتھ ہیں: سراج الحق

    کشمیر کے لیے سب کی ایک آواز، وزیر اعظم قدم بڑھاؤ ہم آپ کے ساتھ ہیں: سراج الحق

    اسلام آباد: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ کشمیری قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، قبروں پر پاکستانی جھنڈے ہیں۔ کشمیر کے لیے سب کی ایک آواز ہے وزیر اعظم قدم بڑھاؤ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لیے سب کی ایک آواز ہے وزیر اعظم قدم بڑھاؤ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ اب تک لاکھوں کشمیری شہید ہو چکے ہیں، ہر روز تقریباً 4 کشمیری شہید ہو رہے ہیں، کشمیر کا امن پوری دنیا سے وابستہ ہے جو تباہی کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ دکھ ہوا ہم نے بھی کشمیر کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کی بات کی۔

    انہوں نے کہا کہ نیلسن منڈیلا سے زیادہ قربانی ڈاکٹر عاشق نے دی، تہاڑ جیل میں مقبول اور افضل گرو کی قبر اور اب یاسین ملک قید ہیں۔ کشمیری قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، قبروں پر پاکستانی جھنڈے ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ تمام کشمیری کہتے ہیں کہ میں پاکستانی ہوں۔ کشمیریوں کا اس لیے ساتھ نہیں دینا کہ زمین کا حصہ چاہتے ہیں۔ قائد اعظم نے فرمایا تھا کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آج قدم نہ اٹھایا تو بھارت کا اگلا اقدام گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر ہوگا۔ ہمیں تیاری کرنی ہوگی ورنہ پانی کی ایک ایک بوند کو ترسیں گے۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت بھی ختم ہوجائے گی۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کر کے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔