Tag: پالتو جانور

  • کتا آپ کو امراض قلب سے بچا سکتا ہے

    کتا آپ کو امراض قلب سے بچا سکتا ہے

    کیا کتا آپ کا پسندیدہ جانور ہے، اور آپ کے گھر میں ایک پالتو کتا بھی موجود ہے جو آپ کو بالکل اپنے گھر کا ایک حصہ لگتا ہے؟ تو پھر خوش ہوجائیں کیونکہ کتا آپ کو امراض قلب سے بچا سکتا ہے۔

    سوئیڈن میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق کتا پالنے والے افراد میں امراض قلب میں مبتلا ہونے کا امکان کم ہوجاتا ہے نتیجتاً ان کی جلد موت کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کتا پالنے والے افراد جسمانی طور پر متحرک ہوتے ہیں کیونکہ وہ باقاعدگی کے ساتھ کتے کو ٹہلانے کے لیے لے کر جاتے ہیں، جسمانی طور پر فعال رہنا امراض قلب میں کمی کرتا ہے۔

    تحقیق میں دیکھا گیا کہ تنہا رہنے والے وہ افراد جن کے پاس کتا موجود تھا، ان میں امراض قلب کے خطرے میں 11 فیصد جبکہ قبل از وقت موت کے خطرے میں 33 فیصد کمی دیکھی گئی۔

    ماہرین کے مطابق اکیلے رہنے والے افراد میں امراض قلب سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔

    تحقیق میں یہ بھی کہا گیا کہ کتا اپنے مالک کی قوت مدافعت پر بھی مثبت طور پر اثر انداز ہوتا ہے اور اس میں اضافہ کرتا ہے۔

    مزید پڑھیں: برے آدمی کی پہچان کے لیے اپنے کتے کی مدد لیجیئے

  • جانوروں کا عالمی دن: پالتو جانور رکھنے کے حیران کن فوائد

    جانوروں کا عالمی دن: پالتو جانور رکھنے کے حیران کن فوائد

    آج دنیا بھر میں جانوروں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد پالتو جانوروں اور ان کے حقوق کا خیال رکھنے کا شعور پیدا کرنا ہے۔

    یاد رہے کہ ہر سال 3 مارچ کو جنگلی حیات کا عالمی دن بھی منایا جاتا ہے تاہم آج کا دن گھروں میں پالے جانے والے، یا انسانوں کے ساتھ رہنے والے پالتو جانوروں کا دن ہے جس میں سرکس، فلموں، یا ریسکیو ٹیموں کے ساتھ رکھے جانے مختلف جانور بھی شامل ہیں۔

    دنیا بھر میں گو کہ گھروں میں پالے جانے عام جانوروں میں کتے، بلی، کچھوے، گھوڑے، گائے، بکریاں اور مختلف پرندے وغیرہ شامل ہیں، تاہم جانوروں کے شوقین بعض افراد خطرناک جانور بھی گھر میں رکھ لیتے ہیں جیسے شیر، چیتے، سانپ یا زیبرا وغیرہ۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ گھر میں موجود پالتو جانور آپ کے لیے بے شمار فوائد کا سبب بن سکتے ہیں۔ آئیں جانتے ہیں کیسے؟


    ذہنی تناؤ میں کمی

    گھر میں جانور خصوصاً کتا یا بلی پالنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ کے ذہنی تناؤ میں کمی واقع ہوتی ہے۔

    دن بھر کے تھکے ہارے جب شام کو آپ واپس گھر پہنچتے ہیں تو گھر والوں سے زیادہ پرجوش استقبال آپ کا پالا ہوا بلی یا کتا کرتا ہے جو یکدم آپ کے ذہنی تناؤ کو کم ترین سطح پر لے آتا ہے۔


    درد میں کمی

    طویل عرصے تک گھر میں پالا جانے والا جانور گھر کے ایک فرد کی سی حیثیت اختیار کرجاتا ہے۔ اس کی غیر موجودگی میں اس کی بے حد کمی محسوس ہوتی ہے، جبکہ اس کی موجودگی تکلیف میں مبتلا افراد کے لیے ایسی ہی ثابت ہوتی ہے جیسے کسی قریبی عزیز یا اپنے کی موجودگی۔

    دکھ اور بیماری کے موقع پر پالتو جانور بھی آپ کو آرام پہنچانے کا سبب بن سکتے ہیں۔


    موڈ میں تبدیلی

    تصور کریں آپ نہایت برے موڈ کے ساتھ گھر میں داخل ہوئے، لیکن گھر میں داخل ہوتے ہی آپ کے پالتو کتے نے لپک کر آپ کو گلے لگا لیا، یا پالتو بلی نے میاؤں میاؤں کرتے ہوئے آپ کے گرد چکر لگانا شروع کردیا، تو آپ کا موڈ فوراً تبدیل ہو کر نہایت خوشگوار ہوجائے گا۔


    رویوں میں نرمی

    گھر میں پالتو جانور رکھنا مجموعی طور پر اہل خانہ کے مزاج میں نرمی لاتا ہے۔

    پالتو جانوروں کو پیار کرنا انہیں انسانوں اور دیگر معاملات کی طرف بھی نرمی سے دھیان دینے کی طرف مائل کرتا ہے۔


    قوت مدافعت میں اضافہ

    آپ نے بعض افراد کو جانوروں کے قریب جانے پر زکام کی شکایت ہوجانے یا جلد پر کسی قسم کی الرجی ہوتے دیکھا ہوگا۔ ایسے افراد دراصل جانوروں سے بہت دور رہتے ہیں اور ان کی قوت مدافعت کمزور ہوجاتی ہے۔

    گھر میں پالتو جانور رکھنا آپ کی قوت مدافعت میں اضافہ کرتا ہے اور جانوروں کے ساتھ رہتے رہتے آپ مختلف قسم کی الرجیوں سے محفوظ ہوجاتے ہیں۔


    بچوں کی نشونما میں معاون

    پالتو جانور آپ کے گھر میں موجود بچوں کے بہترین دوست ثابت ہوتے ہیں۔ یہ انہیں بہت کچھ سکھانے کا سبب بھی بنتے ہیں جبکہ آپ کی غیر موجودگی میں بچوں کا خیال بھی رکھتے ہیں اور انہیں کسی بڑے نقصان سے بچا سکتے ہیں۔

    پالتو جانوروں سے نرمی اور محبت کا برتاؤ کرنا آپ کے بچوں کو بھی نرم دل اور جانوروں سے محبت اور ہمدردی کرنے والا انسان بنا سکتا ہے۔

    کیا آپ کے گھر میں کوئی پالتو جانور موجود ہے؟ اگر نہیں تو اس مضمون کو پڑھنے کے بعد آپ اپنے گھر میں ضرور کوئی پالتو جانور رکھنا چاہیں گے۔