Tag: پانی کی عدم فراہمی

  • کراچی میں پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج، شہریوں نے واٹر ٹینکروں کے وال کھول دیے

    کراچی میں پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج، شہریوں نے واٹر ٹینکروں کے وال کھول دیے

    کراچی کے علاقے حسن اسکوائر پر پانی کی عدم فراہمی پر شہریوں نے احتجاج کیا اور سڑک سے گزرنے والے واٹر ٹینکروں کے وال کھول دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے حسن اسکوائر پر پانی عدم فراہمی پر شہری سڑکوں پر نکل آئے جس کے نتیجے میں حسن اسکوائر سے نیپا جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہوگئی۔

    مظاہرین نے روڈ سے گزرنے والے واٹر ٹینکروں کے وال کھول دیے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہمیں پانی نہیں ملتا تو ٹینکروں کو بھی پانی لے جانے نہیں دیں گے۔

    ٹینکروں کے وال کھولے کے باعث شاہراہ قائدین اور حسن اسکوائر کی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔

    احتجاج کی وجہ سے پرانی سبزی منڈی، عیسیٰ نگری، اسٹیڈیم روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہے۔

    ادھر کراچی کے علاقے جمشید روڈ پر بھی پانی، بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج ختم ہوگیا ہے جس کے بعد سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز گرومندر سے لسبیلہ جانے والی سڑک پر بھی شہریوں نے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا تھا۔

    امیر جماعت اسلامی منعم ظفر نے پانی بحران پر احتجاج کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی شہر کو پانی دینے کو تیار نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کو ظالم حکمرانوں کے خلاف گھروں سے نکلنا ہوگا، کراچی کا انفرا اسٹرکچر تباہ کردیا گیا، یہ سیوریج کا کام بھی نہیں کرسکتے، ہمارا مطالبہ واضح ہے کے فور پروجیکٹ مکمل کیا جائے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان جلد کریں گے۔

  • سکھر: بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کےخلاف تحریک انصاف کی ریلی

    سکھر: بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کےخلاف تحریک انصاف کی ریلی

    سکھر: تحریک انصاف کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کےخلاف ریلی نکالی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کےخلاف سکھر کے علاقے شالیمار سے احتجاجی ریلی کا آغاز کیا گیا جو  پریس کلب پر جاکر اختتام پذیر ہوئی۔

    ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت سے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے  اور پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔

    ریلی میں شریک مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کاررڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے۔

    اس موقع پر تحریک انصاف کے قائدین نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حکومتی نمائندوں اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    تحریک انصاف کے رہنماء رب نواز کلہوڑو نے کہا کہ سخت گرمی میں لوڈشیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے باعث شہریوں کو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو عوام کی پریشانیوں کا علم نہیں، اُن کو بس اپنی عیاشیوں سے مطلب ہے، یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے سکھر موٹروے کا افتتاح تو کردیا لیکن شہریوں کی حالتِ زار نہیں دیکھی۔

    اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماء نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر سکھر کی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے۔