Tag: پاکستانیوں کی واپسی

  • بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے آج سے آپریشن شروع ہوگا

    بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے آج سے آپریشن شروع ہوگا

    اسلام آباد : غیر ملکی ایئرلائنز کی جانب سے پروازوں کی منسوخی کے بعد بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے آج سے آپریشن شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے آج سے آپریشن شروع ہوگا، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ دبئی، دوحہ اور بحرین سے پاکستان کے لیے اٹھارہ پروازیں آپریٹ ہوں گی، پروازیں گلف ممالک سےلاہور،اسلام آباد اورکراچی کے لیےآپریٹ کی جائیں گی۔

    پی آئی اے فلائٹ آپریشن کیلئے بوئنگ ٹرپل سیون طیارےاستعمال کرے گا، گلف ممالک سے فلائٹ آپریشن چھ جولائی سے اٹھارہ جولائی تک مکمل کیا جائے گا۔

    وزیر ہوابازی غلام سرورخان کا کہنا ہے کہ اووربکنگ پرغیرملکی ایئرلائنزکوشوکازنوٹس جاری کردئیے ہیں اور اووربکنگ کرنےوالی ایئرلائنز کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

    خیال رہے اے آر وائی نیوز نے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کے لئے آواز اٹھائی تھی، جس کے بعد سول ایوی ایشن اھارٹی نے ایکشن لیا تھا۔

    یاد رہے غیرملکی ائیرلائنز کی جانب سے پروازوں کی منسوخی کے بعد امریکا سمیت دیگر ممالک سے ‏‏آنیوالے ہزاروں پاکستانی مسافر پھنس گئے تھے ، غیر ‏‏ملکی ایئرلائنز نے پاکستان کیلئے اوور بوکنگ کی گئی ، جس کے باعث ہزاروں پاکستانی مہنگے ٹکٹ خریدنے کے باوجود دیار غیر میں محصور ہیں۔

    بعد ازاں حکومتی ہدایت پر قومی ایئرلائن پی آئی اے نے بیرون ممالک ‏میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کا فیصلہ کیا تھا۔

  • سعودی عرب اور یو اے ای سے 25 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بڑا فضائی آپریشن

    سعودی عرب اور یو اے ای سے 25 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بڑا فضائی آپریشن

    کراچی: قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے 25 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں پی آئی اے کے دفاتر پر مسافروں کے رش کے پیش نظر آئندہ ہفتے میں قومی ایئرلائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا۔

    پی آئی اے آئندہ ہفتے سعودی عرب سے 10 ہزار افراد کو واپس لائے گی، جب کہ یو اے ای سے 15 ہزار افراد کو واپس لایا جائے گا، ان 25 ہزار مسافروں کو واپس لانے کے لیے 100 سے زائد پروازیں چلائی جائیں گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں پروازوں کا مقصد ٹکٹس کی فراہمی آسان کرنا ہے۔

    واضح رہے کہ ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں جناح ٹرمینل کراچی سے خلیجی ممالک کی 7 پروازیں آپریٹ کی گئیں، اور ایک ہزار سے زائد مسافر روانہ ہوئے۔

    ذرایع نے بتایا کہ پی آئی اے کی پروازوں میں نشستیں دفاتر، ایجنٹس یا ویب سائیٹ کے ذریعے منٹوں کے اندر فروخت ہو رہی تھیں اور زیادہ تر لوگ ٹکٹ حاصل کرنے سے رہ جاتے تھے، اس لیے پی آئی اے نے حکومت پاکستان سے اضافی افراد کو واپس لانے کے لیے اجازت مانگی تھی، اجازت ملنے پر قومی ایئر لائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دیا۔

    بیرون ممالک سے پاکستانیوں کی واپسی، 60 سے پروازیں شیڈول

    بتایا گیا ہے کہ 25 ہزار مسافروں کو 100 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے واپس لایا جائے گا، یہ ساری خصوصی پروازیں پاکستان سے خالی جائیں گی۔

    ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے نے اتنی تعداد میں پروازیں اس لیے لگائی ہیں تاکہ ٹکٹیں آرام سے سب کو دستیاب ہو سکیں، پی آئی اے کے دفاتر زیادہ تر جگہوں پر لاک ڈاؤن کی مقامی حکومتوں کی ہدایات کے باعث بند ہیں، اس لیے ٹکٹیں پاکستان میں پی آئی اے کے دفاتر، ویب سائٹ یا ایجنٹوں سے حاصل کیے جاسکتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ زیادہ تر پاکستانی ان پروازوں کے ذریعے وطن واپس آ جائیں گے اور دباؤ کم ہو جائے گا۔

  • آسٹریلیا اور کوریا میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر

    آسٹریلیا اور کوریا میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے اچھی خبر

    کراچی: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے آسٹریلیا اور کوریا میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پہلی مرتبہ آسٹریلیا اور کوریا کے شہر سیئول کے لیے خصوصی پروازیں آپریٹ کرے گی۔

    پی آئی اے کی خصوصی پروازیں آج اور جمعے کو اسلام آباد سے روانہ ہوں گی، پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 8962 کل 24 اپریل کو اسلام آباد سے 300 آسٹریلین شہریوں کو لے کر میلبرن روانہ ہوگی، جب کہ واپسی پر آسٹریلیا میں محصور 300 سے زائد ہم وطنوں کو لے کر 26 اپریل کو اسلام آباد پہنچے گی۔

    بحرین میں پھنسے ہم وطنوں کی واپسی کا سلسلہ جاری

    پی آئی اے کی ایک خصوصی پرواز آج شام کو ساؤتھ کوریا روانہ ہوگی، جنوبی کوریا کے شہر سیئول سے بھی یہ پرواز 300 سے زائد ہم وطنوں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی۔

    پی آئی اے اپنے اس آپریشن کے لیے بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گی۔

    دوسری طرف بحرین میں پھنسے ہم وطنوں کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے، بحرین میں پھنسے 136 پاکستانی شہری گلف ایئر کے ذریعے آج شام 6 بجے فیصل آباد پہنچیں گے، گلف ایئر کی یہ پرواز 100 سے زیادہ بحرینی شہریوں کو لے کر واپس روانہ ہوگی۔

  • پائلٹوں کا انکار، عراق سے پاکستانیوں کو واپس لانے والی پرواز منسوخ

    پائلٹوں کا انکار، عراق سے پاکستانیوں کو واپس لانے والی پرواز منسوخ

    کراچی: پی آئی اے کے پائلٹوں کے انکار کے باعث عراق میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے جانے والی پرواز منسوخ ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کی عراق سے پاکستانیوں کو واپس لانے والی پرواز پی کے 9814 منسوخ ہو گئی، پائلٹوں نے جانے سے انکار کر دیا، قومی ایئر لائن کے سی ای او کی جانب سے پائلٹوں کو یقین دہانی اور حفاظتی سوٹ کی فراہمی کے باوجود پالپا کے دباؤ پر انھوں نے پرواز لے جانے سے انکار کر دیا۔

    ادھر وطن واپسی کے لیے 161 پاکستانی عراق کے مختلف شہروں سے بغداد میں جمع ہوئے ہیں، جو پاکستان سے جانے والی پرواز کے منتظر ہیں، تاہم اب وہ پائلٹوں کی تنظیم کے اختلافات کے باعث مزید پریشانی کا شکار ہو گئے ہیں۔

    پائلٹوں کو فراہم کیا گیا کرونا وائرس سے بچانے والا حفاظتی سامان: تصویر اے آر وائی نیوز

    مالی مشکلات کا شکار پی آئی اے کی 2 ماہ کے لیے تنخواہ کٹوتی کے معاملے پر پائلٹس تنظیم کے اختلافات سامنے آئے ہیں، پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے اپنی تنخواہ سے بھی 20 فی صد کٹوتی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد قومی ایئر لائن کی تمام انتظامیہ نے بھی تنخواہ کٹوتی کا اعلان کیا، دوسری طرف پالپا نے انتظامیہ کو تنخواہ کٹوتی کر کے پالپا فنڈ میں جمع کروانے سے متعلق خط لکھا تاہم انتظامیہ نے اسے نہیں مانا۔

    تاشقند اور بغداد میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں

    یاد رہے کہ سی ای او پی آئی اے نے ایک روز قبل پائلٹس اور کریو کو قومی ہیرو قرار دیا تھا۔

    پائلٹس کی تنظیم پالپا کے جنرل سیکریٹری نے اس سلسلے میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جو قانون بنائے گئے ہیں ان پر عمل نہیں ہو رہا، وبا کے حوالے سے 100 فی صد قانون پر عمل لازم ہے، ہم اس وقت وبا کے خلاف لائن آف فائر میں ہیں، ہمارا مؤقف ہے حفاظتی قوانین پر عمل ہی نہیں کیا جا رہا، ہمیں اپنی ذمے داریوں سے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • تاشقند اور بغداد میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں

    تاشقند اور بغداد میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں

    کراچی: اے آر وائی نیوز دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کی آواز بن گیا، پی آئی اے نے تاشقند، دوشنبے اور بغداد میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے خصوصی پروازیں چلانے کا فیصلہ کر لیا، اس سلسلے میں ایک پرواز تاشقند پہنچ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کا طیارہ محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے تاشقند پہنچ گیا ہے، پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 9812 دوپہر 2 بجے 148 ہم وطنوں کو واپس لے کر اسلام آباد پہنچے گی۔ فلائٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے 2 ہفتے سے پھنسے پاکستانیوں نے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سے واپسی کے سلسلے میں اپیل کی تھی۔

    حکومت پاکستان کی خواہش پر سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے فوری طور پر طیارہ پیش کیا اور بر وقت فلائٹ کے انتظامات کیے، پی آئی اے کا ایک اور خصوصی طیارہ عراق میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لیے رات کو بغداد کے لیے اڑان بھرے گا۔ عراق میں پھنسے 161 پاکستانی خصوصی پرواز پی کے 9813 کے ذریعے وطن واپس آئیں گے۔

    ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں پھنسے پاکستانی پی آئی اے اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کر رہے ہیں

    ہم وطنوں کی وطن واپسی کے سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان اور قومی کوآرڈینیشن کمیٹی تمام معلامات کو مانیٹر کر رہے ہیں، دیگر ممالک میں پھنسے مسافروں نے ایک وڈیو پیغام میں حکومت اور پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ وطن واپسی پر مسافروں کو 24 گھنٹے کے لیے مقامی ہوٹل میں آئسولیٹ کیا جائے گا، جہاں ان کا سویب ٹیسٹ لیا جائے گا۔

    تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے اور تاشقند سے پاکستانیوں کو لانے کے لیے جانے والا پی آئی اے طیارہ

    سی ای او ارشد ملک نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پی آئی اے ہر قومی خدمت میں ایک قدم آگے کھڑی ہوتی ہے، جب بھی ملک کو ضرورت پڑی پی آئی اے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے خدمات سرانجام دے گی، فضائی عملہ قومی ہیروز ہیں جو خطرات کے باوجود بیرون ملک بے یار و مددگار ہم وطنوں کو واپس لانے کے لیے مستعد اور سرگرم ہے۔