Tag: پانی کا ریلہ

  • دریائے چناب کے سیلابی ریلے نے جھنگ کو نشانے پر رکھ لیا، 119 دیہات میں پانی داخل

    دریائے چناب کے سیلابی ریلے نے جھنگ کو نشانے پر رکھ لیا، 119 دیہات میں پانی داخل

    جھنگ: دریائے چناب کے سیلابی ریلے نے جھنگ کو نشانے پر رکھ لیا، ایک سو انیس دیہات میں سیلابی پانی داخل ہوگیا تاہم متاثرہ علاقوں سے دو لاکھ 40 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دریائے چناب میں ساڑھے تین لاکھ کیوسک پانی کا ریلہ داخل ہوگیا جس کے باعث جھنگ کے 119 دیہات زیر آب آگئے تاہم 140 دیہی علاقے خالی کرا لیے گئے ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اب تک سیلاب متاثرہ علاقوں سے دو لاکھ 40 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

    سیلاب زدہ علاقوں میں 22 ریلیف کیمپ اور 20 رہائشی پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرین کو مفت کھانا اور مویشیوں کے لیے چارہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

    چنڈ پل، شاہ جیونہ، کھیوڑہ باقر، جوگیرہ اور دادوآنہ میں بھی پانی داخل ہوچکا ہے، جبکہ کچا مگھیانہ اور مگھیانہ نون کے مکینوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔

    مقامی افراد کھیتوں سے چارہ کاٹ کر محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں، جبکہ مگھیانہ نون کے مکین بھکر روڈ بند پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق اس وقت تریموں بیراج سے ایک لاکھ 45 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے جبکہ چنیوٹ سے آنے والا بڑا سیلابی ریلہ آج شام تک تریموں بیراج پہنچنے کا امکان ہے۔

    دوسری جانب ملتان کی حدود میں دریائے چناب کا پانی بڑھتا جارہا ہے، صورتحال سنگین ہے، لوگ گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہورہے ہیں جبکہ پنڈی بھٹیاں میں بھی سیلاب نے ہزاروں ایکڑ ہر فصلیں، تباہ کردیں لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں، کشتیوں کے زریعے انسانی جانوں کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    خیال رہے پنجاب میں سیلابی صورتحال نے ہزاروں افراد کو بے گھر کردیا، سیکڑوں گاؤں دیہات ڈوب گئے اور ہزاروں آشیانے اجڑگئے۔