Tag: پالپا

  • پی آئی اے، پالپا کےمذاکرات کامیاب، قومی ایئر لائن کا آپریشن بحال

    پی آئی اے، پالپا کےمذاکرات کامیاب، قومی ایئر لائن کا آپریشن بحال

    کراچی: سیکریٹری ایوی ایشن اور پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئےجس کے بعد قومی ایئرلائن کا آپریشن بحال ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے اور پالپا کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد تحریری معاہدہ طے پاگیا، پالپا کے نائب صدر اور ڈائریکٹر پی آئی اے نے معاہدے پر دستخط کیے۔

    معاہدے کے مطابق پی آئی اے کپتانوں اور عملے کو تمام حفاظتی کٹس مہیا کرے گا، طیاروں کی ڈس انفیکشن اور مکمل حفاظتی سامان مہیا کیا جائے گا، کپتان طیارے کی ڈس انفیکشن کو خود مانیٹر کرے گا، ڈس انفیکشن کرنے والے عملے کو پی آئی اے خود تربیت دے گا۔

    رپورٹ کے مطابق سی اے اے انسپکٹر ہر طیارے کو کلیئرنس سرٹیفکیٹ دے گا، کپتان ڈس انفیکشن سے مطمئن نہیں تو طیارہ نہیں اڑایا جائے گا۔

    معاہدے کے تحت کپتان کی تسلی کے بعد جہاز میں مسئلہ نکل آتا تو انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہوگی، کپتان جہاز میں سیفٹی پر مطمئن نہیں تو تحریری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کرے گا۔

    دوسری جانب پی آئی اے، پالپا کے مذاکرات کے بعد قومی ایئرلائن کا آپریشن بحال ہوگیا، برطانیہ اور کینیڈا جانے والی پرواز روانگی کے لیے تیار ہے۔

    ترجمان کے مطابق ہڑتالی پائلٹس ایئرپورٹس پہنچنا شروع ہوگئے، لاہور سے ٹورنٹو جانے والی پی کے 783 میں مسافروں کی بورڈنگ شروع کردی گئی، اسلام آباد سے برمنگھم جانے والی پی کے 791 کی بورڈنگ بھی شروع کردی گئی، دونوں خصوصی پروازوں میں 600 سے زائد مسافر روانہ ہوں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل پالپا نے پی آئی اے کی پروازیں آپریٹ کرنے سے انکار کردیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ پالپا انتظامیہ کے اختلافات کی اصل وجہ تنخواہ سے 3 فیصد کٹوتی ہے، کپتانوں نے پی آئی اے کی مالی مشکلات کے تناظر میں کٹوتی سے انکار کردیا ہے۔

  • پی آئی اے نے پائلٹس کے لیے چین سے حفاظتی کٹس منگوا لیں

    پی آئی اے نے پائلٹس کے لیے چین سے حفاظتی کٹس منگوا لیں

    اسلام آباد: قومی ایئر لائن نے پائلٹس اور کیبن کریو کے لیے چین سے حفاظتی کٹس درآمد کر لیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پائلٹس تنظیم پالپا کے مطالبے کے بعد پی آئی اے نے فضائی عملے کے لیے حفاظتی کٹس درآمد کر لی ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ ایک سی 130 طیارے کے ذریعے یہ سامان کراچی سے اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔

    ذرایع ایئر لائن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے شمالی علاقوں کی پروازوں میں یہ حفاظتی کٹس استعمال کی جائیں گی۔

    دوسری طرف پالپا کی جانب سے پی آئی اے کی پروازوں کو آپریٹ کرنے سے انکار کے بعد قومی فضائی ادارے کی انتظامیہ نے کنٹریکٹ پائلٹس کی فوری بھرتیوں پر غور شروع کر دیا ہے، ذرایع پی آئی اے کا کہنا ہے کہ قومی مفاد کے منافی بلیک میلنگ کا تدارک کیا جائے گا۔

    پی آئی اے پائلٹس اور کیبن کریو کو فراہم کیے گئے حفاظتی کٹس

    پالپا کا پروازیں آپریٹ کرنے سے انکار، اصل وجہ سامنے آ گئی

    پی آئی اے انتظامیہ نے کپتانوں کی کمی کو پورا کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی ہے، انتظامیہ کی جانب سے قومی مفاد میں اور بیرون ملک محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پالپا کی ہٹ دھرمی کو مد نظر رکھتے ہوئے شاہین ایئر لائن سمیت دیگر ذرایع سے کنٹریکٹ پائلٹس کی فوری بھرتی کرنے پر غور کیا گیا ہے۔

    ادھر وزیر ہوا بازی کی دعوت پر پالپا کے وفد نے ہوابازی ڈویژن میں اہم میٹنگ میں شرکت کی ہے، جنرل سیکریٹری پالپا کیپٹن ناریجو کا کہنا تھا کہ پالپا نے حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کیا تھا، پالپا کرونا وائرس سے بچاؤ کے بین الاقوامی ضوابط کی پاس داری اور پائلٹس کی صحت کے ایجنڈے پر بات کر رہا ہے، تاہم ایئر لائن کی منیجمنٹ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے پائلٹوں کو بد نام کرنے کی مہم چلا رہی ہے۔

    انھوں نے الزام لگایا کہ ایوی ایشن اصول و ضوابط سے نابلد چند ڈیپوٹیشن افسران پی آئی اے اور قومی مفاد کے منافی کام کر رہے ہیں، پالپا نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لیے خدمات پیش کی ہیں، صرف حفاظتی انتظامات کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم افسران مسافروں اور ایئرلائن ملازمین کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

  • پالپا کا پروازیں آپریٹ کرنے سے انکار، اصل وجہ سامنے آ گئی

    پالپا کا پروازیں آپریٹ کرنے سے انکار، اصل وجہ سامنے آ گئی

    کراچی: پاکستان ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) کے پروازیں آپریٹ کرنے سے انکار کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پالپا نے پی آئی اے کی پروازیں آپریٹ کرنے سے انکار کر دیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ پالپا انتظامیہ کے اختلافات کی اصل وجہ تنخواہ سے 3 فی صد کٹوتی ہے، کپتانوں نے پی آئی اے کی مالی مشکلات کے تناظر میں کٹوتی سے انکار کر دیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پالپا نے انتظامیہ کو خط میں لکھا کہ کٹوتی کی بجائے ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، انتظامیہ کی جانب سے مطالبہ نہ ماننے پر پائلٹس تنظیم نے پروزایں آپریٹ کرنے سے انکار کر دیا، آج عراق میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے جانے والی پرواز بھی منسوخ کی گئی۔

    پائلٹوں کا انکار، عراق سے پاکستانیوں کو واپس لانے والی پرواز منسوخ

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی صورت حال کی وجہ سے مالی مشکلات پر کپتانوں کی مجموعی تنخواہ پر انتظامیہ نے 3 فی صد کٹوتی کی، دوسری طرف سی ای او ارشد ملک اور اعلیٰ افسران نے اپنی تنخواہوں سے 20 فی صد کٹوتی کرائی، پی آئی اے ہوا باز 3 فی صد ہونے کے باوجود تنخواہوں کا 36 فی صد لیتے ہیں، پائلٹس کی مراعات میں بزنس کلاس سفر، فائیو اسٹار ہوٹلز میں قیام بھی شامل ہے، کام نہ کرنے کے باوجود 75 گھنٹے کا فلائنگ الاؤنس ملتا ہے جو 9 ہزار فی گھنٹہ سے لے کر 14 ہزار فی گھنٹہ ہے۔

    ذرایع نے مزید بتایا کہ پائلٹس جب منزل پر پہنچتے ہیں تو وہاں قیام کا لازمی تقاضا کرتے ہیں اور اسی طیارے پر واپس آنے کے لیے تیار نہیں ہوتے، موجودہ حالات میں 20 پائلٹس نے لاہور یا اسلام آباد جانے کے لیے چارٹرڈ طیارے کا مطالبہ بھی کیا، ارشد ملک نے پائلٹس اور عملے کو سی 130 پر بھجوانے کی آفر بھی کی، پائلٹس نے کارگو طیارے میں جانے سے بھی انکار کر دیا تھا، پی آئی اے انتظامیہ نے این ڈی ایم اے سے حفاظتی سامان لے کر دینے کی بھی آفر کی۔

    پالپا کا کہنا تھا کہ سی ون تھرٹی طیارے میں سفر نہیں کر سکتے، اس میں انشورنس مسائل ہیں۔ بتایا گیا کہ پالپا نے بیرون ملک سے واپسی پر عملے کو قرنطینہ میں رکھنے کے سلسلے میں بھی فرمائش کی کہ انھیں قرنطینہ سینٹرز کی بجائے فرسٹ کلاس ہوٹل میں رکھا جائے۔ جب کہ سی ای او کے بارہا مذکرات کے لیے بلانے پر بھی پالپا صدر نے ملاقات سے انکار کیا۔

    پالپا صدر کا مؤقف ہے کہ صرف وزیر ہوابازی سے بات کریں گے۔

  • پائلٹوں کا انکار، عراق سے پاکستانیوں کو واپس لانے والی پرواز منسوخ

    پائلٹوں کا انکار، عراق سے پاکستانیوں کو واپس لانے والی پرواز منسوخ

    کراچی: پی آئی اے کے پائلٹوں کے انکار کے باعث عراق میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے جانے والی پرواز منسوخ ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کی عراق سے پاکستانیوں کو واپس لانے والی پرواز پی کے 9814 منسوخ ہو گئی، پائلٹوں نے جانے سے انکار کر دیا، قومی ایئر لائن کے سی ای او کی جانب سے پائلٹوں کو یقین دہانی اور حفاظتی سوٹ کی فراہمی کے باوجود پالپا کے دباؤ پر انھوں نے پرواز لے جانے سے انکار کر دیا۔

    ادھر وطن واپسی کے لیے 161 پاکستانی عراق کے مختلف شہروں سے بغداد میں جمع ہوئے ہیں، جو پاکستان سے جانے والی پرواز کے منتظر ہیں، تاہم اب وہ پائلٹوں کی تنظیم کے اختلافات کے باعث مزید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔

    پائلٹوں کو فراہم کیا گیا کرونا وائرس سے بچانے والا حفاظتی سامان: تصویر اے آر وائی نیوز

    مالی مشکلات کا شکار پی آئی اے کی 2 ماہ کے لیے تنخواہ کٹوتی کے معاملے پر پائلٹس تنظیم کے اختلافات سامنے آئے ہیں، پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے اپنی تنخواہ سے بھی 20 فی صد کٹوتی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد قومی ایئر لائن کی تمام انتظامیہ نے بھی تنخواہ کٹوتی کا اعلان کیا، دوسری طرف پالپا نے انتظامیہ کو تنخواہ کٹوتی کر کے پالپا فنڈ میں جمع کروانے سے متعلق خط لکھا تاہم انتظامیہ نے اسے نہیں مانا۔

    تاشقند اور بغداد میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں

    یاد رہے کہ سی ای او پی آئی اے نے ایک روز قبل پائلٹس اور کریو کو قومی ہیرو قرار دیا تھا۔

    پائلٹس کی تنظیم پالپا کے جنرل سیکریٹری نے اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جو قانون بنائے گئے ہیں ان پر عمل نہیں ہو رہا، وبا کے حوالے سے 100 فی صد قانون پر عمل لازم ہے، ہم اس وقت وبا کے خلاف لائن آف فائر میں ہیں، ہمارا مؤقف ہے حفاظتی قوانین پر عمل ہی نہیں کیا جا رہا، ہمیں اپنی ذمے داریوں سے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • پالپا ممبرز نے بھی تین دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کردیا

    پالپا ممبرز نے بھی تین دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کردیا

    کراچی: پاکستان ایئر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ممبرز اپنی تین دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پائلٹس ایسوسی ایشن نے اعلامیہ جاری کیا ہے کہ وہ بھی فخریہ طور پر خود کو قوم کی نبض کے ساتھ جوڑ کر ایک اہم فریضے میں شمولیت کر کے اظہار یک جہتی کر رہے ہیں۔

    ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے ڈیموں کی اشد ضرورت ہے، چیف جسٹس آف پاکستان نے اس کے لیے فنڈ قائم کر کے ایک عظیم مہم شروع کی ہے۔

    ایسوسی ایشن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وہ اور اس کے ممبرز چیف جسٹس کے شکر گزار ہیں کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے معاملات میں انھوں نے خصوصی دل چسپی لی۔

    پالپا نے کہا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے قومی ایئر لائن میں ہونے والی بے ضابطگیوں اور نا اہلیت کے حوالے سے از خود ایکشن لے کر قابل پذیرائی قدم اٹھایا ہے۔

    لوگ ڈیم کے لیے پیسے لے کر گھوم رہے ہیں، پیسے دینے والوں کے ہاتھ چومنے چاہئیں، چیف جسٹس


    پالپا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن نے ہمیشہ ضرورت کے وقت مادرِ وطن کی خدمت میں سب سے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک میں پانی کے شدید بحران کے پیشِ نظر چیف جسٹس آف پاکستان نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے اہم ترین قدم اٹھاتے ہوئے عدالتی حکم کے ذریعے فنڈ قائم کیا جس میں مخیر حضرات عطیات جمع کراسکتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پی آئی اے: ایگزیکٹیو کمیٹی کے دوسالہ انتخابی نتائج کا اعلان، رضوان گوندل صدر منتخب

    پی آئی اے: ایگزیکٹیو کمیٹی کے دوسالہ انتخابی نتائج کا اعلان، رضوان گوندل صدر منتخب

    کراچی: پاکستان انٹرنیشل ایئرلائن کے کپتانوں کی نمائندہ تنظیم پالپا نے ایگزیکٹیو کمیٹی کے دوسالہ انتخابی نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایگزیکٹیو کمیٹی سے متعلق جاری پولنگ میں ووٹ کا تناسب چھیانوے فیصد رہا جبکہ چارسوچھبیس ووٹوں میں سے تین سواٹھانوے ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

    انتخابات کے نتائج کے بعد کیپٹن رضوان گوندل صدر منتخب ہوگئے جس کے تحت صدر اور منتخب نمائندے 2018 سے 2020 کے لیے کام کریں گے۔

    پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان تناؤ بڑھ گیا، 88 پروازیں منسوخ

    نتائج کے مطابق نائب صدرکپٹن جہانگیر خان، سیکریٹری جنرل علی منصورقریشی، جوائنٹ کیپٹن چاکرشاہ، کیپٹن ناریجو اور ریحان حقی اورعدنان صدیقی بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔

    علاوہ ازیں مجلس عاملہ کے اراکین کیلئے کیپٹن فیصل حمید، کیپٹن ربانی، کیپٹن بلال چغتائی، کیپٹن حسیب علی خان، اور کیپٹن فواد علی شاہ منتخب ہوئے۔

    ایل پی آر و سپروائزری عہدوں پرتعینات کپتانوں کوفارغ کیا جائے، پالپا

    خیال رہے گذشتہ برسوں میں پالپا اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان گہرا تناؤ رہا ہے، پی آئی اے کے پائلٹس اور انتظامیہ کے درمیان تنازعات کے باعث ماضی میں پچاس کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا جبکہ زیادہ تر مسافروں نے اپنے ٹکٹ ریفنڈ کروا کر نجی ایئرلائن کے ٹکٹ خریدنے پر مجبور ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • حکومت پالپا مذاکرات: پہلا دور ناکام دوسرا دور آج ہوگا

    حکومت پالپا مذاکرات: پہلا دور ناکام دوسرا دور آج ہوگا

    اسلام آباد : پالپا اور حکومت کے درمیان 5 گھنٹے طویل مذاکرات کا پہلا دور بے نتیجہ ختم ہو گیا۔

    مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ایئر لائنز پائلٹس ایسوسی ایشن کے صدر عامر ہاشمی نے کہا کہ مذاکرات کا دوسرا دور آج ہوگا۔

    مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم نے تحفظات دور کرنے کا کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورکنگ ایگریمنٹ پر بات کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تین پائلٹس کے لائسنس منسوخ کردئیے گئے،عامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ اخبارات میں پائلٹس کی تصاویر ایسے شائع کی جارہی ہے جیسے وہ مجرم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے سے پائلٹس کی ٹریننگ کا مطالبہ کیا جو پورا نہ ہوا، ایک پائلٹ سے دگنا کام لیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مطالبات نہ مانے گئے تو کل آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

    دوسری جانب ترجمان سول ایوی ایشن شیر علی خان کا کہنا تھا کہ ابھی تک پالپا سے مذاکرات اچھے اور کامیاب رہے ہیں۔

    پالپا نے ہمارے مؤقف کو سمجھا ہے، کل مذاکرات میں بریک تھرو کا امکان ہے۔ شیرعلی خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے۔

  • پالپا اورحکام کےمذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے

    پالپا اورحکام کےمذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے

    کراچی : قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچنےکےبعد حکومت کو خیال آہی گیا۔چارروزبعد تنازعےکی گتھی سلجھانےکےلئےوزیراعظم کےمشیر برائے ہوابازی شجاعت عظیم میدان میں آگئے۔

    پالپا نمائندوں اور پی آئی اے انتظامیہ کو اسلام آباد طلب کرلیا، قومی ایئر لائن کو رن وے پر لا نے کیلئے پالپا اورحکام کےمذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے سے مذاکرات کیلئے پالپا کا وفد اسلام آباد جانے کیلئے کراچی ایئر پورٹ سے روانہ ہوگیاہے، وفد کی قیادت پالپا کے صدر کیپٹن عامر ہاشمی کررہے ہیں, پالپا اور پی آئی اے کے درمیان مذاکرات دوپہر 2 بجے اسلام آباد میں ہونگے۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پالپا کے صدرعامر ہاشمی کا کہنا تھا کہ حکومت سے ورکنگ ایگریمنٹ کے 14 نکات پر بات کریں گے اگرحکومت نے مطالبات کی منظوری کی گارنٹی دی تو بریک تھرو ہوگا۔

    جہازاڑانےوالے کپتان بضد ہیں اورپی آئی اےانتظامیہ بھی الزام تراشیوں میں مصروف ہے،واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بلااجازت پرواز اڑانے پر پائلٹ کلیم کا لائسنس ایک سال اور کپتان زاہد کا لائسنس دو سال کیلئے معطل کردیا تھا۔

    پالپا نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن کو برطرف کیا جائے اور منسوخ کئے گئے دو پائلٹس کے لائسنس بحال کئے جائیں ۔

    تنازعہ کے سبب مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، دو روز میں تیس سے زائد ملکی و غیر ملکی پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں، جبکہ پی آئی کو اب تک تقریباً30 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے۔

  • پی آئی اے اور پالپا کے درمیان تنازعہ بین الاقوامی پروازیں منسوخ

    پی آئی اے اور پالپا کے درمیان تنازعہ بین الاقوامی پروازیں منسوخ

    کراچی: پی آئی اے انتظامیہ اور پائلٹس کے تنازع میں مسافر رل گئے،کراچی سمیت ملک بھر میں فضائی آپریشن شدید متاثرہے،بین الاقوامی پروازیں بھی منسوخ ہوگئیں،انتظامیہ اور پالپا کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

    پی آئی اے کی انتظامیہ اور پائلٹس تنظیم پالپاکے درمیان تنازعہ طول پکڑگیا، پروازوں کاشیڈول متاثرہے اور کئی ملکی وبین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

     تنازعے کے باعث ملک بھر کے ایئرپورٹس پر مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے پالپا ذرائع کے مطابق دو پائلٹس کے لائسنس بغہر وجہ بتائے منسوخ کرنا سراسر ناانصافی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کے پائلٹ کا لائسنس منسوخ کردیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ پائلٹس نے انتظامیہ کے اصرار پر سولہ گھنٹے پرواز کی تھی جبکہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق پائلٹ دس گھنٹے پرواز کرسکتا ہے کپتانوں کے انکار سے چالیس فیصد پروازیں متاثر ہوں گی۔

  • حج آپریشن، ناقص حمکت عملی کے سبب بری طرح ناکام

    حج آپریشن، ناقص حمکت عملی کے سبب بری طرح ناکام

    کراچی :قومی ایئرلائن کا حج آپریشن ناقص حمکت عملی کے سبب بری طرح ناکام ہوگیا، اب تک آنے والی پندرہ پروازوں میں سے کوئی بھی وقت پر نہیں پہنچی۔

    قومی ایئرلائن کاعملہ اپنے نعرے پر مکمل عمل پیرا ہے لیکن کچھ اس طرح کے عوام کو اذیت کے سوا کچھ نہ دے، پی آئی اے کا پوسٹ حج آپریشن حسب سابق بری طرح ناکام ہوگیا۔

    پالپا نے حساس وقت کو موقع غنیمت جانتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کردیئے، مطالبات کی منظوری تک کپتانوں نےاحتجاج کا اعلان کردیا، بیشتر پائلٹ بیماری کا بہانہ کرکے چھٹی پرجاچکے ہیں۔

    دوسری جانب اب تک حجازِ مقدس سے پانچ ہزار چار عازمین خوش قسمتی سے وطن واپس پہنچ گئے لیکن کوئی بھی پرواز مقررہ وقت پر مسافروں کو منزل مقصود پر پہنچانے میں کامیاب نہ ہوسکی۔