Tag: پاس

  • 192 دفعہ ڈرائیونگ ٹیسٹ میں ناکام ہونے والا شخص

    192 دفعہ ڈرائیونگ ٹیسٹ میں ناکام ہونے والا شخص

    ہم کسی امتحان میں ناکامی کے بعد کتنی دفعہ اس میں کامیاب ہونے کی کوشش کریں گے؟ دو دفعہ، 4 دفعہ، لیکن داد دیجیئے ایک شخص کی مستقل مزاجی کی جس نے ڈرائیونگ کا امتحان پاس کرنے کے لیے 192 دفعہ ٹیسٹ دیا اور تاحال ناکام ہے۔

    پولینڈ سے تعلق رکھنے والا یہ 50 سالہ شخص گزشتہ 17 سال سے ڈرائیونگ کا ٹیسٹ پاس کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اب تک کامیاب نہ ہوسکا۔

    ان 17 سالوں میں اس نے 192 دفعہ ڈرائیونگ کا تحریری ٹیسٹ دیا اور ہر بار ناکام رہا۔ ان ٹیسٹس پر وہ اب تک 6 ہزار زوٹی (پولش کرنسی، لگ بھگ ڈھائی لاکھ پاکستانی روپے) خرچ کرچکا ہے۔

    پولینڈ میں ڈرائیورز کو عملی ٹیسٹ دینے سے قبل تحریری ٹیسٹ پاس کرنا ضروری ہے، زیادہ تر لوگ پہلی یا دوسری دفعہ میں کامیاب ہوجاتے ہیں اور اس کے بعد عملی ٹیسٹ دیتے ہیں۔

    مذکورہ شخص ڈرائیونگ کا عملی ٹیسٹ بھی 40 دفعہ دے چکا ہے اور اس میں بھی اب تک ناکام ہے۔

    ایسا ہی ایک ریکارڈ انگلینڈ کے بھی ایک شہری کے پاس بھی ہے جو 157 بار ڈرائیونگ ٹیسٹ میں فیل ہونے کے بعد 158 ویں بالآخر کامیاب ہو کر خبروں کی زینت بنا۔

    اس دوران اس نے ان ٹیسٹس پر 3 ہزار پاؤنڈز (لگ بھگ ساڑھے 5 لاکھ پاکستانی روپے) خرچ کیے،اس شخص کو انگلینڈ کا بدترین ڈرائیور قرار دیا جاچکا ہے۔

  • امریکی شہری کا بیوی کے پاس جانے انکار، جیل جانے کو ترجیج، آخر وجہ کیا ہوئی؟

    امریکی شہری کا بیوی کے پاس جانے انکار، جیل جانے کو ترجیج، آخر وجہ کیا ہوئی؟

    واشنگٹن : امریکی شہری نے بیوی کے ظلم سے بچنے کے لیے جیل جانا بہتر سمجھا اور پولیس کو مجبور کیا کہ وہ اسے گرفتار کرلے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست فلوریڈا میں عجیب واقعہ پیش آیا جب ایک 70 سالہ بوڑھے شخص لیونارڈ اولسن نے بیوی کی قید سے پولیس کی قید میں جانے کو ترجیح دی۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے گزشتہ ہفتے مذکورہ شخص کو گرفتار کیا تھا جو شہر کی مصروف ترین شاہراہ پر گاڑی کی کھلی چھت سے باہر نکل کر کرتب دکھا رہا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بزرگ شہری کی مذکورہ حرکت کو شاہراہ پر چلنے والے متعدد افراد اپنے کیمروں میں قید کیا، واقعے کے عینی شاہدوں میں ایک پولیس افسر بھی موجود ہے جو اپنے ڈیوٹی ٹائم ختم ہونے کے بعد اپنے گھر جارہے تھے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے اولسن سے واقعے کے متعلق سوال کیا تو بزرگ شہری سے صحت جرم سے انکار کردیا تاہم بعدازاں ویڈیو شواہد کی موجودگی کا سن کر کہا کہ وہ ایسی حرکت اس لیے کررہا تھا کہ تاکہ اسے گھر نہ جانا پڑے۔

    اولسن نے پولیس کو بیان دیا کہ اس کی بیوی اس کے ساتھ نوکروں جیسا سلوک کرتی ہے کیوں کہ وہ گھر کی مالکن ہے، اسی لیے وہ بیوی کے گھر جانے سے جیل جانا زیادہ بہتر سمجھتا ہوں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس نے اولسن کے بیانات قلم بند کرنے بعد 70 سالہ شہری کو تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے جرم میں جیل بھیج دیا۔

  • طلبہ کی اکثریت محنت کرکے امتحان پاس کرتی ہے، چیئرمین میٹر ک بورڈ

    طلبہ کی اکثریت محنت کرکے امتحان پاس کرتی ہے، چیئرمین میٹر ک بورڈ

    کراچی : چیئرمین میٹرک بورڈ سعید الدین کا کہنا ہے کہ شہر کے بیشتر امتحانی مراکز میں نقل نہیں ہوتی، طلبہ کی اکثریت محنت کرکے امتحان پاس کرتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ سعید الدین کا اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مضافاتی علاقوں کے چند اسکولز میں نقل کی شکایت ملتی ہے۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا تھا کہ دو سے تین امتحانی مراکز میں نقل کی شکایت پر تمام طلبہ کو بدنام نہ کیا جائے، غفلت کے مرتکب اساتذہ کو معطل کیا جاچکا ہے۔

    سعید الدین نے بتایا کہ ویجلینس کمیٹی کو مزید فعال کر دیا گیا ہے، نقل کے رجحان کو ختم کرنے کےلیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    چیئرمین میٹرک بورڈ سعید الدین نے مزید کہا کہ جان بوجھ کر سندھ کے طلبہ کا تشخص خراب کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں : سندھ حکومت میٹرک امتحانات میں نقل روکنے میں ناکام، اے آر وائی نیوز نے بھانڈا پھوڑ دیا

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’ذمہ دار کون‘‘ کی ٹیم نے طلبہ سے پیسے لے کر نقل کرانے کی نشان دہی کی تھی جس کے بعد وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ٹیم بھی موقع پر پہنچی تھی۔

    کراچی میں واٹس ایپ گروپس پر حل شدہ پرچے ملنے کا انکشاف ہوا تھا، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی کہا تھا کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف چیئرمین میٹرک بورڈ سعید الدین نے واٹس ایپ گروپس کے خلاف کارروائی کے لیے ایف آئی اے کو خط بھیج دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی سمیت سندھ بھرمیں میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز

    یاد رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز یکم اپریل ہوا تھا جس میں نقل کی روک تھام کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کے تحت فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں بند رہیں گی۔

    کراچی میں تین لاکھ 67 ہزار 606 طلبہ وطالبات سائنس اور جنرل گروپ کے امتحانات دیں گے۔ شہر قائد میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کے لیے 365 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں جن میں 202 پرائیوٹ اسکول اور 163 سرکاری اسکول شامل ہیں۔

    شہرقائد میں طالبات کے لیے 167 اور لڑکوں کے لیے 198 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔