لاہور : بھارت نے دریائے ستلج میں پانی چھوڑ دیا ، جس کے بعد دریائے ستلج میں نچلے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے کے بعد نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ محکموں اور اضلاع کو ہائی الرٹ جاری کردیا، ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے ستلج سے ملحقہ دریائے بیاس پر قائم پونگ ڈیم سے پانی چھوڑا ہے، جس کے بعد گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
عارف والا کے قریب دریائے ستلج میں عارضی حفاظتی بند ٹوٹنے سے قریبی فصلیں زیر آب آ
گئیں۔مزید پڑھیں : مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کی پیشگوئی
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل 13 اگست سے شروع ہوگا، جس کے باعث دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ایمرجنسی کنٹرول رومز میں عملے کو 24 گھنٹے مستعد رکھنے اور عوام کو جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔