اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے پاور بریک ڈاؤن کے ذمہ دارافسران اور اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس ہوا ، جس میں 5 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں پاور بریک ڈاؤن کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی ، جس کے بعد کابینہ نےذمہ دارافسران ،اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کی منظوری دے دی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ 23 جنوری کے بریک ڈاؤن پر 18صفحات پر مشتمل رپورٹ کابینہ میں پیش کی، جس میں این ٹی ڈی سی، نیپرا، پاور کنٹرول مینجمنٹ اور شفٹ انچارج کو ذمہ دار قرار دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے مسلسل 3 بریک ڈاون پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاور منسٹری کو جامع پلان بنانےکی بھی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے سسٹم کی بہتری کیلئے ہنگامی اقدامات کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جامع پلان بنائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔