Tag: پانی

  • مون سون سیزن کے دوران پانی کا ضیاع تشویشناک حد تک بڑھ گیا

    مون سون سیزن کے دوران پانی کا ضیاع تشویشناک حد تک بڑھ گیا

    اسلام آباد (23 اگست 2025): پاکستان میں آبی مسائل کا حل بہتر حکمت عملی میں پوشیدہ ہے، مون سون سیزن 2025 کے دوران پانی کا ضیاع تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حالیہ مون سون سیزن میں ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں ہوئیں جس سے دریا اور ندی نالے بھر گئے ہیں۔

    محکمہ آبپاشی نے کہا ہے کہ یکم جولائی سے 20 اگست تک کوٹری کے مقام سے بحیرہ عرب میں 9.04 ملین ایکڑ فٹ ( ایم اے ایف) پانی خارج ہو چکا ہے، مزید 4 سے 5 ملین ایکڑ فٹ پانی کے اخراج کا امکان ہے کیونکہ سوات، کشمیر اور دیگر پہاڑی علاقوں سے ندیوں میں پانی کا بہاؤ بدستور جاری ہے۔

    ملک کے اہم آبی ذخائر جس میں تربیلا، راول، خانپور اور سملی ڈیم شامل ہیں اپنی مکمل گنجائش تک پہنچ  چکے ہیں، منگلا ڈیم 75 فیصد بھرا ہوا ہے، اس صورتحال میں اضافی پانی کو محفوظ کرنے کے لیے کوئی متبادل انتظام موجود نہیں جس کی وجہ سے اضافی پانی ضائع ہو رہا ہے۔

    کوٹری بیراج سے آبی ذخائر سے متعلق جاری تازہ ترین رپورٹ کے مطابق یکم تا 10 جولائی کے دوران 0.60 ایم اے ایف، 11 تا 20 جولائی 1.11 ایم اے ایف، 21 تا 31 جولائی 2.60 ایم اے ایف، یکم جولائی تا 10 اگست 3.12 اور 11تا 20 اگست کے دوران 1.61 ملین ایکڑ پانی خارج ہوا۔

    یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں آبی وسائل کے مؤثر انتظام اور اضافی پانی کو محفوظ کرنے کی صلاحیت تاحال ناکافی ہے۔

    آبی ماہرین نے کہا ہے کہ پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو ملک کو شدید آبی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اگر بروقت نئے ڈیمز کی تعمیر اور موجودہ نظام کی بہتری پر کام نہ کیا گیا تو آبی مسائل میں اضافہ ہوگا۔

  • بین الاقوامی ثالثی عدالت نے مغربی دریاؤں کے پانی سے متعلق بھارت کو حکم جاری کر دیا

    بین الاقوامی ثالثی عدالت نے مغربی دریاؤں کے پانی سے متعلق بھارت کو حکم جاری کر دیا

    اسلام آباد (12 اگست 2025): بین الاقوامی ثالثی عدالت (پی سی اے) نے حکم دیا ہے کہ بھارت مغربی دریاؤں کا پانی پاکستان کے لیے چھوڑ دے۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی ثالثی عدالت (پرمننٹ کورٹ آف اربٹریشن) نے کہا ہے کہ بھارت مغربی دریاؤں کا پانی پاکستان کے بلا روک ٹوک استعمال کے لیے چھوڑ دے۔

    ثالثی عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ یہ فیصلہ حتمی اور فریقین پر لازم ہے، یہ فیصلہ بھارت کو زیادہ سے زیادہ پانی ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

    پاکستان نے ثالثی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ثالثی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے تاریخی مؤقف کی توثیق ہے، پاکستان ٹریٹی پر مکمل عمل درآمد کا پابند ہے اور بھارت سے فیصلے پر عمل کی توقع رکھتا ہے۔

    سندھ طاس معاہدے کی عمومی تشریح سے متعلق یہ فیصلہ 8 اگست کو سنایا گیا تھا، جسے عدالت کی ویب سائٹ پر اب جاری کر دیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ مغربی دریاؤں پر بھارتی پن بجلی منصوبوں کے لیے ڈیزائن کردہ معیار کی ترجمانی کرتا ہے۔

    اس فیصلے میں کم درجے والے آؤٹ لیٹس، گیٹڈ اسپِل ویز اور ٹربائن انٹیک پاکستانی مؤقف کے مطابق قرار دیے گئے ہیں، بھارت سے توقع ہے کہ وہ فوری طور پر معاہدے پر دوبارہ عمل درآمد شروع کرے گا، اور امید ہے ثالثی عدالت کے فیصلے کو اس کی روح کے مطابق نافذ کرے گا۔

    یاد رہے کہ اپریل میں بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا تھا، جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے، نئی دلی نے بغیر کسی ثبوت کے اس واقعے کا الزام اسلام آباد پر عائد کر دیا تھا۔ تاہم، پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو ’جنگی اقدام‘ قرار دیا اور کہا تھا کہ سندھ طاس معاہدے میں یک طرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں ہے۔

  • 4 اگست کو کراچی کے کن علاقوں کو پانی کی فراہمی میں کمی متوقع ہے؟

    4 اگست کو کراچی کے کن علاقوں کو پانی کی فراہمی میں کمی متوقع ہے؟

    کراچی (3 اگست 2025): کل بروز پیر کراچی کے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے بتایا کہ کل 4 اگست کو کے-الیکٹرک کی جانب سے بن قاسم کلسٹر دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر مینٹیننس کا کام جائے گا۔

    ترجمان کارپوریشن نے بتایا کہ مینٹیننس کا کام صبح 10 سے شام 7 بجے تک جاری رہے گا، کے-الیکٹرک کی جانب سے شٹ ڈاؤن کا دورانیہ مجموعی طور پر 9 گھنٹے ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: حب سے کراچی بڑے پیمانے پر پانی کی غیر قانونی ترسیل کا انکشاف

    انہوں نے بتایا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی۔

    واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق مینٹیننس کے کام کے باعث شہر کو پانی کی فراہمی میں 100 ملین گیلن کی کمی متوقع ہے، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، بن قاسم، ڈی ایچ اے اور نارتھ ناظم آباد میں پانی کی فراہمی میں کمی ہوگی۔

    29 جولائی کو کے-الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی سب اور گرڈ اسٹیشن پر مین ٹیننس کے کام کا آغاز کیا گیا تھا۔ ترجمان کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے بتایا تھا کہ دھابیجی گرڈ اسٹیشن پر مین ٹیننس کے کام کا آغاز کر دیا گیا، کے-الیکٹرک کی جانب سے شٹ ڈاؤن کا دورانیہ مجموعی طور پر 9 گھنٹے ہوگا، پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی کی فراہمی جزوی طور پر معطل ہے۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ مین ٹیننس کے کام کے باعث پانی کی فراہمی میں 85 ملین گیلن کی کمی متوقع ہے، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، بن قاسم، ڈی ایچ اے اور نارتھ ناظم آباد کو پانی کی فراہمی میں کمی ہوگی۔

    اس سے ایک روز ترجمان واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے بتایا تھا کہ کے-الیکٹرک کا حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن صبح 7 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا جس کے باعث حب رائزنگ مین نمبر دو متاثر ہوگئی۔

  • دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، سیلاب کی وارننگ جاری

    دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی، سیلاب کی وارننگ جاری

    چنیوٹ(31 جولائی 2025):دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی جس کے بعد سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی جس کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

    فلڈکنٹرول روم کے مطابق دریائے چناب میں پانی کا بہاؤ 26 ہزار کیوسک سے تجاوز کر گیا ہے، آئندہ 24گھنٹے میں پانی کا بہاؤ ایک لاکھ کیوسک تک پہنچنے کا خدشہ ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نچلے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری کردی گئی ہے اس کے علاوہ نشیبی آبادیوں کو خالی کرانے کا عمل جاری ہے، آئندہ 3دن پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ متوقع ہے۔

    محکمہ ایریگیشن کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں خانکی بیراج  اور قادر آباد بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 152022 اور پانی کا اخراج 125222کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

    محکمہ ایریگیشن کے مطابق دریائے چناب میں خانکی بیراج کے مقام پر پانی کی آمد 176315 اور پانی کا اخراج 170955 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • ملکی آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ کتنا ہے؟

    ملکی آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ کتنا ہے؟

    اسلام آباد(20 جولائی 2025): ملک کے اہم آبی ذخائر میں پانی کی موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے اور مجموعی قابل استعمال پانی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

    واپڈا کے ترجمان کے مطابق ملکی آبی ذخائر میں قابل استعمال پانی کا ذخیرہ83 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا جو فصلِ خریف کے لیے مثبت اشارہ ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 70 ہزار 800کیوسک ہے، تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کا اخراج 2 لاکھ 70 ہزار 400کیوسک ہے، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 44 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 8 ہزار 400کیوسک ہے۔

    دوسری جانب، چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 30 ہزار 900 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ93 ہزار 400 کیوسک رہا، جبکہ چشمہ ریزروائر میں آج پانی کی سطح 642 . 70 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 79 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔

    ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 56 ہزار کیوسک اور اخراج 32 ہزار 100 کیوسک رہا۔ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 37 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 37 ہزار 600 کیوسک ہے۔

    ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ تربیلا ڈیم میں آج پانی کی سطح 1530 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 46 لاکھ 3 ہزار ایکڑ فٹ ہے، منگلا ڈیم میں آج پانی کی سطح 1188 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 35 لاکھ 39 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

    ترجمان واپڈا کا مزید بتانا ہے کہ چشمہ میں آج پانی کی سطح  647.80 فٹ اور پانی کا ذخیرہ 2 لاکھ 49 ہزار ایکڑ فٹ ہے، ذخیرہ 82 لاکھ 84 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ چکا ہے، جو فصلِ خریف کے لیے مثبت اشارہ ہے، ذخیرہ 83 لاکھ 91 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا۔

  • راول ڈیم کے اسپیل ویز کھول دیے گئے، شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت

    راول ڈیم کے اسپیل ویز کھول دیے گئے، شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت

    راولپنڈی: راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان قریب پہنچنے پر خطرے کی سائرن بج گئے، اسپیل ویز بھی کھول دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان قریب پہنچنے اور ڈیم میں پانی بھر جانے کے بعد اسپیل ویز کھول دیے گئے ہیں، اسپیل ویز کھولنے سے پہلے سائرن بجائے گئے۔

    اسپیل ویز کھولے جانے کے بعد نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، اس وقت ڈیم میں پانی کی سطح 1749 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جب کہ ڈیم میں پانی کی گنجائش کی حد 1752 فٹ مقرر ہے۔


    راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی، الرٹ جاری


    حکام کا کہنا ہے کہ راول ڈیم میں پانی کی سطح 1746 فٹ تک برقرار رکھی جائے گی۔ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‏عوام واٹر فرنٹ سے دور رہیں اور اسپل ویز کے قریب فوٹو گرافی یا تفریح سے گریز کریں۔

    واضح رہے کہ پنجاب میں مون سون کا ایک اور دھواں دار اسپیل انٹری دینے کو تیار ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 25 جولائی تک راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، اور منڈی بہاؤالدین میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، لاہور، بہاولپور، ملتان میں بھی گرج چمک کے ساتھ برسات ہوگی۔

    این ڈی ایم اے نے ممکنہ سیلابی صورت حال کا الرٹ جاری کر دیا ہے، اسلام آباد، کے پی، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔ سندھ کے کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

  • ’بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی شرارت کر سکتا ہے‘

    ’بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی شرارت کر سکتا ہے‘

    اسلام آباد (18 جولائی 2025): وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی شرارت کر سکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ترقی ومنصوبہ بندی کا اجلاس سید عبدالقادر گیلانی کی زیر صدارت ہوا، جس میں وفاقی وزیر احسان اقبال نے اڑان پاکستان پروگرام پر بریفنگ دی اور آبی ذخائر منصوبوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پاکستان کا پانی روکنے کی شرارت کر سکتا ہے۔ بھارتی شرارتوں سے نمٹنے کے لیے آبی ذخائر تعمیر کرنا ہوں گے۔ وزیراعظم نے دیامر بھاشا ڈیم 2030 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، جب کہ مہمند ٹیم پر بھی کام کو بھی تیز تر کیا جائے گا۔

    احسن اقبال نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار 1047 ارب کے ترقیاتی فنڈز خرچ کیے گئے۔ گزشتہ مالی سال 1100 ارب کے ہدف میں سے 96 فیصد فنڈز خرچ کیے گئے اور یہ پاکستان کی تاریخ میں ترقیاتی منصوبوں پر سب سے زیادہ اخراجات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان 2025 تک دنیا کی ٹاپ 20 معیشتوں میں شامل ہونے والا تھا، لیکن 2018 میں مصنوعی رجیم چینج کی وجہ سے ترقی کا عمل رک گیا۔ 2018 سے 2023 تک کا تیار کردہ پانچ سالہ منصوبے پر عمل نہیں کر سکے۔ بعد میں 2022-23 میں پانچ ستونوں کی بنیاد پر دوبارہ پلان تیار کیا۔

    وفاقی وزیر ترقی اور منصوبہ بندی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سیاسی عدم استحکام اور پالیسیوں کے عدم تسلسل سے پیچھے رہ گیا۔ لیکن دنیا میں گزشتہ 60 سال میں ہونے والی تبدیلیوں کا سفر اگلے چھ سال میں طے ہوگا۔ ایک ہزار زرعی

    ماہرین کو تربیت کیلیے چین بھیج رہے ہیں اور ان میں سے 300 کو بھیجا جا چکا ہے۔
    احسن اقبال نے بتایا کہ پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 10 فیصد اور دنیا کے دیگر ملکوں سے کم ہے۔ سرکاری اداروں کو ہر سال ایک ہزار ارب روپے کا خسارہ ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت نے رواں ماہ اپریل کو مقبوضہ کشمیر میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں دونوں ملکوں میں پانی کی تقسیم کا ’’سندھ طاس معاہدہ‘‘ یکطرفہ طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کی تقسیم کا یہ معاہدہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان نہیں بلکہ عالمی بینک اس کا ثالت ہے اور معاہدے کی رو سے کوئی بھی ملک یکطرفہ طور پر یہ معاہدہ معطل یا ختم نہیں کر سکتا۔

    https://urdu.arynews.tv/indus-waters-treaty-between-pakistan-and-india-documents/

  • حماس نے غزہ والوں کو پیاس سے مارنے کی اسرائیلی پالیسی بے نقاب کر دی

    حماس نے غزہ والوں کو پیاس سے مارنے کی اسرائیلی پالیسی بے نقاب کر دی

    غزہ: حماس نے غزہ والوں کو پیاس سے مارنے کی اسرائیلی پالیسی بے نقاب کر دی، مزاحمتی تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیل پٹی میں آبادی کے خلاف منظم ’’پیاس پالیسی‘‘ اپنا رہا ہے۔

    غزہ میں حماس کے زیر انتظام سرکاری میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پٹی میں ساڑھے 12 لاکھ سے زائد فلسطینی صاف پانی تک رسائی سے محروم ہو گئے ہیں، اسرائیلی بمباری اور آپریشنل وسائل کی کمی کے نتیجے میں سینکڑوں کنویں ناکارہ ہو گئے ہیں۔

    حماس نے خبردار کیا ہے کہ پانی کے شدید بحران کے نتیجے میں انسانی صورت حال تیزی سے بگڑ رہی ہے، کنوؤں اور پانی صاف کرنے والے پلانٹس کو چلانے کے لیے ضروری ایندھن کی فراہمی پر پابندی کی وجہ سے بحران شدید ہو گیا ہے۔

    حماس کے مطابق 7 اکتوبر کو جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں پانی کے ذرائع تک پہنچنے کی کوشش کرنے والے 700 سے زائد شہری شہید ہو چکے ہیں، جس میں بچوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے، ان میں آخری 12 افراد شمالی مغربی نصیرات کیمپ کے علاقے میں بمباری کے نتیجے میں قتل کیے گئے۔


    اسرائیلی فوج کا پانی کی لائن میں کھڑے فلسطینی بچوں پر میزائل حملہ، 10 شہید


    مزاحمتی تنظیم کے مطابق بیرونی ذرائع جیسے اسرائیلی واٹر کمپنی ’’میکوروٹ‘‘ اور دیر البلح شہر کے جنوب میں پانی صاف کرنے والے پلانٹ کو بجلی فراہم کرنے والی لائنوں سے سپلائی بھی بند ہو چکی ہے۔

    حماس نے بین الاقوامی برادری خاص طور پر امریکا اور یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کریں اور اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ ایندھن کی آمد دوبارہ شروع ہو سکے اور آبادی کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی پٹی کئی سالوں سے پانی کے شدید بحران کا شکار ہے، یہ بحران 9 ماہ قبل پٹی کے خلاف اسرائیلی وسیع فوجی آپریشن کے آغاز کے ساتھ ہی نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے۔

    اعداد و شمار کے مطابق پٹی کا 95 فیصد سے زیادہ پانی پینے کے قابل نہیں ہے، زیادہ تر آبادی چھوٹے پلانٹس سے صاف شدہ پانی یا ٹینکروں کے ذریعے منتقل کیے جانے والے پانی پر انحصار کرنے پر مجبور ہے، ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل جیسی بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اس سلسلے میں سنگین صورت حال سے خبردار کر رکھا ہے۔

  • اگلے 36 گھنٹوں کے دوران شہر کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی ہوگی، ترجمان واٹر کارپوریشن

    اگلے 36 گھنٹوں کے دوران شہر کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی ہوگی، ترجمان واٹر کارپوریشن

    کراچی: واٹر کارپوریشن نے ایک بیان میں اطلاع دی ہے کہ اگلے 36 گھنٹوں کے دوران شہر کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کا بجلی کا بریک ڈاؤن ہوا ہے، یہ بریک ڈاؤن رات 12 بجکر 20 منٹ پر پیش آیا، جس کی وجہ سے لائن نمبر 5 دو مقامات سے متاثر ہو گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن حکام نے فوری مرمتی کام کا آغاز کر دیا ہے، جو کہ اگلے 36 گھنٹوں میں مکمل کر لیا جائے گا، تاہم مرمتی کام کے دوران شہر کو 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔


    حیدرآباد میں بجلی کی عدم فراہمی پر ترجمان حیسکو کی وضاحت


    ادھر حیدر آباد میں موسلادھار بارش کے بعد اندورن سندھ کے دیگر شہروں کوٹری، جامشورو اور دیگر کی شاہراہیں اوررہائشی علاقے ڈوب گئے ہیں، اور حیسکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔

    طوفانی بارش کے باعث کئی مقامات پر درخت گر پڑے جب کہ جیسکو کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس سے حیدر آباد کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو گیا۔ اس حوالے سے ترجمان حیسکو نے میڈیا کو بتایا کہ بارش کے باعث ریجن کے 650 میں سے 350 فیڈرز بند ہو گئے ہیں۔

    بارش کے سبب 132 کے وی کے 11 ٹاورز بھی گرے ہیں، بجلی کے ٹاورز خان پور، سیہون، سلطان آباد سمیت مختلف مقامات پر گرے۔

  • غزہ میں صاف پانی، ایندھن اور طبی سامان کی شدید قلت، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

    غزہ میں صاف پانی، ایندھن اور طبی سامان کی شدید قلت، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

    اقوام متحدہ کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں بنیادی ضروریات کی شدید قلت کے باعث بیماریوں کا پھیلاؤ خطرناک سطح تک پہنچ چکا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر (او سی ایچ اے) کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں میں 19,000 سے زائد اسہال کے کیس سامنے آئے ہیں، اس کے علاوہ یرقان جیسی علامات اور خون آمیز دست کے 200 سے زائد کیس سامنے آ چکے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق یہ بیماریاں صاف پانی، صفائی کے ناقص انتظامات اور ایندھن کی عدم دستیابی کے نتیجے میں پیدا ہو رہی ہیں۔ غزہ کے اسپتالوں کو طبی سامان، پانی کی فراہمی، اور صفائی سے متعلق اشیاء کی اشد ضرورت ہے تاکہ عوامی صحت کے نظام کو مزید تباہی سے محفوظ رکھا جاسکے۔

    دریں اثنا عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ 2 مارچ کو اسرائیل کی جانب سے مکمل ناکہ بندی کے بعد پہلی بار طبی سامان غزہ منتقل کیا گیا ہے، کیرم شالوم (کرام ابو سالم) کراسنگ سے نو ٹرکوں کے ذریعے ضروری طبی سامان، 2,000 یونٹ خون اور 1,500 یونٹ پلازما لایا گیا، جو کہ خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس کے کولڈ اسٹوریج میں محفوظ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کی سلسلہ جاری ہے، بمباری کے باعث مزید 70 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے، اسرائیلی فضائی حملے غزہ شہر، جبالیا، شاطی پناہ گزین کیمپ، شجاعیہ کالونی، التفاح محلہ اور مغربی علاقوں تک پھیل چکے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس وقت جنگ بندی کی کوئی نئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ امداد کے منتظر فلسطینیوں پر نتساریم اور شمال مغربی غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ جاری رہی ہے۔ ایک ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ البریج پناہ گزین کیمپ کے شمال میں رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا۔

    بھارت، کلاؤڈ برسٹ سے سیلابی صورتحال، متعدد افراد لاپتا

    القسام بریگیڈز کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنوبی غزہ میں خان یونس کے علاقے میں دو اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں چھ اسرائیلی فوجی اور ایک افسر مارا گیا۔ جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔

    اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ کے لیے انسانی امداد اس وقت تک معطل کر دی گئی ہے جب تک وزیر اعظم نیتن یاہو کی طرف سے 48 گھنٹوں کے اندر نیا منصوبہ پیش نہیں کیا جاتا۔