Tag: پاپ گلوکارہ

  • امریکی پاپ گلوکارہ والد کے خلاف کیس ہار گئیں

    امریکی پاپ گلوکارہ والد کے خلاف کیس ہار گئیں

    لاس اینجلس: امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز اپنے والد کے خلاف عدالتی جنگ ہار گئی ہیں، سپیریئر کورٹ کے جج نے گلوکارہ کے وکیل کی جانب سے والد جیمی اسپیئرز کو ان کی بیٹی کی شریک کنزرویٹر کی حیثیت سے معزول کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔

    گلوکارہ کے والد جیمی کو 2008 میں اس وقت برٹنی اسٹیٹ کا کنزرویٹر نامزد کیا گیا تھا، جب وہ شدید نفسیاتی بحران کا شکار تھیں، اور انھیں سخت عوامی مخالفت کا بھی سامنا تھا، کیلیفورنیا کی مالیاتی کمپنی بسمر ٹرسٹ پچھلے سال برٹنی اسپیئرز کی دولت کی دیکھ بھال کے لیے شریک کنزرویٹر کی حیثت سے شامل ہوئی تھی، جس کے بعد برٹنی نے والد کی شریک کنزرویٹر کی حیثیت سے معزولی کی درخواست دائر کر دی تھی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔

    23 جون کو اس سلسلے میں عدالت میں ورچوئل سماعت ہوئی تھی، جس میں 39 سالہ گلوکارہ نے والد پر سخت تنقید کی، اور کہا انھیں اپنی بیٹی کو تکلیف پہنچانا اور کنٹرول کرنا اچھا لگتا ہے، لیکن میں اب اپنی زندگی واپس اور آمدنی و دیگر معاملات میں ’مکروہ مداخلت‘ سے چھٹکارا چاہتی ہوں۔

    دوسری طرف والد جیمی اسپیئرز نے عدالت میں ایک درخواست دائر کر دی ہے کہ ان پر لگے الزامات کی تحقیقات کی جائیں، نیز انھوں نے گزشتہ دو برس سے بیٹی کی ذاتی یا طبی امور میں مداخلت نہیں کی۔

    یاد رہے کہ اپنے سابق شوہر کیون فیڈر کے ساتھ اختلافات کے باعث وہ شدید نفسیاتی بحران کا شکار ہو گئی تھیں، جسے دیکھتے ہوئے 13 برس قبل عدالت نے ان کے والد کو ان کی نگرانی سونپ دی تھی، جس کے بعد اب پہلی بار 39 سالہ گلوکارہ نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

    سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر بریٹنی کے مداحوں کا ہجوم بھی جمع ہو گیا تھا، ان کے ہاتھوں میں موجود بینرز اور پوسٹرز پر لکھا تھا ’بریٹنی اسپیئر کو اب آزاد کرو‘ اور ’بریٹنی کی زندگی میں مداخلت بند کرو.‘

    بریٹنی اسپیئر نے جج سے کہا کہ وہ اپنے بوائے فرینڈ سے شادی کرنا چاہتی ہے اور ان سے بچے کی بھی متمنی ہے، تاہم سرپرست رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، یہ نگرانی میرا بھلا کرنے سے زیادہ مجھے نقصان پہنچا رہی ہے، میں بغیر کسی جائزے کے اس سرپرستی کو ختم کرنا چاہتی ہوں۔

  • پاکستان کی مقبول ترین گلوکارہ نے ’الفا براوو چارلی‘ میں اداکاری کی پیش کش کیوں ٹھکرائی؟

    پاکستان کی مقبول ترین گلوکارہ نے ’الفا براوو چارلی‘ میں اداکاری کی پیش کش کیوں ٹھکرائی؟

    کراچی: پاکستان کی مقبول ترین پاپ گلوکارہ حدیقہ کیانی نے ایک انٹرویو میں پی ٹی وی کے مشہور زمانہ ڈرامے ’الفا، براوو، چارلی‘ میں اداکاری کی پیش کش ٹھکرانے کا انکشاف کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گلوکاری کی دنیا میں شہرت حاصل کرنے کے بعد اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے والی ’بوہے باریاں‘ گلوکارہ نے یوٹیوب چینل کو انٹرویو میں بتایا کہ ماضی میں مجھے اداکاری کے لیے کئی بار پیش کش ہوئی، معروف ڈرامے ’الفا براوو چارلی‘ کے لیے بھی شعیب منصور نے اداکاری کی پیش کش کی تھی۔

    حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ شعیب منصور کو انکار نہیں کیا جا سکتا تھا، لیکن یہ پیش کش ایک ایسے وقت میں ہوئی جب وہ برطانیہ میں تھیں اور ایک پروجیکٹ کو مکمل کرنا تھا، اسی لیے انھوں نے انکار کر دیا۔

    حدیقہ کا کہنا تھا کہ انھیں اس کے بعد بھی کئی بار پیش کش ہوئی، تاہم دل نہیں مانا، دل چسپ بات یہ ہے کہ اس کے بعد حدیقہ نے اپنے کئی انٹرویوز میں یہ کہا کہ انھیں اداکاری نہیں آتی اور نہ ہی کرنی ہے۔

    خیال رہے کہ حدیقہ کیانی نے ڈرامے ’رقیب سے‘ میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا، اور چھوٹی اسکرین کے شائقین کو اپنی بھرپور اداکاری کی صلاحیتوں سے حیران کر دیا۔ انھوں نے کہا گلوکاری کرتے ہوئے انھیں کئی برس بیت گئے لیکن وہ بہت بعد میں اداکاری کے میدان میں آئیں، اس کے لیے اللہ نے میرے لیے موقع بنایا۔

    اپنے انٹرویو میں پاپ گلوکارہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں جتنے بھی اتار چڑھاؤ آئے، ہمیشہ ان کی کوشش رہی کہ جذبات قابو میں رہیں، اور کسی کو ان کے دکھی ہونے کا پتا نہ چلے۔