اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) الیکشن 2024 کے لئے آج امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 فروری کو ہونے والے الیکشن کے لیے امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج کرے گی۔
اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ہوگئی ہے، حقداروں کو ٹکٹ دیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ بلا ایک انتخابی نشان نہیں، پچیس کروڑ عوام کی امنگوں کا ترجمان ہے، دنیا کے کسی ملک کے آئین، قانون اور دستور میں نہیں کہ کسی پارٹی سے انتخابی نشان چھینا جائے۔
یاد رہے گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کرکے پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا بحال کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشن ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پارٹی سرٹیفکیٹ الیکشن ایکٹ 2017 کے شق 209 کے تحت شائع کرے اور آرٹیکل 215 کے تحت الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کوانتخابی نشان’’بلا‘‘الاٹ کرے۔