Tag: پارکو

  • تیل کی سرکاری لائن سے چوری دہشت گردی سے مماثل قرار، مقدمات سی ٹی ڈی کو منتقل

    تیل کی سرکاری لائن سے چوری دہشت گردی سے مماثل قرار، مقدمات سی ٹی ڈی کو منتقل

    کراچی: تیل کی سرکاری لائن سے چوری کی وارداتیں دہشت گردی سے مماثل قرار دے دی گئیں، پولیس کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر مقدمات سی ٹی ڈی کو منتقل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں سرکاری تیل کی لائن سے چوری کی منظم وارداتیں کی جا رہی ہیں، چند روز قبل بن قاسم کے مختلف مقامات سے تیل چوری کے لیے لگائے گئے کلپ پکڑے گئے تھے اور تیل چوری میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم لطف سیال سمیت متعدد ملزمان گرفتار ہوئے تھے۔

    اعلیٰ پولیس حکام کی جانب سے مختلف واقعات سامنے آنے پر سخت نوٹس لیا گیا ہے اور ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹگیشن عامر فاروقی نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے بن قاسم تھانے میں درج ہونے والے 2 مقدمات فوری طور پر سی ٹی ڈی کو منتقل کر دیے۔

    حکم نامے میں ڈی آئی جی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پارکو ایک اہم تنصیب ہے، جس سے چھیڑ چھاڑ نہ صرف سنگین جرم ہے بلکہ یہ عمل دہشت گردی کی کارروائی کے مترادف بھی ہے، اس لیے موجودہ ایف آئی آرز میں اس پہلو کی خصوصی چھان بین کی جائے۔

    حکم نامے کے مطابق کیس کی تفتیش ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کی نگرانی میں کی جائے گی اور تفتیش ایس ایس پی سی ٹی ڈی سے کروائی جائے گی۔

    پولیس ریکارڈ کے مطابق تیل چور گروہ کے سرغنہ لطف سیال کے خلاف سندھ بھر میں 11 مقدمات درج ہیں، جن میں 6 مقدمات بن قاسم، 1 شاہ لطیف ٹاؤن، 2 دادو، ایک خیرپور ناتھن اور کسٹمز کراچی میں بھی مقدمہ درج ہے، حکم نامہ جاری ہونے کے بعد تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

  • پارکو پمپنگ اسٹیشن بچانے کے لیے ایمرجنسی آپریشن

    پارکو پمپنگ اسٹیشن بچانے کے لیے ایمرجنسی آپریشن

    جامشورو: پاک آرمی نے بھان سعید آباد میں پارکو پمپنگ اسٹیشن بچانے کے لیے ایمرجنسی آپریشن شروع کردیا، تاحال آرمی نے 4 ڈی واٹرنگ سیٹس کے ذریعے 1 لاکھ 90 ہزار 614 گیلنز پانی نکالا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک آرمی نے بھان سعید آباد میں پارکو پمپنگ اسٹیشن کو بچانے کے لیے ایمرجنسی آپریشن شروع کردیا، 20 ستمبر کو اطلاع ملتے ہی پاکستان آرمی 10 کلو میٹر جنوب میں پارکو پمپنگ اسٹیشن پہنچی تھی۔

    پارکو پمپنگ اسٹیشن پورے علاقے میں سپلائی چین کو برقرار رکھتا ہے۔

    پاکستان آرمی نے 4 ڈی واٹرنگ سیٹس کے ذریعے 1 لاکھ 90 ہزار 614 گیلنز پانی نکالا، پاک فوج کا خصوصی ڈی واٹرنگ آپریشن کل بھی جاری رہے گا۔