کراچی: فاروق ستار نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رکنیت ختم کرنے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے پارٹی رکنیت ختم کرنے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ رکنیت سے خارج کرنا الیکشن ایکٹ اور پارٹی قوانین کے خلاف ہے، کسی بھی کارکن کی رکنیت خارج کرنے کے ضابطوں کو پورا نہیں کیا گیا۔
درخواست گزار کے مطابق پارٹی رکنیت خارج کرنے کے فیصلے پرصرف کنورنوید کے دستخط ہیں جبکہ رکنیت خارج کرنے کے لیے رابطہ کمیٹی کے دو تہائی اراکین کی منظوری ضروری ہوتی ہے۔
پارٹی رکنیت ختم کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں، فاروق ستار
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کی بنیادی رکنیت خارج کردی تھی۔
فاروق ستار نے پارٹی رکنیت ختم کرنے کے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے فیصلے کو مسترد کردیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے میری 41 سالہ رفاقت کو چند ٹھیکیداروں نے ختم دیا، قبضہ گروہ نے اپنے مفادات کی بھینٹ چڑھایا۔