Tag: پاناما

  • پاناما ’بی آر آئی‘ سے دست بردار، چین کا امریکی مداخلت کے خلاف سخت رد عمل

    پاناما ’بی آر آئی‘ سے دست بردار، چین کا امریکی مداخلت کے خلاف سخت رد عمل

    بیجنگ: پاناما نے ’بی آر آئی‘ سے دست بردار ہونے کا اعلان کیا ہے، جس پر چین نے امریکی مداخلت کے خلاف سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاناما کی ’بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو‘ سے دست برادری پر امریکا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ واشنگٹن کی سرد جنگ کی ذہنیت ابھی ختم نہیں ہوئی۔

    ترجمان وزارت خارجہ لن جیان نے کہا ہم بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نقصان پر امریکا کی مذمت کرتے ہیں، امریکا چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور مفادات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو امریکی دباؤ اور زبردستی کے ذریعے سبوتاژ کرنا، اور بی آر آئی پر مفاہمت کی یادداشت کی تجدید نہ کرنے کا پاناما کا فیصلہ افسوس ناک ہے۔

    امریکی دھمکیاں، کینیڈا کے وزیراعظم نے ساتھیوں کو خبردار کردیا

    واضح رہے کہ پاناما نے اعلان کیا ہے کہ وہ چین کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے معاہدے سے دست بردار ہو رہا ہے، اس طرح وہ پہلا لاطینی امریکی ملک بن گیا ہے جو چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے باہر نکلا ہے، صدر حوزے راؤل ملینو نے کہا کہ انھوں نے ہدایت کر دی ہے کہ حکام بیجنگ کو 90 دن میں دست برداری کا نوٹس بھیجے۔

    بی آر آئی 150 سے زائد ممالک کی شراکت والا اقتصادی تعاون کا منصوبہ ہے، جس میں 20 سے زائد لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک بھی شامل ہیں۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ پاناما مجموعی دوطرفہ تعلقات اور دونوں ملکوں کے طویل المدتی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرونی مداخلت کے دباؤ میں نہیں آئے گا اور درست فیصلہ کرے گا۔

  • امریکی دھمکی، پاناما کی چین سے شاہراہِ ریشم پر معاہدے کی تجدید نہ کرنے کی یقین دہانی

    امریکی دھمکی، پاناما کی چین سے شاہراہِ ریشم پر معاہدے کی تجدید نہ کرنے کی یقین دہانی

    پاناما سٹی: امریکا کی جانب سے سخت دھمکی کے بعد پاناما نے چین کے ساتھ شاہراہِ ریشم پر معاہدے کی تجدید نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    پاناما نے شاہراہِ ریشم پر چین سے معاہدے کی تجدید نہ کرنے کی یقین دہانی کرا دی، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اتوار کے روز گفتگو میں پاناما کے صدر ہوزے راؤل ملینو نے کہا شاہراہ ریشم پر چین کے ساتھ معاہدے کی تجدید نہیں کریں گے۔

    اے پی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاناما کے رہنما ہوزے راؤل ملینو کو دھمکی دی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کینال کے علاقے پر چینی اثر و رسوخ کو فوری طور پر کم کریں یا امریکا کی طرف سے ممکنہ جوابی کارروائی کے لیے تیار رہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ملینو نے عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم آبی گزرگاہ کے انتظام کے حوالے سے نئی امریکی حکومت کے دباؤ کی مزاحمت کی ہے، ملینو نے ملاقات کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ روبیو نے ’’نہر پر قبضہ کرنے یا طاقت کے استعمال کی کوئی حقیقی دھمکی نہیں دی۔‘‘

    چین کا ’امریکی ٹیرف پالیسی‘ پر شدید ردعمل

    ملینو نے روبیو کے ساتھ اپنی بات چیت کو ’’باعزت‘‘ اور ’’مثبت‘‘ بھی قرار دیا اور کہا کہ انھیں ایسا نہیں لگا کہ چین کے ساتھ معاہدے اور اس کی درستگی کے خلاف کوئی حقیقی خطرہ موجود ہو۔

    صدر نے کہا کہ وہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ساتھ اپنے معاہدے کی میعاد ختم ہونے پر تجدید نہیں کریں گے۔ چین کے اس منصوبے میں پاناما بھی شامل ہوا تھا، جس کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ اس کے تحت ترقیاتی منصوبوں اور انفراسٹرکچر کے لیے جو فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں اس سے غریب ممالک چین کے بہت زیادہ مقروض ہو جائیں گے۔

    صدر کا مزید کہنا تھا کہ یہ معاہدہ جلد ختم کیا جا سکتا ہے، انھوں نے کہا ملاقات میں پاناما سے قریب چینی بندرگاہوں کے معاملے پر بات ہوئی ضرور لیکن کینال کی خود مختاری زیر بحث نہیں آئی، یہ کینال پاناما کے زیر انتظام ہے اور رہے گی۔

  • ’عدالتی سزا یافتہ کو معصوم ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘

    ’عدالتی سزا یافتہ کو معصوم ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے‘

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاناما کی کرپشن اورکالی کمائی کے انبار قوم بھولی نہیں ہے، عدالتی سزا یافتہ کو معصوم ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لٹیرا لیگ احسن اندازمیں جھوٹ کا اقبال بلند کر رہی ہے، آپ کی قیادت کے تمام اکاؤنٹس ہی فارن میں ہیں، کاروبار اور علاج بھی فارن میں ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاناما کی کرپشن اورکالی کمائی کے انبار قوم بھولی نہیں ہے، عدالتی سزا یافتہ کو معصوم ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان کی امانت ودیانت پر انگلی اٹھا کراحسن اقبال گنہگار ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنرکو سیاسی دھمکیاں دینا بند کریں، سپریم کورٹ پرآپ نے حملہ کیا یا بریف کیسوں کی چمک آپ دکھاتے رہے، آج نئے بھیس میں پھرقوم کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ احسن صاحب آپ جس مشن 20،20 پر ہیں وہ پورا نہیں ہونے والا، عمران خان 2018 میں 5 سالہ سیریز جیت چکے ہیں۔

    ’پاکستان کی سیاست کا سب سے بڑا ڈاکا پکڑا جاچکا ہے‘

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیاست کا سب سے بڑا ڈاکا پکڑا جا چکا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے بیرونی فنڈنگ پرمنی ٹریل کیوں پیش نہیں کی جاتی؟

  • پاناما نے مزید بحری جہازوں سے پرچم ہٹانے کا فیصلہ کرلیا

    پاناما نے مزید بحری جہازوں سے پرچم ہٹانے کا فیصلہ کرلیا

    پاناما سٹی : پاناما میں سمندری نقل و حمل کی اتھارٹی نے بتایا ہے کہ پاناما بین الاقوامی پابندیوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے مزید بحری جہازوں سے اپنا پرچم ہٹا لے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کے سابق صدر خوان کارلوس وریلا نے اپنے ملک میں رجسٹرڈ جہازوں میں سے 59 کی رجسٹریشن حذف کرنے کے لیے گرین سگنل دے دیا تھا، گذشتہ چند ماہ کے دوران ایران اور شام سے تعلق رکھنے والے تقریبا 60 جہازوں کو پاناما کی اندراجی فہرست سے حذف کیا جا چکا ہے۔

    یہ پیش رفت 2018 میں واشنگٹن کی جانب سے ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کے بعد سامنے آئی،مذکورہ ذرائع کے مطابق ان میں سے زیادہ تر جہاز ان کمپنیوں کی ملکیت تھے جن کو ریاست ایران میں چلا رہی ہے۔ تاہم ان میں شام کو تیل پہنچانے سے متعلق بحری جہاز بھی شامل تھے۔

    رواں ماہ جولائی کے اوائل میں ایک بڑا تیل بردار جہاز (گریس 1) جبل طارق کے علاقے میں پہنچا جہاں اسے برطانوی بحریہ نے حراست میں لے لیا۔ اس جہاز پر شام کے خلاف پابندیوں کی خلاف ورزی کا شبہہ ہے۔

    جبل طارق میں حکام نے بتایا کہ یہ تیل بردار جہاز اپنی پوری گنجائش کے ساتھ تیل لے کر مبینہ طور پر شام کی بانیاس ریفائنری کی جانب رواں دواں تھا۔یہ تیل بردار جہاز جبل طارق پہنچا تو اس پر پاناما میں رجسٹرڈ نام موجود تھا۔ تاہم بعد میں پاناما کی حکومت نے بتایا کہ وہ 29 مئی کو اس جہاز کو اپنی اندراجی فہرست سے حذف کر چکی ہے۔

    پاناما میں تجارتی سمندری نقل و حمل کے ڈائریکٹر جنرل رافائیل سیجارویسٹا نے ای میل کے ذریعے رائٹرز کو بھیجے گئے بیان میں بتایا کہ پاناما پرچم ہٹانے کی پالیسی جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد بین الاقوامی پابندیوں کے نظام اور سمندری سیکورٹی سے متعلق پاناما کے قواعد و ضوابط کے تحت اپنے بیڑے کے تناسب کو بہتر بنانا ہے۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس کے فیصلے کا اثر پاناما کیس سے زیادہ  ہوگا: شہزاد اکبر

    جعلی اکاؤنٹس کیس کے فیصلے کا اثر پاناما کیس سے زیادہ ہوگا: شہزاد اکبر

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم کے معاون بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس کے فیصلے کا اثر پاناما کیس سے زیادہ بڑا ہوگا، ای سی ایل سے نکالا گیا نام دوبارہ شامل ہو سکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ریمارکس پر کیس کا رخ بدلنے کی کوشش کی گئی، جعلی اکاؤنٹس کیس کے فیصلے کا اثر پاناما کیس سے زیادہ بڑا ہوگا۔

    [bs-quote quote=”سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو نیب سے معاونت کا کہا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”بیرسٹر شہزاد اکبر”][/bs-quote]

    وزیرِ اعظم کے معاون نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کیا جائے گا، نیب تحقیقات کے بعد نام دوبارہ ای سی ایل میں ڈالا جا سکتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ماضی میں نام ای سی ایل میں نہ ہونے پر ملزم فرار ہو جاتے تھے، سپریم کورٹ نے نیب کو 2 ماہ میں تحقیقات مکمل کرنے کا کہا ہے۔

    بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو نیب سے معاونت کا کہا ہے، جے آئی ٹی نے زمینوں پر قبضے اور بیرون ملک پراپرٹیز کی بھی نشان دہی کی۔

    تفصیلی فیصلہ پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس: عمل درآمد بینچ بنانے کا حکم جاری، عدالت کا تفصیلی فیصلہ

    ان کا کہنا تھا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی رپورٹ کے ردِ عمل میں ایک بھی جواب نہیں سامنے آیا ہے۔

    خیال رہے کہ آج عدالتِ عظمیٰ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کے تفصیلی فیصلہ میں کہا ہے کہ نئے چیف جسٹس نیب رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے عمل درآمد بینچ تشکیل دیں، نیب مراد علی شاہ، بلاول بھٹو اور دیگر کے خلاف تحقیقات جاری رکھے۔

  • دنیا بھرمیں تہلکہ مچانے والی پاناما پیپرز کی نئی لیکس منظرعام پر

    دنیا بھرمیں تہلکہ مچانے والی پاناما پیپرز کی نئی لیکس منظرعام پر

    پاناما : دنیا بھرمیں تہلکہ مچانے والی پاناما پیپرز کی نئی لیکس منظرِ عام پر آگئیں، نئی لیکس میں کئی مشہور افراد کے نام شامل ہیں جبکہ نئے انکشافات میں شریف خاندان سے متعلق کوئی تفصیل نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تہلکہ خیز انکشافات کرنے والے پاناما پیپرز سے متعلق آئی سی آئی جے نے نئی لیکس جاری کردیں، آئی سی آئی جے کی جانب سے جاری کردہ نئی لیکس میں بارہ لاکھ دستاویزات شامل ہیں، نئی لیکس میں اپریل 2016 سے لے کر دسمبر 2017 تک کی دستاویزات شامل ہیں۔

    موزیک فونسیکا کی نئی دستاویزات میونخ کی ایک فرم کو ا فشاء کی گئی ہیں، جس نے انہیں آئی سی آئی جے کے ساتھ شیئر کیا ہے۔

    نئی لیکس میں کئی مشہور افراد کے نام شامل ہیں، جب میں ارجنٹائن کے صدر کا خاندان آف شور کمپنی کا مالک ہے، قازقستان کے صدر نور سلطان کی بیٹی کی بھی برٹش ورجن آئی لینڈ میں کمپنی ہے۔

    کرپشن کے الزامات پر تحقیقات کا سامنے کرنے والے ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے بھائی کی بھی آف شور کمپنی تھی۔

    اجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی پاناما میں میگا اسٹار انٹرپرائز آف شور کمپنی کے مالک ہیں، ہالی وڈ کے اداکار جیکی چن بھی موزیک فونسکا کے کلائنٹس میں شامل تھے جبکہ فانسیکا نے امیتابھ کو بطور ڈائریکٹر لیڈی شپنگ اور ٹریژر شپنگ 90 روز کا نوٹس بھیجا۔

    نئی لیکس کے مطابق شریف خاندان نے 2014 میں اپنی دو آف شور کمپنیوں نیلسن اور نیسکول کا ایجنٹ تبدیل کیا اس لئے نئے انکشافات میں شریف خاندان کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں جبکہ کئی پاکستانیوں نے بیرون ملک دولت چھپانے کے منصوبے اس لئے ترک کردئیے کہ کہیں راز فاش نہ ہوجائے۔

    نئی لیکس کے مطابق موزیک فونسکا پاناما لیکس کے بعد پچھتر فیصد آف شور کمپنیوں کے مالکان کو شناخت نہ کر سکی، پاناما میں موجود 10 ہزار500  ایکٹو آف شور کمپنیوں کے مالکان کا پتا نہ چل سکا، آف شورکمپنیوں کے وکلا کو کئی میلز کی گئیں لیکن آف شور کمپنی مالکان غائب ہوگئے۔

    سال 2016 میں پاناما لیکس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایک سابق سربراہ نے سوئس بینکوں میں اکاؤنٹ کھولنے کا منصوبہ ختم کیا، پاناما پیپرز میں ان کی دو بے نامی کمپنیاں سامنے آئی تھیں جن کی ملکیت نامعلوم تھی۔

    سابق اٹارنی جنرل جسٹس ریٹائرڈ ملک عبدالقیوم نے بے نامی کمپنی سے لاتعلقی ظاہر کی اور بینک اکاؤنٹ کھولنے کا ارادہ ترک کردیا جبکہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کی والدہ نے پاناما پیپرز کی وجہ سے اپنے بیٹے عاصم اللہ درانی کو عجلت میں کمپنی منتقل کی ۔

    خیال رہے کہ موزیک فونسیکا نے پانامالیکس سامنے آنے کے بعد اپنا کاروباری نام بدلا اور ساموا میں سینٹرل کارپوریٹ سروسز کا نام اختیار کیا۔


    مزید پڑھیں : پانامہ پیپرز سے تہلکہ مچانے والی موزیک فونسیکا رواں ماہ کے آخر تک بند کردی جائے گی


    یاد رہے کہ رواں ماہ مارچ میں پانامہ پیپرز سے دنیا بھر میں تہلکہ مچانے والے ادارے موزیک فونسیکا نے اعلان کیا تھا کہ رواں ماہ کے آخر تک لاء فرم  بند کردی جائے گی۔

    واضح ہے کہ دو برس قبل اپریل میں بحراوقیانوس کے کنارے پر واقع ملک پاناما کی صحافتی تنظیم آئی سی آئی جے نے غیر قانونی اثاثہ جات کی ڈیڑھ لاکھ دستاویزات پامانہ پیپرز کے نام سے شائع کی تھیں، جس کے باعث دنیائے ممالک کی کئی حکومتیں ہل گئیں تھیں۔

    پاناما لیکس میں یورپی ملک آئس لینڈ کے وزیراعظم سگمندر گنلگسن اور اُن کی اہلیہ کا نام سامنے آنے کے بعد عوام نے شدید احتجاج کیا، جس کے بعد انہیں مجبورا وزارت سے مستعفیٰ ہونا پڑا تھا۔ دستاویزات میں سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کا نام بھی سامنے آیا، جس کے بعد انہیں عدالتوں میں پیش ہوکر صفائی دینی پڑی تھی۔

    پاناما دستاویزات میں سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سمیت دیگر 400 سے زائد افراد کے نام سامنے آئے تھے، شریف خاندان کی آفشور کمپنیاں منظر عام پر آنے کے بعد نوازشریف نے قوم سے خطاب کر کے مطمئن کرنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔

    سپریم کورٹ کی ہدایت پر پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے بینچ تشکیل دیا گیا، جس نے نوازشریف کو نااہل قرار دیتے ہوئے آفشور کمپنیوں کی مزید تحقیقات نیب کے سپرد کردی تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • میاں صاحب اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں: آصف زرداری

    میاں صاحب اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں: آصف زرداری

    اسلام آباد: سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جب ادارے کمزور ہوجائیں تو ملک مشکل میں پڑجاتا ہے، میاں صاحب اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ان کی کوشش ہے محاذ آرائی کا ماحول بنے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اصف زرداری کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ کہتی ہے ہمیں سینیٹ الیکشن سے نکال دیا گیا، آپ کو نکالا نہیں گیا، آپ بحیثیتِ آزاد امید وار الیکشن لڑ سکتے ہیں، پی پی نے کبھی کسی ادارے کو لڑوانے کی کوشش نہیں کی۔

    راؤ انوار مجرم ہے تو قانون کی گرفت میں ضرور آئے گا، آصف علی زرداری

    انہوں نے کہا کہ ہم نے اسٹیبلشمنٹ اور پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہوکر حالات کا سامنا کیا، پنجاب بیورو کریسی میں ریاست کے ساتھ بغاوت کرائی جارہی ہے، چھوٹے میاں کو ڈر ہے موجودہ حالات کا وزن ان پر نہ گر جائے۔

    ان کا کہنا تھا ماضی میں جسٹس (ر) قیوم نے مجھے سزا دی تھی، جسٹس قیوم کی ٹیپ کو سنیں تو شہباز شریف کی آواز بھی سنائی دے گی، ہم نے تو عدالت میں جاکر انصاف مانگا کوئی غیر جمہوری رویہ نہیں اپنایا، پیپلز پارٹی قوم کو مایوس نہیں کرنا چاہتی۔

    بھارت ہمارے دوستوں کو گمراہ کررہا ہے‘ آصف علی زرداری

    آصف زرداری نے کہا کہ موجودہ پاکستانی حکومت کی ناکامی کی وجہ سے مودی فائدہ اٹھا رہا ہے اور آپ ان کے ساتھ دوستی کرنے کی کوشش میں لگے ہیں، ہندو انتہا پسندوں کے رویوں کے باعث بھارت میں مسلمان کمیونٹی ملک چھوڑنے کا سوچ رہی ہے، بھارت نے اگر کوئی کوشش کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میاں صاحب کے جیو کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، میر شکیل میرے دوست ہیں لیکن ساتھ میاں صاحب کا دیتے ہیں، سب کو پتا ہے وہ ان کے ساتھ کیوں ہیں، میر شکیل سے اتنا کہوں گا ملک پر رحم کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نواز شریف عدلیہ پر دباؤ ڈال کر نااہلی کا فیصلہ واپس کرانا چاہتے ہیں: عمران خان

    نواز شریف عدلیہ پر دباؤ ڈال کر نااہلی کا فیصلہ واپس کرانا چاہتے ہیں: عمران خان

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کے جلسوں سے نوازشریف کا مقصدعیاں ہوگیا، نوازشریف چاہتے ہیں کہ عدالت ان کی نااہلی کا فیصلہ واپس لے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں‌ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا.

    عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے اپنا ایجنڈا واضح کردیا، وہ عدلیہ کے خلاف عوامی دباؤ پیدا کرنا چاہ رہے ہیں۔ مجھے کیوں نکالا کا رونا رونے میں نواز شریف کی بدنیتی چھپ نہیں سکی. کیوں کہ اعلیٰ عدلیہ نے ان کے خلاف فیصلہ دیا، اس لیے وہ اس کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ نوازشریف ہمیشہ اپنے امپائرلگا کرکھیلنے کےعادی ہیں، وہ ایسے ججز چاہتے ہیں، جن پر اثرانداز ہوسکیں.

    عمران خان نے اپنے سیاسی حریف نااہل وزیر اعظم میاں‌ نواز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جسٹس قیوم جیسا جج چاہتےہیں، جن سے اپنی مرضی کے فیصلے لے سکیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سےنوازشریف کو دھچکا لگا، وہ ماضی میں‌ اپنے امپائر لگا کر کھیلنے کےعادی تھے.

    لعنت تو کمزور لفظ ہے ورنہ میرے پاس کئی سخت الفاظ موجود تھے، عمران خان

    عمران خان نے مزید کہا کہ پاناما کیس میں‌ فیصلے کے بعد سے نوازشریف نےاعلیٰ عدلیہ کے خلاف مہم چلارکھی ہے، نوازشریف چاہتے ہیں کہ نااہلی کا فیصلہ واپس لے لیا جائے. اس کے لیے وہ عوامی دبائو پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ ہمیشہ جسٹس قیوم جیسے ججز چاہتے ہیں، جن پر اثر انداز ہوسکیں.


    گر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • مجھے نااہل کر کے ملک میں انتشار پھیلایا گیا: نوازشریف

    مجھے نااہل کر کے ملک میں انتشار پھیلایا گیا: نوازشریف

    چکوال: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے نااہل کر کے ملک میں انتشار پھیلایا گیا، بتایا جائے، میں نے کون سی کرپشن کی، فقط خیالی تنخواہ پر نواز شریف کو نکال دیا گیا۔

    ان خیالات کا اظہار سابق نااہل وزیر اعظم نے چکوال میں چوہدری لیاقت علی خان کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ معاملہ پاناما کا تھا اور ختم اقامہ پر ہوا، عوام جاننا چاہتے ہیں کہ نوازشریف نے کون سی کرپشن کی، آج تک یہی پتا نہیں چلا کہ نوازشریف پرالزام کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں‌ ملک میں‌ بجلی نہیں‌ تھی، ملک کو اندھیروں‌ میں ڈبونے والوں میں‌ کچھ سیاسی لوگ تھے، کچھ ڈکٹیٹر تھے، ووٹرز ان کے چہرے یاد رکھیں، ہم نے چار سال میں‌ لوڈشیڈنگ کو ختم کر دیا۔

    معیشت کی زبوں حالی کا سوال نااہل کرنے والوں سے پوچھیں، نواز شریف

    ہم نے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا تھا، نواز شریف کو نااہل قرار دینے والوں سے پوچھا جائے کہ دہشت گردی پھر کیوں‌ سر اٹھا رہی ہے ووٹ کےتقدس کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے، عوام کو ناانصافی کےآگے کھڑے ہو کر ملک کو بچانا ہے۔

    انھوں‌ نے کارکنوں‌ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کےجذبات دیکھ کرخوشی ہوتی ہےاورسکون ملتا ہے دل چاہتا ہےآپ کے اور ملک کے لیے نواز شریف لڑمرجائے۔ آج آپ کاجذبہ دیکھ کرامید ہےہم آئندہ بھی کامیاب ہوں گے، انھوں‌ نے امید ظاہر کی کہ چکوال کے ضمنی انتخابات میں‌ مسلم لیگ ن کا امیدواار جیت کر عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

    قبل ازیں انھوں نے چوہدری لیاقت علی خان کے اہل خانہ سے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر تعزیت کی. اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چوہدری لیاقت علی خان ایک مخلص انسان تھے، انھوں نے اپنےحلقےکی بہت خدمت کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اب امریکا اپنی جنگ خود لڑے، عالم اسلام کو نئی معاشی منڈی بنانی ہوگی: سراج الحق

    اب امریکا اپنی جنگ خود لڑے، عالم اسلام کو نئی معاشی منڈی بنانی ہوگی: سراج الحق

    لندن: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ امریکا اپنی لڑائی خود لڑے، ہم امریکی جنگ نہیں لڑیں گے، عالم اسلام مل کر اپنی معاشی منڈی بنانی ہوگی۔

    ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے لندن میں پاکستانی کمیونٹی  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن سے پہلے کرپٹ عناصرکا محاسبہ ضروری ہے، پاناما لیکس کے باقی کرپٹ عناصرکا احتساب کون کرے گا، یہ سوال اہم ہے، کرپٹ عناصرکوسزائیں ملنےتک ہماری تحریک جاری رہے گی۔

    سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک میں پاکستان مخالف بینرز بھارتی سازش تھے، انتخابات کے بارے میں ابہام ہے، مگر چاہتے ہیں کہ انتخابات وقت پرہوں، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ جن کے نام پاناما پیپرز میں ہیں، وہ الیکشن نہ لڑسکیں۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ہمیشہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا، سراج الحق

    انھوں‌ نے کہا کہ عالم اسلام مل کر اپنی معاشی منڈی بنائے، ٹرمپ کےاعلان کے بعد مدینہ کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے، مسلمان حکمران تعلیم پروسائل خرچ کریں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر کرپشن روک لی، تو روز نئی یونیورسٹی بنا سکتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کاحق ملنا چاہیے، انھوں نے قبائلی علاقوں کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پرحل کیا جائے۔

    یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے گذشتہ دنوں قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ امریکا نے ہمیشہ پاکستان کو قربانی کا بکرا بنایا، وقت آگیا ہے پاکستانی قوم اپنے پاؤں پر کھڑی ہو۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئر کریں۔