Tag: پالتو کتے

  • پالتو کتے نے گھر کے صحن میں کھیلتی ہوئی 3 سالہ ننھی بچی کا چہرہ نوچ ڈالا

    پالتو کتے نے گھر کے صحن میں کھیلتی ہوئی 3 سالہ ننھی بچی کا چہرہ نوچ ڈالا

    کوٹلی : پالتو کتے نے گھر کے صحن میں کھیلتی ہوئی 3 سالہ ننھی بچی کا چہرہ نوچ ڈالا تاہم ورثاء کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوٹلی کی تحصیل کھوئی رٹہ کے نواحی علاقے کھوڑ اچھالہ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک پالتو کتے نے گھر کے صحن میں کھیلتی تین سالہ معصوم بچی پر حملہ کر دیا۔

    کتے نے بچی کے چہرے کو کاٹ لیا، جس سے وہ لہولہان ہو گئی۔

    بچی کے ورثاء کا کہنا ہے کہ کتے کے مالک کو فوری طور پر اطلاع دی گئی، مگر اس نے بچی کا علاج کروانے سے انکار کر دیا۔

    متاثرہ خاندان نے تھانہ کھوئی رٹہ میں تحریری درخواست دی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : پالتو کتے کا 4 سالہ بچے پر حملہ ، دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

    یاد رہے گذشتہ ماہ لاہور کے علاقے اچھرہ میں پالتو کتے نے 4 سالہ بچے کو بھنبھوڑ ڈالا تھا، چار سال کا فواد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا اور متاثرہ بچے کے والد نے واقعے کیخلاف اچھرا تھانے میں انور نامی شخص کیخلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ بیٹا دکان پر جانے کے لیے گھر سے نکلا ، دو آوارہ اور ایک پالتو کتا جس کا مالک انور ہے، انہوں نے چار سالہ بچے پر حملہ کیا۔ مالک خاموشی سے دیکھتا رہا جبکہ راہگیروں نے بچے کی جان بچائی۔

  • پالتو کتے نے واک پر جانیوالی خاتون کو بھنبھوڑ دیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    پالتو کتے نے واک پر جانیوالی خاتون کو بھنبھوڑ دیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    گروگرام(31 جولائی 2025): بھارت میں چہل قدمی کے دوران خاتون پر پالتو کتے نے بے دردی سے حملہ کردیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہریانہ میں گروگرام کے گالف کورس روڈ پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں چہل قدمی کے لیے آنے والی خاتون پر ایک پالتو ہسکی نے حملہ کردیا۔

    خاتون پر حملہ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کتے نے خاتون پر اچانک حملہ کردیا اور دائیں ہاتھ کو کاٹ لیا۔

    پالتو کتے کے حملے میں خاتون شدید زخمی ہو گئی انہیں متعدد چوٹیں لگیں ہیں، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ہسکی کی خاتون مالک نے بڑی جدوجہد کے بعد  خاتون سے نجات دلائی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچ گئے اور خاتون کو کتے کے چنگل سے چھڑانے کی کوشش کی اور کافی کوشش کے بعد کتے کو وہاں سے ہٹادیا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمی خاتون کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا، کتوں کے حملوں کی بڑھتی ہوئی رپورٹ سے رہائشیوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

    منگل کے روز بھی دہلی کے ایک پارک میں صبح کی سیر کے دوران آوارہ کتوں کے حملے میں ایک 55 سالہ شخص کی موت ہو گئی تھی۔

  • پالتو شیر کے بعد پالتو کتے کا 4 سالہ بچے پر حملہ ، دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

    پالتو شیر کے بعد پالتو کتے کا 4 سالہ بچے پر حملہ ، دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

    لاہور : پنجاب کے دارلحکومت لاہور میں پالتو شیر کے بعد پالتو کتے کے 4 سالہ بچے پر حملے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پالتو شیر کے بعد پالتو کتے بھی شہریوں کی جان کےدشمن بن گئے، اچھرہ میں پالتو کتے نے 4 سالہ بچے کو بھنبھوڑ ڈالا۔

    چار سال کا فواد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ، متاثرہ بچے کے والد نے واقعے کیخلاف اچھرا تھانے میں انور نامی شخص کیخلاف مقدمہ درج کرادیا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بیٹا دکان پر جانے کے لیے گھر سے نکلا ، دو آوارہ اور ایک پالتو کتا جس کا مالک انور ہے، انہوں نے چار سالہ بچے پر حملہ کیا۔ مالک خاموشی سے دیکھتا رہا جبکہ راہگیروں نے بچے کی جان بچائی۔

    بچے پر کتے کے حملےکی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ پانی میں گرا تو اچانک دور کھڑے کتوں میں سے ایک نے بچے پر حملہ کرکے اسے نوچ ڈالا، ایک شخص نے بچے کو بچایا۔

  • پالتو کتوں کا ہولناک حملہ: 6 ماہ بعد زخمی ماں صحت یاب، دل گرفتہ خاندان کو مالی مدد کی ضرورت

    پالتو کتوں کا ہولناک حملہ: 6 ماہ بعد زخمی ماں صحت یاب، دل گرفتہ خاندان کو مالی مدد کی ضرورت

    امریکا میں پالتو کتوں کے کمسن بچوں اور ماں پر ہولناک حملے کے 6 ماہ بعد ماں صحت یابی کی طرف گامزن ہے جبکہ خاندان کی مالی مدد کے لیے فنڈز بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں، دل دہلا دینے والے واقعے میں دونوں کمسن بچیاں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھی تھیں۔

    یہ افسوس ناک واقعہ امریکی ریاست ٹینیسی کے علاقے ملنگٹن میں پیش آیا تھا، امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاندان کے گھر میں 2 پٹ بل کتے گزشتہ 8 سال سے موجود تھے اور اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔

    21 اکتوبر 2022 کے روز کتوں نے اچانک گھر میں موجود 2 سال اور 5 ماہ کی بچیوں کو بھنبھوڑ ڈالا، اس دوران ماں نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی اور وہ ان کے اوپر لیٹ گئی جس کے بعد کتوں نے اسے بھی بھنبھوڑ دیا۔

    10 منٹ طویل حملے میں دونوں بچیاں دم توڑ گئیں، جبکہ 30 سالہ ماں کو زخموں سے چور اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کے پورے جسم پر ٹانکے لگائے گئے تھے۔

    حملے کے وقت والد کولبی بینرڈ گھر پر نہیں تھے چنانچہ وہ محفوظ رہے۔

    ایک عزیز کے مطابق ماں کرسٹی جین کو حملے کے بعد اسپتال لایا گیا تو ان کے پورے جسم اور چہرے پر نوچنے کھسوٹنے کے نشانات تھے، ’ڈاکٹر نے ان کے پورے جسم کو پٹیوں سے ڈھک دیا، بظاہر جسم کو کوئی بڑا اندرونی نقصان نہیں پہنچا، سوائے دل کے، جسے اس حادثے سے سنبھلنے کے لیے بہت وقت درکار ہوگا۔‘

    امریکی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ اہل خانہ ناواقف ہیں کہ کس چیز نے کتوں کو اتنا پرتشدد کیا کہ انہوں نے اچانک بچوں پر حملہ کردیا۔

    واقعے کے بعد دونوں کتوں کو اینیمل کنٹرول ادارے کی حفاظتی تحویل میں دے دیا گیا تھا جہاں انہیں موت کے انجکشن دے دیے گئے تھے۔

    خاندان کے علاج اور ان کی مدد کے لیے کولب کے دوستوں کی جانب گو فنڈ می پر ان کے لیے فنڈز اکٹھے کیے جارہے ہیں، دوستوں کا کہنا ہے کہ یہ خاندان ایک بڑے صدمے سے گزرا ہے اور انہیں معمول کی زندگی کی طرف آنے اور اپنے کام کاج پر واپس لوٹنے کے لیے وقت درکار ہوگا اور تب تک انہیں معاشی تعاون کی ضرورت ہوگی۔

  • 8 سال سے گھر میں پلنے والے کتوں نے اچانک حملہ کردیا، 2 کمسن بچیوں کی دردناک موت

    8 سال سے گھر میں پلنے والے کتوں نے اچانک حملہ کردیا، 2 کمسن بچیوں کی دردناک موت

    امریکا میں پالتو کتوں کے بچوں پر ہولناک حملے نے لوگوں کے دل دہلا دیے، کتوں کے حملے میں ایک 2 سال کی اور ایک 5 ماہ کی بچی جاں بحق ہوگئیں۔

    یہ افسوس ناک واقعہ امریکی ریاست ٹینیسی میں پیش آیا، امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ خاندان کے گھر میں 2 پٹ بل کتے گزشتہ 8 سال سے موجود تھے اور اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اہل خانہ ناواقف ہیں کہ کس چیز نے کتوں کو اتنا پرتشدد کیا کہ انہوں نے اچانک بچوں پر حملہ کردیا۔

    کتوں نے 2 سال اور 5 ماہ کی بچیوں کو بھنبھوڑ ڈالا، اس دوران ماں نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی اور وہ ان کے اوپر لیٹ گئی جس کے بعد کتوں نے اسے بھی بھنبھوڑ دیا۔

    10 منٹ طویل حملے میں دونوں بچیاں دم توڑ گئیں، جبکہ 30 سالہ ماں کو زخموں سے چور اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کے پورے جسم پر ٹانکے لگائے گئے ہیں۔

    حملے کے وقت والد گھر پر نہیں تھے چنانچہ وہ محفوظ رہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، کتوں کی خوراک کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ انہیں اینیمل کنٹرول ادارے میں حفاظتی تحویل میں رکھا گیا ہے۔

  • پالتو کتوں کے لیے ہیرے جڑے کالرز متعارف

    پالتو کتوں کے لیے ہیرے جڑے کالرز متعارف

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں پالتو کتوں کے لیے ہیرے جڑے کالرز فروخت کے لیے پیش کردیے گئے، کالر کی مالیت 20 لاکھ روپے ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پالتو جانوروں کی ایک دکان (پیٹ کارنر) نے کتوں کے لیے خوبصورت ہیروں کے کالرز متعارف کروائے ہیں۔

    کالر کی قیمت 10 ہزار ڈالر (تقریباً 20 لاکھ روپے) ہے اور ہر کالر پر سونے اور ہیروں سے بنا ’بو‘ کی شکل کا ایک کلپ ہوگا، اس کے ساتھ ہیروں کے اصل ہونے اور ان کی ساخت سے متعلق ایک سرٹیفکیٹ بھی ہوگا۔

    اس میں 2.6 قیراط کے ہیروں کے ساتھ 6 سے 7 قیراط کے اصلی روبی سونے میں جڑے ہوں گے۔

    پیٹ کارنر کلائنٹس کی مرضی کے مطابق ان کے پالتو جانوروں کے لیے کالر یا دیگر آرائشی اشیا بنانے کا ارادہ بھی رکھتا ہے۔

    پیٹ کارنر کے چیف آفیسر سدارتھ مہیندر کا کہنا ہے کہ کتے انسان کے سب سے اچھے دوست ہوتے ہیں اور ہیرے اور جواہرات قدرت کی سب سے قیمتی اور خوبصورت تخلیقات میں سے ایک ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ان کے کلائنٹس اپنے پالتو جانوروں کے لیے بہترین چیز چاہتے ہیں تاکہ وہ سب سے مختلف نظر آئیں۔

    ہم نے جو چیز بنائی ہے وہ کتوں کے آرام اور آرائش کو دیکھتے ہوئے بنائی ہے، اس سے وہ مختلف بھی نظر آئیں گے۔ ہم آنے والے مہینوں میں ایسی مزید اشیا بھی متعارف کروائیں گے۔

  • پالتو کتوں کی رجسٹریشن فیس 2 ہزار روپے سے زائد

    پالتو کتوں کی رجسٹریشن فیس 2 ہزار روپے سے زائد

    کراچی: شہر قائد کے علاقوں ڈیفنس اور کلفٹن میں پالتو کتوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیفنس اور کلفٹن کے پالتو کتے اب رجسٹرڈ ہوں گے، کنٹونمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ کلفٹن اور ڈیفنس میں کتا رکھنے والے افراد کو کوائف جمع کروانا ہوں گے، اس سلسلے میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن نے رجسٹریشن فارم بھی جاری کر دیے۔

    ڈیفنس فیز سکس میں چند دن قبل دو کتوں نے ایک راہ گیر وکیل پر حملہ کر کے اسے زخمی کر دیا تھا، جس کے بعد کنٹونمنٹ حکام نے پالتو کتوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کیا۔

    ایک کتے کی رجسٹریشن فیس 2250 روپے ہوگی، کتوں کو کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کے ایکشن 119 کے تحت رجسٹرڈ کروایا جائے گا، جب کہ کتے کی رجسٹریشن کی اجازت دینے یا نہ دینے کا اختیار بورڈ کے پاس ہوگا۔

    سی بی سی کی جانب سے تنبیہ کی گئی ہے کہ رجسٹریشن نہ کروانے والے کتوں کے مالکان کو جرمانے کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ کتوں کے کاٹے کے واقعات اتنے زیادہ بڑھ گئے ہیں، کہ اب سندھ بھر میں 18 لاکھ آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے، جس کے لیے 75 کروڑ روپے سے زائد لاگت سے انڈس اسپتال کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

    سندھ میں آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے 75 کروڑ روپے کا منصوبہ

    محکمہ بلدیات سندھ نے ریبیز کنٹرول پروگرام کے نام سے یہ نیا منصوبہ منظور کر لیا ہے، آوارہ کتوں کو ویکسین، چِپ، ٹیگ لگانے سمیت دیگر اخراجات پر 75 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

    دستاویزات کے مطابق کتوں کی 18 لاکھ کی آبادی 40 فی صد پِلّوں، 35 فی صد ماداؤں اور 25 فی صد نر کتوں پر مشتمل ہے، آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کے لیے الگ سے 80 ڈاکٹر بھرتی کیے جائیں گے۔

    آوارہ کتوں کی ویکسینیشن کی جائے گی، جن پر ویکسین کا اثر 3 سال تک رہے گا، کتوں کو کنٹرول کرنے اور کاٹنے سے روکنے کے لیے جدید طریقے استعمال ہوں گے۔

  • پالتو کتوں نے 10 ماہ کی بچی کو بھنبھوڑ ڈالا

    پالتو کتوں نے 10 ماہ کی بچی کو بھنبھوڑ ڈالا

    امریکا میں 2 پالتو کتوں نے 10 ماہ کی بچی پر حملہ کردیا، بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ پولیس نے کتوں کے اپنے قبضے میں لے لیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست شمالی کیرولینا میں پیش آیا، بچی کا باپ صرف چند لمحے کے لیے کمرے میں بچی اور کتوں کو اکیلا چھوڑ کر نکلا تھا کہ گھر میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔

    وہ الٹے قدموں واپس دوڑا تو بچی کو خون میں لت پت بے حس و حرکت پایا۔ جب پولیس وہاں پہنچی تو باپ بچی کو طبی امداد دے کر اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہا تھا۔

    پولیس کے مطابق بچی اسپتال جانے سے پہلے ہی دم توڑ چکی تھی۔

    پالتو کتوں کو اینیمل کنٹرول ادارے نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے، مالک کے مطابق اس سے قبل کتوں کے ساتھ کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا تھا۔

  • مالک نے اپنے پالتو کتوں کو سخت امتحان میں ڈال دیا

    مالک نے اپنے پالتو کتوں کو سخت امتحان میں ڈال دیا

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک خوبصورت ویڈیو نے صارفین کا دل موہ لیا جس میں 2 کتے اشتہا انگیز کھانے کے سامنے صبر کا دامن تھامے بیٹھے ہیں۔

    ویڈیو میں 2 نہایت خوبصورت کتے موجود ہیں جن میں سے ایک سائبیرین ہسکی ہے، کتوں کا مالک دونوں کے سامنے نہایت لذیذ اور اشتہا انگیز چکن پیس رکھتا ہے جسے دیکھ کر دونوں بے چین ہوجاتے ہیں۔

    اس کے بعد وہ ان سے کہتا ہے کہ اس سے دور رہنا، میں تھوڑی دیر میں واپس آتا ہوں، اور کمرے سے باہر چلا جاتا ہے۔

    کمرے میں دونوں کتے اشتہا انگیز کھانے کے ساتھ اکیلے رہ جاتے ہیں اور یہاں سے ان کے صبر کا امتحان شروع ہوتا ہے۔

    سنہری کتا خود پر ضبط کر کے مالک کا انتظار کر رہا ہے، اس دوران اس کی کوشش ہے کہ وہ کھانے کو دیکھے بھی نہیں، لیکن ہسکی کی حالت بری ہے، وہ بے قراری سے کھانے کے ارد گرد چکر لگا رہا ہے۔

    ہسکی کے منہ میں پانی بھی آرہا ہے جبکہ وہ وہ بار بار کمرے سے باہر جا کر مالک کو دیکھ رہا ہے کہ وہ کب واپس آئے گا۔

    بالآخر اس کے ضبط کا پیمانہ چھوٹ جاتا ہے اور وہ چکن پیس کو کھانا شروع کردیتا ہے، سنہری کتا ابھی بھی فرمانبرداری سے اپنے مالک کا انتظار کر رہا ہے۔

    آخر کار مالک واپس آتا ہے اور دونوں کو چکن پیس کھلانا شروع کرتا ہے جسے دونوں نہایت بے قراری سے کھاتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو بے حد پسند کیا جارہا ہے اور صارفین دونوں معصوم اور پیارے کتوں کے لیے اپنی محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • آن لائن وکی پیڈیا پر عمران خان کے پالتو کتے ’شیرو‘ کے لئے صفحہ مختص

    آن لائن وکی پیڈیا پر عمران خان کے پالتو کتے ’شیرو‘ کے لئے صفحہ مختص

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ  عمران خان کا پالتو شیرو بین الاقوامی شہرت یافتہ ہوگیا، آن لائن وکی پیڈیا ’شیرو‘ کے لئے صفحہ مختص کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی کامیابی کے بعد ان سے منسلک ہر چیز کے چرچے آج کل عروج پر ہے، ان کے پالتو شیرو کے بین الاقوامی چرچے ہونے لگے۔

    آن لائن وکی پیڈیا نےعمران خان کے ہر دلعزیز پالتو کتے شیرو اور دیگر پالتو کتوں کے لئے صفحہ بنادیا، اس صفحے پر عمران خان کے کئی کتوں کا تعارف اور تفصیل موجود ہے، جن میں سے شیرو، موٹو ، شیرنی ،پدو ، میکسیمس کے نام قابل ذکر ہیں۔

    وکی پیڈیا کے منتظمین کے مطابق عمران خان کا شیرو لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ اس کے لئے صفحہ مختص کردیا کیا گیا ہے۔

    خیال رہے اس سے قبل آن لائن وکی پیڈیا پر امریکی صدور کے پالتو جانوروں کو بھی جگہ دی جا چکی ہے ۔

    واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی تھی، جو قومی اسمبلی کی 116 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔

    تحریک انصاف کوقومی اسمبلی میں اکثریتی ارکان کی حمایت حاصل ہے، آزاد ارکان کی شمولیت سے پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں تعداد ایک سو پچیس ہوگئی ہے۔

    اقلیتی و مخصوص نشستیں ملا کر پی ٹی آئی کو 174 ارکان کی حمایت حاصل ہے جب کہ تختِ لاہور پر راج کے لیے بھی تحریکِ انصاف کو 186 ارکان کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔