Tag: پاور شو

  • عمران خان  کا کوئٹہ میں بھی پاور شو کا فیصلہ

    عمران خان کا کوئٹہ میں بھی پاور شو کا فیصلہ

    اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 4 ستمبرکو کوئٹہ میں جلسہ کریں گے، قاسم سوری کا کہنا ہے کہ عمران خان جلسے میں بلوچستان کےمسائل کا حل بتائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کوئٹہ میں بھی پاور شو کا فیصلہ کرلیا۔

    رہنما پی ٹی آئی قاسم سوری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ 4ستمبرکوعمران خان کوئٹہ میں جلسہ کریں گے۔

    قاسم سوری کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف نےٹیلیفونک رابطہ کیاہے، عمران خان نے بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کرنے کا اعلان کیا۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ رجیم چینج آپریشن کے بعد سے بلوچستان کی عوام اور خصوصاً نوجوانوں میں امپورٹڈ حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنےکےلیے جوش وخروش اپنے عروج پر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی خواہش تھی عمران خان بلوچستان آئیں، عمران خان جلسے میں بلوچستان کےمسائل کا حل بتائیں گے ، بلوچستان کی تاریخ میں صوبےکوسب سےزیادہ پیسہ پی ٹی آئی نے دیا۔

    قاسم سوری نے کہا کہ عمران خان کوئٹہ جلسےمیں تمام ریکارڈتوڑدیں گے، عمران خان واحد لیڈر ہے جس کی سوچ پاکستان کی سوچ ہے۔

    خیال رہے عمران خان آئندہ دنوں میں 17 جلسوں سے خطاب کریں گے ، 19اگست کو کراچی میں ، 20اگست کوحیدر آباد میں ، 21 اگست کوراولپنڈی میں پاورشوکریں گے۔

    اس کے علاوہ چیئرمین تحریک انصاف سکھر،اسلام آباد ،پشاور،مردان ، اٹک،ایبٹ آباد،ملتان،بہاولپور،جہلم،گجرات ، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بھی جلسہ کریں گے۔

  • ملتان میں پی ڈی ایم کا پاور شو، حکومت نے تمام رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دے دیا

    ملتان میں پی ڈی ایم کا پاور شو، حکومت نے تمام رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دے دیا

    ملتان: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ملتان میں جلسے کے لیے حکومت نے تمام رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دے دیا ہے، اپوزیشن جماعتیں آج قاسم باغ اسٹیڈیم میں پاور شو دکھا رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے کارکنوں نے تمام رکاوٹیں ہٹا دی ہیں اور قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے ہیں، گھنٹہ گھر چوک پر بھی پی ڈی ایم کارکنوں نے پڑاؤ ڈال دیا ہے، پی ڈی ایم قیادت نے کارکنوں کو جلسے کے لیے جلد سے جلد اسٹیج تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    پی ڈی ایم کے جلسے کے باعث ملتان کا سیاسی پارا ہائی ہو چکا ہے، رکاوٹیں ہٹنے پر سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا قافلہ گھنٹہ گھر پہنچ گیا، کارکن قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہو چکے ہیں، بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو ریلی کی صورت میں گیلانی ہاؤس سے جلسہ گاہ کی جانب رواں دواں ہیں۔

    سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی گاڑی ڈرائیور کر رہے ہیں، مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا قافلہ بھی ریلی کی صورت میں ملتان کی حدود میں داخل ہوگیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ گرفتاریوں سے ڈرنے والی نہیں، بغیر کسی گناہ کے جیل کاٹ چکی، حکومت خوف زدہ ہے، جلسہ ہونے سے پہلے ہی کامیاب ہو چکا۔

    پی ڈی ایم جلسہ، آئی جی پنجاب نے کنٹینرز ہٹانے کا حکم دے دیا

    مولانا فضل الرحمان جلسہ گاہ پہنچ چکے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم خاموش لاشیں نہیں، وہ بندوق سے مارے تو کیا ہم ڈنڈے سے بھی نہ ماریں۔

    ادھر حکومت نے ملتان میں تمام رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دے دیا ہے، فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اپوزیشن جو شور مچانا چاہتی ہے مچائے، حکومت رخنا نہیں ڈالے گی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، جو قانون کے منہ پر تمانچے مارے گا تو قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا مریم نواز اپنی جماعت کی تباہی کے لیے کافی ہیں، جب کہ آصفہ زرداری کا سیاست میں آنا موروثی سیاست کا تسلسل ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مکمل لاک ڈاؤن کے نعرے لگانے والے ایس او پیز بلڈوز کر رہے ہیں، کرونا سے زندگیاں بچانا ہماری پہلی اور معیشت اٹھانا دوسری ترجیح ہے، معیشت سے متعلق تازہ اعداد و شمار حوصلہ افزا ہیں۔

  • کراچی: باغ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا پاور شو، سندھ حکومت پر کڑی تنقید

    کراچی: باغ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم کا پاور شو، سندھ حکومت پر کڑی تنقید

    کراچی: شہر قائد کے باغ جناح گراؤنڈ میں ایم کیو ایم پاکستان نے پاور شو کا مظاہرہ کیا، متحدہ رہنماؤں نے جلسے سے خطاب میں سندھ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے باغ جناح گراؤنڈ میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں پاکستان بنانے والوں کو نوکریوں سے نکالا گیا، پاکستان بنانے کا مقصد حاصل کر کے رہیں گے۔

    رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ آج کا جلسہ دیکھ کر مخالفین کی ہمت ٹوٹ جائے گی، جلسہ دیکھ کر بتائیں کیا ایم کیو ایم تقسیم ہو گئی؟ ہم خوش نصیب تھے کہ ہمیں آزادی حاصل ہوئی، آگ اور خون کے دریا عبور کر کے پاکستان حاصل کیا، قدر اس چیز کی ہوتی ہے جس کی قربانی دی جائے۔

    انھوں نے کہا کہ پہلے ملک توڑا گیا پھر اسے تباہ کرنے کی سازش کی گئی، میری پریس کانفرنس کے خلاف پی پی نے سندھ اسمبلی میں قرارداد پاس کرائی، سندھ کو لسانی طور پر 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا، قرارداد مذمت لانی ہے تو کوٹہ سسٹم لانے والوں کے خلاف لاؤ، سندھ کو تقسیم کرنے والوں کے خلاف لاؤ۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان جس مقصد کے لیے بنا تھا اسے حاصل کر کے رہیں گے، یہ مشین ہمارے ہاتھ کی بنی ہوئی ہے، اسے ہم ہی چلا سکتے ہیں۔

    رہنما عامر خان نے خطاب میں کہا کہ یہ کہتے ہیں سندھ ہمیشہ سے ایک رہا، جھوٹ بولتے ہیں، میری خود کی اپنی زمین پر سندھ کے لوگوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، سندھ کے 24 شہر ہیں جو ہمارا حصہ ہے وہ لے کر رہیں گے۔

    انھوں نے کہا ’سندھ میں ہوگا کیسے گزارا،  آدھا تمھارا  آدھا ہمارا ، جو لوگ دفن کرنے کی بات کرتے تھے آج وہ خود دفن ہو گئے۔‘

     جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھی بھائیوں کو دھوکا دیتی ہے، تمام وزارتیں ہونے کے باوجود صوبہ سندھ کی ابتر حالت سب کے سامنے ہے، یہ سندھ کے بیٹے ہوتے تو سندھ کو بھی خوش حال صوبہ بناتے۔

    کراچی کے میئر وسیم اختر نے کہا کراچی پورا ملک چلاتا ہے، اس کے ساتھ صحیح سلوک نہیں ہوتا، مشکلات کے باوجود بلدیاتی نمائندے نظام میں رہ کر خدمت کر رہے ہیں، مل کر کام کرنے تک کراچی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا دروازہ کھٹکھٹایا کہ کس طرح ہم مسائل حل کر سکتے ہیں، لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں ملا، مجبوراً عدالت کو مداخلت کرنا پڑی کہ مسائل کیسے حل کیے جائیں۔

    خواجہ اظہار نے کہا کہ یہ کونسی 18 ویں ترمیم ہے جو آپ کو کراچی میں کام سے روکتی ہے، میں وفاق سے مطالبہ کروں گا کہ ہماری توقعات کو آگے لے کر چلے، جس کے پاس ٹیم ہی نہیں ہے کیا وہ کراچی کی قیادت کریں گے۔

    انھوں نے کہا کہ یہ میں یہ نہیں کہتا کہ لاڑکانہ کے نوجوانوں کو نوکریاں نہ ملیں لیکن یہ کیا ظلم ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں نوکریاں نہیں ملتیں، امید ہے آنے والے وقت میں ایم کیو ایم کی حیثیت کو سمجھا جائے گا۔

  • تحریک انصاف کا تونسہ شریف میں پاور شو، عمران خان خطاب کریں گے

    تحریک انصاف کا تونسہ شریف میں پاور شو، عمران خان خطاب کریں گے

    اسلام آباد : تحریک انصاف آج تونسہ شریف میں سیاسی پاور شو کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف آج تونسہ شریف میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی ، جس کی تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں , پنڈال کو پارٹی پرچموں اور بینرز سے سجادیا گیا۔

    جلسے کیلئے سولہ فٹ اونچا اور اسی فٹ لمبا اسٹیج تیار کرلیا گیا ہے اور 10ہزار سے زائد کرسیاں لگا دی گئی ہیں اور ہرسو پارٹی پرچموں کی بہار ہیں۔

    جلسے کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، بیس ہزار اہلکار،خاردارتاریں، واک تھروگیٹس اوراسنیپ چیکنگ بھی کی جارہی ہے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسے سے خطاب کریں گے جبکہ صوبائی اور مرکزی قیادت بھی جلسے میں شرکت کرے گی۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا پاور شو ہوگا۔

    دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جلسے کیلئے تونسہ شریف کیلئے روانہ ہوگئے ہیں، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی جہانگیر ترین بھی ہمراہ ہیں۔


    مزید پڑھیں : پاکستان میں سیاست ایک نئے رخ کا تعین کررہی ہے، عمران خان


    یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاست ایک نئے رخ کا تعین کررہی ہے، شریف خاندان نے اپنے مفاد کے لیے ملک کے اداروں کو تباہ کی، ہ منی لانڈرنگ کرکے پیسہ باہر بھجوایا جارہا تھا اور ادارے خاموش تھے، شریف خاندان نے اپنے ذاتی نوکروں کو اداروں میں تعینات کیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔