Tag: پانی

  • کرونا وائرس: سعودی شہریوں کو پانی کی فراہمی بڑھا دی گئی

    کرونا وائرس: سعودی شہریوں کو پانی کی فراہمی بڑھا دی گئی

    ریاض: کرونا وائرس کے پیش نظر پانی کے زیادہ استعمال کے سبب سعودی نیشنل واٹر کمپنی نے مملکت میں پانی کی فراہمی میں اضافہ کردیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں نیشنل واٹر کمپنی نے مملکت کے مختلف علاقوں میں پانی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرلی ہے۔

    کرونا کے حوالے سے موجودہ صورتحال کے پیش نظر پانی کی بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے واٹر کمپنی کی جانب سے 9.3 ملین مکعب میٹر پانی فراہم کیا جارہا ہے۔

    واٹر کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مملکت کے تمام شہروں میں پانی کی طلب کو پورا کرنے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے تاکہ کسی کو پانی کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    کمپنی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل واٹر کمپنی کی جانب سے پانی کی ترسیل کے بہتر انتظامات کیے گئے ہیں۔

    واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ اضافی طلب کو پورا کرنے اور صارفین کی شکایات کو دور کرنے کے حوالے سے بھی 24 گھنٹے آپریشن سسٹم کا آغاز کیا گیا ہے۔

    نیشنل واٹر کمپنی کے مطابق موجودہ ہنگامی حالات کے پیش نظر کمپنی نے ہر طرح کی پیش بندی کی ہے تاکہ کسی قسم کے بریک ڈاؤن کی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • سندھ حکومت کا صوبے میں پانی پر نیا ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا صوبے میں پانی پر نیا ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں پانی پر نیا ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، زیر زمین پانی استعمال کرنے پر واٹر ٹیکس لگے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے زیر زمین پانی کے استعمال پر بھی ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، مجوزہ واٹر ٹیکس کے لیے سفارشات پر مبنی مسودہ تیار کر لیا گیا۔

    محکمہ بلدیات کے حکام سندھ واٹر ٹیکس ایکٹ پر کابینہ ارکان کو بریفنگ دیں گے، ذرایع کا کہنا ہے کہ مسودے میں ایک روپیہ فی لیٹر واٹر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، منرل واٹر تیار کرنے والی صنعتوں سے فی لیٹر واٹر ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

    نئے پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو 600 ملین گیلن پانی مہیا ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    واٹر ٹیکس کا اطلاق سافٹ ڈرنک بنانے والی کمپنیوں پر بھی ہوگا، واٹر ٹیکس کی مد میں جمع شدہ آمدن کراچی واٹر بورڈ اور واسا میں تقسیم کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ جنوری کے آخر میں کراچی میں دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کا افتتاح کیا گیا تھا، اس نئے پمپنگ اسٹیشن سے 600 ایم جی ڈی (ملین گیلن روزانہ) پانی کراچی کو مہیا کیا جا رہا ہے، یہ منصوبہ 1.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا، پمپ ہاؤس میں 4 نئے پمپس نصب کیے گئے ہیں، ہر پمپ کی گنجائش 25 ایم جی ڈی ہے۔

    کراچی کے باسیوں کو پانی کی فراہمی کے لیے کے 4 منصوبہ بھی روبہ عمل ہے جس کے لیے جرمنی سے مشینری منگوائی گئی ہے۔

  • نئے پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو 600 ملین گیلن پانی مہیا ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    نئے پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو 600 ملین گیلن پانی مہیا ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    دھابیجی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی کو پانی کی اشد ضرورت ہے، نئے پمپنگ اسٹیشن سے 600 ایم جی ڈی (ملین گیلن روزانہ) پانی کراچی کو مہیا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، سندھ میں حکومت عملی طور پر کام کر رہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ کراچی کو پانی کی اشد ضرورت ہے، اس پمپنگ اسٹیشن سے 600 ایم جی ڈی پانی کراچی کو مہیا ہوگا۔ کراچی میں فلائی اوور اور انڈر پاسز کی کامیابی کے بعد پمپنگ اسٹیشن مکمل کیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ 1.4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے، پمپ ہاؤس میں 4 نئے پمپس نصب کیے گئے ہیں۔ ہر پمپ کی گنجائش 25 ایم جی ڈی ہے۔ اس طرح شہر کو 100 ایم جی ڈی پانی زیادہ ملے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سنہ 1959 میں تعمیر پرانے پمپنگ اسٹیشن ابھی تک کام کر رہے تھے، پرانے پمپنگ اسٹیشنز کی گنجائش میں کافی حد تک کمی آچکی تھی۔ حب کینال کی امپرومنٹ سے 30 فیصد پانی کے لائن لاسز ختم ہوجائیں گے۔ منصوبہ کراچی کے ضلع وسطی میں پانی کی کمی پورا کرنے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کے 4 منصوبہ آپ سب کو معلوم ہے کوشش ہے وہ بھی ختم کریں، کوشش ہے کہ کے 4 اور حب کا منصوبہ جلدی مکمل کرلیا جائے۔ منصوبے کے لیے مشینری جرمنی سے منگوائی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں کی مد میں 6 ارب روپے واٹر بورڈ کو اضافی دیے، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان و دیگر شہروں کی سڑکیں تیار ہیں، افتتاح ابھی نہیں ہوا۔ کچھ لوگوں کو افتتاح کرنے کا بہت شوق ہے میں انہیں دعوت دیتا ہوں۔ ایسے افتتاح بھی دیکھے ہیں جہاں تختیاں بھی گر جاتی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پوری کوشش کریں گے سندھ کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں، سندھ کے عوام کی امیدیں پیپلز پارٹی سے ہیں۔

  • بلاول بھٹو نے دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کا افتتاح کردیا

    بلاول بھٹو نے دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کا افتتاح کردیا

    دھابیجی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، کراچی کے ساتھ گھارو کو بھی پانی فراہم کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دھابیجی پمپ ہاؤس منصوبے کا افتتاح کیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پانی کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، پورے صوبے میں پانی کا مسئلہ ایک دن میں حل نہیں کر سکتے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی پہلی ترجیح پانی کا مسئلہ حل کرنا ہے، دھابیجی میں نئے پمپنگ اسٹیشن کا منصوبہ اہم ہے۔ ہزاروں کلومیٹر کی پائپ لائن بچھائی جس سے پانی کی بچت ہوئی۔ کراچی کے ساتھ گھارو کو بھی پانی فراہم کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وفاق سے مطالبہ ہے جو وعدے کیے وہ پورے کرے، ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ کو اپنا حق دے۔ وفاق سے اپنے مطالبے کی جدوجہد کرتے رہیں گے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کراچی میں وعدہ کیا تھا کہ ڈی سیلی نیشن منصوبے شروع کروائیں گے۔ پانی کے وزیر نے قومی اسمبلی میں کہا تھا کہ سندھ کا پانی چوری ہو رہا ہے۔ میرے صوبے میں وفاق کی طرف سے ایک پتھر نہیں لگا۔

    انہوں نے کہا کہ عوام دشمن حکومت سے عوام کو حقوق دلانا ہوگا، طاقت کا سر چشمہ عوام ہے یہ ماننا پڑے گا ورنہ گھر جانا پڑے گا۔ آئین کے مطابق جو عوام کا حق ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہم اپنے حق سے زیادہ نہیں مانگ رہے۔

    بلاول کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے عوام ہم سے ناراض ہیں، ایک سال سے سندھ میں کرائم بڑھتے جا رہے ہیں۔ سندھ حکومت سازشوں کے باوجود کام کررہی ہے اور کرتی رہے گی۔

  • پانی کیلئے ترستے کراچی والوں کیلئے خوشخبری

    پانی کیلئے ترستے کراچی والوں کیلئے خوشخبری

    کراچی: پانی کیلئے ترستےکراچی والوں کیلئےخوشخبری ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی ازسر نو تعمیر و توسیع مکمل کر لی گئی ہے جس کے بعد شہر کو 100ایم جی ڈی اضافی پانی فراہم کیاجائےگا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر نو کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اور اس کا باقاعدہ افتتاح چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔

    60سال بعددھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی ازسرنو تعمیر و توسیع کے منصوبے پر 1 ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئی، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن میں نئی مشینری نصب کی گئی ہے جس کے ذریعے اسٹیشن سے100ایم جی ڈی اضافی پانی فراہم کیاجائےگا۔

    1958کےبعدپہلی بار دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر و توسیع کی گئی ہے اور گزشتہ11سال میں سندھ حکومت کا فراہمی آب کا یہ پہلا بڑا منصوبہ مکمل ہوا ہے۔

    دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی تعمیر نو منصوبےکا سنگ بنیاد وزیر اعلی مرادعلی شاہ نے رکھا تھا، اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح بلاول بھٹو کل صبح 10بجےکریں گے۔

  • پیاسے شہر کو پانی دینے کے بجائے واٹر بورڈ پانی فروخت کر کے پیسے بنانے میں مصروف

    پیاسے شہر کو پانی دینے کے بجائے واٹر بورڈ پانی فروخت کر کے پیسے بنانے میں مصروف

    کراچی: ملیر پولیس نے شہر قائد میں پانی چوری کے حوالے سے مفصل رپورٹ تیار کرلی جس میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ملیر پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پر شہر کراچی کے پانی کے حوالے سے رپورٹ تیار کرلی، ایس ایس پی ملیر کی جانب سے رپورٹ عدالت میں بھی جمع کروائی گئی ہے۔

    رپورٹ میں واٹر بورڈ کی مبینہ ملی بھگت سے کروڑوں کا پانی فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق واٹر بورڈ حکام 43 نجی افراد کے ساتھ مل کر سرکاری پانی فروخت کرتے ہیں، 3 تھانوں کی حدود میں 9 مقامات پر رشوت کے عوض پانی فروخت ہوتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق شہر میں 70 ہزار سے زائد گھروں میں پانی فروخت کیا جاتا ہے، فی گھر کم سے کم 200 سے 600 روپے تک وصول کیے جاتے ہیں۔ سرکاری لائنوں میں کٹ لگا کر واٹر ٹینکر بھی بھرے جاتے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس سارے عمل میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان، پرائیویٹ مافیا اور واٹر بورڈ ملوث ہے۔

    رپورٹ میں ملوث افراد کے نام بھی دیے گئے ہیں، شیر پاؤ واٹر ہائیڈرنٹ پر آصف نامی شخص سمیت 11 افراد پانی فروخت کرتے ہیں، سعدی ٹاؤن کے 3 ہزار گھروں کو 600 ماہانہ پر پانی فروخت ہوتا ہے، یہاں عاصم نامی شخص 3 ساتھیوں سمیت پانی فروخت میں ملوث ہے۔

    ابراہیم حیدری الیاس گوٹھ میں آصف نامی شخص اور پبلک ہیلتھ اسٹاف کا کارکن اقبال پانی فروخت کرتے ہیں۔ علاقے میں 2 ہزار گھروں میں ماہانہ 300 روپے رشوت کے عوض پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ ابراہیم حیدری جمعہ بلوچ گوٹھ میں قمر اور وزیر احمد نامی افراد ڈھائی سو گھروں میں ماہانہ 300 روپے پر پانی فروخت کرتے ہیں۔

    قائد آباد ریڑھی گوٹھ کالا پانی میں مختیارعلی سمیت 6 افراد پانی چوری میں ملوث ہیں، علاقے میں 3 ہزار گھروں میں ماہانہ 200 روپے کے عوض پانی فروخت کیا جاتا ہے۔ قائد آباد گلشن بونیر میں خوف بادشاہ سمیت 4 افراد پانی فروخت کرنے میں ملوث ہیں اور یہاں 2 ہزار گھروں میں 200 روپے ماہانہ رشوت کے عوض پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ قائد آباد اسپتال چورنگی اسٹیشن پر تاج محمد نامی شخص سمیت 11 افراد پانی فروخت کرتے ہیں، ساڑھے 3 ہزار گھروں میں ماہانہ 200 روپے لے کر پانی فروخت کیا جاتا ہے۔

  • 10 ہزار اونٹوں کو گولیاں مارنے کا حکم

    10 ہزار اونٹوں کو گولیاں مارنے کا حکم

    سڈنی: جنوبی آسٹریلیا میں پانی کی شدید قلت کے باعث 10 ہزار اونٹوں کو گولیاں مارنے کا حکم دے دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قحط سے دوچار جنوبی آسٹریلیا میں 10 ہزار سے زائد اونٹوں کو ماہر شوٹرز کے ذریعے گولیاں مارنے کا حکم دے دیا گیا۔

    مقامی شہریوں کی جانب سے شکایت کی گئی ہے کہ اونٹوں کی بڑی تعداد پانی کی تلاش میں ان کی آبادی میں داخل ہو کر نہ صرف تباہی مچاتی ہے بلکہ دستیاب پانی بھی پی جاتی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمیں سخت گرمی کے ماحول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ اونٹ آتے ہیں اور نہ صرف گھروں میں گھستے ہیں بلکہ ایئر کنڈیشنرز کے ذریعے پانی حاصل کرنے کی کوشش کر تے ہیں۔

    مقامی شہریوں کے مطابق آبادی میں داخل ہونے والے اونٹوں کی جانب سے یہاں رہنے والے لوگوں کی جانوں کو بھی خطرہ ہے۔

    واضح رہے کہ اونٹوں کو 19ویں صدی کے دوران ہندوستان اور افغانستان سے آسٹریلیا لایا گیا تھا اور انہیں نقل وحمل اور تعمیر کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

  • 208 ارب روپے بجٹ کے باوجود 50 فیصد سرکاری اسکول پانی اور ٹوائلٹ سے محروم

    208 ارب روپے بجٹ کے باوجود 50 فیصد سرکاری اسکول پانی اور ٹوائلٹ سے محروم

    کراچی: سال 2019 صوبہ سندھ میں تعلیم کے حوالے سے ابتر رہا، رواں برس تعلیمی بجٹ کی صرف 20 فیصد رقم سرکاری اسکولوں پر خرچ ہوسکی، تعلیمی  ایمرجنسی کے باوجود شرح خواندگی میں اضافے کے اہداف حاصل نہ ہوسکے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں تعلیم کا شعبہ رواں برس بھی ابتری کا شکار رہا۔ سندھ حکومت نے تعلیمی سال کے لیے 208.23 ارب روپے مختص کیے تھے تاہم اس میں سے صرف 20 فیصد رقم خرچ کی گئی۔

    صوبہ سندھ میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کے باوجود 50 فیصد اسکول پینے کے صاف پانی، 46 فیصد بیت الخلا، 63 فیصد بجلی اور 41 فیصد چار دیواری سے محروم ہیں۔

    رواں برس نجی اسکولوں کی فیسوں کا معاملہ بھی خبروں کی زینت بنا رہا، سپریم کورٹ کی جانب سے فیسوں میں 20 فیصد کمی کے احکامات کے بعد وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) اور صوبائی وزیر تعلیم متحرک ہوئے اور درجن بھر اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی۔

    رواں سال بھی حیرت انگیز طور پر سال 2003-2002 کی ترقیاتی اسکیموں پر کام جاری رہا جس کا اعتراف صوبائی وزیر تعلیم نے بھی کیا۔

    صوبہ سندھ میں مجموعی طور پر تعلیم کے شعبے سے وابستہ ملازمین کی تعداد دیگر سرکاری ملازمین سے زیادہ ہے تاہم ملازمین کی بھرمار اور کثیر رقم خرچ کرنے کے باوجود صوبے میں شرح خواندگی کے اہداف کو حاصل نہ کیا جا سکا۔

  • سال 2019 پانی و بجلی کے وسائل کی ترقی کے لیے تاریخی سال رہا

    سال 2019 پانی و بجلی کے وسائل کی ترقی کے لیے تاریخی سال رہا

    اسلام آباد: سال 2019 پانی و پن بجلی کے وسائل کی ترقی کے لیے تاریخی سال ثابت ہوا، رواں برس نیشنل گرڈ کو ریکارڈ 34 ارب 67 کروڑ 80 لاکھ یونٹ پن بجلی مہیا کی گئی۔

    واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کی سال 2019 سے متعلق کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی۔ سنہ 2019 پانی و پن بجلی کے وسائل کی ترقی کے لیے تاریخی سال ثابت ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق رواں برس نیشنل گرڈ کو ریکارڈ 34 ارب 67 کروڑ 80 لاکھ یونٹ پن بجلی مہیا کی گئی۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں پن بجلی میں 6 ارب 32 کروڑ 10 لاکھ یونٹ اضافہ ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سال 2019 میں 51 سال کے تعطل کے بعد مہمند ڈیم پر تعمیراتی کام کا آغاز کیا گیا۔ دیامر بھاشا ڈیم کے لیے مشاورتی خدمات لی گئیں جبکہ ڈیم پارٹ کی تعمیر کے لیے بڈز کی جانچ مکمل کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کے منصوبے پر تعمیراتی کام اگلے 2 ماہ میں شروع ہوگا، رواں سال وزیر اعظم نے سندھ بیراج جیسے منصوبے کی منظوری بھی دی۔

  • پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اکثریت کے برابر ہیں: گورنر پنجاب

    پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اکثریت کے برابر ہیں: گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ قائد اعظم کا دو قومی نظریہ اب سچ ثابت ہوگیا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اکثریت کے برابر ہیں۔ متنازعہ قانون کے بعد ثابت ہوگیا انتہا پسندی پاکستان میں نہیں بھارت میں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت پر توجہ نہ دی گئی تو زمینیں بنجر ہوجائیں گی، پانی 100 فٹ نیچے تھا اب 500 فٹ نیچے چلا گیا۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پانی کی قلت کے ساتھ پانی کو بھی گندا کردیا گیا، زراعت کو ترقی دے کر ہم مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ کپاس کی پیداوار میں ہم پیچھے چلے گئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اچھی خبر ہے 5 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ کے خسارے پر قابو پا لیا، پاکستان میں سیکیورٹی بہتر ہونے سے ہمارا تاثر عالمی سطح پر بہتر ہوا۔ ہمیں عالمی سطح پر سیاحت کے لیے نمبر ایک ملک قرار دیا گیا۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کا دو قومی نظریہ اب سچ ثابت ہوگیا ہے، پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اکثریت کے برابر ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ متنازعہ قانون کے بعد ثابت ہوا انتہا پسندی پاکستان میں نہیں بھارت میں ہے۔