Tag: پارلیمنٹ

  • اسرائیل میں اذان پر پابندی کا قانون پارلیمنٹ سےمنظور

    اسرائیل میں اذان پر پابندی کا قانون پارلیمنٹ سےمنظور

    یروشلم: اسرائیلی پارلیمنٹ نے مساجد میں اذان دینے کےلیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی کا متنازعہ قانون منظور کرلیا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو سمیت دوسرے صہیونی ارکانِ پارلیمنٹ نے مساجد میں اذان دینے کےلیے لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پرپابندی کے قانون کی بھرپور حمایت کی۔

    اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انہیں اسرائیل میں مساجد کے پاس رہنے والے لوگوں سے بڑی تعداد میں ’’شور شرابے‘‘ کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس کےنتیجےمیں یہ قانون بنایا گیا ہے۔

    دوسری جانب اسرائیلی حکومت کی جانب سے منظور کیے گئے اس قانون کومختلف تنظیموں نےغیر ضروری قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کی ہے۔

    خیال رہے کہ اس وقت اسرائیلی آبادی کا 17.5 فیصد عربوں پر مشتمل ہے جن کی اکثریت مسلمان ہے۔اور اس متنازع قانون سے مسلمان اور یہودی آبادی کے تعلقات میں کشیدگی بڑھے گی۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے وزارتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کہناتھا کہ وہ اس بل کی حمایت کریں گے جس میں مساجد سے اذانوں پر پابندی عائد کیے جانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

  • پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس کےبائیکاٹ کا فیصلہ

    پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ کےمشترکہ اجلاس کےبائیکاٹ کا فیصلہ

    اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں تحریک انصاف کی سربراہ عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ پر ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ وہ آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔

    اجلاس کے بعد تحریک انصاف کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایک ایسے متنازع وزیر اعظم کی سربراہی میں ہونے والے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے جس پر کرپشن کے الزامات ہیں۔

    خیال رہے کہ ترک صدر طیب اردگان آئندہ ہفتے 2روزہ دورے پر پاکستان آرہے ہیں اور اس دوران حکومت 17 نومبر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے پر غور کررہی ہے تاکہ وہ ارکان پارلیمنٹ سے خطاب کرسکیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ تحریک انصاف ترکی کو ایک ’مخلص دوست‘ اور برادر اسلامی ملک سمجھتی ہے اور پارٹی ترک صدر کے لیے احترام کا جذبہ رکھتی ہے۔

    پی ٹی آئی کےنائب چیئرمین نے مرید کہا کہ وہ پاکستان آنے والے ترک صدر سے عمران خان کی قیادت میں ملاقات کے خواہاں ہیں۔

    واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کا کہناتھا کہ تحریک انصاف ترک صدر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وجوہات سے آگاہ کرے گی جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کے پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • امریکہ کاغیرت کےنام پرقتل کےخلاف قانون سازی کا خیرمقدم

    امریکہ کاغیرت کےنام پرقتل کےخلاف قانون سازی کا خیرمقدم

    واشنگٹن : امریکہ کا کہنا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون سازی خوش آئند ہے یہ پاکستان میں خواتین کےتحفظ کی جانب اہم قدم ہے۔

    تفصیلات کےمطابق واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بل کی منظوری کا خیر مقدم کرتا ہےاور یہ قانون خواتین کے تحفظ کی جانب اہم قدم ہے۔

    جان کربی کا کہناتھا کہ اس سے معاشرے میں خواتین کی بھرپور شرکت کو فروغ ملے گا۔سماجی آگاہی پھیلانا اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔ان اقدامات پر پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

    مزید پڑھیں: پارلیمنٹ سے غیرت کے نام پر قتل،انسداد عصمت دری بل منظور

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے میڈیا بریفنگ کے دوران مزید کہا کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت بات چیت کریں۔

    پریس برینفنگ کےدوران ایک سوال پر کہ سرجیکل اسٹرائیک ہوئی ہے یا نہیں اس بارے میں جان کربی کا کہناتھا کہ بھارتی حکام ہی بتا سکتے ہیں۔ہم دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: پاکستان کے جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں،جان کربی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز جان کربی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے جوہری اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں جس کی حفاظت کےلیے پاکستان نے موثرانتظام کررکھا ہے۔

  • کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

    کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

    اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کےمطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نےکہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے بربریت کی انتہا کردی،جس میں 110کشمیری شہید ہوئے ہیں۔

    اس موقع پر سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے،کشمیر کے معاملے پر پوری قوم یکجان ہے۔

    پارلیمنٹ میں پیش کی گئی قراردادمیں کہا گیا ہےکہ بھارت لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کررہاہے،عالمی برداری بھارتی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

    بھارت کے خلاف مذمتی قرارداد میں ایوان نے اڑی حملےمیں پاکستان کوملوث کرنےکےالزام کی مذمت کی ہے۔

    قرارداد میں نہتےکشمیریوں کے خلاف ممنوعہ ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کشمیرمیں ڈیڑھ سوسے زائد نوجوانوں کو بینائی سے محروم کردیا گیا،انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں۔

    واضح رہے کہ اس موقع پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ خوشی ہوتی اگر قرارداد کی منظوری کے وقت وزیراعظم خود بھی ایوان کی کارروائی میں شریک ہوتے۔

  • ترک صدر کی سزائے موت کا قانون بحال کرنے کی حمایت

    ترک صدر کی سزائے موت کا قانون بحال کرنے کی حمایت

    استنبول : ترکی کے صدررجب طیب اردگان  کا کہنا ہے کہ اگر پارلیمان اور عوام سزائے موت بحال کرنے کی حمایت کرتی ہے تو وہ ملک میں سزائے موت دینے کا قانون رائج کرنے کی منظوری دیں گے.

    تفصیلات کےمطابق اتوار کو صدر رجب طیب اردغان نے گذشتہ ماہ ناکام فوجی بغاوت کے خلاف استنبول میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کیا جس میں ہزاروں افراد شریک تھے.

    استنبول میں ہونے والی ریلی سے خطاب میں صدر اردغان نے کہا کہ ’سزائے موت کے بارے میں فیصلہ ترکی کی پارلیمنٹ کرے گی۔ میں پہلے سے یہ اعلان کر رہا ہوں کہ میں ترکی کی پارلیمنٹ کے فیصلے کو منظور کروں گا۔‘

    ریلی میں موجود شرکا سے خطاب میں صدر رجب طیب اردغان نے کہا کہ وہ ملک میں سزائے موت پر دوبارہ پابندی عائد نہیں کریں گے۔

    صدر اردغان نےایک بار پھر ریلی کے دوران بغاوت کی سازش کا ذمہ گولن کو قرار دیا اور کہا کہ اُن کی تحریک چلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا.

    اردغان نے کہا کہ ’پندرہ جولائی کو ہمارے دوستوں نے ثابت کر دیا کہ یہ ملک سیاسی،اقتصادی اور سفارتی حملوں کے خلاف مضبوط ہے اور فوج کو سبوتاژ کرنے والوں سے بھی مقابلہ کر سکتا ہے۔اس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ کبھی اپنی سمت سے نہیں ہٹے گا کبھی گرے گا نہیں۔‘

    انہوں نے کہا کہ ’یقینی طور پر ہمیں اس تنظیم کے تمام افراد کو سامنے لانا ہے اور قانونی فریم ورک کی مدد سے اُن کا صفایا کرنا ہے لیکن اگر ہم اُنھیں ایسے ہی چھوڑ دیں تو پھر ایک ریاست اور قوم کی حیثیت سے ہم اپنے دفاع کو کمزور کر رہے ہیں۔‘

    ’جمہوریت اور شہادت‘ نامی ریلی ترکی میں گذشتہ تین ہفتوں سے جاری صدر اردغان کی حمایت کا عروج ہے۔ تاہم اس ریلی میں کردش گروپس کو شامل ہونے کی دعوت نہیں دی گئی.

    یاد رہے 15 جولائی کو ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد سے اب تک 270 افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے.

    مغربی ممالک ترکی میں بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد حکومتی کریک ڈوان کے طریقہ کار کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ترکی یورپی یونین میں شمولیت حاصل کرنا چاہتا ہے لیکن یورپی یونین میں شامل ممالک میں سزائے موت دینے پر پابندی ہے.

     

  • صدر ممنون حسین آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    صدر ممنون حسین آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: صدر ممنون حسین آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے،صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے تیسری بار خطاب کریں گے.

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس گیارہ بجے ہوگا،صدر ممنون حسین پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے.

    صدر پاکستان مسلم لیگ ن حکومت کی کارکردگی کو اُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کو درپیش دہشت گردی اور انتہاپسندی جیسے چیلنجوں کا ذکر کریں گے۔

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالیں گے۔

    قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے صدارتی خطاب کے لیے تیاریاں مکمل کرلیں،پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت شرکت کرے گی.

    وزیراعظم نوازشریف ان کی صحت کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے،مشترکہ اجلاس میں سینٹ چیئرمین رضاربانی،تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، اعتزازاحسن سمیت وفاقی کابینہ کے ارکان، وزرائے اعلی اور صوبوں کے گورنرز اجلاس میں شرکت کریں گے.

    واضح رہے کہ پاکستان کے آئین کے مطابق نئے پارلیمانی سال کے آغاز میں صدر پاکستان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنا لازمی ہے اور یہ روایت 1985 میں سابق فوجی حکمران ضیائ الحق کے دور سے شروع ہوئی تھی۔

  • تہران:نومنتخب اراکین ملکی ترقی کےلیےفعال کردار اداکریں،خامنہ ای

    تہران:نومنتخب اراکین ملکی ترقی کےلیےفعال کردار اداکریں،خامنہ ای

    تہران : ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے نومنتخب ارکان ملکی ترقی اور اندرونی بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنا بھر پور کردار کریں.

    تفصیلات کےمطابق تہران میں نومنتخب ارکان پارلیمنٹ سے خطاب میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ عوام نے انہیں ووٹ دے کر قانون ساز اسمبلی میں بھیجا ہے لہذا وہ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں.

    آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ نو منتخب ارکان سامراج کے بے جا مطالبات کے سامنے سر خم کرنےکی بجائے ملکی استحکام اور ترقی کےلیے فعال کردار ادا کریں.

    انہوں نے کہا کہ منتخب اراکین کی ذمہ داری ہے کہ مغربی پروپیگنڈے اور ایران کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کا مقابلہ کریں اور ملک کودرپیش مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں.

    یاد رہے کہ ایران کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین اراکین کی تعداد پارلیمنٹ میں علماء سے ذیادہ ہے، جو ایران کی بدلتی ہوئی سیاست کی علامت ہے..

    واضح رہے کہ رواں ماہ پارلیمنٹ کے انتخابات میں صدر حسن روحانی کےاصلاح پسند اور اعتدال پسند اتحادیوں نے بڑی کامیابی حاصل کی تھی.

  • عمران خان نے اپنی آف شور کمپنی کی صفائی پارلیمنٹ کے باہر پیش کردی

    عمران خان نے اپنی آف شور کمپنی کی صفائی پارلیمنٹ کے باہر پیش کردی

    اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنی آف شور کمپنی کی صفائی پارلیمنٹ کے باہر پیش کردی۔

    پارلیمنٹ کے باہر اپنی آف شور کمپنی کی صفائی پیش کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا جب وہ باہر تھے تو ان پر بہت الزامات لگے،جن کی صفائی دینا ضروری ہے، کپتان نے کہا کہ لندن کا فلیٹ کاونٹی کرکٹ کی کمائی سے بنایا۔

    کپتان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں جو بھی جائیداد خریدتا ہے تو اس کوکہاجاتا ہے کمپنی پرجائیداد لیں۔

    عمران خان نے بتایا کہ لندن کا فلیٹ دوہزار تین میں فروخت کیا اور اپنے اثاثوں میں فلیٹ کا اعلان کیا، کپتان کا کہنا تھا کہ وہ سیاستدان ہیں اور عوام کو جوابدہ ہیں۔

    اس سے قبل وزیراعظم کی تقریر پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا ہمارے سوالوں کے جواب نہیں ملے الٹا ستر سوال اٹھ گئے، اپوزیشن نے ایوان کا بائیکاٹ کردیا، کپتان بھی تقریر کئے بغیر باہر چلے گئے۔

    اپوزیشن رہنما سید خورشید شاہ وزیر اعظم کی تقریر سے متاثر ہوتے نظر نہیں آئے، ایوان میں مختصر تقریر میں ان کا کہنا تھا ہم تو سات سوالوں کے جواب لینے آئے تھے،وزیراعظم نے70سوال اور بڑھا دیئے۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھااپوزیشن کی تشفی نہیں ہوئی، فیصلہ ہواتھا وزیراعظم نے 7سوالوں کے جواب نہ دیئے تو واک آؤٹ کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا، اسپیکرنے عمران خان کو تقریر کی دعوت دی تاہم کپتان بھی بغیرتقریر کئے ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔

  • تحریک انصاف کا کل وزیراعظم کی پارلیمنٹ آمد پر احتجاج نہ کرنے کا فیصلہ

    تحریک انصاف کا کل وزیراعظم کی پارلیمنٹ آمد پر احتجاج نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: تحریک انصاف نے کل وزیراعظم نواز شریف کی پارلیمنٹ آمد پر ہنگامہ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، متحدہ اپوزیشن اجلاس سے پہلے لائحہ عمل کو حتمی شکل دے گی۔

    تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی نے کل وزیراعظم نواز شریف کی پارلیمنٹ آمد پر احتجاج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیراعظم سے تقریر کے بجائے جوابات کا مطالبہ ضرور کیا جائے گا، انتظار کر رہے ہیں کہ وہ آ کر اراکین قومی اسمبلی کو جواب دیں۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی شائستگی کے ساتھ وزیراعظم کی تقریر سنیں گے، انہوں نے بتایا کہ متحدہ اپوزیشن وزیراعظم کی تقریر کے حوالے سے کل اجلاس سے پہلے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دے گی۔

  • بغداد: مقتدیٰ الصدر کے حامی عراقی پارلیمنٹ میں داخل

    بغداد: مقتدیٰ الصدر کے حامی عراقی پارلیمنٹ میں داخل

    بغداد: عراق میں مذہبی عالم مقتدیٰ الصدر کے ہزاروں حامیوں نے پارلیمنٹ پردھاوابول دیا۔

    عراقی دارالحکومت بغداد میں مذہبی رہنما مقتدیٰ الصدر کے ہزاروں حامی حکومت کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے گرین زون اور پارلیمنٹ کی عمارت میں داخل ہوگئے۔

    مظاہرین نے حکومتی دفاتر اور متعدد غیر ملکی سفارت خانوں کا بھی گھیراؤ کیا اور اراکین پارلیمنٹ کیخلاف زبردست نعرے بازی کی۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری نہیں کررہی اور اراکین پارلیمنٹ بدعنوانی میں ملوث ہے ،لہذا حکومت کو مستعٖفی ہوجانا چاہیے ۔