Tag: پاناما کیس

  • عوام پاناما کا نہیں ترقی کا انتظار کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب

    عوام پاناما کا نہیں ترقی کا انتظار کر رہے ہیں، مریم اورنگزیب

    اسلام آباد : وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الزامات کی سیاست کو چکوال کےعوام نے مسترد کردیا ہے اور عوام نےچکوال میں وزیراعظم پراعتماد کا فیصلہ سنادیا ہے عوام پاناما کا نہیں بلکہ ترقی کے منتظر ہیں جو وزیراعظم کی قیادت میں ہی ممکن ہے۔

    مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگتو کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین صرف باتیں بنا رہے ہیں اور قوم کو الجھائے رکھا ہے جب کہ دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے آج بھی ایک پاور پروجیکٹ کا فیتہ کاٹ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ چکوال میں اپوزیشن جماعتوں کے مک مکا کے باوجود الیکشن ہارنے پرمبارک باد دیتی ہوں جہاں ایک طرف ساری جماعتوں کا اتحاد تھا تو دوسری طرف اکیلی جماعت مسلم لیگ (ن) تھی جس کے ساتھ صرف چکوال کے عوام ہوں گے اور عوام نے اپنا فیصلہ اپنے محبوب قائد کے حق میں دیا۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کو پاناما کیس کا نہیں بلکہ وزیراعظم کی قیادت میں ترقی کا انتظار ہے اور آج بھی وزیراعظم نے اپنے لوگوں کے لیے نئے پروجیکٹ کا افتتاح کیا اور روز کرتے رہیں گے۔

    وزیر مملکت نے کہا کہ پہلے بھی نواز شریف کامیاب ہوئے اور تین بار قوم نے تمام سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے انہیں اپنا وزیر اعظم منتخب کیا اور کل بھی وزیراعظم عدالت سے ہمیشہ کی طرح سرخرو ہوں گے کیوں کہ وزیراعظم کے پیچھےعوام کی خدمت، دعائیں اور اعتماد ہے۔

  • پاناما کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا

    پاناما کیس کا فیصلہ کل سنایا جائے گا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا فیصلہ سنائے جانے کی تاریخ کا اعلان کردیا، یہ فیصلہ 20 اپریل کو دوپہر دو بجے سنایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق  سپریم کورٹ نے سپلمنٹری کاز لسٹ جاری کردی جس کے مطابق پاناما کیس کا وہ فیصلہ جو عدالت محفوظ کرچکی ہے  اسے 20 اپریل کو دوپہر دو بجے سنایا جائےگا۔

    خیال رہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ سننے کے لیے جہاں حکومت اور فریق سیاسی جماعتیں بے چینی سے منتظر ہیں وہیں عوام بھی اس فیصلے کو جاننے کے لیے بے چینی سے انتظار کررہی ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ پوری قوم کو فیصلے کا شدت سے انتظار ہے، پاناما کیس کا فیصلہ مفروضوں پر نہیں سچ پر مبنی ہوگا۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پوری قوم کو پاناما کیس کے فیصلے کا بے چینی سے انتظار ہے۔

    فیصلہ 57 دن بعد سنایا جائے گا

    واضح رہے کہ پاناما کیس کا فیصلہ 23 فروری کو محفوظ کیا گیا تھا، یہ فیصلہ 57 دن بعد سنایا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے راشد حبیب نے بتایا کہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے اس کیس کی سماعت کی تھی، یہ فیصلہ تحریر کیے جانے کے مرحلے میں تھا، قبل ازیں کئی بار فیصلے کی تاریخ ملتوی ہوئی تاہم اب کاز لسٹ میں حتمی طور پر اس کیس کے فیصلے کی تاریخ جاری کردی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کاز لسٹ میں اس کیس کی تاریخ شامل ہونے کا مطلب یہ ہے کہ حتمی طور پر یہ فیصلہ اب سنادیا جائے گا جس کے لیے امکان ہے کہ آج ہی فریقین کو نوٹسز جاری کردیے جائیں گے۔

    سپریم کورٹ کے اطراف سخت سیکیورٹی کا فیصلہ

    پولیس نے پاناما کیس کے فیصلے والے دن یعنی 20 اپریل کو سپریم کورٹ کے اطراف سیکیورٹی انتہائی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    پولیس نے کہا ہے کہ فیصلے والے دن سخت سیکیورٹی ہوگی، عمارت کے اطراف خار دار تاریں بچھائی جائیں گی، غیر متعلقہ افراد کو سپریم کورٹ جانے کی اجازت نہیں ہوگی صرف فریقین ہی عدالت جاسکیں گے۔

    فریقین پاسز دکھا کر اندر داخل ہوسکیں گے،ترجمان سپریم کورٹ

    ترجمان سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ انتظامیہ کو سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کی ہدایت کردی ہے،فیصلہ سننے کے خواہشمندوں کو پاسز جاری کیے جائیں۔

    ترجمان نے کہا ہے کہ فیصلے کے فریقین کو پاسز کی ضرورت نہیں ہوگی،فریقین کورٹ کا جاری نوٹس دکھا کرعدالت آسکتے ہیں۔

  • اگرانصاف نہیں ملا توخاکم بدہن ملک زندہ نہیں رہے گا، شیخ رشید

    اگرانصاف نہیں ملا توخاکم بدہن ملک زندہ نہیں رہے گا، شیخ رشید

    لاہور : عوامی مسلم لیگ نے کہا ہے کہ اگر انصاف نہیں ملا تو خاکم بدہن ملک زندہ نہیں رہے گا اگر مسلم لیگ (ن) اور قانون میں سے کسی ایک کا جنازہ نہ نکلا تو پھر خون نکلے گا۔

    وہ لاہور میں منہاج القرآن کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ 2017 پاکستان کی سیاست کا اہم ترین سال ہے لہذا عوام ہوش اور سچائی سے کام لیں۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لوگ موجودہ نظام سے تنگ آ گئے ہیں کیوں کہ یہاں جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹر شپ قائم ہے لہذا بڑے کرپٹ لوگ پاکستاں میں آکر منہ صاف کر لیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یہاں چوروں، ڈاکوؤں اور منافقوں نے اتحاد قائم کر لیا ہے اور اس گٹھ جوڑ کو توڑنے کے لیے پاکستانی عوام کو اٹھنا ہو گا اور اجتماعی اتحاد و جدو جہد سے کرپٹ مافیا کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ شرجیل میمن کی گرفتاری اوررہائی ملڑی کورٹس کے پیچھے ڈیل کا نتیجہ ہے اور اب ڈاکڑعاصم اورعزیربلوچ کا بھی پتہ چل جائے گا وہ بھی باہر آجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں دودھ، دوائی یہاں تک کے حکومت بھی خالص نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ امریکی صدراوباما کی بیٹی باپ کے صدارت سے فارغ ہونے کے بعد نجی ہوٹل میں کام کرتی ہے اور ہماری بیٹی لندن میں 800 کروڑ کے فلیٹ رکھتی ہے۔

  • ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ کے خلاف سازش کی جارہی ہے، مولا بخش چانڈیو

    ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ کے خلاف سازش کی جارہی ہے، مولا بخش چانڈیو

    کراچی : مشیرِ اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ طاقت کا توازن درست نہیں ہوگا تو انصاف نہیں ملےگا اگر طاقت کا توازن درست ہوگیا توطاقتور کا بھی احتساب ہوگا۔

    یہ بات مولابخش چانڈیو نے پاناما کیس پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہی انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ کے خلاف سازش ہورہی ہے۔

    مولابخش چانڈیو نے کہا کہ وزیرِ مملکت مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر اعتزاز احسن کی تشویش کا اظہار معنی رکھتاہے وہ ممتاز قانون دان ہیں اور آئینی کی باریکیوں کو بہ خوبی جانتے ہیں۔

    مشیرِ اطلاعات سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کوایسافیصلہ دیناچاہیےکہ جس پر پورا ملک فخر کرے تاکہ ملک سے کرپشن کی عفریت کو جر سے اکھاڑ پھینکا جا سکے اور ملک میں اصولوں کی سیاست کو رواج ملے۔

    انہوں نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کرنے والوں کی طرف سے ایک بار پھر اداروں متنازع بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    پاکستان مسلم لیگ (ن ) کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کو ہدفِ تنقید بنانے پر مشیرِ اطلاعات نے ردعمل میں کہا کہ پاناما لیکس نےانہیں پاگل کردیا ہے حالانکہ پاناما پیپرز ہو یا عمران خان یہ پیپلز پارٹی نے تو نہیں بنائے۔

    مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراعظم کو پورا ملک جانتاہے لیکن اگر کوئی ایسی شخصیت ہیں جو انہیں نہیں جانتیں تو یہ ہماری وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ہیں جو نہیں جانتیں۔

    مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ڈان لیکس والے معصوم تھے تو پرویز رشید کو کیوں نشانہ بنایاگیا اور جب پرویز رشید کوگھر بھیجاگیا اس کا مطلب آپ جرم مان چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں پتہ ہے کہ پیپلز پارٹی کے لیےمختلف قوانین بنائے گئے ہیں اور ایسا کرنے والے یہ بھول گئے ہیں کہ ایسے رویے کے نتائج کیا نکلیں گے لیکن ہم بھولے نہیں ہیں۔

  • پاناما کیس کے متوقع فیصلے سے ن لیگی حواس باختہ ہو رہے ہیں، شیخ رشید

    پاناما کیس کے متوقع فیصلے سے ن لیگی حواس باختہ ہو رہے ہیں، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حواس باختہ ہو رہے ہیں کیوں کہ انہیں علم ہے کہ جلد پانامالیکس کا فیصلہ بہت جلد آنے والا ہے اور فیصلہ کیا آنا ہے۔

    شیخ رشید نے پاناما کیس پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگی رہنماؤں کوحواس باختہ ہونےکی ضرورت نہیں اور اگر مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نےماحول خراب کرنےکی کوشش کی توان کا اپنا ہی نقصان ہوگا۔

    سربراہ عوامی لیگ نے کہا کہ عدالتی فیصلےکوتمام فریقین کوتسلیم کرناچاہیےجو کہ ملک کے لیے بہتر ہوگا جس کے لیے سیاست دانوں کومسئلےمسائل عقل مندی اور بردباری سے حل کرنے چاہیئے۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ملک اس وقت گھمبیر مسائل سے گذر رہا ہے اور ایک ہی وقت میں کئی نازک معاملات چل رہے ہیں جیسے پانامالیکس اور ڈان لیکس وغیرہ جو ملک کی سلامتی اور بقا کا معاملہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں جو بھی فیصلہ آئے فریقین کو اسے خوش دلی کے ساتھ قبول کرنا چاہیے تا کہ ملک میں افراتفری، انتشار اور غیر یقینی حالات سے نہ گذرے جس کے لیے سیاست دانوں کو بردباری سے کام لینا ہوگا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ڈان لیکس پر تحقیقات جاری ہیں جس کے مرکزی ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانا بے حد ضروری ہے تاکہ آئندہ قومی سلامتی سے کھیلنے کو نصیحت حاصل ہو اور اس امر کے لیے پوری قوم اپنے معزز اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

  • پاناما کیس: فیصلہ مثالی اور عوامی امنگوں کے مطابق آئے گا، شیخ رشید

    پاناما کیس: فیصلہ مثالی اور عوامی امنگوں کے مطابق آئے گا، شیخ رشید

    اسلام آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں سپریم کورٹ کا ایسا فیصلہ آئے گا کہ لوگ مثالیں دیں گے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں اینکر پرسن ارشد شریف سے پاناما کیس میں اب تک ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئی کہی۔

    انہوں نے کہا کہ قوم کوسپریم کورٹ سےبہترین فیصلےکی امید ہے کرپشن کیخلاف تاریخی فیصلہ نہ آیاتوعام آدمی کا دل ٹوٹ جائےگا اس لیے پوری امید ہے عدالت سے ایسا فیصلہ آئے گا جو سب کے لیے قابل قبول ہو۔

    اس موقع پر شیخ رشید نے کہا ہے کہ میں نے ججز سےکہا ہے کہ تاریخی فیصلہ آنا چاہیے آنے والا وقت جس کی مثالیں دے اور اس کیس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے کیس کے دوران اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری وکلا سے 371 سوال پوچھے لیکن کسی ایک کا بھی جواب نہیں آیا جب کہ ہیلی کاپٹرکیس میں بھی قطری آچکا ہے اسی طرح پاناماکیس میں بھی قطری شہزادے کی دلچسپی رہی ہے۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ شریف خاندان تسلیم کرچکاہےکہ تمام جائیدادیں ان کی ہیں لیکن بجائے اس کے کہ منی ٹریل بتائی جائے حیلے بہانے کیے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا عدالت میں استثنیٰ حاصل نہیں ہے انہیں جو استثنیٰ ملنی تھی وہ اسمبلی میں مل چکی ہے اس لیے عدالت میں استثنیٰ مانگنا درست نہیں اور یہ حربہ کامیاب نہیں ہو گا۔

    مکمل انٹرویو: 

  • پاناما کیس: پی ٹی آئی نے کمیشن قبول کرنے کا عندیہ دے دیا

    پاناما کیس: پی ٹی آئی نے کمیشن قبول کرنے کا عندیہ دے دیا

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے پاناما لیکس پر کمیشن قبول کرنے کا عندیہ دے دیا، رہنما پی ٹی آئی نعیم الحق کہتے ہیں کہ عدالت اگر کمیشن بھی بناتی ہے تو قبول ہوگا۔

    یہ بات رہنما پی ٹی آئی نعیم الحق اور اعجاز چوہدری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔رہنما پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پاناما کیس میں عدالت پر مکمل اعتماد ہے عدالت اگر پاناما کیس میں کمیشن بھی بنادے تو ہمیں قبول ہوگا۔

    حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں پر انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں،وزیراعلیٰ سہولت کار پکڑنے کا کریڈٹ لے رہے ہیں تو ناکامی کا کریڈٹ بھی تو لیں۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ نیوز لیکس کی تحقیقات منظر عام پر لائی جائیں، تحریک انصاف نےعام انتخابات کی تیاری شروع کردی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کے خلاف ریفرنس مسترد کرکے بددیانتی کی، ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کے خلاف عدالت جارہے ہیں۔

    سانحہ سیہون کے شہدا کی باقیات کچرا کنڈی میں پھینکنے پر احتجاج کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہا کہ سیہون میں انسانی اعضا کچرے میں پھینکنا انسانیت کی تذلیل ہے۔

  • پاناما کیس، وزیراعظم کے وکیل بارہ دن کی رخصت پر چلے گئے

    پاناما کیس، وزیراعظم کے وکیل بارہ دن کی رخصت پر چلے گئے

    اسلام آباد : پاناما کیس میں وزیراعظم نواز شریف کے وکیل مخدوم علی خان نے سپریم کورٹ میں چھٹیوں کی درخواست جمع کرادی ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاناما کیس میں وزیراعظم نواز شریف کے وکیل مخدوم علی خان نے سپریم کورٹ میں 13 فروری سے 24 تک کے لیے چھٹیوں کی درخواست جمع کرادی ہے جسے منظور کرلیا گیا ہے۔

    وزیراعظم کے وکیل نے درخواست میں موقف اپنایا کہ ذاتی مصروفیات کے باعث13 سے 24 فروری تک عدالت میں پیش نہیں ہو سکوں گا اور ویسے بھی میں پاناما کیس میں اپنے دلائل مکمل کر چکا ہوں اس لیے میری غیر موجودگی سے کیس بھی متاثر نہیں ہوگا۔

    واضح رہے کہ پانامہ پیپرز میں وزیراعظم کے اہل خانہ کی آف شورز کمپنیوں کے انکشاف کے بعد سے اپوزیشن جماعتوں کے دباؤ اور احتجاجی تحریکوں کے بعد سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کا آغاز ہوا تھا جو تاحال جاری ہے۔

    یاد رہے پاناما کیس کی سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ کر رہا ہے تاہم بینچ کے ایک رکن جسٹس عظمت سعید شیخ کی بیماری کے باعث گزشتہ ہفتے سے سماعت نہیں ہو سکی ہے۔

  • کراچی میں امن ہماری بدولت آیا، خواجہ سعد رفیق

    کراچی میں امن ہماری بدولت آیا، خواجہ سعد رفیق

    لاہور : ریلوے کے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکومت نے کراچی کا آسیب بند کر دیا، شہر قائد میں امن ہماری بدولت آیا، پاناما کیس کا فیصلہ ججز نے کرنا ہے لیکن سڑکوں پرتماشا ہو رہا ہے، ہمیں کام کرنا بھی آتا ہے اور سیاست بھی کرنی آتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا کلچرل کمپلیکس لاہور میں نواز لیگ کے پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سعد رفیق نے کہا کہ حکومت نے بدامنی کے شکار شہر کراچی میں امن قائم کیا۔ کراچی کے قصاب کی بولتی بند کردی، وہاں امن ہماری بدولت آیا ہے۔ بلوچستان کے امن کو بحال کیا۔

    سعد رفیق نے کارکنوں سے رائے طلب کی کہ کیا قیادت کی تضحیک اور کردار کشی کا جواب دینا چاہیے یا نہیں ؟ انہوں نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ وزراء کام نہیں کرتے صرف قیادت کا دفاع کرتے ہیں۔ میں کہتا ہوں ہمیں کام بھی کرنا آتا ہے اور سیاست بھی کرنی آتی ہے۔

    ملک میں سی پیک بن رہا ہے اس کی تکلیف مودی کو ہو تو سمجھ آتی ہے مگر عمران خان کو ہو تو اس پر ہم کیا الزام لگائیں۔ ہم نے ناممکن کو ممکن کر کے دکھایا اور ن لیگ حکومت میں آتی ہے تو ایٹم بم اور موٹروے بنا کر دکھاتی ہے۔

    سعد رفیق نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہماری تضحیک و تذلیل کی کوشش نا کرو تنقید ضرور کرو۔ نواز شریف ملک میں ایک ہی لیڈر ہے اس کی کردار کشی کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم نے کبھی خاندانوں کا دفاع نہیں کیا۔

  • پاناما پیپرز اللہ کا ازخود نوٹس ہے، شیخ رشید

    پاناما پیپرز اللہ کا ازخود نوٹس ہے، شیخ رشید

    اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاناما کیس اللہ کا ازخود نوٹس ہے اب وزیراعظم کے پاس دو ہی راستے ہیں یا تو استعفیٰ دیں یا اسمبلی تحلیل کردیں۔

    وہ قومی اسمبلی میں خطاب کر رہے تھے، انہوں نے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ عدالت میں جا کر بات کریں جب کہ وہ کہتے ہیں کہ عدالت میں استثنیٰ حاصل ہے اس لیے اسمبلی میں جا کر بات کریں کچھ کرلیں یہ معاملہ نہیں رکے گا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ قطری پہلے بھی ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو بن کے آئے تھے اور اب دوبارہ آئے ہیں آخر وہ ہر بار شریف خاندان کو بچانے کیوں آتے ہیں؟ قطری اس بار اس لیے آیا ہے کہ سیف الرحمان کو پورٹ قاسم دی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قطری خط کے ڈرامے کے پیچھے چھپنا اتنا بھونڈا طریقہ ہے کہ میں اگر نواز شریف کے ہمراہ ہوتا تو قطری خط لکھوانے والے کو جوتے لگواتا لیکن وزیراعطم کو صرف خوشامدی لوگ ہی پسند ہیں جو ان کے نادان دوست ہونے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

    شیخ رشید نے کہا کہ پرانےدوست کی حیثیت مشورہ دے رہا ہوں سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے فیصلہ کرلیں کرپشن کے تابوت کے نکلنے کا وقت آگیا ہے ویسے بھی ن لیگ میں کافی اہل لوگ موجود ہیں کسی کو بھی وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے سوال کیا کہ کتنی افسوس ناک بات ہے کہ پاناما کیس مُردوں پر ڈال دیا گیا ہے، کیا اب قبروں کا ٹرائل چاہتے ہیں؟ میاں صاحب نے صرف ایک پوتے کو جائیداد کا وارث بنایا باقی شہباز شریف اور عباس شریف کے بھی بچے ہیں تو میاں صاحب نے اثاثے صرف حسین نواز ہی کو کیوں دیے؟

    شیخ رشید نے وزیر اعظم کے خاندان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ قوم کے بچوں کو ڈانٹتے اوراپنی اولادوں کو بانٹتے ہو آخر وہ زمین ہی کیوں سونا اگلنے لگتی ہے جو یہ خریدیں اور لاکھوں روپے مالیت کی گاڑی فروخت کرنے جائیں تو وہ کروڑوں میں کیوں بکتی ہے؟

    اپنی تقریر کے دوران شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف کو ڈیووس میں ہونے والے اجلاس میں کرپشن پر لیکچر دینے سے روک دیا گیا تھا اس لیے ایوان کو بتایا جائے کی ایسا کیوں کیا گیا اگر میرا دعویٰ غلط نکلا تو ایوان میں معافی مانگوں گا۔

    انہوں نے بتایا کہ بی بی سی کی ایک اور اسٹوری سامنے آرہی ہے اور خود اسحاق ڈار نے ایک انٹرویو میں وزیراعظم کی مزید جائیداد کا اعتراف کیا، یہ مجسٹریٹ کے سامنے حلفیہ بیان دیتے ہیں اور پھر مکر جاتے ہیں اب اس اسٹوری میں کیے گئے منی لانڈرنگ کے اعتراف کی بھی عدالت میں جا کر نفی کر دیجیے گا۔