Tag: پاسپورٹ

پاکستانی پاسپورٹ ایک سرکاری دستاویز ہے جو کسی پاکستانی شہری کی قومیت اور شناخت کی تصدیق کرتی ہے۔ یہ دنیا بھر میں سفر کرنے اور مختلف ممالک میں داخل ہونے کے لیے ضروری ہے۔ پاسپورٹ پاکستان کے شہریوں کو کئی دیگر حقوق اور مراعات بھی فراہم کرتا ہے، جیسے کہ بیرون ملک سفارت خانوں اور قونصلیٹوں سے مدد حاصل کرنا۔

پاسپورٹ

  • ریاض میں موجود پاکستانیوں کے لیے اہم اعلان

    ریاض میں موجود پاکستانیوں کے لیے اہم اعلان

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارتخانے نے پاسپورٹ، نادرا شناختی کارڈ، دستاویزات کی تصدیق اور کمیونیٹی ویلفیئر سے متعلق امور سمیت تمام خدمات بحال کردی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستانی سفارت خانے نے ویزا سروسز کے علاوہ اپنی تمام قونصلر خدمات مکمل طور پر بحال کر دی ہیں۔

    بحال کی جانے والی خدمات میں پاسپورٹ، نادرا شناختی کارڈ، دستاویزات کی تصدیق اور کمیونیٹی ویلفیئر سے متعلقہ تمام سروسز شامل ہیں۔ سفارتخانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قونصلر خدمات کے لیے ریاض ریجن میں مقیم پاکستانی پیشگی وقت لیے بغیر آسکتے ہیں۔

    بیان میں کمیونٹی سے درخواست کی گئی کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھیں۔

    یاد رہے کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد قونصلر خدمات کے لیے ہر روز سفارت خانے اور قونصلیٹ سے رجوع کرتی ہے۔

    سفارتخانے کا کہنا ہے کہ قونصلر خدمات کے لیے رجوع کرنے والے پاکستانی سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔

  • آزادانہ سفر کے لیے پاسپورٹ ملنے پر سعودی خواتین بے حد خوش

    آزادانہ سفر کے لیے پاسپورٹ ملنے پر سعودی خواتین بے حد خوش

    ریاض : سعودی خاتون ھیفاء کا کہنا ہے کہ بہت سی خواتین کیلئے پاسپورٹ کا حصول ناقابل یقین خواب تھا،حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات پرخود بھی یقین نہیں آ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے رواں ماہ کے اوائل میں خواتین کی سفری آزادیوں کے لیے ایک نیا سنگ میل طے کرتے ہوئے انہیں اپنی مرضی سے اندرون اور بیرون ملک سفر کی اجازت دی گئی۔

    اس اجازت کے بعد خواتین نے مرضی کے مطابق پاسپورٹ تیار کرانا شروع کر دیے ہیں، بہت سی خواتین کے لیے پاسپورٹس کا حصول ناقابل یقین خواب تھا مگر ان کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا ہے۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ بہت سی خواتین کو پاسپورٹ حاصل کرنے کے بعد بھی یقین نہیں آتا کہ انہیں حکومت نے کتنی آزاد فراہم کی ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق 28 سالہ طالبہ ھیفاءنے پاسپورٹس کے دفتر سے اپنا پاسپورٹ وصول کیا تو بہت سی خواتین کی طرح خود اسے بھی یقین نہیں تھا کہ حکومت اسے اتنی سہولت دے سکتی ہے، پاسپورٹ دیکھ کر اس کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو رواں ہو گئے۔

    میڈیاذرائع کا کہنا تھا کہ وہ بیرون ملک اپنا ایم اے کا تعلیمی پروگرام مکمل کرنا چاہتی تھی مگر والدین کی طرف سے اسے بیرون ملک تنہا سفر کی اجازت نہیں تھی، یہ پابندی برسوں سے برقرار رہی ہے مگراب ھیفاءکو بیرون ملک سفرمیں کوئی دقت نہیں ہوگی۔

    عرب خبر رساں ادارےکا کہنا تھا کہ برسوں تک سعودی عرب کی خواتین باپ، شوہر، بھائی یا بیٹے میں سے کسی ایک کی اجازت کی پابند رہی ہیں، اب وہ اپنی مرضی سے شادی اور سفر کر سکتی ہیں۔

    سعودی عرب کی حکومت نے یہ انقلابی قدم رواں ماہ اٹھایا اور برسوں سے بندشوں کا شکار خواتین کو سفر کی آزادی فراہم کی۔

    یہ آزادیاں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کاوشوں کا نتیجہ ہیں جنہوں نے چار سال قبل ملک میں وسیع اقتصادی اور سماجی اصلاحات کا سفر شروع کیا اور بہ تدریج خواتین کی آزادیوں کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں۔

  • حکومت  کا بڑا فیصلہ ، پاسپورٹ سے پروفیشن کا خانہ ختم

    حکومت کا بڑا فیصلہ ، پاسپورٹ سے پروفیشن کا خانہ ختم

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پاسپورٹ سے پیشے کا خانہ ختم کردیا اور سرکاری ملازمین کے پاسپورٹ کی ایمنسٹی اسکیم میں دو ماہ کی توسیع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ایک اور فیصلہ کرتے ہوئے پاسپورٹ سے پروفیشن کا اندراج ختم کردیا جبکہ سرکاری ملازمین کے پاسپورٹ کی اسکیم میں2ماہ کی توسیع کردی۔

    وفاقی کابینہ نے پاسپورٹ سے پیشے کا خانہ ختم کرنے اور  پرائیویٹ پاسپورڈ کے حامل سرکاری ملازمین کے لئے کوائف اور پاسپورٹ کے اندراج کی تاریخ میں دو ماہ کی توسیع کی منظوری دی ، ملازمین کے لئےکوائف کے اندراج میں توسیع 25 جولائی سے دو ماہ کے لئے ہوگا۔

    پروفیشن کا کالم ختم کرنے کے باوجود سرکاری ملازمین کو اپنے محکمہ کا این او سی لازمی جمع کرواناہوگا، این او سی اجراء کا مقصد سرکاری ملازمین کے بائیو ڈیٹا میں سرکاری ملازمین کا اندراج ہے۔

    کوائف میں اندراج کی توسیع کے لئے پہلے سے کئےگئے فیصلہ کے مطابق 5 ہزار اضافی فیس کی ادائیگی کی شرط بدستور لاگو رہے گی جبکہ یرون ملک مقیم سرکاری ملازمین کے لئے بھی یہی شرائط لاگو ہوں گی۔

    دو ماہ کے اندر سرکاری ملازمین کواپنا پروفیشن ظاہر کر ناہوگا ورنہ نومبر کے بعد سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی، پروفیشن کاخانہ ختم کرنے کا اطلاق سرکاری ملازمین پر نہیں ہوگا۔

    پرائیویٹ پاسپورٹ کے حامل سرکاری ملازمین کے لئے پروفیشن کی تبدیلی پر مبنی اندراج کے لئے تین ماہ مدت کا اطلاق 21 اپریل 2019 سے کیاگیاتھا۔

  • اسحٰق ڈار کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیا گیا

    اسحٰق ڈار کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیا گیا

    اسلام آباد: وزارت داخلہ نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیا۔ وہ اس وقت لندن میں موجود ہیں اور اب برطانیہ سے باہر نہیں جاسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ کا سفارتی پاسپورٹ منسوخ کردیا۔

    اٹارنی جنرل آفس نے پاسپورٹ منسوخی کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی۔ ڈائریکٹوریٹ پاسپورٹ نے اسحٰق ڈار کا عام پاسپورٹ بھی بلیک لسٹ میں ڈال دیا۔

    اسحٰق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت گیارہ ستمبر کو ہوگی۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اس وقت کئی مقدمات میں عدالت کو مطلوب ہیں۔

    پاکستان ٹیلی ویژن کے ایم ڈی تقرری کیس میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اسحٰق ڈار کو وطن واپسی کی ہدایت دے رکھی ہے۔

    کیس سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی کی ماہانہ 15 لاکھ تنخواہ سے متعلق ہے جس میں اسحٰق ڈار بھی ملوث ہیں۔ چیف جسٹس نے مذکورہ کیس قومی احتساب بیورو (نیب) کو بھجوانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

    سابق سیکریٹری خزانہ وقار مسعود نے عدالت میں کہا تھا کہ عطا الحق قاسمی کی ماہانہ 15 لاکھ تنخواہ پر میں نے اعتراض اٹھایا تھا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ 27 کروڑ روپے کا منظور شدہ پیکج سے کوئی تعلق نہیں، 27 کروڑ کے بجائے 54 ملین کا کل پیکج ہے۔ 27 کروڑ کے پیکج میں دیگر چیزیں بھی شامل کی گئی ہوں گی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ فواد حسن فواد کہتے تھے وزیر اعظم سیکریٹریٹ کا کوئی لینا دینا نہیں، مقدمہ مزید تحقیقات کا تقاضا کرتا ہے۔

    اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس بھی زیر سماعت ہے جس میں استغاثہ کے گواہان کے دلائل اور ان پر جرح جاری ہے۔

    26 فروری کو نیب نے اسحٰق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا جس میں نیشنل بینک کے سابق صدر سعید احمد خان سمیت 3 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔

    احتساب عدالت میں اسحٰق ڈارکے خلاف ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ نے انکشاف کیا تھا کہ سابق وزیرخزانہ کی دولت میں 16 سال کے دوران 91 گنا اضافہ ہوا۔

  • نیب کی درخواست پر اسحاق ڈار کا پاسپورٹ بلاک کردیا

    نیب کی درخواست پر اسحاق ڈار کا پاسپورٹ بلاک کردیا

    اسلام آباد : حکومت پاکستان نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ قرار دیتے ہوئے سابق وزیر خزانہ کا پاسپورٹ بلاک کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے اثاثہ جات ریفرنس میں اشتہاری اور مفرور ملزم و سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ بھی بلاک کردیا ہے۔

    قومی احتساب بیورو نے اسحاق ڈارکو انٹرپول کے ذریعے لندن سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کے لیے ریڈ وارنٹ بھی جاری کیے ہوئے ہیں۔

    نیب کی جانب سے جاری ریڈ وارنٹ میں برطانیہ کے ایون فیلڈ ہاؤس پارک لین 16 اے اور سابق وفاقی وزیرخزانہ کے دبئی میں موجود دوسرے گھر ای 144 ہجویری ویلا ایمریٹس ہل کے گھر کا ایڈریس لکھا ہوا ہے۔

    انٹرپول کی مدد سے اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے لیے جاری ہونے والے ریڈ وارنٹ میں سابق وفاقی وزیر خزانہ کے جسمانی خدوخال کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں۔

    قبل ازیں وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر اسحاق ڈار کی گرفتاری اور وطن واپسی کے لیے ریڈوارنٹ جاری کرنے کی منظوری دی تھی، جس کے لیے انٹرپول کو بھی خط ارسال کیا گیا تھا۔


    مزید پڑھیں: اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ جاری


    خیال رہے عدالت نے اسحاق ڈار کو وطن واپسی کے لیے کئی بار مہلت دی مگر وہ اپنی صفائی دینے کے لیے حاضر نہ ہوئے۔

    یاد رہے کہ 14 جولائی کو اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق ہونے والی کیس کی سماعت میں اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کے ریڈوارنٹ جاری کردیے گئے، جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا تھا کہ کیا اسحاق ڈار کا پاکستانی پاسپورٹ منسوخ کیا گیا؟

    اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا تھا کہ اسحاق ڈارکا ابھی تک پاسپورٹ منسوخ نہیں کیا گیا کیونکہ ملزم اس کے بعد واپس نہ آنے کا جواز  پیش کرسکتا ہے، ہمیں انٹرپول کی جانب سے کارروائی کا انتظار ہے۔


    ویڈیو دیکھیں: بیمار اسحاق ڈار کی لندن میں پھرتیاں، ویڈیو سامنے آگئی


    یاد رہے 9 جولائی کو جسٹس ثاقب نثار نے اسحاق ڈار کی پیشی یقینی بنانے کے لیے وزارت داخلہ اور اٹارنی جنرل کو حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ اسحاق ڈار ملک کی سب سے بڑی عدالت کو خاطر میں نہیں لارہے، وہ مفرور ہیں، کوئی بھی ان کو پکڑ کرپیش کرسکتا ہے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اگر اسحاق ڈار نہیں آتے تو ان کا پاسپورٹ منسوخ کیا جائے اور انٹرپول کے ذریعے انہیں واپس لایا جائے۔

  • جاپان کا پاسپورٹ ‘ دنیا بھرمیں سب سے طاقتور

    جاپان کا پاسپورٹ ‘ دنیا بھرمیں سب سے طاقتور

    ٹورنٹو: جاپانی پاسپورٹ دنیا کے طاقتورترین پاسپورٹس کی فہرست میں پہلے نمبر پر جبکہ سنگاپور اور جرمنی دوسری پوزیشن پرپہنچ گئے۔

    تفصیلات کےمطابق نئی جاری کردہ پاسپورٹ انڈیکس میں جاپان پہلے نمبر پر ہے‘ اس سے قبل سنگاپور پہلی پوزیشن پر براجمان تھا ‘ اس فہرست کے مطابق جاپانی ویزا رکھنے والے افراد 189 ممالک کے ویزہ فری سفر کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔

    پاسپورٹ انڈیکس کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں دوسرے نمبر پرجرمنی اور سنگاپور ہیں جن کے شہری 188 ممالک میں بغیرویزہ لیے جاسکتے ہیں۔

    اسی فہرست میں تیسرے نمبرپرجنوبی کوریا، فن لینڈ، اٹلی، فرانس، سوئیڈن اور اسپین ہیں، طاقتور پاسپورٹ کے حوالے سے امریکہ، برطانیہ, آسٹریا، لکسمبرگ، نیدرلیند اور پرتگال چوتھے نمبر پرہیں۔

    پاکستانی پاسپورٹ اس فہرست میں 98 نمبرپر ہے جس پرصرف 33 ممالک کا سفر بغیرویزے کے کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان صرف افغانستان، صومالیہ ، شام اور عراق سے بہتر ہے جبکہ بھارت اس فہرست میں 76 ویں نمبرپر ہے۔

    سنگاپور کا پاسپورٹ ‘ دنیا بھرمیں سب سے طاقتور

    خیال رہے کہ گزشتہ سال سنگاپور کا پاسپورٹ عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پرتھا جبکہ پاکستان اس فہرست میں 93 ویں نمبر پر تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سعودی عرب، تارکین وطن کے اقامے کی فیس 200 ریال ماہانہ مقرر

    سعودی عرب، تارکین وطن کے اقامے کی فیس 200 ریال ماہانہ مقرر

    جدہ : سعودی عرب میں تارکین وطن کے اقامے کی تجدید کے لیے فیس میں 100 ریال کا اضافہ کردیا گیا ہے اور نادہنددگان تارکین وطن کو خروج و عودہ کا اجراء بھی نہیں کیا جائے گا.

    بین الااقوامی میڈیا کے مطابق اس بات کا اعلان سعودی محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ وژن 2030 کے تحت اگلے دو سال کے لیے تارکین فیس کی وصولی کے طریقہ کار کے اجراء کے موقع پر کیا گیا.

    نئے طریقہ کار کے مطابق محکمہ پاسپورٹ سے کسی بھی معلومات کے لیے رجوع کرنے والے تارکین وطن سے یہ فیس وصول کرلی جائے گی جس کی ادائیگی بینکوں کے ذریعے ہو گی.

    اس کے علاوہ تارکین وطن ” ابشر“ کے ذریعے ھویہ مقیم (اقامہ) کی باقی ماندہ مدت سے متعلق معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں تاہم اس کے لیے بھی تارکین فیس کی ادائیگی لازمی قرار دی گئی ہے جو کہ 200 ریال ماہانہ ہے.

    محکمہ پاسپورٹ کے مطابق تارکین وطن کے لیے لازمی شرط خروج و عودہ کے اجراء کی کارروائی بھی تارکین فیس کی ادائیگی کے بغیر نہیں ہوگی اور خروج نہائی بھی مذکورہ فیس کی ادائیگی کے بغیر نہیں دیا جائے گا

    نئے قوانین کے تحت نجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے مختلف اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت نجی اداروں کے غیر ملکی ملازمین کے بیوی، بچوں، والدین، ساس، سسر اور گھریلو عملے پر بھی تارکین وطن فیس اتنی ہی عائد ہو گی جتنا کے ملازم پر ہے.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ملا منصورکو شناختی کارڈ و پاسپورٹ جاری نہیں ہوئے تھے، وفاقی وزیرداخلہ

    ملا منصورکو شناختی کارڈ و پاسپورٹ جاری نہیں ہوئے تھے، وفاقی وزیرداخلہ

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ طالبان کے سابق مقتول افغان طالبان امیر ملا منصور کو پاکستانی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری نہیں کیا گیا تھا بلکہ ملنے والا شناختی کارڈ محمد ولی نامی شخص کو جاری کیا گیا تھا.

    یہ بات وزرات داخلہ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کی جانب سے سینیٹ کو تحریری جواب میں کہی، وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ  ملا منصور کے پاس جو پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ موجود تھے وہ محمد ولی ولد شاہ محمد نامی شخص کو جاری کیے گئے تھے.

    وزارت داخلہ نے تحریری بیان میں سینیٹ کو بتایا کہ محمد ولی ولد شاہ محمد کے نام سے جاری کردہ شناختی کارڈ میں نادرا کے ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ انکوائری کے بعد غفلت اور لاپرواہی برتنے پر فصیح الدین، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر، آر ایچ او کراچی کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے.

    وزرات داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ نادرا افسر فصیح الدین کو ملازمے سے برطرف ہی نہیں کیا گیا بلکہ ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے جو عدالت میں زیر سماعت ہے اور عدالتی فیصلے کا تاحال انتظار ہے.

    وزارت داخلہ کی جانب سے پیش کیئے اعدادو شمار کے تحت ملک بھر میں مجموعی طور پر 65  ہزار تین جعلی شناختی کارڈ پائے گئے تھے جنہیں منسوخ کردیا گیا ہے جن میں سب سے زیادہ پنجاب میں اور سب سے کم گلگت بلتستان میں جعلی شناختی پائے گئے.

    اس موقع پر سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ نادرا کے نچلی سطح کے ملازمین کے خلاف کارروائی یا مقدمہ قائم کرنے سے اس مسئلے کا حل نہیں نکلے گا تا وقت یہ کہ جعلی شناختی کارڈ جاری کرنے کی ہدایات دینے والوں کو قانون کی گرفت میں نہیں لایا جاتا.

    یاد رہے کہ پاک افغان سرحد کے قریب ایران سے کوئٹہ میں داخل ہونے والی ایک گاڑی کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جس مٰن گاڑی سوار میں دونوں افراد ہلاک ہوگئے تھے بعد ازاں ان میں سے ایک کی شناخت اس وقت کے افغان طالبان ملا منصور کے نام سے ہوئی تھی جب کہ دوسرا شخص رینٹ اے کار کا ڈرائیور تھا.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • خواجہ سرا جنس کے اندراج کے ساتھ پہلا پاسپورٹ جاری

    خواجہ سرا جنس کے اندراج کے ساتھ پہلا پاسپورٹ جاری

    پاکستانی تاریخ میں پہلی بار پاسپورٹ میں جنس کے زمرے میں خواجہ سرا کا اندراج کردیا گیا جس کے بعد پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوگیا جہاں سرکاری دستاویزات میں خواجہ سرا کو ایک علیحدہ جنس کے طور پر درج کیا جارہا ہے۔

    اس سلسلے میں سرکاری طور پر تو کوئی اعلان نہیں کیا گیا تاہم خیبر پختونخواہ میں خواجہ سراؤں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ادارے ٹرانس ایکشن پاکستان نے سوشل میڈیا پر اس اہم اقدام کا اعلان کیا۔

    فیس بک پر کی جانے والی پوسٹ کے مطابق ادارے کی سربراہ فرزانہ جان وہ پہلی خواجہ سرا بن گئی ہیں جن کے پاسپورٹ میں ان کی جنس بطور مخنث درج کی گئی ہے۔

    پوسٹ میں حکومت پاکستان اور وزارت داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاسپورٹ میں جنس کے خانے میں مخنث کا اندراج ایک اہم سنگ میل ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستانی پاسپورٹ میں اس سے قبل جنس کے لیے صرف ’میل‘ اور ’فی میل‘ کا آپشن موجود تھا تاہم اب خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ جنس کا اندراج بھی شروع کردیا گیا جسے ’ایکس‘ سے ظاہر کیا جائے گا۔

    پاسپورٹ ملنے کے بعد خواجہ سرا فرزانہ جان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اتفاق سے وہ پہلی خواجہ سرا ہیں جن کے شناختی کارڈ میں بھی ان کی جنس بطور خواجہ سرا درج کی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہے کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہوگیا ہے جہاں خواجہ سراؤں کو بطور علیحدہ جنس تسلیم کرلیا گیا ہے تاہم دنیا میں سعودی عرب جیسے ممالک بھی موجو دہیں جنہوں نے اپنے ملک میں خواجہ سراؤں کا داخلہ ممنوع قرار دے رکھا ہے۔

    مزید پڑھیں: مردم شماری میں خواجہ سراؤں کا اندراج

    یاد رہے کہ سرکاری دستاویزات میں جنس کے خانے میں مخنث کا اندراج کرنے والے دیگر ممالک میں بھارت، نیپال، جرمنی اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔ حیرت انگیز طور پر اس فہرست میں امریکا شامل نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ رواں برس ہونے والی چھٹی مردم شماری میں بھی خواجہ سراؤں کے لیے علیحدہ جنس کا خانہ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • دبئی میں پاسپورٹ کی جگہ اسمارٹ فون کا استعمال

    دبئی میں پاسپورٹ کی جگہ اسمارٹ فون کا استعمال

    دوحہ: دبئی ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے ایک حیرت انگیز موبائل ایپ متعارف کرادی جس کے بعد اب مسافر پاسپورٹ کے بجائے اسمارٹ فونز کے ذریعے چیک آؤٹ کرسکیں گے۔

    خصوصی اسمارٹ گیٹ نصب

    دبئی امیگریشن حکام نے یہ سہولت ایمریٹس ایئر لائن کے تعاون سے دبئی ایئرپورٹ پر منگل کو متعارف کرادی ہے جس کے لیے خصوصی اسمارٹ گیٹ لگایا گیا ہے۔

    یہ موبائل ایپ اور اسمارٹ گیٹ متعارف کراتے وقت جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈینسی اینڈ فارن افیئرز کے ڈی جی میجر جنرل محمد احمد المری اور ڈپٹی چیئرمین آف پولیس اینڈ اینڈ پبلک سیکیورٹی لیفٹیننٹ جنرل دہی خلفان تمیم بھی موجود تھے۔

    کلیئرنس کا دورانیہ 9 تا 12 سیکنڈ کم

    اس نئے سسٹم کو "ا سمارٹ یو اے ای والٹ” کا نام دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں دبئی سے دیگر ممالک روانہ ہونے والے ہر مسافر کی کلیئرنس کا دورانیہ 9 تا 12 سیکنڈ کم ہوسکے گا۔

    تمام ٹرمینل پر اسمارٹ گیٹ لگادیے جائیں گے

    یہ سہولت فی الوقت دبئی ایئرپورٹ کے ٹرمینل تھری پر متعارف کرائی گئی ہے بعدا زاں موبائل ایپلی کیشن کا تمام ایئرلائن سے لنک ہونے کے بعد یہ سہولت تمام ٹرمینل پر شروع کردی جائے گی اور تمام ٹرمینل پر اسمارٹ گیٹ لگا دیے جائیں گے۔

    دستاویزات اور پاسپورٹ محفوظ رہ سکے گا،لیفٹیننٹ جنرل تمیم

    لیفٹیننٹ جنرل تمیم نے بتایا کہ اسمارٹ والٹ کے ذریعے مسافروں کا وقت بچے گا، ان کی دستاویزات اور پاسپورٹ محفوظ رہ سکے گا، مسافروں کو اسمارٹ گیٹ پر صرف اسمارٹ فون اور فنگر پرنٹس کی ضرورت ہوگی اور ڈیپارچر کا عمل ختم ہوجائےگا۔

    یو اے ای والٹ میں مزید تفصیلات بھی شامل کی جائیں گی

    حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یو اے ای والٹ ایپ میں مسافر کی ذاتی شناخت، پاسپورٹ کی تفصیلات اور اسمارٹ گیٹ کارڈ کا ڈیٹا داخل کیا جائے گا بعدازاں اس میں دیگر تفصیلات بھی شامل کی جاسکیں گی۔

    اس ایپ کی یو اے ای کے تمام سرکاری دفاتر تک رسائی ہوگی

    لیفٹیننٹ جنرل تمیم نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں تمام اماراتی باشندوں اور غیر ملکی شہریوں کا ڈیٹا اس اپیلی کیشن سے منسلک کردیا جائے گا جس کے بعد لوگوں کو متحدہ عرب امارات کے کسی بھی سرکاری ادارے میں داخل ہوتے وقت کسی بھی قسم کی دستاویز دکھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

    اسمارٹ فون میں انسٹال ایپ کے ذریعے بار کوڈ ظاہر ہوگا

    ان کا کہنا تھا کہ موبائل ایپ میں ظاہر ہونے والا بار کوڈ تمام تفصیلات محض چند سیکنڈ میں ظاہر کردے گا۔

    یہ ایپ ایپل اسٹور سے ڈاؤن لوڈ ہوسکے گی

    یہ اپیلی کیشن ایپل اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے ،یہ اپیلی کیشن انتہائی محفوظ ہے اور تمام تر سیکیورٹی فیچرز رکھتی ہے، ڈویلپرز کے مطابق اس اپیلی کیشن کو ہیک کرنا یا اس کا غلط استعمال کرنا ناممکن ہے۔

    پاسپورٹ اور بورڈنگ کارڈ لانا نہیں پڑے گا، ایمریٹس ایئر لائن حکام

    ایمریٹس ایئرلائن کے حکام نے بتایا کہ اب مسافر کو پاسپورٹ لانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، حتی کہ بورڈنگ کارڈ بھی نہیں لانا پڑے گا اس لیے کہ مسافر کا تمام ڈیٹا یعنی اس  کا نام و تصاویر، فلائٹ نمبر اور جہاز کا سیٹ نمبر بھی موبائل والٹ ایپ کے ذریعے اسمارٹ فون سے ظاہر ہوگا۔

    یہ پڑھیں: دبئی ائیرپورٹ پرمسافروں کی تھکن دور کرنے کے لیے خصوصی کیبن نصب