Tag: پاسپورٹ بلاک

  • 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل :  اشتہاری ملزمان کے پاسپورٹ بلاک

    190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل : اشتہاری ملزمان کے پاسپورٹ بلاک

    اسلام آباد : 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں اشتہاری ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کردیئے گئے، جن کے پاسپورٹ بلاک کئے گئے ان میں شہزاداکبر اورفرح خان شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں اشتہاری ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کردیئے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے شہزاداکبر اورفرح خان کاپاسپورٹ بھی بلاک کیاگیا، وزارت داخلہ کی ہدایت پر پاسپورٹ آفس نے اقدامات کیے۔

    خیال رہے نیب نے 28 جنوری کو ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا۔

    یاد رہے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی بانی پی ٹی آئی کو 14سال اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔

    واضح رہے نیب نے 13 نومبر 2023 کو 190 ملین پاؤنڈریفرنس میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈالی، نیب نے 17 دن تک بانی پی ٹی آئی سے اڈیالا جیل میں تفتیش کی یکم دسمبر 2023 کو نیب نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا۔

    عدالت نے 27 فروری 2024 کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کی، ریفرنس میں 100 سے زائد سماعتیں ہوئیں، نیب نےریفرنس میں پہلے 59 گواہان کی فہرست عدالت میں جمع کرائی دوران ٹرائل نیب نے 59 گواہان میں سے 24 گواہان کو ترک کیا گیا۔

    ریفرنس میں کل 35 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے اور ان پر جرح ہوئی ، ریفرنس میں سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان، سابق وزیراعلیٰ کےپی پرویزخٹک، سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال، القادریونیورسٹی کےچیف فنانشل افسر بھی گواہان میں شامل تھے۔

    عدالت نےذلفی بخاری،فرحت شہزادی، مرزا شہزاد اکبر، ضیاء المصطفی نسیم سمیت 6ملزمان کو190 ملین پاؤنڈ ریفر نس میں اشتہاری قراردیا اور اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں اور بینک اکاونٹ منجمد کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔

  • حکومت نے یو اے ای میں قید 4700 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیے

    حکومت نے یو اے ای میں قید 4700 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیے

    اسلام آباد: حکومت نے متحدہ عرب امارات میں قید 4700 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کر دیے۔

    ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق یو اے ای میں 5 ہزار 292 پاکستانی مختلف جرائم میں قید ہیں، متحدہ عرب امارات کی جانب سے حکومت پاکستان کو ان جرائم کی تفصیل فراہم کی گئی ہے۔

    حکومت نے جرائم میں ملوث پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد اس پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق یو اے ای میں منشیات کے جرائم میں ملوث 2470 افراد کے پاسپورٹ بلاک کیے گئے ہیں۔

    فراڈ، دھوکا دہی اور جنسی ہراسانی میں ملوث 100 پاکستانیوں کے پاسپورٹ، چوری کے جرم میں یو اے ای میں قید 704 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کیے گئے ہیں۔

    کویت میں ہزاروں غیر ملکیوں کی شہریت منسوخ

    قتل، راہزنی میں ملوث 216 پاکستانیوں کے پاسپورٹ، اور غیر قانونی طور پر یو اے ای میں رہائش پذیر 375 پاکستانیوں کے پاسپورٹ بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔

  • سعودی عرب میں گرفتار 4 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک

    سعودی عرب میں گرفتار 4 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک

    اسلام آباد : حکومت پاکستان نے سعودی عرب میں قید چار ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کردیے، مذکورہ پاکستانی وہاں بھیک مانگنے اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں گرفتار چار ہزار پاکستانی بھکاریوں کے خلاف اہم فیصلہ کرتے ہوئے حکومت نے سعودی عرب میں قید چار ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ سات سال کے لیے بلاک کردیے۔

    سعودی حکومت نے چارہزار پاکستانیوں کو بھیک مانگنے اور دیگر جرائم میں گرفتار کیا تھا۔ ساٹھ فیصد سے زائد کا تعلق پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے ڈی پورٹ کرنے کے لیے قیدیوں کے ایمرجنسی ٹریول دستاویز جاری کیے جارہے ہیں۔ پاکستان پہنچنے پر ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ ملتان ایئر پورٹ پر ایف آئی اے کے عملے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے عمرہ زائرین کے بھیس میں 8 مبینہ بھکاریوں کو سعودی عرب جانے والی پرواز سے آف لوڈ کردیا تھا۔

    اس حوالے سے ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ شک پڑنے پر دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ یہ گروپ بھیک مانگنے کے مقصد سے سعودی عرب جا رہا ہے، گروپ نے ایک لاکھ 85 ہزار روپے کی رقم جاوید نامی شخص کے حوالے کی جس نے ان کے ویزوں کے حوالے سے کارروائی کی تھی۔