Tag: پانچ لاشیں برآمد

  • بہاولپور میں گھر سے میاں، بیوی اور تین بیٹوں کی لاشیں برآمد

    بہاولپور میں گھر سے میاں، بیوی اور تین بیٹوں کی لاشیں برآمد

    بہاولپور: پنجاب کے شہر بہاولپور میں مکان سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بہاولپور کے علاقے ماڈل ایونیو میں گھر سے میاں، بیوی اور تین بیٹوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی یا قتل کی واردات ہے، کمرے سے ملنے والے پستول کی فرانزک رپورٹ کے بعد صورتحال واضح ہوسکے گی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں گھر کی سب سے چھوٹی بچی محفوظ رہی ہے جسے بیہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    مقتول کاشف بلوچ کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کا بڑا بھائی بزدل نہیں تھا کہ خودکشی کرلے، رات فون پر بات ہوئی تو بتایا تھا کہ والدہ کو صبح اسپتال لے جانا ہے۔

    محلے والوں کا کہنا ہے کہ بچی بستر کے قریب زمین پر سو رہی تھی، سیکیورٹی گارڈ اور آس پاس کے رہائشیوں نے فائرنگ کی کوئی آواز نہیں سنی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کے قریب خون بھی موجود ہے، لاشوں کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • ماڈل ٹاؤن : ایک گھر سے گولیاں لگی پانچ افراد لاشیں برآمد

    ماڈل ٹاؤن : ایک گھر سے گولیاں لگی پانچ افراد لاشیں برآمد

    لاہور : ماڈل ٹاؤن کے ایک گھر سے پانچ لاشیں برآمد ہوئی ہیں پولیس کے مطابق خاوند نے اپنی بیوی اور تین بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق ماڈل ٹاؤن سے ایک خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں برآمدہوئیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ گھر کے سربراہ نے بیوی اور تین بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کی۔

    پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال منتقل کر دیں۔ ماڈل ٹاؤن میں لوگوں کی اطلاع پر پولیس پہنچی تو زمیندار چالیس سالہ بشارت، اس کی اہلیہ فائزہ آٹھ سالہ بیٹے عبد اللہ چھ سالہ عبدالحادی اور پانچ سالہ بیٹی حبہ کی لاشیں گھر کے ایک کمرے میں پڑی تھیں اور اندر سے کنڈی لگی ہوئی تھی۔

    متوفیان کے عزیز واقارب کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی میں کبھی جھگڑا نہیں ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بشارت نے بیوی بچوں کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کی۔

    مرنے والے تمام افراد کے سر پر گولیاں لگی ہیں۔ شبہ ہے کہ مقتولین کو قتل کرنے سے پہلے نشہ آور چیز پلائی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ خود کشی کا واقعہ ہی لگتا ہے۔

    پانچ افراد کے قتل کی تحقیقات کے لئے لاہور پولیس نے فرانزک ماہرین کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔