کولمبو: قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز یونس خان ٹیسٹ میچز کی سنچری مکمل کرنے والے پاکستان کے پانچویں کھلاڑی بن گئے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ آج سے کولمبو میں کھیلا جارہا ہے، سینئر پاکستانی بیٹسمین یونس خان نے کیریئر کے سو ٹیسٹ مکمل کرلئے۔
کولمبو میں یونس خان اپنے کیرئیر کا سوواں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پانچویں پاکستانی کھلاڑی ہیں۔ یونس خان سے پہلے جاوید میانداد، وسیم اکرم، سلیم ملک اور انضمام الحق سو سے زائد ٹیسٹ کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
کولمبو میں پاکستان ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ٹیم مینجمنٹ نے اسٹار کھلاڑی کو سو ٹیسٹ مکمل کرنے پر شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں نے بھی یونس خان کو خراج تحسین پیش کیا۔
یونس کا بیٹنگ اوسط 53 اعشاریہ 71 سب سے زیادہ ہے، یسٹ میں سب سے زیادہ انتیس سنچریز اور ایک سو آٹھ کیچ پکڑنے کا اعزاز بھی مردان کے پٹھان کو ہی حاصل ہے، کریز پر کھڑے ہو جائیں تو نصف سنچری کو سنچری میں تبدیل کرنا بھی یونس کا کمال ہے۔ صرف آسٹریلیا کے میتھیو ہیڈن اس میں یونس سے آگے ہیں۔
ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں یونس کا بیٹنگ اوسط صرف جیف بوائے کاٹ، سنیل گواسکر اور گورڈن گرینج کے بعد تیسرے نمبر پر ہے، ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں یونس تین مسلسل سنچریاں بنانے والے دنیا کے واحد بیٹسمین ہیں، 99 ٹیسٹ میچوں میں ان سے زیادہ رنز سرف برائن لارا نے ہی بنائے ہیں۔
ہر ٹیسٹ ٹیم کے خلاف سنچری اور دس ممالک میں سنچری اسکور کرنے کا منفرد پاکستانی اعزاز بھی یونس کے پاس ہے، سو سے زائد کیچز اور 50 سے زائد سنچری پارٹنرشپس بھی یونس کا منفرد پاکستانی ریکارڈ ہے۔