Tag: پاسپورٹ آفس

  • پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد ہوشیار ہوجائیں !

    پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد ہوشیار ہوجائیں !

    شیخوپورہ (29 جولائی 2025) : پاسپورٹ آفس کے باہر شہریوں کو لوٹنے والا ایجنٹ مافیا بے نقاب ہو گیا، جعلساز ایجنٹس لوگوں کو تیز رفتار اور آسان پاسپورٹ کی جھوٹی یقین دہانی کرا کے بھاری رقوم وصول کر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شیخوپورہ میں پاسپورٹ آفس پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدعنوانی میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ چھاپے کے دوران دفتر کے باہر غیرقانونی طور پر کام کرنے والے 8 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے، جو شہریوں سے بھاری رقوم لے کر پاسپورٹ کے عمل کو "فوری اور آسان” بنانے کا جھانسہ دے رہے تھے۔

    کارروائی کے دوران پاسپورٹ آفس کے دو سیکیورٹی گارڈز کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے، جن پر ایجنٹوں کو دفتر میں داخلے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرنے کا الزام ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستانی پاسپورٹ میں بڑی تبدیلی! پرانے پاسپورٹ رکھنے والے کیا کریں؟

    ایف آئی اے حکام کے مطابق، پاسپورٹ آفس میں ایجنٹوں کے داخلے پر پہلے ہی پابندی عائد تھی، اس کے باوجود ایک منظم نیٹ ورک عرصہ دراز سے خفیہ طور پر سرگرم تھا۔

    حکام نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایجنٹوں سے پاسپورٹ کے سلسلے میں کسی بھی قسم کا لین دین نہ کریں اور سرکاری طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے خود رجوع کریں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور کرپشن میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • پاسپورٹ آفس کی ناقص کارکردگی کا پول کھل گیا، شہریوں نے ویڈیو وائرل کردی

    پاسپورٹ آفس کی ناقص کارکردگی کا پول کھل گیا، شہریوں نے ویڈیو وائرل کردی

    حیدرآباد: پاسپورٹ آفس کی ناقص کارکردگی عیاں ہوگئی، پریشانی کا شکار شہریوں نے تنگ آکر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر حیدرآباد میں پاسپورٹ آفس آنے والے شہریوں کو کافی مشکلات پیش آرہی ہیں، عملہ ڈیوٹی کے اوقات شروع ہونے کے کئی گھنٹوں بعد آفس آتا ہے، پاسپورٹ آفس کی حالت زارعوام کیلئے درد سر بن چکی ہے جبکہ شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    پاسپورٹ آفس میں افسران اور عملہ 11 بجے تک ڈیوٹی سے غیرحاضر رہتا ہے، پاسپورٹ آفس کے معلوماتی کاؤنٹر پر بھی کوئی ذمہ دار موجود نہیں ہوتا۔

    اس تمام صورتحال اور پاسپورٹ آفس کی بدترین حالت سے تنگ شہریوں نے حیدرآباد پاسپوٹ آفس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہے۔

    پاسپورٹ دفتر میں نہ صرف نظم و ضبط کا فقدان ہے بلکہ درخواست گزاروں کو سہولیات کی فراہمی کا کوئی انتظام نہیں ہے، عوام نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے فوری نوٹس لینے، پاسپورٹ آفس کے انتظامات بہتر کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں  کے لئے اہم  خبر

    پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کے لئے اہم خبر

    اسلام آباد : پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے نئی مشکل پیدا ہو گئی، پاسپورٹ آفس نے درخواست کی سیاہی کی کھیپ فوری کلیئر کی جائے ورنہ پرنٹنگ کے بحران کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ آفس نے ایف بی آر کو سیاہی کی امپورٹ پر ٹیکس کی ادائیگی موخرکرنے کی درخواست دے دی۔

    دستاویز میں بتایا گیا کہ پاسپورٹس کی چھپائی کی سیاہی 28 جولائی کواسلام آباد پہنچ رہی ہے، آفس کسٹمز ڈیوٹی کی رقم کا انتظام نہیں کرسکتا، اس لیے سیاہی کی امپورٹ پر ٹیکس کی ادائیگی موخر کی جائے۔

    دستاویز میں کہنا ہے کہ پرنٹنگ کی سیاہی کی کھیپ فوری کلیئر کی جائے، سیاہی کی قلت کی وجہ سے پرنٹنگ تاخیر کا شکار ہے۔

    دستاویز کے مطابق پرنٹنگ کیلئے سیاہی کا اسٹاک ختم ہو رہا ہے، سیاہی کی بروقت کلیئرنس سے پاسپورٹ کی پرنٹنگ کے بحران سے بچایا جاسکتاہے۔

    دستاویز میں  آفس نے پندرہ دنوں میں کسٹمز کے واجبات ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

    پاسپورٹ سے متعلق خبریں (arynews.tv)

  • پاسپورٹ بنوانے والوں کی بڑی پریشانی حل ہوگئی

    پاسپورٹ بنوانے والوں کی بڑی پریشانی حل ہوگئی

    اسلام آباد : پاسپورٹ بنوانے والوں کی بڑی مشکل آسان ہوگئی، جس سے شہریوں کی پریشانی میں کمی کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں پاسپورٹ کی فراہمی کا سلسلہ التواء کا شکارہے۔ جس کے باعث نئے پاسپورٹ بنوانے اور پاسپورٹ کی تجدید کرانے والے شہری بری طرح پریشان ہیں۔

    اس صورتحال میں پاسپورٹ بنوانے والوں کے لیے اچھی خبر آگئی، جس سے بڑی پریشانی حل ہوگئی۔

    کراچی اور لاہورمیں 2 پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، اس حوالے سے ڈی جی امیگریشن اینڈپاسپورٹس نے پاسپورٹ آفس سےمتعلق نوٹیفکیشن جاری کیا۔

    وفاقی وزیرداخلہ نے لاہور،کراچی میں2پاسپورٹ آفس24گھنٹےکھولنےکاحکم دیاتھا اور کہا تھا کہ عوام کی سہولت کیلئے 2 پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، پوری کوشش ہے عوام کو پاسپورٹ بنوانے میں مشکلات پیش نہ آئیں۔

    گذشتہ روز پاسپورٹ کی فاسٹ ٹریک پاسپورٹ فیس میں اضافہ کیا گیا تھا، 36 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کی فاسٹ ٹریک فیس 12 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔

    36 صفحات پر مشتمل 10 سالہ پاسپورٹ کی فیس 16 ہزار 200 روپے کی گئی ہے، 72 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کی فیس 18 ہزار 500 روپے جبکہ 10 سالہ مدت کی فیس 25 ہزار 200 روپے کر دی گئی ہے۔

    100 صفحات والے پاسپورٹ کی 10 سالہ مدت کی فاسٹ ٹریک فیس 32 ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔

  • پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے بڑی خبر آگئی

    پاسپورٹ بنوانے والوں کے لئے بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : پاسپورٹ کی فراہمی کا سلسلہ التواء کا شکار ہے، جس کے باعث شہری کئی ماہ گرزنے کے باوجود پاسپورٹ سے محروم ہیں۔

    تاہم اب وزیر داخلہ محسن نقویٰ نے شہریوں کو اچھی خبر سنادی ہے، انہوں نے کہا کہ لاہور اور کراچی میں کم ازکم ایک پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رہے گا، عوام کو آسانی اور سہولت فراہم کرنے کیلئے یہ اقدام کیا گیا ہے۔

    وزیرداخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ اس اقدام سے کسی بھی وقت پاسپورٹ خدمات تک رسائی آسان ہوجائے گی۔

    دوسری جانب پاکستان میں ان دنوں وقت پر پاسپورٹ ملنا مشکل ہوتا جا رہا ہے جس کی شکایات لوگ سوشل میڈیا پر کر رہے ہیں۔ پاسپورٹ ملنے میں تاخیر کی شکایات ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک دونوں کیٹیگری میں سامنے آ رہی ہیں۔

    پاسپورٹس فیس میں اضافہ

    پاسپورٹ آفس نے گزشتہ مارچ میں پاسپورٹ بنوانے کے لیے فیس میں غیر معمولی اضافہ کیا تھا جس کے بعد 36 پیجز والے پانچ سالہ مدت کے پاسپورٹ کی نارمل فیس تین ہزار سے بڑھ کر 4500 روپے کر دی گئی تھی، 36 پیجز والے ارجنٹ پاسپورٹ کی فیس پانچ ہزار روپے سے بڑھا کر 7500 روپے کی گئی ہے۔

    اسی طرح 10 سالہ مدت کے 36 بیجز والے پاسپورٹ کی نارمل فیس 6700 جب کہ ارجنٹ کی فیس 11 ہزار دو سو روپے کردی گئی ہے۔ اس میں ایک ہزار روپے سروس چارجز کے شامل ہوتے ہیں۔

    حکومت نے ہنگامی وجوہات کے سبب سفر کرنے والے شہریوں کے لیے ارجنٹ کے علاوہ ایک اور کیٹیگری فاسٹ ٹریک کو متعارف کرایا ہے جس کی فیس سب سے زیادہ ہے۔

  • کراچی: صدر پاسپورٹ آفس میں آتشزدگی، تمام ریکارڈ جل گیا

    کراچی: صدر پاسپورٹ آفس میں آتشزدگی، تمام ریکارڈ جل گیا

    کراچی: صدر میں پوسٹ آفس کے پرانے دفاتر میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں پاسپورٹ آفس کا پرانا ریکارڈ اور ایک گاڑی جل گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں صدر پاسپورٹ آفس کے عقب میں اولڈ پاسپورٹ آفس کے اندر آگ لگی گئی، حکام نے لگنے والی آگ پر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیوں اور ایک اسنارکل سے آگ پر قابو پالیا۔

    فائر بریگیڈ حکام کا بتانا تھا کہ آگ لگنے کے باعث ریکارڈ روم میں موجود تمام ریکارڈ جل گیا ہے جبکہ قریب میں کھڑی ایک پرانی گاڑی بھی جل گئی ہے۔

    فائر بریگیڈ حکام نے مزید بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی جبکہ لوکنگ کا عمل اس وقت جاری ہے کولنگ مکمل ہونے کے بعد آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے گا۔

  • سعودی عرب : ابشر کے ذریعے وزیٹر ویزا میں توسیع کیسے ممکن؟

    سعودی عرب : ابشر کے ذریعے وزیٹر ویزا میں توسیع کیسے ممکن؟

    ریاض : محکمہ پاسپورٹ جنرل ڈپارٹمنٹ نے "ابشر” کے ذریعے وزیٹر ویزا میں توسیع یا پاسپورٹ آفس میں آنے کے امکان کے بارے میں ایک شہری کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اس کی تفصیلات بیان کی ہیں۔

    ویزا کی توسیع:

    پاسپورٹ آفس کے جواب میں کہا گیا ہے کہ توسیع ابشر پلیٹ فارم پر میزبان اکاؤنٹ (افراد، کاروبار) کے ذریعے اس کی میعاد ختم ہونے سے 7 دن پہلے کی جاسکتی ہے اور آنے والے کو سروس کی مخصوص شرائط کے مطابق میڈیکل انشورنس کروانا ضروری ہے۔

    خلیجی ممالک کا سفر:

    اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر پاسپورٹ اکاؤنٹ نے ایک خاتون شہری کےپاسپورٹ حاصل کرنے سے پہلے خلیجی ممالک کے سفر کے امکان کے بارے میں سوال کیا کیونکہ اس کی تجدید جاری ہے۔

    پاسپورٹ آفس نے شہری کے سوال کے جواب میں کہا کہ موجودہ پاسپورٹ نئے پاسپورٹ یا قومی شناختی کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے سفر کرنا اس وقت تک ممکن نہیں جب تک پرانا پاسپورٹ فراہم نہ کردیا جائے اور نیا پاسپورٹ فعال نہ ہوجائے۔

  • پاسپورٹ بنوانے جانے والوں کے لیے اہم خبر آگئی

    پاسپورٹ بنوانے جانے والوں کے لیے اہم خبر آگئی

    اسلام آباد : ملک بھر میں پاسپورٹ بنانے کا سسٹم بیٹھ گیا، سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے آج کوئی پاسپورٹ پراسس نہیں ہوسکا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی پاسپورٹ آفس کا سسٹم بیٹھ گیا، پاسپورٹ سسٹم جام ہونے کی وجہ کام بند ہیں۔

    پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے کوئی پاسپورٹ پراسس نہیں ہوسکتا، جس کے بعد صبح دس بجے سے سینکٹروں شہری مایوس ہوکر گھر جانے پر مجبور ہیں۔

    یاد رہے رواں ماہ ہی محکمہ امیگریشن و پاسپورٹ نے عوام کے لیے نادرا آفس سے پاسپورٹ بنوانے کی سہولت متعارف کرائی تھی۔

    نادرا کے 30 شہروں کے دفاتر میں پاسپورٹ بنائے جانے کا فیصلہ ہوا تھا اور وزیر اعظم کی ہدایت پر باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔

    جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب پاسپورٹ کا ایک کاؤنٹر بھی نادرا کے دفتر میں ہی موجود ہوگا، لاہور ریجن کے 12 چھوٹے شہروں اور کراچی کے 2 علاقوں میں نادرا سینٹر پر پاسپورٹ بن سکے گا، اسی طرح ملتان کے 6، سرگودھا کے 2، کے پی میں 4 اور اسلام آباد کے 2 نادرا سینٹرز پر بھی پاسپورٹ بنائے جا سکیں گے۔

  • کراچی کے تینوں ضلعوں میں پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع

    کراچی کے تینوں ضلعوں میں پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ضلع وسطی، غربی اور کورنگی میں پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کے لیے اقدامات شروع کردیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے تینوں ضلعوں میں دوبارہ پاسپورٹ آفسز قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے شعبہ پاسپورٹ نے دفتر کے لیے سروے کا کام شروع کردیا۔

    ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک دفتر ناظم آباد نمبر 1 میں ای او بی آئی بلڈنگ میں قائم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ نئے دفتر کے قیام سے ضلع وسطی رہائشیوں کو پاسپورٹ کے حصول میں درپیش دشواریاں دور ہوجائیں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی میں پاسپورٹ آفس قائم ہونے سے یومیہ 500 سے 600 درخواست گزاروں کو پاسپورٹ فراہمی کی کارروائی ممکن ہوسکے گی۔

    عید کے بعد نئے پاسپورٹ آفسز کو حتمی شکل دے دی جائے گی جہاں پر شہریوں کو نئے دفتر کے قیام سے آسانی ہوگی اور تمام تر سہولتیں میسر ہوں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں ضلع غربی اور ضلع کورنگی کے لیے بھی پاسپورٹ آفس قائم کرنے کے لیے تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

    ضلع وسطی، غربی اور کورنگی میں نئے پاسپورٹ آفسز قائم ہونے سے شہریوں کو پاسپورٹ بنوانے میں آسانی ہوجائے گی۔

  • بلوچستان میں پہلے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا افتتاح

    بلوچستان میں پہلے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا افتتاح

    کوئٹہ: بلوچستان میں پہلے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا گیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ماضی میں بلوچستان کی ترقی میں رہ جانے والی کمی دور کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں پہلے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا گیا۔ وزیر داخلہ احسن اقبال نے ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کا افتتاح کیا۔

    مذکورہ ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس 4 ماہ کی ریکارڈ مدت میں ایک کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ آفس میں ایک پاسپورٹ کی تیاری میں 20 سے 25 منٹ لگیں گے۔

    افتتاح کے بعد وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بلوچستان میں رہ جانے والی ترقی میں کمی دور کریں گے۔ عوام کو ایگزیکٹو پاسپورٹ آفس کی سہولت سے فائدہ ہوگا۔

    وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ مضبوط معیشت اور مضبوط پاکستان مسلم لیگ ن لیگ کا ایجنڈا ہے۔ بھارت سمیت دیگر ممالک سے ہمارا مقابلہ معیشت کے میدان میں ہے۔

    انہوں نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کل دھرنوں اور احتجاج کا دور نہیں۔ داخلی انتشار اور ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے سے ملک آگے نہیں بڑھے گا۔ ’طاہر القادری آل پارٹیز کانفرنس منفی سیاست کے بجائے ملکی مفاد میں کروائیں۔ ہم نے کبھی وہ این آر او نہیں کیا جو پیپلز پارٹی نے کیا تھا‘۔

    وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بھارت افغان سرزمین استعمال کر کے سی پیک ناکام بنانا چاہتا ہے۔ ’بھارت پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لیے اربوں روپے خرچ کر رہا ہے‘۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔