Tag: پاناما کیس کا فیصلہ

  • عوام نے پاناما کیس کا فیصلہ تسلیم نہیں کیا، وزیراعظم

    عوام نے پاناما کیس کا فیصلہ تسلیم نہیں کیا، وزیراعظم

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام نے پاناما لیکس کیس کا فیصلہ تسلیم نہیں کیا، عدالتی فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دیں گے، ن لیگ کے ووٹرز احتجاج نہیں نواز شریف کا استقبال کررہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو ان کے بیٹے کی کمپنی سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، سپریم کورٹ سے فیصلے پر نظرثانی کے لیے فل بینچ بنانے کی درخواست کریں گے۔

    وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 62 اور 63 کی شق میں بہت ابہام ہے اسے دور کرنا چاہیے، شاید 20 کروڑ عوام میں سے کوئی بھی اس شق پر پورا نہیں اترتا، آئین میں ترمیم کا فیصلہ پارلیمنٹ کو کرنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ آف شور کمپنی بنانا جرم نہیں لیکن میری کوئی آف شور کمپنی یا بیرون ملک کوئی اثاثہ نہیں ، حکومت قانون لائی ہے جس کے تحت آف شور کمپنیاں ڈکلیئرڈ کرنا پڑیں گی۔

    ٹیکس نظام میں بہتری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کرنی پڑیں گی، نادرا نمبرکو این ٹی این بنادیا جائے تو معاملہ ٹھیک ہوجائے گا۔

  • پاناما کیس کا فیصلہ بھی ’’کیلیبری فونٹ‘‘ میں لکھا گیا

    پاناما کیس کا فیصلہ بھی ’’کیلیبری فونٹ‘‘ میں لکھا گیا

    اسلام آباد : جعلسازی سے تاریخی فیصلے تک کیلیبری فونٹ نے شریف خاندان کا پیچھا نہ چھوڑا، جس کیلیبری فونٹ میں جھوٹ لکھا گیا وہی فونٹ سچ سامنے لایا، سپریم کورٹ کے ججز نے پانامہ کیس کا تاریخی فیصلہ بھی کیلیبری فونٹ میں لکھا۔

    تفصیلات کے مطابق جعل سازی سے تاریخی فیصلے تک کمپیوٹر کمپوزنگ کے کیلبری فونٹ نے شریف خاندان کا پیچھا نہ چھوڑا، تاریخی فیصلہ بھی کیلبری فونٹ میں لکھا گیا۔

    سپریم کورٹ نے پانامہ کیس میں نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ لکھنے میں کیلبری فونٹ کا استعمال ہی کیا ہے، کیلبری دنیا بھر میں سب سے مقبول فونٹ ہے۔ یہ وہی طرز تحریر ہے جس نے شریف خاندان کی لٹیا ڈبوئی۔


    مزید پڑھیں: وکی پیڈیا نے کیلبری فونٹ کی ہسٹری ایڈٹ کا آپشن بند کردیا


    جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے موقع پر مریم نواز نے جو ٹرسٹ ڈیڈ جمع کرائی وہ کیلبری فونٹ میں تھی، دستاویز پر جو تاریخ درج کی گئی اس وقت تک کیبلری فونٹ ایجاد ہی نہ ہوا تھا۔


    مزید پڑھیں: مریم نوازکی جعلی دستاویزات کی عالمی میڈیا میں گونج


    قسمت کی ستم ظریفی دیکھیے کہ جس کیلیبری فونٹ میں ’’جھوٹ‘‘ لکھا وہی ’’سچ‘‘ سامنے لایا۔


    مزید پڑھیں: مریم نواز کی غلطی نے شریف خاندان کے ثبوتوں کا پول کھول دیا


  • قوم انتظارمیں ہے، سپریم کورٹ پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنائے، عمران خان

    قوم انتظارمیں ہے، سپریم کورٹ پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنائے، عمران خان

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججزسے درخواست ہے کہ پوری قوم کو پاناما لیکس کیس کے فیصلے کا انتظار ہے، شکرہےکہ فرینڈلی اپوزیشن کاخاتمہ ہوگیا، شریف برادران مظلوم شکلیں بناکر لوگوں کو بےوقوف بنا رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے اور حالات مزید بگڑتے جارہے ہیں، ججزسے صرف درخواست کررہاہوں۔

    جانتا ہوں ججز پر نوازشریف مافیا دباؤ ڈال رہی ہوگی مجھے بھی دس ارب روپے کی آفرکی گئی، عدالت عظمیٰ کے ججز سے گذارش ہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ جلد سنا دیں پوری قوم کو پاناما لیکس کیس کے فیصلے کا بے چینی سے انتظار ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرحدوں پردہشت گردی ہورہی ہے، لاہورمیں دھماکا ہوا اور وزیراعظم مالدیپ چلے گئے، سندھ اسمبلی بھی وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہی ہے، کےپی کےاسمبلی میں بھی استعفے کیلئےقرار داد بھیجی جاچکی ہے، وکلا، سول سوسائٹی سمیت سب وزیراعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں، پوری دنیا کو پتہ چل گیا ہے کہ پاکستان کا وزیراعظم کرپشن میں ملوث ہیں۔

    دونوں بھائی مظلوم شکلیں بناکر لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں

    چیئرمین پی ٹی آئی نے شریف برادران کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں بھائی معصوم اور مظلوم شکلیں بناکر لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں، یہ لوگ صحافیوں اور میڈیا ہاﺅسز کو بھی خریدنے کی کوششیں کر رہے ہیں، خود رشوت کا پیسہ چلارہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ باقی لوگ بھی سب کرپٹ ہیں، ان کے ضمیر فروش وزراء لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں۔

    منی ٹریل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میں نےاپنی پوری منی ٹریل عدالت میں پیش کی، میں اپنے فلیٹ فروخت کرکے پاکستان پیسہ لایا تھا جبکہ ان لوگوں نے بیرون ملک محلات رکھے ہوئے ہیں، ایک کھلاڑی 11 سال تک کرکٹ کھیلتا ہے تب کہیں جاکر60لاکھ کا فلیٹ خریدتا ہے۔

    کہاں یہ60لاکھ کاایک فلیٹ اورکہاں ساڑھے6ارب کامحل؟ جس کی خریداری کیلئے پاکستان سے چوری کیا ہوا پیسہ غیرقانونی طریقے سے باہر بھجوایا گیا، پوچھتا ہوں کہاں سے آیا اتنا پیسہ ؟ یہ پیسہ پاکستانی قوم کا ہے۔

    حلال اور حرام کی کمائی کرنے والوں کو ایک ہی کیا جارہا ہے، لندن میں جوفلیٹ خریدا، کیاوہ حرام کی کمائی سےخریدا تھا، شکریہ ادا کرتا ہوں ان لوگوں کا کہ جنہوں نے میرا40سال پرانا ریکارڈ تلاش کیا۔

    میں تو کاروباری شخصیت نہیں تھا پھر بھی منی ٹریل پیش کی، یہ تو کہتےہیں ہم عرصہ دراز سے کاروباری تھے۔

    جنگ میڈیا گروپ کے میر شکیل الرحمٰن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرشکیل کی شکل کل سپریم کورٹ میں دیکھ لیتے، میرشکیل بھی وہی باتیں کررہا تھاجو لیگی وزرا کرتے ہیں، کبھی کبھی اللہ پاک انسان کےمنہ سے سچ نکلوا ہی دیتا ہے۔

    میر شکیل کہہ رہاتھا کہ صحافت کو نہیں جانتا میں تو بزنس مین ہوں، میرشکیل تم اپنے میڈیا ہاؤسز کو پیسہ بنانے کیلئے استعمال کرتے ہو، صحافت ایک بڑانام، پروفیشنل ہے اوریہ اس سے کاروبارکرتا ہے، میرشکیل کرپٹ خاندان کو بچانے کیلئے اپنے میڈیا گروپ کو استعمال کررہا ہے۔

    ملک کو لوٹنے والے کے ساتھ یہ میڈیا ہاؤس بھی ملاہوا ہے، میڈیا کا کام شفافیت ہے، بلیک میلنگ کرنا نہیں، میں شروع دن سے کہہ رہا تھا کہ میرشکیل پیسے سے چلتا ہے۔

    عوام میر شکیل کے میڈیا ہاؤس کا بائیکاٹ کریں 

    عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ عوام آج سے میرشکیل کے میڈیاہاؤس کا بائیکاٹ کریں اور میرشکیل الرحمان کوسبق سکھائیں، کارکنان اور سول سوسائٹی بھی میرشکیل کے میڈیا گروپ کا بائیکاٹ کرے۔ میڈیا کا کام جھوٹ کو بےنقاب کرنا اور سچ کو سامنے لانا ہوتا ہے، مافیا کےخلاف کھڑے ہونے والے میڈیا ہاؤسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی تاریخ لکھی جائےگی تو صحافیوں کا خاص ذکر ہوگا، صحافیوں اور کچھ میڈیا ہاؤسز نےجمہوریت کی بقا کیلئے بہت نقصان اٹھایا۔

    عمران خان نے کہا کہ خورشید شاہ اورپیپلز پارٹی اس وقت اچھا کام کررہی ہے، شکر ہے کہ فرینڈلی اپوزیشن کا خاتمہ ہوگیا ہے، سیدھے راستے پر آنے والے کی ہمیں حمایت کرنی چاہئیے۔

     خواجہ آصف کیخلاف عدالت سے رجوع کریں گے

    کبھی ایسا سنا ہے کہ وزیراعظم اقامہ لے کر بیٹھا ہوا ہے؟ لیگی وزرا بھی اقامے لےکر بیٹھے ہوئے ہیں، یہ لوگ لوٹ مار کا پیسہ بچانے کیلئےدین کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتے ہیں، اقامہ کے معاملے پر خواجہ آصف کیخلاف عدالت جارہے ہیں، اس حوالے سے عثمان ڈار اور فردوس عاشق اعوان تیاریوں میں مصروف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایک شخص اوربھی ہے جو پیسہ بچانےکیلئے دین کے پیچھے چھپتا ہے، نوازشریف کو گاڈفادر کہنے پرجسٹس عظمت سعید کھوسہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اگر نااہل ہوبھی جاؤں تو مافیا سےنجات دلانے کیلئےیہ بہت چھوٹی قیمت ہے، لیکن نوازشریف نااہلی سےنہیں بچ سکتے، نوازشریف کے نااہل ہونے پرجشن تاریخ میں لکھا جائیگا۔

  • پاناما کیس کا فیصلہ : پنجاب بھر میں ہائی الرٹ، پولیس کو ہدایات جاری

    پاناما کیس کا فیصلہ : پنجاب بھر میں ہائی الرٹ، پولیس کو ہدایات جاری

    اسلام آباد : پاناما کیس کے متوقع فیصلے کے پیش نظر پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے مربوط قیام امن کیلئے پولیس کو مراسلہ جاری کردیا۔ سپریم کورٹ کے اطراف بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کل بروز جمعرات بڑے کیس کا بڑا فیصلہ ہونے جا رہا ہے، اس حوالے سے اسلام آباد سمیت پورے پنجاب مین سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

    آئی جی پنجاب نے امن وامان برقرار رکھنے کے لئے پولیس کو مراسلہ جاری کردیا ہے، جس میں ہدایات دی گئیں ہیں کہ فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

    سی پی او لاہور تمام آر پی اوز متعلقہ ڈی پی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ حساس تنصبات، حکومتی دفاتر، پبلک ،سیاسی جماعتوں کے دفاتر، میڈیا ہاوسز عوامی مقامات پر خصوصی انتظامات کئے جائیں، ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی کے حکم پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

    علاوہ ازیں سپریم کورٹ کی سیکیورٹی کے لیے رینجرز بھی تعینات کی جائے گی۔ جبکہ راولپنڈی میں بھی پاناما لیکس کے متوقع فیصلے کے پیش نظر پولیس کی اضافی نفری بلالی گئی ہے جو مری روڈ پر تعینات کی جائے گی۔