Tag: پانی کی بندش

  • بجلی کی بندش، دھابے جی پر لائن پھٹ گئی، کراچی کو پانی کی فراہمی بند

    بجلی کی بندش، دھابے جی پر لائن پھٹ گئی، کراچی کو پانی کی فراہمی بند

    کراچی: کے الیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی اور دھابے جی پر بہتر انچ قطر کی پائپ لائن پھٹنے سے شہریوں کو کروڑوں گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے انجم وہاب کے مطابق کے الیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی آگئی جس کے سبب واٹر بورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز دھابے جی، گھارو اور پپری کے پمپنگ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

    بجلی فیل ہونے سے پمپنگ اسٹیشن پر نصب پانی فراہمی کرنے والی موٹریں بند ہوگئیں اور شہریوں کو کئی کروڑ گیلن پانی فراہم نہیں کیا جاسکا۔

    مزید برآں واٹر بورڈ کی دھاجے جی پر پانی فراہم کرنے والی 72 انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی جس کے بھی سبب شہریوں کو پانی کی فراہمی تعطل کا شکار ہوگئی۔ واٹر بورڈ نے پائپ لائن کی مرمت شروع کردی۔

    واضح رہے کہ شہری پہلے ہی پانی کی قلت کا شکار ہیں اب دھابے جی پر لائن پھٹنے اور کے الیکٹرک کی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے سبب پمپنگ اسٹیشنز بند ہونے سے صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے۔

  • پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف کراچی کے شہری سڑکوں پر آگئے

    پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف کراچی کے شہری سڑکوں پر آگئے

    کراچی:  پانی اور بجلی کی عدم فراہمی سے تنگ شہریوں نے بلدیہ حب ریور روڈ اور لانڈھی میں احتجاجی مظاہرے کیے ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے مکینوں نے بجلی اور پانی کی بندش کے خلاف حب ریور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سڑک بند کردی، جس کے باعث اطراف کی شاہرواں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

    مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بلدیہ ٹاؤن میں پانی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پولیس حکام نے مظاہرین کو سڑک کھولنے کا حکم دیا مگر مکینوں کی جانب سے انکار کردیا گیا، جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج  اور ہوائی فائرنگ کیْ جس سے دو مظاہرین زخمی ہوگئے، زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ تاہم بعد ازاں پولیس حکام سے مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔

    دوسری جانب لانڈھی چار نمبر میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی، مظاہرین کے مطابق علاقے میں کئی روز سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے جس کے باعث پانی کی شدید قلت کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

    اس موقع پر مظاہرین کی جانب سے حکومتِ سندھ اور کراچی الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔