Tag: پارکنگ

  • نوجوان کو چھری مارنے والے چوکیدار کو مشتعل افراد نے مار ڈالا

    نوجوان کو چھری مارنے والے چوکیدار کو مشتعل افراد نے مار ڈالا

    ایبٹ آباد: پارکنگ تنازع پر نوجوان کے مبینہ قاتل چوکیدار کو مشتعل افراد نے مار ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے تھانہ چھانگلہ گلی کی حدود سمبر میں نجی سوسائٹی کے چوکیدار نے مقامی نوجوان کو پارکنگ کے تنازع پر چھریوں کے وار سے قتل اور اس کے بھائی کو زخمی کر دیا۔

    پولیس نے مقتول کی نعش اور زخمی کو اسپتال پہنچایا، تاہم نوجوان عمران عباسی کے قتل کی اطلاع ملتے ہی سیکڑوں افراد نے سوسائٹی کا گھیراؤ کر لیا۔

    مشتعل افراد نے سوسائٹی کے ایک حصہ میں آگ لگا دی اور پتھراؤ شروع کر دیا، ملزم نے بھاگنے کے لیے چھلانگ لگائی تو گر گیا، جس پر مشتعل افراد نے مبینہ قاتل چوکیدار کو گھیر لیا اور پولیس کی موجودگی میں تشدد کر کے ہلاک کر دیا۔

    مخالف زمیندار کے ہاں کام کرنے پر بااثر شخص کا محنت کش پر تشدد، سر گنجا کر دیا

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    ادھر پاکپتن میں مخالف زمیندار کے ہاں کام کرنے پر بااثر ملزمان نے گھر میں گھس کر ایک محنت کش کو تشدد کے بعد گنجا کر دیا، اور اس دوران ملزمان ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے، پولیس نے مقدمہ درج کر دیا ہے تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

  • پارکنگ سے گر کر یوٹیوبر کی موت، رات میں بنا رہا تھا ویڈیو

    پارکنگ سے گر کر یوٹیوبر کی موت، رات میں بنا رہا تھا ویڈیو

    نوئیڈا : بھارت کے شہر نوئیڈا میں ایک یوٹیوبر ویڈیو بناتے ہوئے کار پارکنگ میں گر کر ہلاک ہوگیا۔

    بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں ایک نوجوان یوٹیوبر کئی منزلہ کار پارکنگ کی دیوار پر چڑھ کر ویڈیو بناتے ہوئے اچانک پاؤں پھسلنے کی وجہ سے گر گیا جس کے بعد اس کی موت واقع ہوگئی۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہلاک ہونے والے نوجوان کی عمر 18 سال کے قریب ہے، یہ یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ویڈیوز بناتا تھا۔

    مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ نوجوان کئی منزلہ کار پارکنگ پر چڑھ کر ویڈیو بنا رہا تھا اچانک پاؤں پھسلنے سے یہ حادثہ پیش آیا۔ ملٹی لیول پارکنگ کے ملازم نے پولیس کو بتایا کہ نوجوان پارکنگ میں گرل پر کھڑے ہو کر ویڈیو بنا رہا تھا، اس دوران اس کا پاؤں پھسل گیا،  زمین پر سر ٹکرانے سے وہ شدید زخمی ہوگیا۔

    ملازم نے مزید بتایا کہ نوجوان کو تشویش ناک حالت میں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن شدید چوٹ کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

    پولیس حکام نے لاش کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے، پولیس یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ آیا نوجوان کے ساتھ کوئی اور تھا یا نہیں، جس کے لیے پولیس آس پاس کی سی سی ٹی وی کیمروں کو باریک بینی سے دیکھ رہی ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ نوجوان کی شناخت کرنے کے لیے ہمیں کوئی دستاویزات نہیں ملیں، تفتیش کے وقت نوجوان کے پاس سے صرف فون ملا ہے جس میں لاک لگا ہوا ہے۔

  • وہ علاقہ جہاں ہر گھر میں طیارہ پارک کرنے کی جگہ موجود ہے

    وہ علاقہ جہاں ہر گھر میں طیارہ پارک کرنے کی جگہ موجود ہے

    دنیا بھر میں بعض اوقات منفرد قسم کے چھوٹے چھوٹے رہائشی علاقے قائم کیے جاتے ہیں جن میں کوئی نہ کوئی انفرادیت ہوتی ہے، آج ہم آپ کو ایسے ہی ایک منفرد رہائشی علاقے کے بارے میں بتانے جارہے ہیں۔

    جنگ عظیم دوئم کے بعد دنیا بھر میں مضافاتی علاقوں میں رہائش کا رجحان بڑھ گیا تھا تاکہ جنگ کی تباہ کاریوں سے ہونے والے ذہنی تناؤ سے نجات حاصل کی جاسکے اور ذہنی صحت کو بہتر کیا جاسکے۔

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں بھی ایسے ہی ایک مضافاتی علاقے میں فلائی ان کمیونٹی بنائی گئی جس کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں رہنے والے افراد اپنے گیراج میں گاڑیوں کے بجائے طیارے پارک کرتے ہیں۔

    کیمرون پارک ایئرپورٹ کے نزدیک قائم یہ رہائشی علاقہ کیمرون ایئر پارک اسٹیٹ کہلاتا ہے اور یہاں رہنے والوں کی زیادہ تر تعداد یا تو پروفیشنل پائلٹ ہے یا پھر جہاز اڑانے کی شوقین ہے اور اپنا ذاتی طیارہ رکھتی ہے۔

    تقریباً ہر گھر میں ایک بڑا سا گیراج (یا ہینگر) ہے جہاں طیارہ پارک کیا جاسکتا ہے۔

    یہاں کی سڑکوں پر طیاروں کی آمد و رفت اتنی ہی معمول کی بات ہے جتنی کسی دوسری جگہ پر گاڑیوں کی نقل و حرکت۔

    اس علاقے میں ایک گھر کی قیمت کم از کم 15 لاکھ ڈالرز ہے اور علاقے میں کل 124 گھر موجود ہیں۔ یہاں کی سڑکیں 100 فٹ تک چوڑی ہیں تاکہ طیاروں کو آرام سے ٹیکسی کیا جاسکے۔

    کیمرون پارک ایئرپورٹ مینیجر کے مطابق علاقے کی سڑکیں ایئرپورٹ رن وے سے زیادہ چوڑی ہیں کیونکہ ان سڑکوں پر طیاروں کا باقاعدہ ٹریفک چلتا ہے اور وہ ایک دوسرے کے سامنے سے گزرتے ہیں، اس کے برعکس ایئرپورٹ رن وے پر ایک وقت میں ایک ہی طیارہ اڑان بھرنے کی تیاری کرسکتا ہے۔

    یہاں نصب اسٹریٹ سائنز اور میل باکسز بھی بہت نیچے لگائے گئے ہیں تاکہ یہ طیاروں سے نہ ٹکرائیں، اکثر میل باکسز طیاروں ہی کی شکل کے ہیں۔

    اس علاقے کے اکثر رہائشی اپنے کام پر جاتے ہوئے ذاتی طیاروں کا استعمال کرتے ہیں، زیادہ تر افراد کی ملازمت قریب واقع شہری آبادیوں میں ہے جہاں تک جانے کے لیے انہیں ڈھائی سے 3 گھنٹے کی ڈرائیو کرنی پڑسکتی ہے۔

    اس کی جگہ وہ اپنے طیارے میں سوار ہو کر صرف 40 منٹ کے اندر وہاں پہنچ سکتے ہیں۔

    یہ علاقہ اس لیے بھی منفرد ہے کیونکہ یہاں رہنے والے زیادہ تر افراد ایوی ایشن سے تعلق یا اس کا شوق رکھتے ہیں۔

    ایک رہائشی کا کہنا ہے کہ جب ہم کسی پارٹی میں جاتے ہیں تو وہاں جنگ عظیم دوئم یا ویتنام جنگ کے پائلٹ سے لے کر نوجوان شوقیہ پائلٹ تک موجود ہوتے ہیں۔

    یہاں رہنے والے 100 فیصد افراد اپنے ذاتی طیارے کے مالک نہیں، کچھ افراد کار بھی رکھتے ہیں اور آمد و رفت کے لیے انہیں استعمال کرتے ہیں تاہم آمنے سامنے ہونے کی صورت میں کار سوار اور طیارے کا پائلٹ دونوں نہایت دھیان سے اپنی سواری گزارتے ہیں۔

    ایک رہائشی کے مطابق جب وہ طیارے پر اپنے گھر کے قریب پہنچتا ہے تو اسے فضا سے اپنے گھر کا کچن دکھائی دیتا ہے، چنانچہ وہ ریڈیو کے ذریعے اپنی اہلیہ کو اطلاع کرتا ہے، طیارہ لینڈ ہونے کے وقت اہلیہ اسے کچن کی کھڑکی سے ہاتھ ہلانے لگتی ہے۔

    دنیا بھر میں اس نوعیت کے 640 فلائی ان رہائشی علاقے موجود ہیں تاہم یہاں کے رہنے والوں کا ماننا ہے کہ ان کا علاقہ خوبصورتی اور سہولت کے اعتبار سے بہترین ہے۔

    تصاویر بشکریہ: انسائیڈر

  • سعودی عرب: پانچ مقامات جہاں پارکنگ پر جرمانہ ہوگا

    سعودی عرب: پانچ مقامات جہاں پارکنگ پر جرمانہ ہوگا

    ریاض: سعودی عرب میں ایسے پانچ مقامات کی نشان دہی کر دی گئی ہے جہاں پارکنگ پر جرمانہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پانچ ایسے مقامات کی نشان دہی کی گئی ہے جہاں پارکنگ منع ہے، ایسے مقامات پر پارکنگ کرنے والوں پر جرمانہ کیا جائے گا۔

    سعودی محکمہ ٹریفک نے ٹویٹر پر ان پانچ مقامات کی نشان دہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے تمام مقامات جہاں ’پارکنگ منع ہے‘ کا بورڈ نصب کیا گیا ہو وہاں گاڑی پارک کرنے پر جرمانہ ہوگا۔

    کسی بھی سڑک کے موڑ یا سڑک کے آخری حصے یا چوراہے پر پارکنگ منع ہے، ایسے مقامات پر پارکنگ ٹریفک خلاف ورزی ہوگی۔

    محکمہ ٹریفک کے مطابق فائر بریگیڈ کے واٹر پوائنٹس سے 7 میٹر سے کم کے فاصلے پر پارکنگ بالکل منع ہوگی، اس کے علاوہ پل یا انڈر پاس سے 20 میٹر سے کم مقام پر بھی پارکنگ پر پابندی ہے۔

    ایسی سڑکوں پر بھی پارکنگ منع ہے جن کے فٹ پاتھ زرد رنگ کے ہوں، ان سڑکوں پر گاڑی پارک کرنے پر بھی جرمانہ عائد ہوگا۔

    سعودی عرب: غلط پارکنگ پر 2 ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ میں بھی گاڑی پارک کرنا سخت منع ہے، محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ دن بھر خالی رہے تب بھی وہاں گاڑی کھڑی کرنا منع ہے۔

    بعض لوگ دکانوں کے سامنے پارکنگ نہ ملنے پر معذور افراد کی جگہ میں گاڑی پارک کر دیتے ہیں، ان کا خیال ہوتا ہے کہ چند منٹ میں وہ واپس آ کر پارکنگ خالی کر دیں گے، انھیں اندازہ نہیں ہوتا کہ معذور افراد کی جگہ کو چند منٹ کے لیے استعمال کرنا ہی خلاف ورزی ہے۔

  • سعودی عرب: غلط پارکنگ پر 2 ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ

    سعودی عرب: غلط پارکنگ پر 2 ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ

    ریاض: سعودی عرب میں معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والے 2 ہزار سے زائد افراد پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔ محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ دن بھر خالی رہے تب بھی وہاں گاڑی کھڑی کرنا منع ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 261 افراد پر جرمانہ عائد کیا ہے۔

    محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں مشترکہ کارروائی کی گئی جس میں خاص طور پر معذوروں کی پارکنگ استعمال کرنے والوں کو جرمانہ کیا گیا ہے۔

    محکمے کے مطابق معذور افراد کے لیے مختص پارکنگ دن بھر خالی رہے تب بھی وہاں تھوڑی دیر کے لیے گاڑی کھڑی کرنا منع ہے۔

    بیان میں کہا گیا کہ بعض لوگ دکانوں کے سامنے پارکنگ نہ ملنے پر معذور افراد کی جگہ میں گاڑی پارک کر دیتے ہیں، ان کا خیال ہے کہ چند منٹ میں وہ واپس آ کر پارکنگ خالی کردیں گے، انہیں اندازہ نہیں ہوتا کہ معذور افراد کی جگہ کو چند منٹ کے لیے استعمال کرنا ہی خلاف ورزی ہے۔

    محکمے کے مطابق تمام ڈرائیوروں کو چاہیئے کہ ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور معاشرے کے اس طبقے کے ساتھ خاص رعایت کریں جس کے لیے پارکنگ مختص کی ہوئی ہے۔

    محکمے کا مزید کہنا تھا کہ معذور افراد کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرنے کی خلاف ورزی پر صرف جرمانہ ہی نہیں ہوتا، بعض حالات میں گاڑی ضبط بھی کرلی جاتی ہے۔

  • سڑکوں پر پارکنگ نہ کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

    سڑکوں پر پارکنگ نہ کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سڑکوں پر پارکنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی کے ترقیاتی امور پر اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو کہا کہ جہاں جہاں گٹر ابل رہے ہیں وہ ٹھیک کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں 449 اسکیموں پر کام چل رہا ہے جن کی مالیت 40.6 بلین روپے ہیں، سندھ حکومت نے ابھی تک 15.14 بلین روپے جاری کیے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر کا کام بہت سست روی کا شکار ہونے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چڑیا گھر کے کام کو تیز کریں، میں خود جلد دورہ کروں گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سب میرین چورنگی پر بنے انڈر پاس کے بائیں جانب قائم عمارت کو ایک ماہ میں گرانے اور سڑک کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت کی، اس عمارت نے فیز ٹو کی طرف جانے والی سڑک بلاک کی ہے۔

    مراد علی شاہ نے سڑکوں پر پارکنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک کو سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کر دی۔

  • کتے کو کار میں اکیلا چھوڑنے کا انجام، ویڈیو دیکھیں

    کتے کو کار میں اکیلا چھوڑنے کا انجام، ویڈیو دیکھیں

    بیجنگ: پالتو جانور پالنے کے شوقین افراد ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے تیار ہوجائیں، پالتو جانور ناصرف آپ کو کسی بھی مشکل میں ڈال سکتے ہیں بلکہ جانی اور مالی نقصان کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    ایسا ہی کچھ ہوا چین کے صوبے ژیجوائنگ میں جہاں ایک شہری نے اپنا پالتو کتا گاڑی میں چھوڑا جس کے بعد اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑگیا، کتے نے ازخود گاڑی چلا کر سب کو ورطہ حیرت میں مبتلا تو کیا لیکن انجام برا ہوا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی شہری کی گاڑی میں اس کا پالتو کتا موجود تھا جب اس نے سڑک کنارے کار پارک کی، تاہم اس نے گاڑی کا انجن کھلا چھوڑ دیا تاکہ وہ جلد واپس آکر منزلِ مقصود پر روانہ ہوگا۔

    پھر کیا تھا، کتے نے آؤ دیکھا نہ تاؤ اور گاڑی کی گیراسٹک چھیڑ دی جس کے بعد کار سڑک کنارے موجود مصنوعی تالاب( واٹر پول) میں جاگری اور مالک کو لینے کے دینے پڑگئے، پانی میں گرنے کے باعث اندرونی حصے گل گئے اور گاڑی میں نصب برقی آلات بھی خراب ہوگئے۔

    اسی لیے کہا جاتا ہے کہ بےزبان جانوروں پر کبھی بھروسہ نہیں کرنا چاہیئے۔

  • ابوظبی، اسکول ملازمین اور اساتذہ کو پارکنگ کی فری سہولت دینے کا اعلان

    ابوظبی، اسکول ملازمین اور اساتذہ کو پارکنگ کی فری سہولت دینے کا اعلان

    ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے گاڑیوں کی پارکنگ کے حوالے سے نئی پالیسی متعارف کرادی جس کا براہ راست فائدہ اسکول ملازمین کو پہنچے گا۔

    خلیج ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز محکمہ ٹرانسپورٹ اور محکمہ تعلیم کا معاہدہ طے پایا جس کے بعد پارکنگ کی نئی  پالیسی کا اعلان کیا گیا۔

    محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’سرکاری اسکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ اور دیگر ملازمین کو اسکول کی حدود میں فری پارکنگ کی اجازت ہوگی اور انہیں باقاعدہ پاسز بھی جاری کیے جائیں گے‘‘۔

    معاہدے کا اطلاق رواں تعلیمی سال پر ہوگا اور مدت ختم ہونے کے بعد اس میں توثیق کی جائے گی۔ محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری اسکولوں کو مراسلہ جاری کیا کہ وہ نئے معاہدے کی روشنی میں اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔

    View this post on Instagram

    الإتحاد : أعلنت وزارة التربية والتعليم أن معلمي المدارس الحكومية والهيئات الإدارية في أبوظبي سيحصلون على مواقف سيارات مجانية دائمة في محيط المدارس التي يعملون بها بناء على اتفاق بين الوزارة ودائرة النقل في أبوظبي بدءاً من العام الدراسي الجاري ، ودعت وزارة التربية ، الإدارات المدرسية في أبوظبي إلى الإسراع في تقديم الطلبات للاستفادة من الاتفاق المبرم بين الجهتين.

    A post shared by شبكة ابوظبي || أخبار الامارات (@net_ad) on

    محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق سرکاری اسکولوں کو سہولت حاصل کرنے کے لیے درخواست کے ساتھ پانچ ڈاکومینٹس پیش کرنا ہوں گے، جن میں ادارے کا تصدیق نامہ، اساتذہ اور ملازمین کی فہرست، گاڑیوں کے کاغذات اور ڈائیونگ لائسنس کی کاپی، ادارے کا کارڈ اور شناختی کارڈ کی کاپی شامل ہیں۔

  • غیر قانونی پارکنگ مافیا نے پورے کراچی کو یرغمال بنا رکھا ہے: وسیم اختر

    غیر قانونی پارکنگ مافیا نے پورے کراچی کو یرغمال بنا رکھا ہے: وسیم اختر

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں ہر قسم کا مافیا موجود ہے، جن کی سرپرستی خود تھانے کرتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار میئر کراچی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ انکروچمنٹ، غیرقانونی ہائیڈرنٹ مافیا بھی اس شہر  میں ہیں، غیر قانونی پارکنگ مافیا نے پورے شہر کو یرغمال بنا رکھا ہے.

    میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سڑکوں پر  ان معاملات کو دیکھتا ہوں، ایسے تھانے ہیں، جہاں پولیس والے ایسےعناصر کی ہیلپ کرتے ہیں.

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے قریب پارکنگ مافیا کو تھانہ پروٹکٹ کرتا ہے، دیگر ایسے تھانے بھی ہیں، جہاں پارکنگ مافیاکی سرپرستی کی جاتی ہے.

    مزید پڑھیں: میں نواز شریف سے کراچی کیلئے25 ارب روپے کا پیکج لایا تھا، وسیم اختر

    ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ایسے تھانے بھی ہیں، جو پارکنگ مافیا کی براہ راست سرپرستی کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ اس وقت کراچی میں غیر قانونی پارکنگ کا مسئلہ گمبھیر شکل اختیار کر گیا ہے، خاص کر ماہ رمضان میں کمرشل علاقوں میں عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے.

    پارکنگ کا نامناسب انتظام اور مختلف پارکنگ ایریا سے غیر قانونی طور پر پیسے وصول کرنے کا مسئلہ بھی شدت اختیار کر گیا ہے.

  • سندھ حکومت نے کراچی میں پارکنگ کے گمبھیر مسئلے کا حل تلاش کر لیا

    سندھ حکومت نے کراچی میں پارکنگ کے گمبھیر مسئلے کا حل تلاش کر لیا

    کراچی: شہر کراچی کے مصروف ترین علاقے صدر میں  پارکنگ کے مسئلے کا حل تلاش کر لیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی کے گنجان آباد اور صنعتی سرگرمیوں کے مرکز صدر کے علاقے میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے.

    آج وزیراعلیٰ سندھ نے نیشنل میوزیم کےسامنے زیر تعمیر پارکنگ پلازہ کا دورہ کیا. اس موقع پر انھیں پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی.

    یہ پراجیکٹ دومنزلہ عمارت پر مشتمل ہوگا، ہرمنزل پر 200 گاڑیوں کی گنجائش ہوگی.

    مراد علی شاہ کو مطلع کیا گیا کہ جولائی میں پارکنگ ایریا کا کام مکمل ہوجائے گا، پارکنگ زیرزمین ہوگی.

    وزیر اعلیٰ کو پراجیکٹ میں درپیش مسائل اور تاخیر کے اسباب سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی. واٹربورڈکی لائنیں منتقل ہونے سے کام میں تاخیر ہوئی تھی، جسے اب جل نمٹا لیا جائے گا.

    مزید پڑھیں: کراچی میں تمام غیر قانونی چارجڈ پارکنگ اور ڈبل پارکنگ ختم کرنے کا فیصلہ

    خیال رہے کہ پاکستان کے صنعتی حب کراچی کا شمار دنیا کے مصروف ترین شہروں‌ میں ہوتا ہے.

    دو کروڑ کی آبادی والے اس شہر میں‌ عوام کو ٹریفک کے شدید مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے. ماضی میں بھی اس علاقے میں پارکنگ پلازا قائم کیا گیا، مگر اس کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے.