لاہور : این ڈی ایم اے نے دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافے پر پیشگی الرٹ جاری کردیا ، جس کے بعد بڑے پیمانے پر انخلاء کی کارروائیاں شروع کر دی گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے پنجاب کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے ستلج کے قریبی علاقوں میں بڑے پیمانے پر انخلاء کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد کو سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا قصور سے 14 ہزار 140 افراد، اوکاڑہ سے 2 ہزار 63 افراد، بہاول نگر سے 89 ہزار 868 افراد اور بہاولپور سے 361 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ وہاڑی سے 165 اور پاکپتن سے 873 افراد کو بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نکال لیا گیا۔
مزید پڑھیں : بھارت کی طرف سے چھوڑے گئے پانی کے ریلوں نے تباہی مچانا شروع کردی
این ڈی ایم اے کے مطابق پیشگی الرٹ کے نتیجے میں پہلے ہی تقریباً 40 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے تھے، ادارے نے تمام متعلقہ اداروں اور ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو دریاؤں، نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام ٹی وی، ریڈیو، موبائل الرٹس اور "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ کے ذریعے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔