Tag: پاسپورٹ

پاکستانی پاسپورٹ ایک سرکاری دستاویز ہے جو کسی پاکستانی شہری کی قومیت اور شناخت کی تصدیق کرتی ہے۔ یہ دنیا بھر میں سفر کرنے اور مختلف ممالک میں داخل ہونے کے لیے ضروری ہے۔ پاسپورٹ پاکستان کے شہریوں کو کئی دیگر حقوق اور مراعات بھی فراہم کرتا ہے، جیسے کہ بیرون ملک سفارت خانوں اور قونصلیٹوں سے مدد حاصل کرنا۔

پاسپورٹ

  • پاسپورٹ بنوانے والوں کی بڑی پریشانی حل ہوگئی

    پاسپورٹ بنوانے والوں کی بڑی پریشانی حل ہوگئی

    اسلام آباد : پاسپورٹ بنوانے والوں کی بڑی مشکل آسان ہوگئی، جس سے شہریوں کی پریشانی میں کمی کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں پاسپورٹ کی فراہمی کا سلسلہ التواء کا شکارہے۔ جس کے باعث نئے پاسپورٹ بنوانے اور پاسپورٹ کی تجدید کرانے والے شہری بری طرح پریشان ہیں۔

    اس صورتحال میں پاسپورٹ بنوانے والوں کے لیے اچھی خبر آگئی، جس سے بڑی پریشانی حل ہوگئی۔

    کراچی اور لاہورمیں 2 پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلے رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، اس حوالے سے ڈی جی امیگریشن اینڈپاسپورٹس نے پاسپورٹ آفس سےمتعلق نوٹیفکیشن جاری کیا۔

    وفاقی وزیرداخلہ نے لاہور،کراچی میں2پاسپورٹ آفس24گھنٹےکھولنےکاحکم دیاتھا اور کہا تھا کہ عوام کی سہولت کیلئے 2 پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، پوری کوشش ہے عوام کو پاسپورٹ بنوانے میں مشکلات پیش نہ آئیں۔

    گذشتہ روز پاسپورٹ کی فاسٹ ٹریک پاسپورٹ فیس میں اضافہ کیا گیا تھا، 36 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کی فاسٹ ٹریک فیس 12 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔

    36 صفحات پر مشتمل 10 سالہ پاسپورٹ کی فیس 16 ہزار 200 روپے کی گئی ہے، 72 صفحات پر مشتمل 5 سالہ پاسپورٹ کی فیس 18 ہزار 500 روپے جبکہ 10 سالہ مدت کی فیس 25 ہزار 200 روپے کر دی گئی ہے۔

    100 صفحات والے پاسپورٹ کی 10 سالہ مدت کی فاسٹ ٹریک فیس 32 ہزار روپے کر دی گئی ہے ۔

  • پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کا بڑا مسئلہ حل

    پاسپورٹ بنوانے والے شہریوں کا بڑا مسئلہ حل

    ان دنوں پاکستانیوں کی بڑی تعداد کیلئے وقت پر پاسپورٹ کا حصول کافی حد تک دشوار بلکہ ذہنی اذیت کا باعث بن رہا ہے جس کی بڑی وجہ پاسپورٹس کی بروقت چھپائی کا نہ ہونا ہے۔

    پاسپورٹ کی دستیابی میں تاخیر کی شکایات ارجنٹ اور فاسٹ ٹریک دونوں کیٹیگریز میں سامنے آرہی ہیں جس کا اظہار شہریوں کی جانب سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا جارہا ہے۔

    عوام کو پاسپورٹ کی ڈلیوری میں تاخیر سے متعلق متعلقہ حکام نے نوٹس لیا اور وزرات خزانہ نے پاسپورٹ کا موجودہ بیک لاگ ختم کرنے کے لیے فنڈز جاری کردیے ہیں۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت 8 لاکھ سے زیادہ پاسپورٹ کی پرنٹنگ التواء کا شکار ہے، تاہم پاسپورٹ مشینری اور لیمینیشن پیپر کی خریداری مکمل ہوتے ہی یہ بیک لاگ ختم ہوجائے گا۔

    پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام کے مطابق یومیہ 20 سے 25 ہزار پاسپورٹ کی پرنٹنگ کی جارہی ہے جب کہ یومیہ بنیادوں پرپاسپورٹ اجراء کی 40 سے45 ہزار درخواستیں موصول ہورہی ہیں۔

    علاوہ ازیں ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پرنٹنگ مشینز اور ای پاسپورٹ مشینز کی خریداری کے ٹینڈرز کا انٹرنیشنل اشتہار دے دیا گیا ہے جب کہ چھپائی میں استعمال ہونے والے لیمینیشن پیپرز کے ٹینڈرز کا بھی انٹرنیشنل اشتہار جاری ہے۔

  • عازمین حج کے لیے بڑی خوشخبری

    عازمین حج کے لیے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد: پرائیویٹ حج اسکیم کے عازمین کو پاسپورٹ کے اجرا کے حوالے سے پالیسی مرتب کر لی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ کا اجرا نہ ہونے کے سبب عازمین حج شدید پریشانی کا شکار تھے، اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور کی کوششیں رنگ لے آئیں، اب پاسپورٹ کا اجرا جلد شروع ہو جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت دہری شہریت کے حامل عازمین حج کی کلیئرنس 7 دن میں کرنا ہوگی، سات دن میں کلیئرنس نہ ہونے پر خود بخود کلیئرنس تصور کی جائے گی اور عارضی پاسپورٹ جاری ہوگا۔

    وزارت مذہبی امور نے محکمہ پاسپورٹ کے حکام سے رابطہ کر کے صورت حال سے آگاہ کیا تھا، 28 ہزار سرکاری عازمین حج کو گزشتہ ماہ 3 روز میں پاسپورٹ فراہمی ممکن بنائی گئی تھی، بر وقت پاسپورٹ نہ ملنے سے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل متاثر ہو رہا تھا۔

    ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ محکمہ پاسپورٹ حکام نے عازمین حج کو فوری پاسپورٹ فراہمی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

  • پاسپورٹ بنوانے والوں کے لیے اچھی خبر

    پاسپورٹ بنوانے والوں کے لیے اچھی خبر

    اسلام آباد: پاسپورٹ آفس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لمینیشن پیپرز کی فراہمی سے پاسپورٹ کا اِجرا معمول پر آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاسپورٹ آفس حکام نے بتایا کہ لمینیشن پیپرز کی فراہمی کے بعد پاسپورٹ معمول کے مطابق جاری کیے جارہے ہیں۔ پاسپورٹ کی پرنٹنگ میں تاخیرکی خبریں بےبنیاد ہیں۔

    ترجمان پاسپورٹ حکام کا مزید کہنا تھا کہ فاسٹ ٹریک کیٹیگری میں 3 روز میں پرنٹنگ مکمل کی جارہی ہے۔

    پاسپورٹ آفس ترجمان نے کہا کہ ارجنٹ پاسپورٹ کی 5 روز میں ادائیگی یقینی بنا رہے ہیں۔ نارمل پاسپورٹ کا اجرا ایک ماہ کے اندر یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر داخلہ کے حکم پر دو ماہ پہلے ہی ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پرنٹنگ آپریشن شروع کردیا گیا تھا۔

    لیمینیشن پیپرز کی کمی پر قابو پانے کیلئے ہنگامی طور پر انتظامات مکمل کیے گئے تھے۔ نئے پاسپورٹس کی بروقت ترسیل کیلئےاضافی اہلکار اور عملہ تعینات کیا گیا تھا۔

    اس حوالے سے وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ پرنٹنگ عمل کو تیز کرنے کیلئے اضافی مشینری مختص کی گئی ہے۔

  • ملک بھر میں پاسپورٹ کے اجرا کا نیا بحران

    ملک بھر میں پاسپورٹ کے اجرا کا نیا بحران

    اسلام آباد: ملک بھر میں پاسپورٹ کے اجرا کا نیا بحران پیدا ہوگیا ہے، لیمنیشن پیپر ختم ہونے سے پاسپورٹ کی چھپائی کا کام بند ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ ایک ہفتے میں پاسپورٹ کا بیک لاگ 5 لاکھ تک پہنچ گیا ہے روزانہ 20 سے 25 ہزار پاسپورٹ نئے اور تجدید کی درخواستیں آرہی ہیں۔

    ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ لیمنیشن پیپر کا آرڈر دیا جا چکا ہے پاکستان پہنچنے میں ایک ہفتہ لگے گا جبکہ مزید ایک ہفتہ کسٹم سے لیمنیشن پیپر کلیئر کرانے میں لگ سکتا ہے۔

    ذرائع  وزارت داخلہ کے مطابق اگلے دو ہفتے میں پاسپورٹ کا بیک لاگ 10 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ہے اس بحران کو ختم کرنے میں ایک ماہ سے زائد کا وقت لگ سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر کے پاسپورٹس دفاتر میں پاسپورٹ بنانے والوں کی تعداد میں غیر معمولی رش کی وجہ سے پاسپورٹ بننے کا کام تاخیر کا شکار ہے۔

  • پاکستانی بارڈر پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف

    پاکستانی بارڈر پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف

    اسلام آباد: پاکستانی بارڈر پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے خصوصی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سرحد پر جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈی جی نے تمام زونز کو خصوصی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ 2 سال میں مشتبہ افراد نے جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا استعمال کیا، مشتبہ افراد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

    ایف آئی اے نے ہدایت کی ہے کہ تمام زونز خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائی کریں، جعلی پاسپورٹ سے انٹری کرنے والے افراد کو ٹریس کر کے گرفتار کیا جائے۔

    خیال رہے کہ ایف آئی اے نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ہدایات پر خصوصی تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔

  • سعودی عرب: ایکسپائرڈ پاسپورٹ پر اقامے کی تجدید کیسے ہوگی؟

    سعودی عرب: ایکسپائرڈ پاسپورٹ پر اقامے کی تجدید کیسے ہوگی؟

    ریاض: سعودی حکام نے وضاحت کی ہے کہ اگر کسی غیر ملکی شخص کو اپنے اقامے کی تجدید کروانی ہو لیکن پاسپورٹ ایکسپائر ہوچکا ہو تو کیا کیا جائے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے امیگریشن قانون کے مطابق وہ افراد جو خروج و عودہ ویزے پر گئے ہوتے ہیں ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے دوران واپس آئیں بصورت دیگر ان کے خلاف خرج ولم یعد کے قانون کے تحت مملکت آنے پر 3 برس کے لیے پابندی عائد کردی جاتی ہے۔

    ایسے افراد جن پرخرج ولم یعد کی پابندی عائد کی جاتی ہے وہ صرف اسی صورت میں پابندی کی مدت کے دوران مملکت آسکتے ہیں کہ اگران کا سابقہ سپانسر انہیں دوسرا ویزا جاری کرے۔

    جوازات کے ٹویٹر پر ایک شخص نے اقامے کی تجدید کے قانون کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کہا کہ اقامہ ایکسپائر ہونے والا ہے لیکن اہلیہ کا پاسپورٹ ایکسپائر ہے، اگر اہلیہ کے پاسپورٹ کی تجدید کروانے کا انتظار کیا جائے تو اقامہ ایکسپائر ہو جائے گا جس کے بعد جرمانہ عائد ہوگا، اس صورت میں کیا کیا جائے۔

    سوال کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ اقامے کی تجدید کے وقت سربراہ خانہ کا پاسپورٹ ایکسپائرنہیں ہونا چاہیئے، اگراہلیہ کا پاسپورٹ ایکسپائر ہو تو اقامہ تجدید ہوجاتا ہے۔

    اقامہ تجدید کروانے کے بعد اہلیہ کے نئے پاسپورٹ کی انٹری جوازات کے سسٹم میں ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے کروائی جاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ سربراہ خانہ کے اقامہ پر اس کی اہلیہ اور بچوں کی انٹری ہوتی ہے یعنی گھر کے سربراہ کا اقامہ تجدید ہونے کے ساتھ ہی گھر والوں کا اقامہ بھی تجدید کر دیا جاتا ہے۔

    اس لیے اگر اہلیہ یا بچوں میں سے کسی کا پاسپورٹ ایکسپائر ہو تو اس صورت میں کوئی مضائقہ نہیں اقامہ تجدید کروایا جاسکتا ہے۔

  • پاسپورٹ دفاتر ہفتے کے روز بھی کھلے رکھنے کا اعلان

    پاسپورٹ دفاتر ہفتے کے روز بھی کھلے رکھنے کا اعلان

    کراچی : پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کے غیرمعمولی رش کے پیش نظر ہفتہ 11 فروری کو چھٹی کے روز بھی ملک بھر میں مخصوص ریجنل پاسپورٹ دفاتر کھلے رہیں گے۔

    گزشتہ دنوں پاکستانی پاسپورٹ بنوانے کی فیسوں میں اضافے کی افواہ کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد پاسپورٹ دفاتر میں غیرمعمولی رش لگ گیا۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے وضاحت کی گئی کہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ فیس میں اضافے کی خبریں بے بنیاد ہیں، مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی فیسوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

    ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے دفتر کی جانب سے جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق ہفتہ 11 فروری کو سینٹرل پنجاب زون، خیبر پختونخوا زون، ناتھ پنجاب/آزاد کشمیر/ گلگت بلتستان زون، سندھ زون، بلوچستان زون، ساؤتھ پنجاب زون اور ہیڈ کوارٹر زون کے مخصوص رینجنل پاسپورٹ دفاتر کھلے رہیں گے۔

    جن شہریوں نے اپنی فیس آن لائن یا بینک میں جمع کروا دی ہے ان کے لیے ہفتہ 11 فروری بروز ہفتہ کو بھی صبح 8 بجے سے دو پہر 2 بجے تک پاسپورٹ دفاتر کھلے رہیں گے۔

    ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹ سندھ خالد میمن نے بتایا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے 13 پاسپورٹ دفاتر جن میں حیدرآباد ،لاڑکانہ،سانگھڑ، ٹنڈو اللہ یار،میرپور خاص،خیرپور،قمبر شہداد کوٹ، سکھر، نوابشاہ، دادو، گھوٹکی اور مٹیاری کل کھلے رہیں گے۔

  • سعودی عرب: نئے پاسپورٹ کی تفصیلات کیسے اپ ڈیٹ کی جائے؟

    سعودی عرب: نئے پاسپورٹ کی تفصیلات کیسے اپ ڈیٹ کی جائے؟

    ریاض: سعودی حکام نے اس حوالے سے وضاحت اور ہدایات جاری کی ہے کہ نئے پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کے سسٹم میں کیسے اپ ڈیٹ کی جائے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے قانون کے مطابق مملکت میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے اسپانسرز کے ذمے کارکنوں کی دستاویزات مکمل رکھنے کی ذمہ داری ہوتی ہے جس میں کارکنوں کا اقامہ، ان کی سالانہ میڈیکل انشورنس، خروج وعودہ یا فائنل ایگزٹ ویزے کا اجرا و دیگر امور کی انجام دہی شامل ہے۔

    ایک شخص نے جوازات سے استفسار کیا کہ چھٹی پرگیا تھا جہاں پاسپورٹ ایکسپائر ہوگیا، نیا پاسپورٹ بنوایا ہے اب نقل معلومات کیسے کروائی جائے؟

    اس حوالے سے جوازات کی جانب سے یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ کارکن کے اسپانسر اپنے ابشر یا مقیم پلیٹ فارم کے ذریعے کارکن کے نئے پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کے سسٹم میں اپ ڈیٹ کرسکتے ہیں۔

    پاسپورٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کو عربی میں نقل معلومات کہا جاتا ہے جس کا مطلب ہے نئے پاسپورٹ کے بارے میں معلومات کو جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرنا۔

    جوازات کے ابشر پلیٹ فارم پر نقل معلومات کی سہولت فراہم کی گئی ہے، بعض اوقات ابشر کے خود کار سسٹم کے ذریعے پاسپورٹ کو اپ ڈیٹ کرنے میں دشواری ہونے کی صورت میں ابشر پر ہی موجود تواصل سروس کے ذریعے پاسپورٹ کی معلومات اپ ڈیٹ کی جاسکتی ہیں۔

    نئے پاسپورٹ کی تفصیلات جوازات کے سسٹم میں اپ ڈیٹ کرنے کے لیے پرانے اور نئے پاسپورٹ کو اسکین کر کے کارکن کے اقامے کے ساتھ اسے تواصل سروس پر اپ لوڈ کی جائے۔

    تواصل سروس پر اپ لوڈ کیے جانے کے ایک سے تین دن کے اندر جوازات کے اہلکار نئے پاسپورٹ کا اندراج سسٹم میں کر دیتے ہیں۔

  • دنیا بھر میں پاسپورٹس صرف 4 رنگوں میں کیوں تیار کیے جاتے ہیں؟

    دنیا بھر میں پاسپورٹس صرف 4 رنگوں میں کیوں تیار کیے جاتے ہیں؟

    کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا بھر میں پاسپورٹس صرف 4 رنگوں میں کیوں تیار کیے جاتے ہیں؟ کیوں پاسپورٹ صرف نیلے، سرخ، سبز اور سیاہ رنگوں میں سے کسی ایک رنگ کا ہوتا ہے؟

    انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) نے پاسپورٹس کے لیے مخصوص ٹائپ فیس، ٹائپ سائز اور فونٹ تجویز کیے ہیں، تاہم رنگ کے حوالے سے کوئی ایسے رسمی قوانین موجود نہیں۔

    فضائی سفر کے اصولوں کا تعین کرنے والے اس ادارے نے پاسپورٹ کے کور کے لیے مخصوص رنگ استعمال کرنے کی کوئی ہدایت کبھی نہیں کی۔

    آئی سی اے او کے چیف کمیونیکیشن آفیسر انتھونی فلبِن کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کے رنگوں کا انتخاب حادثاتی طور پر نہیں ہوا، عام طور پر ممالک نے اپنے پاس پورٹ کے رنگ کا انتخاب جغرافیائی، سیاسی اور مذہبی بنیادوں پر کیا۔

    مسلم ممالک اکثر سبز رنگ کو ترجیح دیتے ہیں، یورپ میں سرخ رنگ کا استعمال عام ہے، امریکی ممالک میں نیلے رنگ کے مختلف شیڈز استعمال ہوتے ہیں، جب کہ سیاہ رنگ بہت کم ممالک استعمال کرتے ہیں۔

    سرخ، سبز اور نیلے رنگ کے گہرے شیڈز کے انتخاب کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وقت گزرنے کے باوجود گندے یا بوسیدہ نظر نہ آئیں، گرد و غبار بھی چھپ جائے، اور گہرا رنگ زیادہ آفیشل بھی محسوس ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ پاسپورٹس کی تیاری کے لیے ایسے میٹریل کا استعمال لازمی ہے جو سلوٹیں پڑنے سے روکے، یہ میٹریل ایسا ہونا چاہیے جو مختلف درجہ حرارت جیسے 14 سے 122 فارن ہائیٹ میں پڑھنے کے قابل ہو، اور ہوا میں 5 سے 95 فی صد تک نمی بھی اس کا کچھ نہ بگاڑ سکے۔