اسلام آباد : نیب نے پارک لین کی فرنٹ کمپنی کے ڈائریکٹراقبال خان نوری کو گرفتار کرلیا ہے ، یہ کمپنی آصف زرداری پارک لین کمپنی کےلئےکام کرتی ہے، ملزم نے کرپشن سے پیسوں میں ساڑھے 3ارب کااضافہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، نیب نے پارک لین کی فرنٹ کمپنی کےڈائریکٹراقبال خان نوری کو گرفتار کرلیا ہے، کمپنی اورملزم جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں بھی ملوث ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے یہ کمپنی آصف زرداری پارک لین کمپنی کےلئےکام کرتی ہے، اقبال خان نوری نےبینک سےڈیڑھ ارب لون لیاتھا، لیاگیالون بڑھ کر3اعشاریہ5 ارب ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق قبال خان نوری جعلی اکاﺅنٹس کیس کا اہم ملزم ہے، ملزم نےکمپنی کے لئے غیرقانونی طریقےسےپیسوں میں اضافہ کیا، ملزم نےکرپشن کےپیسوں سےساڑھے 3ارب کااضافہ کیا۔
مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس اور میگا کرپشن کیسز میں نیب پر دباؤ ڈالنے کا انکشاف
یاد رہے 20 مارچ کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو پارک لین کمپنی کیس میں نیب میں پیش ہوکر بیان رکارڈ کرایا تھا۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی، یہ بلاول بھٹو کی کسی بھی تفتیشی ادارے کے روبرو اپنی زندگی کی پہلی پیشی تھی۔
پارک لین کیس میں اربوں روپےکی ترسیلات جعلی بینک اکاؤنٹس سے کی گئیں، آصف زرداری پرپارک لین کمپنی میں 1989 میں فرنٹ مین کے ذریعے خریداری کاالزام ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا 2009 میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کمپنی کے شیئر ہولڈر بنے، دونوں 25 ،25 فیصد کےشیئر ہولڈر ہیں، آصف زرداری بطور کمپنی ڈائریکٹر اکاؤنٹس استعمال کرنے کا اختیار رکھتے تھے جبکہ 2008 میں کمپنی کے دستاویز پر آصف زرداری کے بطور ڈائریکٹر دستخط موجود ہیں، پارک لین کمپنی نے قرضوں کی مد بھی بینکوں سے اربوں روپے لیے۔
خیال رہے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں اور آصف زرداری نے 29 اپریل تک جعلی اکاؤنٹس کیس میں عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔